Tuesday, 6 December 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 06 دسمبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 06 December-2022

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ:۶؍دسمبر  ۲۰۲۲ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

چند اہم خبروںکی سرخیاں سماعت کیجیے:

٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مہا پرینروان دِن کے ضمن میں تمام ملک میں خراجِ عقیدت۔

٭ مہاراشٹر-کرناٹک سرحدی مسئلے کے سلسلے میں سپریم کورٹ فیصلہ کریگا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس۔

٭ ریاستی حکومت کے خلاف مہا وِکاس فرنٹ 17 دسمبر کو ممبئی میں مورچہ نکالے گی۔

٭ لمپی جلدی مرض کے پسِ منظر میں ریاست میں گائے نسل کے مویشیوں کی سو فیصد ٹیکہ کاری ہوگئی ہے‘ ایسا دعویٰ انیمل ہسبنڈری وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کیا۔

٭ ریاست میں خسرے کی بیماری کو کنٹرول کرنے کیلئے دس نکاتی ریاستی ایکشن اسکیم تیار۔

اور۔۔٭ ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیس میں صاف صفائی کے ضمن میں پانچ اُصولوں پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مہاپرینروان دِن کے ضمن میں آج تمام ملک میں انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ تمام ملک سے ممبئی میں چیتیہ بھومی پر ان کے پیروکار داخل ہوگئے ہیں۔ چیتیہ بھومی پر کل صبح سے لمبی لمبی قطاریں نظر آرہی ہیں۔ مہاپرینروان دِن کے سلسلے میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خاص معلوماتی کتاب کا کل اجراء عمل میں آیا۔ اورنگ آباد میں مہاپرینروان دِن کے سلسلے میں مختلف پروگرامس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ سینئر ادیب‘ مفکرڈاکٹر رشی کیش کامبڑے کا ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکرمراٹھواڑہ یونیورسٹی کے ڈرامہ ہال میں آج صبح گیارہ بجے مذاکرے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سے قبل صبح آٹھ بجے سمتا شانتی پیدل ریلی نکالی جارہی ہے۔ یونیورسٹی میں بابا صاحب کے قدِ آدم مجسّمے سے نکالی جارہی اس ریلی کا اختتام بھڑکل گیٹ پر ہوگا۔

***** ***** *****

مہاراشٹر-کرناٹک سرحدی مسئلے کے سلسلے میں سپریم کورٹ میں مقدمہ جاری ہے‘ جو بھی فیصلہ لینا ہے وہ عدالت لے گی۔ یہ بات نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہی ہے۔ وہ کل ممبئی میں مخاطب تھے۔ اس ضمن میں کرناٹک اور مہاراشٹر کوئی بھی فیصلہ نہیں کرسکتے۔ یہ بات کہتے ہوئے پھڑنویس نے کہا کہ مہاراشٹر نے سختی سے اپنا رُخ پیش کیا ہے۔ دریں اثناء مہاپرینروان دِن کے موقع پر کوئی تنازعہ پیدا نہ ہو اس لیے ریاست کے دو وزراء کے بیل گائوں کے دورے منسوخ کردئیے گئے ہیں۔ یہ بات پھڑنویس نے کہی۔ سرحدی مسئلے پر وزیر چندرکانت پاٹل اور شمبھو راجے دیسائی کی کمیٹی مقرر کی گئی ہے۔

***** ***** *****

وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی قیادت میں ریاست میں کسی بھی انتخاب کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ یہ بات بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باون کوڑے نے کہی ہے۔ کل نئی دلّی میں پارٹی کی تنظیمی اکائی کی میٹنگ کے بعد وہ صحافیوں سے مخاطب تھے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاست میں حکومت تشکیل دینے کے بعد گرام پنچایت کے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کون کام کرتا ہے یہ دیکھ کر لوگ رائے دہی کرتے ہیں۔ یہ بات باون کوڑے نے کہی ہے۔

***** ***** *****

ریاست میںموجودہ شندے- پھڑنویس حکومت کے خلاف مہا وِکاس فرنٹ کی جانب سے 17 دسمبر کو ممبئی میں مورچہ نکالا جائیگا۔ فرنٹ کے رہنماء اجیت پوار ‘ اُدّھو ٹھاکرے اور باڑا صاحب تھورات نے کل ممبئی میں صحافتی کانفرنس میں اس کی اطلاع دی۔ آئینی عہدے پر بیٹھے ہوئے فرد کی جانب سے مسلسل ہورہی اہم شخصیتوں کی توہین‘ سرحدی دیہات مہاراشٹر سے باہر جانے کے تاریخ میں پہلی مرتبہ ہورہے مطالبات‘ بڑے بڑے پروجیکٹ مہاراشٹر سے منتقل کرنے سے ہورہے نقصانات‘ بڑھتی مہنگائی‘ بے روزگاری‘ متاثرہ کسانوں کو دلاسہ دینے میں ناکامی‘ ایسے کئی مسائل کا مقابلہ کرنے میں یہ حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ ایسا الزام فرنٹ کے رہنمائوں نے عائد کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے گورنر کو عہدے سے برطرف کردیا، تب بھی یہ مورچہ نکالا جائیگا۔ یہ بات اجیت پوار نے کہی ہے۔

***** ***** *****

بھارتیہ جنتا پارٹی میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کرنے کی مقابلہ آرائی جاری ہے۔ ایسا الزام کانگریس ریاستی صدر نانا پٹولے نے عائد کیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں مخاطب تھے۔ گذشتہ ایک ماہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے چار پانچ رہنمائوں نے دئیے گئے بیانات جان بوجھ کر شیواجی مہاراج کو بدنام کرنے کیلئے دئیے گئے ہیں۔ یہ بات پٹولے نے کہی ہے۔

***** ***** *****

لمپی جلدی مرض کے پسِ منظر میں ریاست میں تقریباً سو فیصد گائے نسل کے مویشیوں کی ٹیکہ کاری ہوگئی ہے۔ اس کی اطلاع انیمل ہسبنڈری اور ڈیری ڈیولپمنٹ وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے دی ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں اب تک ان ٹیکوں کی 144 لاکھ 12 ہزار خوراکیں فراہم کی گئیں۔ اس میں سے 139 لاکھ 42 ہزار مویشیوں کی مفت ٹیکہ کاری کی گئی۔ اس کی اطلاع وکھے پاٹل نے دی۔ لمپی مرض کی وجہ سے اب تک 3 لاکھ 50 ہزار 171 متاثرہ جانوروں میں سے 2 لاکھ 67 ہزار 224 مویشی علاج کے بعد صحت یاب ہوگئے۔ 11 ہزار 214 مویشی ہلاک ہوگئے‘ مویشیوں کے نقصان بھرپائی پر جملہ 28 کروڑ 40 لاکھ روپئے تقسیم کیے گئے۔ یہ بات وکھے پاٹل نے کہی ہے۔

***** ***** *****

ریاست میں خسرے کی بیماری پر کنٹرول کرنے کیلئے دس نکاتی ریاستی ایکشن اسکیم تیار کی گئی ہے۔ خسرہ ایکشن فورس کی کل میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس میں بخار سے متاثرہ کا تیزی سے سروے‘ خسرے کی بیماری والے مقامات کی کھوج‘ نو ماہ سے پانچ سال کے عمر کے بچوں کیلئے خاص ٹیکہ کاری مہم سمیت مختلف تدابیر کیے جائیں گے۔ فی الحال ریاست میں 836 بچے خسرے سے متاثر ہوئے ۔ اس میں سے 18 بچوں کی موت ہوگئی۔ یہ تمام اموات ممبئی میونسپل کارپوریشن کے حدودمیں ہوئیں۔ تمام بچوں کو خسرے کے ٹیکہ کاری فوراً کرنے کی اپیل ریاستی طبّی شعبے نے کی ہے۔

***** ***** *****

ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں صاف صفائی کے سلسلے میں پانچ اُصولوں پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت S.T. کارپوریشن کے نائب صدر اور مینیجنگ ڈائریکٹر شیکھر چنّے نے دی ہے۔کارپوریشن کے اعلیٰ افسران کی میٹنگ سے وہ مخاطب تھے۔ ان پانچ اُصولوں کے تحت بسوں کی اندرونی و بیرونی صفائی‘ بس کی کھڑکیاں شفاف اور حرکت کرنے والی ہوں‘ خراب کھڑکیاں فوراً تبدیل کیے جائیں‘ خراب بسیں چلائی نہیں جائے اس پر توجہ دی جائے‘ سیٹ بہترین ہو‘ پھٹے ہوئے سیٹ فوراً تبدیل کریں‘ بسوںکے رنگ خراب ہوگئے تو فوراً رنگ رنگوٹی کریں‘ وغیرہ ہدایتیں دی گئیں۔ مسافر کچرا نہ کریں اس کیلئے عوامی بیداری پیدا کرنے کا فیصلہ میٹنگ میں لیا گیا۔

***** ***** *****

گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے ضمن میں دئیے گئے قابلِ اعتراض بیان کی مذمت میں کل اورنگ آباد میں کرانتی چوک میں گورنر ہٹائو دستخطی مہم پر عمل درآمد کیا گیا۔ مرکزی ریلوے مملکتی وزیر رائو صاحب دانوے نے بھی چھترپتی شیواجی مہاراج پر قابلِ اعتراض بیان دینے پر ان کے مکان کے روبرو ورکرس نے ڈھول تاشے بجاکر احتجاج کیا۔

***** ***** *****

روزگار ضمانت اسکیم کے تحت منظور کیے گئے کام دسمبر آخر تک شروع کرکے محکمہ کے لحاظ سے ہر ضلعے میں مکمل کرنے کی ہدایت روزگار ضمانت اسکیم وزیر سندیپان بھومرے نے دی ہے۔ اورنگ آباد میں کل اس سلسلے میں ڈویژنل جائزہ میٹنگ سے وہ مخاطب تھے۔

***** ***** *****

آئندہ لوک سبھا انتخاب میں پربھنی حلقۂ انتخاب سے بھارتیہ جنتا پارٹی پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ پارٹی کے سینئر رہنماء نیز مرکزی مملکتی وزیرِ مالیات ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے یہ بات کہی ہے۔ ڈاکٹر کراڑ اس ضمن میں ایک میٹنگ سے مخاطب تھے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں چند اہم خبروں کی سرخیاں دوبارہ سماعت کیجیے:

٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مہا پرینروان دِن کے ضمن میں تمام ملک میں خراجِ عقیدت۔

٭ مہاراشٹر-کرناٹک سرحدی مسئلے کے سلسلے میں سپریم کورٹ فیصلہ کریگا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس۔

٭ ریاستی حکومت کے خلاف مہا وِکاس فرنٹ 17 دسمبر کو ممبئی میں مورچہ نکالے گی۔

٭ لمپی جلدی مرض کے پسِ منظر میں ریاست میں گائے نسل کے مویشیوں کی سو فیصد ٹیکہ کاری ہوگئی ہے‘ ایسا دعویٰ انیمل ہسبنڈری وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کیا۔

٭ ریاست میں خسرے کی بیماری کو کنٹرول کرنے کیلئے دس نکاتی ریاستی ایکشن اسکیم تیار۔

اور۔۔٭ ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیس میں صاف صفائی کے ضمن میں پانچ اُصولوں پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment