Thursday, 8 December 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 08 دسمبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 December-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸؍ دسمبر  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر-کرناٹک سرحدی تنازعے سے متعلق وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ کی مرکزی وزیرِ داخلہ سے گفت و شنید۔
٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آغاز؛ پہلے ہی دِن مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعے پر دونوں ریاستوں کے ارکانِ پارلیمان کے درمیان لفظی تکرار۔
٭ RBI کی جانب سے ریپو ریٹ میں صفر اعشاریہ تین پانچ فیصد کا اضافہ۔
٭ گجرات اور ہماچل پردیش کی اسمبلیوں کیلئے ووٹوں کی گنتی جاری۔
٭ اہم تاریخی شخصیت کے خلاف ہتک آمیز بیانات کی مذمت میں جالنہ شہر میں مورچہ۔
٭ اورنگ آباد میں منعقدہ  24 واں ریاستی اسپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر۔
اور۔۔٭ بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارت کو شکست؛ بنگلہ دیش کی سیریز میں فیصلہ کُن برتری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مہاراشٹر اور کرناٹک کے مابین سرحدی تنازعے کے سلسلے میں کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ سے بذریعۂ ٹیلی فون گفتگو کی اور اس معاملے پر توجہ دینے کا مطالبہ وزیرِ داخلہ سے کیا۔ اس موقع پر سرحدی تنازعے پر ہوئے حالیہ واقعات اور موجودہ صورتحال سے بھی وزیرِ داخلہ کو روشناس کروایا گیا۔ آج امیت شاہ ریاست کے تمام جماعتوں کے ارکانِ پارلیمان سے اس ضمن میں ملاقات کریں گے۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا کل سے آغاز ہوا۔ لوک سبھا میں ابتداء میں ایوان کے سابق رکن آنجہانی ملائم سنگھ یادو کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور بعدمیں دوپہر 12 بجے تک ایوان کی کاروائی ملتوی کردی گئی۔ 12 بجے وقفۂ صفر سے ایوان کی کاروائی کا دوبارہ آغاز ہوا۔ جس میں راشٹروادی کانگریس کی رکنِ پارلیمان سپریا سُڑے نے مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعے کا معاملہ اُٹھایا۔ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے اور کانگریس کے ارکان نے بھی اُن کا ساتھ دیا۔ اسی وقت کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ارکان نے ہنگامہ کھڑا کرتے ہوئے زوردار نعرے بازی کی اور سپریا سُڑے کی تقریر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرتے رہے۔ جس پر دونوں فریقوں میں شدید تکرار ہوئی۔
***** ***** *****
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا ہے کہ بھارت کو G-20 کی نمائندگی ملنا ملک کیلئے ایک اعزاز ہے۔ کل لوک سبھا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ G-20 کی سربراہ کانفرنس اور G-20 ممالک کے پریسائیڈنگ افسران کا بھارت میں مجوزہ اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا میں ایوان کے نونامزد چیئرمین‘ نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ کے خیر مقدم کی قرارداد منظور کی گئی۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ قائد ِ حزبِ اختلاف ملک ارجن کھرگے اور ڈپٹی چیئرمین ہری ونش سمیت بیشتر ارکان نے جگدیپ دھنکڑ کو نیک خواہشات پیش کیں۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان گوپال شیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ بامبے ہائیکورٹ کا نام بدل کر مہاراشٹر ہائی کورٹ کیا جائے۔ کل لوک سبھامیں انھوں نے ضابطہ نمبر 377 کے تحت یہ مطالبہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں موجودہ قانون میں ’’ہر ریاست میں ایک ہائی کورٹ‘‘ اس جملے میں ترمیم کرکے اُسے ’’ہر ریاست میں ریاست کے نام سے ایک ہائی کورٹ‘‘ کیا جائے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے وضاحت کی ہے کہ ملک میں ہوئی نوٹ بندی کے معاملے میں عدلیہ محض خاموش تماشائی بنی نہیں رہ سکتی۔ حالانکہ یہ مسئلہ اقتصادی پالیسی سے متعلق ہے‘ تاہم عدالت کو اس فیصلے پر نظرِ ثانی کرنے کا اختیار ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے 6 برس قبل کی گئی نوٹ بندی کے فیصلے کیخلاف 58 درخواستیں عدالت ِ عظمیٰ میں داخل کی گئی تھیں۔ ان درخواستوں پر جسٹس ایس اے نذیر کی زیرِ صدارت پانچ رُکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے وضاحت کی کہ اگر نوٹ بندی کے فیصلے کے صحیح و غلط سے متعلق نہیں تو کم از کم فیصلہ لینے سے متعلق طریقۂ کار کو تو عدالت دیکھ سکتی ہے۔ کل کی سماعت میں RBI کے وکیل نے استدلال دیا کہ نوٹ بندی کے فیصلے کے طریقۂ کار میں کوئی خامی نہیں تھی۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا RBI نے ریپو ریٹ میں صفر اعشاریہ تین پانچ فیصد کا اضافہ کردیا ہے۔ بینک کی معاشی پالیسی کمیٹی کے دو روزہ اجلاس کے بعد گورنر شکتی کانت داس نے کل ریپو ریٹ کے ساتھ ہی دیگر شرحوں میں بھی اضافے کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یہ ریپو ریٹ میں مسلسل پانچواں اضافہ ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ہدایت دی ہے کہ مٹی اور پانی کے تحفظ کے محکموں کو زیادہ سے زیادہ واٹرشیڈ کے ترقیاتی کام کرنے چاہیے اور مقامی آبپاشی کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ وہ کل محکمۂ آبی تحفظ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے محکمے کی مضبوطی اور مالیاتی فراہمی کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے نے گنّے کی کٹائی کرنے والی خواتین مزدوروںکے تولیدی اعضاء ضائع کرنے کی وارداتوں کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے اور گنّے کے مہاجر مزدوروں کے بچوں کو صحت‘ صفائی اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بیڑ ضلع میں گنّے کی کٹائی کرنے والی خواتین مزدوروں کے اندرونی تولیدی اعضاء نکالے جانے کے واقعات کی جانچ کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ اس کمیٹی کے اجلاس سے نیلم گورہے خطاب کررہی تھیں۔
***** ***** *****
گجرات اور ہماچل پردیش کی اسمبلیوں کیلئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ اُترپردیش کے مین پوری لوک سبھا حلقۂ انتخاب اور پانچ ریاستوں کی 6 اسمبلی نشستوں کیلئے ہوئی رائے دہی کی گنتی بھی آج کی جارہی ہے۔ آج صبح 8 بجے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوا۔ ابتدائی رجحان کے مطابق گجرات میں بی جے پی کی واضح اکثریت یقینی نظر آرہی ہے جبکہ ہماچل پردیش میں بی جے پی اور کانگریس کے مابین سخت مقابلہ جاری ہے۔
***** ***** *****
دہلی میونسپل کارپوریشن میں عام آدمی پارٹی نے تنہا واضح اکثریت حاصل کرلی ہے۔ اس سلسلے میں کل اورنگ آباد میں عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے بھڑکل گیٹ پر واقع پارٹی کے رابطہ دفتر کے سامنے خوشیاں منائی اور مٹھائی تقسیم کیں۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کے سرحدی علاقوں کے دیہاتوں کی ناراضی کم کرنے کیلئے کم از کم اُن علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر عائد پابندیوں کو ختم کیا جائے۔ سانگلی‘ شولاپور‘ ناسک‘ نندوربار اور ناندیڑ اضلاع کے چند دیہاتوں کی جانب سے تلنگانہ میں شامل ہونے کی اجازت طلب کرنے کی خبروں پر وہ ردّ عمل دے رہے تھے۔ اشوک چوہان نے کہا کہ مہا وِکاس آگھاڑی کے دور میں دیگلور‘ بلولی اسمبلی حلقے کیلئے 192 کروڑ روپئے کے کاموں کو منظوری دی گئی تھی اور ان میں سے چند ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر جاری ہوئے، جبکہ چند کام تخمینہ ساز ی کے مرحلے میں تھے کہ اقتدار میں تبدیلی ہوئی اور شندے- پھڑنویس حکومت نے ان کاموں کو روک دیا ۔
***** ***** *****
گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اور بی جے پی کے ترجمان سدھانشو ترویدی کی جانب سے تاریخی اہم شخصیات کیخلاف ہتک آمیز بیانات کی مذمت میں کل جالنہ میں مراٹھا کرانتی مورچہ اور ہم خیال جماعتوں کی جانب سے معلّنہ بند کا ملا جلا ردّ عمل رہا۔ اس موقع پر گورنر کے بیان کے خلاف تمام جماعتوں کی جانب سے ایک مذمتی جلوس بھی نکالا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں گذشتہ پانچ دِنوں سے جاری 24 واں ریاستی سطح کا اسپورٹس فیسٹیول کل اختتام پذیر ہوا۔ اس اسپورٹس فیسٹیول میں میزبان یونیورسٹی کی ٹیم نے والی بال‘ باسکٹ بال‘ کھوکھو اور کبڈی ان چاروں کھیلوں میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اس طرح اسے جنرل چمپئن شپ کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ گذشتہ 24 سالوں میں پہلی بار کسی میزبان ٹیم کو جنرل چمپئن شپ ملی ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین جاری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کل بھارت کو پانچ رَنوں سے شکست ہوئی۔ بنگلہ دیش نے اس فتح کے ساتھ ہی تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کُن برتری حاصل کرلی ہے۔ کل بنگلہ دیش نے بھارت کو جیت کیلئے 272 رن کا ہدف دیا۔ جواب میں بھارت کے ابتدائی کھلاڑی جلدی جلدی آئوٹ ہوگئے‘ آخر میں کپتان روہت شرما نے 28 گیندوں میں 5 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے غیر مفتوح 51 رن بنائے، لیکن مقررہ 50 اوورس میں بھارت 266 رَن ہی بناسکا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاراشٹر-کرناٹک سرحدی تنازعے سے متعلق وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ کی مرکزی وزیرِ داخلہ سے گفت و شنید۔
٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آغاز؛ پہلے ہی دِن مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعے پر دونوں ریاستوں کے ارکانِ پارلیمان کے درمیان لفظی تکرار۔
٭ RBI کی جانب سے ریپو ریٹ میں صفر اعشاریہ تین پانچ فیصد کا اضافہ۔
٭ گجرات اور ہماچل پردیش کی اسمبلیوں کیلئے ووٹوں کی گنتی جاری۔
٭ اہم تاریخی شخصیت کے خلاف ہتک آمیز بیانات کی مذمت میں جالنہ شہر میں مورچہ۔
٭ اورنگ آباد میں منعقدہ  24 واں ریاستی اسپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر۔
اور۔۔٭ بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارت کو شکست؛ بنگلہ دیش کی سیریز میں فیصلہ کُن برتری۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment