Friday, 16 December 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 16 دسمبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 16 December-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۶؍ دسمبر  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** ***** 
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کو دی جانے والی نقصان بھرپائی کی رقم میں دُگنا کا اضافہ‘ بھرپائی کا رقبہ بھی بڑھایا گیا 3 ہیکٹر تک۔
٭ وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت زیرِ التواء نقصان بھرپائی فوری ادا کی جائے: وزیرِ زراعت کی بیمہ کمپنیوں کو ہدایت۔
٭ G-20 کے ترقیاتی گروپ کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے پیش کیے گئے نظریے کی رُکن ممالک کی طرف سے زبردست پذیرائی۔
٭ ریاست کے امدادِ باہمی اداروں کے انتخابات جن مراحل پر ہیں وہاں سے آگے بڑھانے کی ممبئی عدالت ِ عالیہ کی ہدایت۔
٭ Engineering  میں داخلے کے امتحان JEE (Main) کے دونوں سیشنز کا ٹائم ٹیبل ظاہر۔
٭ ریاستی پولس میں بھرتی کیلئے درخواست دہی کا آج آخری دِن۔
اور۔۔٭ بھارت کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش پر فالو آن کا سایہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی حکومت نے شدید بارش سے ہونے والے نقصان کیلئے کسانوں کو دی جانے والی نقصان بھرپائی میں دگنا کا اضافہ کردیا ہے‘ ساتھ ہی مزید علاقوں کو نقصان زدہ کے طور پر فہرست میں شامل کیا ہے۔ اس سے اب کسانوں کو دو ہیکٹر کی بجائے تین ہیکٹر تک کیلئے نقصان بھرپائی ملے گی۔ ریاستی حکومت نے کل اس خصوص میں حکمنامہ جاری کیا ۔ زراعتی فصلوں کے نقصان کیلئے اب کسانوں کو فی ہیکٹر 6ہزار 800 روپئے کی بجائے 13 ہزار 600 روپئے جبکہ باغاتی فصلوں کے نقصان پر 13 ہزار 500 روپئے کی بجائے 27 ہزار روپئے فی ہیکٹر نقصان کے ازالے کے طور پر دیئے جائیں گے۔ سال بھر اُگائی جانے والی فصلوں کے نقصان پر 18 ہزار فی ہیکٹر کی بجائے اب 36 ہزار روپئے کسانوں کو ادا کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے وزیرِ زراعت عبدالستار نے بیمہ کمپنیوں کو خریف ہنگام 2022 کے نقصان سے متاثرہ کسانوں کیلئے وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت زیرِ التواء 447 کروڑ روپئوں کی نقصان بھرپائی فوری طور پر ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم سے متعلق کل ممبئی میں منعقدہ جائزاتی اجلاس میں وزیرِ موصوف نے یہ ہدایت دی۔ ساتھ ہی انھوں نے مختلف بیمہ کمپنیوں کی جانب سے اب تک کسانوں کو ایک ہزار 902 کروڑ روپئوں کی نقصان بھرپائی ادا کیے جانے کی بھی اطلاع دی۔ اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے عبدالستار نے بتایا کہ آئندہ یکم تا 5 جنوری کے دو ران اورنگ آباد کے سلوڑ میں ریاست گیر زرعی مہوتسو کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
G-20 ممالک کے ترقیاتی گروپ کیلئے منعقدہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے پیش کیے گئے نظریے کو رکن ممالک کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ G-20 گروپ کے ایڈیشنل سیکریٹری ناگراج نائیڈو کاکانور نے کل کہا ہے کہ یہ ایک بہترین آغاز ہے۔ G-20 کے ترقیاتی گروپ کے تین روزہ اجلاس کا کل ممبئی میں اختتام عمل میں آیا‘ جس کے بعد صحافتی کانفرنس سے کاکانور خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں عالمی تناظر میں Supply chain پر ہونے والا اثر‘ ڈیجیٹل تبدیلی‘ ترقی کیلئے Data کی اہمیت‘ خواتین کو مرکز میں رکھ کر ترقی کا حصول اور ماحول دوست طرزِ زندگی جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ کاکانور نے بتایا کہ اس اجلاس میں ترقی پذیر ممالک کی ضرورتوں پر خاص طور پر زور دیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمے نے کل ایک نیا حکم جاری کیا۔ ذاتوں کے درمیان اور بین المذاہب شادی کی رابطہ کمیٹی کے شعبۂ عمل کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی اب صرف بین المذاہب شادیوں کیلئے کام کرے گی۔ کمیٹی نے Helpline کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل 13 دسمبر کو کمیٹی کے اعلان کے بعد مخالف جماعتوں نے ریاستی حکومت کے فیصلے پر تنقید کی تھی۔ جس کے بعد یہ تبدیلی کی گئی۔ اسی دوران کمپنی کے رُکن یوگیش دیشپانڈے نے کمیٹی میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد عرفان علی پیرزادہ کو کمیٹی کا نیا رُکن بنایا گیا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ نے ریاست کے تمام امدادِ باہمی ادارو ںکے انتخابات جس مرحلے پر رُکے تھے وہاں سے آگے بڑھانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ریاستی انتخابی کمیشن اور حکومت کو ان انتخابات کا ترمیمی پروگرام ظاہر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ناندیڑ ضلع کے شعبۂ تعلیم کے ملازمین کے ادارے نے عدالت میں حکومت کے اس خصوص میں کیے گئے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ اس سلسلے میں سماعت کے دوران عدالت نے حکومت کو حلف نامہ داخل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں مخالف جماعتوں کے اتحاد مہا وِکاس آگھاڑی کی جانب سے کل ممبئی میں ریاستی حکومت کے خلاف ہلّہ بول مورچہ نکالا جائیگا۔ راشٹروادی کانگریس کے قائد اجیت پوار نے کل صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ پوار نے بتایا کہ ان کی شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے صدر اُدّھو ٹھاکرے‘ کانگریس رہنماء پرتھوی راج چوہان اور دیگر مخالف جماعتوں کے رہنمائوں کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے، جس کے بعد وہ اس ہلّہ بول مورچے کے انعقاد کا اعلان کررہے ہیں۔ پوار نے کل نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ساتھ منصوبہ بندی بل کے موضوع پر ہوئی میٹنگ کا بھی اس موقع پر ذکر کیا۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کے راجیہ سبھا کے رُکن اُدین راجے بھوسلے نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کو چاہیے کہ وہ مہاراشٹر -کرناٹک سرحدی تنازعے کے حل کیلئے دونوں ریاستوں کی جماعتوں کی میٹنگ کا انعقاد کریں۔ وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی بدھ کے دِن منعقدہ میٹنگ کے بعد انھوں نے کل یہ تبصرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں صرف برسرِ اقتدار جماعتوں کو ہی نہیں بلکہ دونوں ریاستوں کی اہم جماعتوں کو بلایا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ان سرحدی علاقوں میں بسنے والے شہریان کی ترقی سے متعلق سوچا جانا ضروری ہے۔
***** ***** *****
Engineering میں داخلے کیلئے منعقد کیے جانے والے اہلیتی امتحان JEE (Main) کے دونوں سیشنز کا ٹائم ٹیبل کل جاری کردیا گیا۔ پہلے سیشن کیلئے مورخہ 24,25,28,30  اور 31 جنوری 2023 کو یہ امتحانات ہوں گے۔ دوسرے سیشن کے امتحانات اپریل 2023 میں منعقد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
فریکچرڈ فریڈم نامی کتاب کے ترجمے کو ظاہر کیے گئے انعام کو منسوخ کرنے پر پیدا شدہ تنازعہ اب بھی قائم ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کیخلاف پرساد کلکرنی اور ڈاکٹر سنتوش کھیڑلیکر نے ریاست کے ادبی و ثقافتی بورڈ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اسی طرح سہاس پڑشیکر نے بھی ریاست کے زبان صلاح کار کمیٹی کی رُکنیت سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں 18ہزار 331 پولس ملازمین کے تقررات کیلئے درخواست دینے کا آج آخری دِن ہے۔ اس مہم میں اب تک 14 لاکھ 47 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں کل ریاست کے امدادِ باہمی کے وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں پدم مہوتسو کا افتتاح عمل میں آیا۔ آئندہ 19 تاریخ تک جاری رہنے والے اس مہوتسو میں ایک پدم وبھوشن‘ 2پدم بھوشن اور 8 پدم شری انعامات سے نوازی گئیں شخصیات شرکت کریں گی۔ اس مہوتسو میں پدم انعام یافتہ اہم شخصیات خطاب کریں گی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے بھوکر میں کل خسرہ اور روبیلا کے ٹیکے دینے کی مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 25 دسمبر تک ٹیکہ اندازی مہم چلائی جائیگی۔ بھوکر کے دیہی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اشوک منڈے نے شہریان سے خسرہ‘ روبیلا ٹیکہ اندازی کی اس خصوصی مہم سے فائدہ اُٹھانے کی اپیل کی ہے۔ عثمان آباد ضلع میں بھی اس ٹیکہ اندازی مہم کی شروعات عثمان آباد تعلقے کے سانجا میں واقع وردھنی صحت مرکز سے کل کی گئی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ڈویژنل کمشنر سنیل کیندریکر نے کل ہنگولی ضلع کے اونڈھا ناگناتھ تعلقے کے رامیشور میں ضلع پریشد اسکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے طلبہ کو درس دیا۔
***** ***** *****
بنگلہ دیش‘ بھارت کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آج تیسرے دِن 8 وِکٹوں کے نقصان پر 133 رنوں سے آگے کھیلنے کی شروعات کرے گا۔ فی الحال بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم فالوآن کے زیرِ سایہ ہے۔ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کل پہلی اننگ میں 404 رنوں پر آل آئوٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیشی ٹیم کل اپنی پہلی اننگ میں آٹھ وِکٹوں کے نقصان پر صرف 133 رن ہی بناپائی۔ بھارت کے کلدیپ نے 4 جبکہ محمد سراج نے تین وکٹ لیکر پہلی اننگ میں ہی بنگلہ دیشی ٹیم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ فی الحال بنگلہ دیشی ٹیم 271 رنوں سے پیچھے چل رہی ہے۔
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کو دی جانے والی نقصان بھرپائی کی رقم میں دُگنا کا اضافہ‘ بھرپائی کا رقبہ بھی بڑھایا گیا 3 ہیکٹر تک۔
٭ وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت زیرِ التواء نقصان بھرپائی فوری ادا کی جائے: وزیرِ زراعت کی بیمہ کمپنیوں کو ہدایت۔
٭ G-20 کے ترقیاتی گروپ کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے پیش کیے گئے نظریے کی رُکن ممالک کی طرف سے زبردست پذیرائی۔
٭ ریاست کے امدادِ باہمی اداروں کے انتخابات جن مراحل پر ہیں وہاں سے آگے بڑھانے کی ممبئی عدالت ِ عالیہ کی ہدایت۔
٭ Engineering  میں داخلے کے امتحان JEE (Main) کے دونوں سیشنز کا ٹائم ٹیبل ظاہر۔
٭ ریاستی پولس میں بھرتی کیلئے درخواست دہی کا آج آخری دِن۔
اور۔۔٭ بھارت کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش پر فالو آن کا سایہ۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment