Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 19 December-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۹؍ دسمبر ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آج سے ناگپور میں آغاز؛ وزیرِ اعلیٰ کی روایتی چائے پارٹی کا حزبِ اختلاف کی جانب سے مقاطعہ۔
٭ وزیرِ اعلیٰ اور مجلس وزراء کو بھی لوک آیُکت کے دائرۂ کار میں لانے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں گرام پنچایتوں کے انتخابات کیلئے 80 فیصد سے زائد رائے دہی؛ کل ووٹوں کی گنتی۔
٭ میزائل سے لیس جنگی جہاز مورمُو گائو ہندوستانی بحریہ میں شامل۔
٭ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت کی188 رَنوں سے فتح۔
اور۔۔٭ ارجنٹینا فیفا عالمی کپ فٹبال کا نیا چمپئن۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آج سے ناگپور میں آغاز ہورہا ہے۔ اس اجلاس میں 23 بل اور 5 حکمنامے منظوری کیلئے پیش ہوں گے۔ اسی دوران اسمبلی اجلاس سے قبل کی شام حکومت کی جانب سے دی گئی روایتی چائے پارٹی کے بعد وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اخباری کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ مالی بدعنوانی کی انسداد کیلئے نئے لوک آیُکت قانون کو ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ علاوہ ازیں کسانوں سے متعلق بڑے فیصلے بھی ریاستی حکومت نے کیے ہیں اور ودربھ اور مراٹھواڑہ کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انھوں نے ترغیب دی کہ مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعے پر سیاست نہ کی جائے۔ کسانوں سے متعلق حکومتی فیصلوں کی تفصیلات دیتے ہوئے ایکناتھ شندے نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غیر موسمی بارش اور سیلاب کے نقصانات کے معاوضے کے طور پر اب تک کے سب سے زیادہ فنڈز منظور کیے ہیں او راس کیلئے 7 ہزار 400 کروڑ روپئے جاری کیے گئے، جس میں سے 4 ہزار 800 کروڑ روپئے تقسیم بھی کیے جاچکے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ سانگلی ضلع کے جت تعلقے کی بہبود کیلئے اقدامات کو بھی ریاستی کابینہ میں منظور کیا گیا اور اس کیلئے دو ہزار کروڑ روپئے خرچ کیے جائیں گے۔ اس اسکیم کے تحت کرناٹک کی سرحد سے ملحق جت تعلقے کے 48 گائووں میں پینے اور کاشت کاری کیلئے آبرسانی کی جائیگی۔
نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس موقع پر صحیفہ نگاروں کو بتایا کہ اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں ہی مالی بدعنوانیوں کی انسداد کیلئے لوک آیُکت کی نامزدگی کا بل پیش کیا جائیگا اور وزیرِ اعلیٰ کو بھی لوک آیُکت کے دائرۂ کار میں شامل کرنے کی پہل حکومت کررہی ہے۔ انسدادِ رشوت ستانی ایکٹ کو بھی اس قانون میں شامل کرکے مجلس ِ وزراء کو بھی اس قانون کے تحت لایا جائیگا۔ پھڑنویس نے کہا کہ ریاست میں شفافیت لانے کی سمت یہ ایک بڑا قدم ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرحدی علاقو ں میں دوسری ریاست میں جانے کے تعلق سے جو بیانات دئیے جارہے ہیں اس کے پیچھے کونسی سیاسی جماعت کے افراد ہیں اس کی اطلاع خفیہ اداروں کے ذریعے ہم تک پہنچ چکی ہیں اور معقول موقع پر یہ معلومات ظاہر کی جائیں گی۔
***** ***** *****
دوسری جانب اسمبلی اجلاس سے قبل حکومت کی جانب سے دی جانے والی روایتی چائے پارٹی کا حزب ِ اختلاف کی جانب سے بائیکاٹ کیا گیا۔ بعد ازاں ناگپور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قائد ِ حزبِ اختلاف اجیت پوار نے کہا کہ ریاستی مفادات کیلئے کام کرنے میں یہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور دورانِ اجلاس ترقی کے مسئلے پر اس حکومت کو گھیرا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ اس حکومت کو برسرِ اقتدار آئے 6 ماہ سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے، لیکن حکومت سے جو اُمیدیں وابستہ کی گئی تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں۔
اجیت پوار نے کہا کہ سرحدی تنازعہ کا کوئی حل نظر نہیں آرہا، کئی صنعتیں اور پروجیکٹ ریاست سے باہر جارہے ہیں۔ لاکھوں نوجوان بے روزگار ہوچکے ہیں اور اسی طرح کے کئی مسائل ریاست کو درپیش ہیں۔ ان موضوعات کو اسمبلی کے آج سے شروع ہونے والے اجلاس میں اُٹھایا جائیگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ عظیم رہنمائوں کے خلاف دئیے جانے والے تضحیک آمیز بیانات پر معافی مانگنے کیلئے بھی یہ حکومت تیار نہیں ہے۔
***** ***** *****
ریاست کی 7 ہزار 751 گرام پنچایتوں کے انتخابات کیلئے کل معمولی وارداتوں کو چھوڑ کر پُرامن رائے دہی عمل میں آئی۔ ریاست بھر میں رائے دہی کا تناسب تقریباً 80 فیصد رہا۔ اس چنائو میں گرام پنچایتوں کے ساتھ ساتھ سرپنچوں کا بھی راست انتخاب عمل میں آئے گا۔ کل ان ووٹوں کی گنتی عمل میں آئیگی۔ اورنگ آباد ضلع میں 208 گرام پنچایتوں کیلئے 86 اعشاریہ پانچ پانچ فیصد رائے دہی ہوئی۔
***** ***** *****
رڈار سے مخفی رہنے والا میزائل بردار جنگی جہاز ’’مورمُگائو‘‘ کو وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کے ہاتھوں کل ہندوستانی بحریے میں شامل کرلیا گیا۔ میک اِن انڈیا کے تحت ممبئی کے ماجگائوں بندرگاہ میں یہ جنگی جہاز تیار کیا گیا ہے۔ ملک ہی میں تیار کردہ ہندوستانی بحریے کا یہ دوسرا جہاز ہے۔ اس موقع پر حفاظتی دستے کے سربراہ انیل چوہان‘ بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ہری کمار اور ماجگائوں بندرگاہ کے سربراہ ومینیجنگ ڈائریکٹر وائس ایڈمرل نارائن پرساد بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنا بھی لازمی ہے۔ محکمۂ جنگلات کے کام کی ستائش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عالمی درجۂ حرارت میں اضافے کے دوران محکمے کی ماحولیات کے تحفظ کیلئے کیا گیا کام گرانقدر ہے۔ کل ناگپور میں محکمۂ جنگلات کی ایک عمارت کا افتتاح اور بہترین کارکردگی پرمحکمے کے افسران و ملازمین کو اعزازات کی تقسیم کے ایک پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے طریقۂ کار میں تبدیلی کرکے اس کے نفاذ کو 2023 کی بجائے 2025 سے نافذ کیا جائے۔ کل ناگپور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس فیصلے سے لاکھوں طلبہ کا نقصان ہوگا اور طلبہ کے مفادات کے پیشِ نظر نئے طریقۂ کار کو 2 برسوں کیلئے مؤخر کیا جائے۔
***** ***** *****
بیلگائوں میں آج مہاراشٹر ایکی کرن سمیتی کا اجلاس ہورہا ہے۔ تاہم اس اجلاس میں اچل کرنجی کے رکنِ پارلیمان اور ریاستی حکومت کی نامزد کردہ ماہرین کی کمیٹی کے سربراہ دھیریہ شیل مانے شرکت نہیں کرسکیں گے۔ اُن پر بیلگائوں کے ضلع مجسٹریٹ نتیش پاٹل نے بیلگائو ںمیں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے رابطہ وزیر سندیپان بھومرے نے تیقن دیا ہے کہ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاجروں پر عائد کردہ اسٹیبلشمنٹ ٹیکس معطل کرنے سے متعلق حکومت مثبت کردار ادا کرے گی۔کل ضلع ویاپاری سنگھ کے ایک نمائندہ وفد نے بھومرے سے ملاقات کرکے تاجروں کی مشکلات سے وزیرِ موصوف کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر بھومرے نے تیقن دیا کہ اسٹیبلشمنٹ ٹیکس کو معطل کرنے پر غور کیا جائیگا۔
***** ***** *****
بنگلہ دیش کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے کل 188 رنوں سے فتح حاصل کرکے 2 میچوں کی اس سیریز میں ایک صفرکی ناقابلِ شکست سبقت حاصل کرلی ہے۔ جیت کیلئے دئیے گئے 513 رن کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 324 رَن بناسکی۔ کلدیپ یادو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
فیفا عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ ارجنٹینا نے جیت لیا ہے۔ کل شب قطر میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ فائنل میچ کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا، جس میں ارجنٹینا نے فرانس کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔ ارجنٹینا نے 36 برس بعد فٹبال چمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ مقررہ وقت میں 2-2 گول اور ایکسٹرا ٹائم میں 3-3 سے برابری کے بعد اس فائنل میچ کا فیصلہ پینالٹی شوٹ پر ہوا۔ ارجنٹینا کے میسی کو 7 گول کرنے پر گولڈن بال اور 8 گول کرنے والے فرانس کے ایم باپے کو گولڈن بوٹ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آج سے ناگپور میں آغاز؛ وزیرِ اعلیٰ کی روایتی چائے پارٹی کا حزبِ اختلاف کی جانب سے مقاطعہ۔
٭ وزیرِ اعلیٰ اور مجلس وزراء کو بھی لوک آیُکت کے دائرۂ کار میں لانے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں گرام پنچایتوں کے انتخابات کیلئے 80 فیصد سے زائد رائے دہی؛ کل ووٹوں کی گنتی۔
٭ میزائل سے لیس جنگی جہاز مورمُگائو ہندوستانی بحریہ میں شامل۔
٭ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت کی188 رَنوں سے فتح۔
اور۔۔٭ ارجنٹینا فیفا عالمی کپ فٹبال کا نیا چمپئن۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment