Thursday, 5 January 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 05 جنوری 2023‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 05 January-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ: ۵؍جنوری  ۲۰۲۳ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ اورنگ آباد میں آج سے ایڈوانٹیج مہاراشٹر ایکسپو کا آغاز۔

٭ زراعت کی مختلف اسکیموں کیلئے اِسرو کی ٹیکنالوجی منفعت بخش ہے: ڈائریکٹر اِسرو ایس سومناتھ۔

٭ بجلی کمپنیوں کی نجکاری زیرِ غور نہیں؛ حکومت کی وضاحت؛ ملازمین کی معلّنہ ہڑتال ختم۔

٭ سائی ریزارٹ معاملے میں سابق وزیر انیل پرب کی املاک ای ڈی نے ضبط کرلی۔

٭ عثمان آباد ضلع میں اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے مراکز کے قیام کا مطالبہ۔

اور۔۔٭ شمال سے خنک ہوائیں داخل ہونے سے ریاست میں درجۂ حرارت میں مزید کمی کا امکان۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

اورنگ آباد میں آج سے ایڈوانٹیج مہاراشٹر ایکسپو کا آغاز ہورہا ہے۔ شیندرا کے آرِک سٹی میں آئندہ 8 تاریخ تک چلنے والی اس نمائش کا افتتاح وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں بذریعۂ ٹیلی کمیونیکیشن کیا جائیگا۔ مراٹھواڑہ اور اورنگ آباد سمیت آرِک کی صنعتی نکتۂ نظر سے عالمی سطح پر تشہیر کیلئے ریاستی حکومت کے محکمۂ صنعت اور مہاراشٹر اسوسی ایشن آف اسمال اسکیل انڈسٹریز اینڈ ایگریکلچر ’’ماسیا‘‘ کے اشتراک سے یہ نمائش منعقد کی گئی ہے۔ اس ایکسپو میں قومی اور بین الاقوامی صنعتکار حصہ لے رہے ہیں۔

***** ***** *****

مرکزی کابینہ نے قومی گرین ہائیڈروجن مہم کو منظوری دے دی ہے۔ مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے کل نئی دہلی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ اس مہم کیلئے 19 ہزار 744 کروڑ روپئے کا فنڈ کابینہ نے منظور کیا ۔ سرکاری ذرائع ابلاغ میں بہتری لانے کیلئے ’’براڈ کاسٹنگ انفراسٹرکچر اینڈ نیٹ ورک ڈیولپمنٹ اسکیم‘‘ (BIND) کو بھی کابینی اجلاس میں منظور کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت ذرائع ابلاغ کو نشریات‘ انفراسٹرکچر اور خبروں کے مواد کو بہتر بنانے کیلئے مالی اعانت کی جائیگی۔ اس کیلئے کابینہ نے 2025 تک 2 ہزار 539 کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔

***** ***** *****

اِسرو کے ڈائریکٹر ایس سومناتھ نے کہا ہے کہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اِسرو) کی تیار کردہ ٹیکنالوجی فصلوں کے انتظامی اُمور اور معاوضے سمیت دیگر اسکیموں میں منفعت بخش ثابت ہوگی۔ ناگپور میںسنت تکڑوجی مہاراج یونیورسٹی میں جاری 108 ویں انڈین سائنس کانگریس میں شرکت کیلئے آنے والے ایس سومناتھ نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ خلاء میں موجود 80 فیصد سیٹیلائٹ ناکارہ ہیں۔ اس بات کو نوٹ کرنا ضروری ہے۔

انڈین سائنس کانگریس کی سربراہ ڈاکٹر وجئے لکشمی سکسینہ نے کہا ہے کہ آج کے بچے کل کی ینگ سائنٹفک بریگیڈ ہیں اور قومی سائنس کانگریس اُن کے ہنر و صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انڈین سائنس کانگریس میں چائلڈ سائنٹسٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے وہ خطاب کررہی تھیں۔ 10 تا 17 برس کی عمر کے کمسن سائنس دانوں نے اس موقع پر مختلف تجربات پیش کیے۔ اس کانفرنس میں کل دوسرے دِن قلبی عارضے اور ذیابطیس کے موضوع پر نئی تحقیقات کے موضوع پر سمینار منعقد ہوا۔ سکسینہ نے کہا کہ اس نئی تحقیق کے باعث نئے طرزِ زندگی میں چند خطرناک نکات سامنے آئے ہیں اور مریض انھیں دیکھتے ہوئے اپنی حفاظت کریں۔

***** ***** *****

ریاستی بجلی ملازمین‘ افسران اور انجینئروں کی سنگھرش سمیتی کی جانب سے معلّنہ ہڑتال کل واپس لے لی گئی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ و وزیرِ توانائی دیویندر پھڑنویس نے ریاست کی 32 تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے وضاحت کی کہ بجلی کمپنیوں کی نجکاری کا کوئی بھی منصوبہ حکومت کے زیرِ غور نہیں ‘ بلکہ اس کے برخلاف ان کمپنیوں میں 50 ہزار کروڑ روپئے کی اضافی سرمایہ کاری کی جائیگی۔ بجلی ملازمین اور افسران کی ایکشن کمیٹی کے عہدیدار سنجے ٹھاکر نے حکومت کی جانب سے دئیے گئے اس تیقن کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔

***** ***** *****

ریاستی حکومت کے مراٹھی شعبے کی جانب سے ممبئی میں عالمی سمّیلن منعقد کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں اس سہ روزہ سمّیلن کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ممبئی کی مراٹھی شناخت کو زوال پذیر ہونے نہیں دیا جائیگا اور مراٹھی کی تشہیر و ترویج کی غرض سے عالمی سطح پر موجود مراٹھی زبان کے چاہنے والوں کیلئے یہ سمّیلن منعقد کیا گیا ہے۔

***** ***** *****

ریاستی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد اجیت پوار نے وضاحت کی ہے کہ چھترپتی سنبھاجی مہاراج سے متعلق انھوں نے کوئی بھی متنازعہ بیان نہیں دیا۔ کل ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ سنبھاجی مہاراج سوراج کے محافظ تھے‘ انھیں دھرم ویر کا لقب دینے کی ضرورت نہیں ہے اور صرف اس بیان پر ریاست بھر میں ایجی ٹیشن شروع کردیا گیا۔ پوار نے کہا کہ وہ آج بھی اپنے اس بیان پر قائم ہیں۔

***** ***** *****

راشٹروادی کانگریس کے رہنماء دھننجے منڈے کی گاڑی کو منگل کی شب حادثہ پیش آیا۔ جس میں منڈے کی پسلیوں پر چوٹ آئی۔ سماجی رابطے پر منڈے نے بتایا کہ ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہوجانے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ علاج کیلئے انھیں بریج کینڈی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

***** ***** *****

قومی کرکٹ کھلاڑی رشبھ پنت کو کل ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں داخل کیا گیا۔ گذشتہ ماہ کی 30 تاریخ کو دہلی- دہرہ دوران شاہراہ پر حادثے میں زخمی ہونے کے بعد سے وہ دہرہ دون کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پنت کی صحت فی الحال بہتر ہے اور ممبئی میں اُن کے گھٹنوں پر عملِ جراحی متوقع ہے۔

***** ***** *****

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ED نے غیر محسوب دولت کو جائز کروانے کے معاملے میں ٹھاکرے گروپ کے رہنماء اور سابق وزیر انیل پرب کی 10کروڑ 20لاکھ روپئے کی املاک عبوری طور پر ضبط کرلی ہے۔ وزارتِ ماحولیات کی جانب سے انیل پرب‘ سائی ریزارٹ‘ سی شنکھ ریزارٹ اور دیگر کے خلاف داپولی کے مجسٹریٹ کے روبرو پیش کردہ فردِ جرم کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔

***** ***** *****

شولا پور ضلع کے بارشی تعلقے کے پانگری میں پٹاخوں کے کارخانے کے مالک یوسف منیار کو عدالت نے 4 دِن پولس کسٹڈی میں رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اتوار کو منیار کے پٹاخوں کے کارخانے میں آتشزدگی کے باعث چار خواتین زخمی اور دو افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

***** ***** *****

مرکزی وزیرِ داخلہ اجئے کمار مشرا نے کہا ہے کہ عثمان آباد کا نام تبدیل کرکے دھارا شیو رکھنے کی مرکزی حکومت عنقریب توثیق کردے گی۔ وہ کل عثمان آباد میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ضلع کی اسپورٹس تنظیم کی جانب سے ضلع میں اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے مراکز قائم کرنے کا مطالبہ بھی وزیرِ موصوف سے کیا گیا۔

***** ***** *****

شمالی ہند سے خنک ہوائیں داخل ہونے سے ریاست میں درجۂ حرارت میں کمی ہوئی ہے۔ آئندہ چند دِنوں میں سردی میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کل اورنگ آباد میں کم از کم درجۂ حرارت 11.8 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔

***** ***** *****

سری لنکا کے خلاف جاری ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج پونا میں کھیلا جائیگا۔ یہ میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔ پرسوں ممبئی میں کھیلا گیا افتتاحی میچ جیت کر بھارت نے ایک صفر کی برتری حاصل کررکھی ہے۔ اس میچ میں بھارت کے ہونہار تیز گیند باز عمران ملِک نے 155 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینک کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس ریکارڈ کے بعد وہ بھارت کے تیز ترین گیند باز بن گئے ہیں۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ اورنگ آباد میں آج سے ایڈوانٹیج مہاراشٹر ایکسپو کا آغاز۔

٭ زراعت کی مختلف اسکیموں کیلئے اِسرو کی ٹیکنالوجی منفعت بخش ہے: ڈائریکٹر اِسرو ایس سومناتھ۔

٭ بجلی کمپنیوں کی نجکاری زیرِ غور نہیں؛ حکومت کی وضاحت؛ ملازمین کی معلّنہ ہڑتال ختم۔

٭ سائی ریزارٹ معاملے میں سابق وزیر انیل پرب کی املاک ای ڈی نے ضبط کرلی۔

٭ عثمان آباد ضلع میں اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے مراکز کے قیام کا مطالبہ۔

اور۔۔٭ شمال سے خنک ہوائیں داخل ہونے سے ریاست میں درجۂ حرارت میں مزید کمی کا امکان۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment