Date: 06 January-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶؍جنوری ۲۰۲۳ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ایڈوانٹیج مہاراشٹر ایکسپو کے ذریعے مقامی صنعتوں کو عالمی سطح پر پہچان ملے گی: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اظہارِ خیال۔
٭ ریاستوں کو سرمایہ کاری کے اخراجات کیلئے خصوصی امدادی اسکیم کے تحت 50 برسوں کیلئے بلاسودی قرض فراہمی کا مرکزی حکومت کا فیصلہ؛
مہاراشٹر کیلئے 500 کروڑ روپئے منظور۔
٭ ریاست کی انتخابی فہرست میں ساڑھے چار لاکھ رائے دہندگان کا اضافہ۔
٭ جھارکھنڈ میں واقع سمّید شکھرجی یہ مذہبی مقام ہی رہے گا؛ مرکزی حکومت کی جانب سے حکمنامہ جاری۔
اور۔۔٭ دوسرے T-20 کرکٹ مقابلے میں سری لنکا کی بھارت پر 16 رَنوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ایڈوانٹیج مہاراشٹر ایکسپو کے ذریعے کروڑوںش روپئوں کا کاروبار ہوگا‘ ساتھ ہی مقامی صنعتوں کو عالمی سطح پر پہچان ملے گی۔ اورنگ آباد کے آرِک صنعتی شہر میں اس نمائش کی افتتاحی تقریب سے کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کیا۔ اس موقع پر مالیات کے مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر بھاگوت کراڑ بھی موجود تھے۔ کراڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کیلئے درمیانی اور چھوٹی صنعتوں MSME کا اہم رول رہے گا۔ ریاست کے وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے اس تقریب میں تیقن دیا کہ چھوٹے صنعت کاروں کے تمام مطالبات منظور کیے جائیں گے۔ وزیرِ موصوف نے یقین دہانی کرائی کہ مراٹھواڑہ ترقی کے معاملے میں پیچھے نہیں رہے گا۔ سامنت نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ایسی نمائشیں ریاست کے دیگر شہروں میں بھی منعقد کی جائیں۔ تین دِنوں تک جاری رہنے والی اس صنعتی نمائش میں ملک بھر کے مختلف شہروں سے ساڑھے چھ سو سے زائد صنعت کاروں نے اپنے اسٹالس لگائے ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ریاستوں کو سرمایہ کاری اخراجات کیلئے خصوصی امداد اسکیم کے تحت 50 برسوں کیلئے بلا سودی قرض فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت مہاراشٹر کو 500 کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔ اس فنڈ کے پہلے مرحلے میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم کیلئے 250 کروڑ روپئے دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
اُترپردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایودھیا شہر میں مہاراشٹر بھون کی تعمیر کیلئے قطعۂ اراضی فراہم کرنے کی خاطر اپنی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کل ممبئی میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انھوں نے یہ اطلاع دی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس موجود تھے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے راج بھون میں موجود مجاہدین ِ آزادی کے میوزیم کرانتی گاتھا کا دورہ کیا اور اس میں موجود چھترپتی شیواجی مہاراج کی یادگار پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے الزام عائد کیا ہے کہ مہاراشٹر کی سرمایہ کاری کو اُترپردیش میں منتقل کرنا موجودہ حکومت کا ایک منصوبہ ہے۔ وہ کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انھو ں نے یہ بھی الزام لگایا کہ گجرات‘ مدھیہ پردیش اور اُترپردیش جیسی بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے مہا وِکاس آگھاڑی حکومت کو گرایا گیا۔ پٹولے نے کہا کہ ممبئی فلم نگری سے متعلق صنعت کو اُتر پردیش منتقل کرنے کی کوششوں میں ریاستی حکومت مدد کررہی ہے۔
***** ***** *****
کُل ہند مجلس اتحادالمسلمین (MIM) کے قائد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی کی زیرِ اقتدار ریاستوں میں لوجہاد سے متعلق وضع کیے جانے والے قوانین دستور میں دئیے گئے حقوق کے خلاف اور غیر قانونی ہیں۔ وہ کل ناسک میں صحافیوں سے گفت و شنید کررہے تھے۔ اویسی نے بتایا کہ اس وقت ملکی سطح پر لوجہاد سے متعلق قوانین بنانے کیلئے نکالے جانے والے جلوس غیر قانونی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لوجہاد سے زیادہ اہم، بے روزگاری اور مہنگائی سمیت دیگر کئی مسائل ہیں، جن پر برسرِاقتدار جماعتوں کو توجہ دینا چاہیے۔
***** ***** *****
ریاستی انتخابی کمیشن نے مزید ناموں کے اندراج کے بعد نئی انتخابی فہرست ترتیب دی ہے، جسے ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق ریاست میں فی الحال 9 کروڑ 3 لاکھ رائے دہندگان ہیں۔ ان میں 4 کروڑ 71 لاکھ مرد اور بقیہ 4 کروڑ 31 لاکھ خواتین ہیں۔ اس فہرست کے مطابق رائے دہندگان میں 70 لاکھ سے زائد معذورین ہیں اور خواجہ سرائوں کی تعداد کم و بیش 5 ہزار ہے۔ گذشتہ کے مقابلے اس نئی فہرست میں کم و بیش ساڑھے چار لاکھ رائے دہندگان کا اضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت اشونی کمار چوبے نے کہا ہے کہ جھارکھنڈ میں واقع سمّید شکھرجی ایک مذہبی مقام ہی رہے گا۔ وزیرِ موصوف نے کل دِلّی میں صحافتی کانفرنس میں بتایا کہ اس سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس مذہبی مقام کی پاکیزگی برقرار رہے اس کیلئے حکومت نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ چوبے نے مزید بتایا کہ حکومت اس علاقے میں تعمیرات کی اجازت نہیں دے گی‘ اس علاقے میں ہوٹلس‘ Tracking اور گوشت وغیرہ کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
***** ***** *****
قانون ساز کائونسل کیلئے اورنگ آباد ڈویژن کے ٹیچرس حلقے کے انتخابات کے پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق 30 جنوری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اورنگ آباد ڈویژن کے معاون انتخابی افسر نے بتایا کہ رائے دہی میں شامل ہونے کیلئے ٹیچرس کو ایک دِن کی خصوصی تعطیل منظور کی گئی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ اجئے کمار مشرا نے کہا ہے کہ حیدر آباد مکتی سنگرام کی یادگار نلدرگ میں واقع علی آباد پُل کو قومی عمارت کا درجہ ملے ‘ساتھ ہی اس پُل کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اور اشوک چکر سے نوازے گئے بنچتر سنگھ کی یادگار کی تعمیر کیلئے کوشش کی جارہی ہے۔ وزیرِ موصوف نے کل عثمان آباد ضلع کے تلجاپور تعلقے کے موضع نلدرگ میں واقع علی آباد پُل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے یہ بات کہی۔ مشرا نے شہید ہونے والے فوجی بنچتر سنگھ کی تصویر پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اسی دوران مملکتی وزیرِ داخلہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی مسئلہ کا حل ضرور نکلے گا۔ مشرا نے کل شولاپور میں صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ آنے والے وقت میں یکساں سول کوڈ کا نفاذ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں کل پونے میں مہاراشٹر اسٹیٹ اولمپک ٹورنامنٹ کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر اولمپک تنظیم کے صدر اجیت پوار نے کھیل کی مشعل وزیرِ اعلیٰ کے سپرد کی۔ اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے پونے کے بالے واڑی میں واقع اسٹیڈیم میں شمع روشن کرکے ان کھیلوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ریاست کے مختلف علاقوں سے آنے والے کھلاڑیوں نے ملّ کھمب نامی کھیل پیش کیا۔ یہ کھیل مقابلے ریاست کے 8 اضلاع میں منعقد کیے گئے ہیں۔ ان میں 31 طرح کے کھیل مقابلے ہوں گے۔ کم و بیش 10 ہزار سے زائد کھلاڑی ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
***** ***** *****
بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے تین T-20 کرکٹ مقابلوں کی سیریز کا دوسرا مقابلہ کل پونا میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں سری لنکا نے بھارت کو 16 رنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم نے طئے شدہ اوورس میں 206 رَن بنائے۔ جوابی مقابلے میں بھارتی ٹیم 20 اوورس میں صرف 190 رَن ہی بنا پائی۔ سوریہ کمار یادو نے 51 جبکہ اکشر پٹیل نے 65 رَن بنائے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ایڈوانٹیج مہاراشٹر ایکسپو کے ذریعے مقامی صنعتوں کو عالمی سطح پر پہچان ملے گی: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اظہارِ خیال۔
٭ ریاستوں کو سرمایہ کاری کے اخراجات کیلئے خصوصی امدادی اسکیم کے تحت 50 برسوں کیلئے بلاسودی قرض فراہمی کا مرکزی حکومت کا فیصلہ؛
مہاراشٹر کیلئے 500 کروڑ روپئے منظور۔
٭ ریاست کی انتخابی فہرست میں ساڑھے چار لاکھ رائے دہندگان کا اضافہ۔
٭ جھارکھنڈ میں واقع سمّید شکھرجی یہ مذہبی مقام ہی رہے گا؛ مرکزی حکومت کی جانب سے حکمنامہ جاری۔
اور۔۔٭ دوسرے T-20 کرکٹ مقابلے میں سری لنکا کی بھارت پر 16 رَنوں سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment