Tuesday, 2 May 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 مئی 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 02 May-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں 

تاریخ:  ۲/مئی  ۳۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ 63 واں یومِ مہاراشٹر جوش و خروش سے منایا گیا؛ مراٹھواڑہ میں بھی پرچم کشائی۔

٭ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں ریاست بھر میں ”اپنا دواخانہ“ اور شہری صحت مراکز کا افتتاح۔

٭ طلاق کیلئے چھ ماہ کا انتظار ختم کرنے کا عدالت ِ عظمیٰ کو اختیار؛ آئینی بینچ کا فیصلہ۔

٭ ماہِ اپریل میں ملک بھر میں GST کی ایک لاکھ 87 ہزار 35 کروڑ روپئے کی ریکارڈ وصولی۔

٭ شندے- پھڑنویس حکومت نے ریاست کی معیشت تباہ کردی: وَجر مُوٹھ جلسے میں اجیت پوار کا الزام۔

اور۔۔ ٭ ریت فروخت کرنے کی سرکاری آن لائن پالیسی کا افتتاح۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

63 واں یومِ مہاراشٹر کل جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے اس سلسلے میں ریاست کے تابناک مستقبل کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔ اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر چھترپتی شیواجی مہاراج اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جیسی منفرد شخصیات کی جائے پیدائش کے ساتھ ساتھ سنتوں‘ بہادروں‘ فنکاروں اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کی سرزمین ہے۔ نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے بھی مہاراشٹر کی عوام کو یومِ تاسیس کی مبارکباد دی۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یومِ مہاراشٹر پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر عظیم تہذیب کے حامل محنتی افراد کی سرزمین ہے۔

نئی دہلی کے مہاراشٹر سدن میں بھی کل یومِ مہاراشٹر کی تقریب منعقد کی گئی۔ یومِ مہاراشٹر کی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ممبئی میں منعقد ہوئی، جہاں گورنر رمیش بئیس نے پرچم کشائی کی اور متحدہ مہاراشٹر کے قیام کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ممبئی میں شہید میموریل پر پھول چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں ناگپور میں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ ممبئی میں اسمبلی سیکریٹریٹ میں اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے پرچم کشائی کی۔ قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن ڈاکٹر نیلم گورہے نے شہید میموریل پر پھول چڑھائے۔

چھترپتی سنبھاجی نگر میں پولس کمشنریٹ کے دیوگری میدان میں رابطہ وزیر سندیپان بھومرے کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر اپنی تقریر میں انھوں نے کہا کہ کسانوں کی ہمہ گیر ترقی اور بہبود کیلئے حکومت مختلف اسکیموں پر عمل پیرا ہے۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف کے ہاتھوں مختلف اعزازات اور مختلف شعبوں کے 17  امیدواروں کی نامزدگی کے حکمنامے تفویض کیے گئے۔

بیڑ میں امدادِ باہمی کے وزیر اتل ساوے‘ عثمان آباد میں رابطہ وزیر تاناجی ساونت‘ ناندیڑ میں رابطہ وزیر گریش مہاجن اور ہنگولی میں رابطہ وزیر عبدالستار کے ہاتھوں یومِ مہاراشٹر کی سرکاری تقریب میں پرچم کشائی کی گئی۔ جالنہ میں ضلع کلکٹر وجئے راٹھوڑ‘ پربھنی میں ضلع کلکٹر آنچل گوئل اور لاتور میں ضلع کلکٹر پرتھوی راج بی پی کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔

***** ***** *****

یومِ مہاراشٹر کی مناسبت سے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں ریاست بھر میں اپنا دواخانہ اور شہری صحت مراکز کا آن لائن افتتاح عمل میں آیا۔ ریاست میں 317 تعلقوں میں ”ہندو رِدئے سمراٹ باڑا صاحب ٹھاکرے آپلا دواخانہ“ اسکیم شروع کی گئی ہے۔ جن میں اورنگ آباد میں پانچ اپنا دواخانہ اور 12 صحت مراکز شامل ہیں‘ جبکہ جالنہ میں 20 شہری صحت مراکز اور آٹھ اپنا دواخانہ شروع کیے گئے۔ 

***** ***** *****

وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں ای-شیونیری بس کا افتتاح اور باڑا صاحب ٹھاکرے کے نام سے موسوم صاف شفاف اور خوبصورت بس اسٹینڈ مہم کا بھی کل آغاز کیا گیا۔ معروف مراٹھی اداکار مکرند اناسپورے کو ایس ٹی کے رضاکار سفیر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ فی الحال ممبئی، تھانہ، پونا کیلئے 100 ای-شیونیری بس چلائی جائیگی۔

***** ***** *****

بھیونڈی میں عمارت کے انہدام کے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کو وزیرِ اعظم امدادی فنڈ سے 2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپئے دینے کا اعلان وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کیا ہے۔ انھوں نے اس حادثے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا کی۔ دریں اثناء اس عمارت کے ملبے سے مزید دو لاشیں نکالی گئی ہیں، جس کے بعد حادثے میں مہلوکین کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔ NDRF نے امدادی کام مکمل ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

***** ***** *****

عدالت ِ عظمیٰ نے فیصلہ دیا ہے کہ اگر شوہر و بیوی کے رشتے میں اصلاح کا امکان نہ ہو تو دونوں کے مابین علیحدگی کیلئے دی جانے والی چھ ماہ کی مدت اپنے اختیارات کے تحت ختم کی جاسکتی ہے۔ طلاق کے ایک مقدمے میں سماعت کے دوران عدالت ِ عظمیٰ کی آئینی بینچ نے مشاہدہ کیا کہ دستور کی دفعہ 142 کا استعمال کرتے ہوئے یہ مدت ختم کی جاسکتی ہے۔ فی الحال رائج قانون کے تحت اگر شوہر اور بیوی طلاق چاہتے ہیں تو افہام و تفہیم کیلئے انھیں چھ ماہ کی مدت دی جاتی ہے۔

***** ***** *****

ماہِ اپریل میں ملک بھر میں ایک لاکھ 87 ہزار 35 کروڑ روپئے ریکارڈ GST وصول کیا گیا۔ گذشتہ برس اپریل کے مہینے کی بہ نسبت اس برس وصول کیا گیا GST بارہ فیصد زائد ہے۔ مرکزی وزارتِ مالیات نے بتایا کہ مہاراشٹر میں ماہِ اپریل میں 33 ہزار6 19 کروڑ روپئے جی ایس ٹی کی مد میں جمع کیے گئے، جو گذشتہ برس کی بہ نسبت 21 فیصد زیادہ ہے۔

***** ***** *****

ریاستی اسمبلی میں قائد ِ حزبِ اختلاف اجیت پوار نے الزام عائد کیا ہے کہ شندے- پھڑنویس حکومت نے ریاست کے معاشی نظم و ضبط کو تباہ کردیا ہے۔ کل ممبئی کے باندرہ- کُرلا کمپلیکس میں مہاوِکاس آگھاڑی کے وَجرمُوٹھ جلسہ سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں امن و انتظام کی صورتحال بھی تباہ ہے اور کوئی اس کی ذمہ داری قبول نہیں کررہا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان اور سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے بھی اپنی تقاریرمیں ریاستی حکومت پر سخت تنقید کی۔ اُدّھوٹھاکرے نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ انتخابات میں مہا وِکاس آگھاڑی نے بی جے پی کو شکست ِ فاش دی ہے۔

اشوک چوہان نے کہا کہ ماضیِ قریب میں ہوئے انتخابات سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اگر مہاوِکاس آگھاڑی متحدہ طور پر الیکشن لڑتی ہے تو حکمراں اتحاد کو شکست دی جاسکتی ہے۔ ناناپٹولے نے کہا کہ حالیہ تمام انتخابات میں ہورہی شکست کو دیکھتے ہوئے مقامی اداروں کے انتخابات نہیں کروائے جارہے ہیں۔

***** ***** *****

کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کل 171 روپئے 50 پیسے کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت کے مطابق اب کمرشیل سلنڈر ممبئی میں ایک ہزار 808 روپئے 50 پیسے میں دستیاب ہوگا۔ تاہم گھریلو استعمال کے سلنڈر کی قیمت میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔

***** ***** *****

ریاست میں پہلے سرکاری ریت فروخت مرکز کا افتتاح اور ریت کی آن لائن فروخت کا افتتاح کل احمد نگر ضلع ے شری رام پور تعلقے کے نائیگاؤں میں وزیرِ محصول رادھا کرشن وِکھے پاٹل کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے کہا کہ عوامی مفاد میں حکومت کا یہ فیصلہ انقلابی ہے۔ نائیگاؤں ریت فروخت مرکز‘ تجرباتی طور پر شروع کیا گیا ہے۔ خریداروں کے ردّ عمل کو دیکھ کر اس طرح کے مزید مراکز شروع کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں صارفین کو مہا کھنیج ایپ پر رجسٹریشن کے بعد 600 روپئے میں ایک براس ریت دی جائیگی اور زیادہ سے زیادہ 10 براس ریت گھر پہنچائی جائیگی۔ اس سلسلے میں صارفین کے درست پتے تک پہنچنے کیلئے GPS آلات کا استعمال کیا جائیگا۔

***** ***** *****

انڈین پریمیر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل لکھنؤ میں کھیلے گئے ایک میچ میں رائل چیلنجرس بنگلورو نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو 18 رنوں سے شکست دیدی۔ بنگلورو نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے لکھنؤ کو 127 رنوں کا ہدف دیا‘ لیکن لکھنؤ کی پوری ٹیم 108 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ 63 واں یومِ مہاراشٹر جوش و خروش سے منایا گیا؛ مراٹھواڑہ میں بھی پرچم کشائی۔

٭ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں ریاست بھر میں ”اپنا دواخانہ“ اور شہری صحت مراکز کا افتتاح۔

٭ طلاق کیلئے چھ ماہ کا انتظار ختم کرنے کا عدالت ِ عظمیٰ کو اختیار؛ آئینی بینچ کا فیصلہ۔

٭ ماہِ اپریل میں ملک بھر میں GST کی ایک لاکھ 87 ہزار 35 کروڑ روپئے کی ریکارڈ وصولی۔

٭ شندے- پھڑنویس حکومت نے ریاست کی معیشت تباہ کردی: وَجر مُوٹھ جلسے میں اجیت پوار کا الزام۔

اور۔۔ ٭ ریت فروخت کرنے کی سرکاری آن لائن پالیسی کا افتتاح۔

***** ***** *****

اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔

ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ بھی سن سکتے ہیں۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment