Saturday, 3 June 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 جون 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 03 June-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں 

تاریخ:   ۳/ جون  ۳۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ اُڑیسہ میں تین ٹرینوں کے حادثے میں 207 مسافر ہلاک؛ سینکڑوں زخمی۔

٭ ریاست میں جماعت دہم کے 93  اعشاریہ آٹھ تین فیصد طلباء کامیاب؛ اورنگ آباد ڈویژن کا نتیجہ 93  اعشاریہ دو تین فیصد۔

٭ 350 ویں تاجپوشی میلے میں پرتاپ گڑھ اتھاریٹی کے قیام کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ لوک سبھا انتخابات سے قبل مقامی سطح پر صورتحال کا جائزہ لینا ضروری: سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان کا عندیہ۔

٭ 500 روپئے کے جعلی کرنسی نوٹ لے جانے والے تین افراد ایوت محل پولس کی حراست میں۔

٭ اورنگ آباد میں جنسی تشخیص کرنے والا ڈاکٹر گرفتار۔

اور۔۔ ٭ تھائی لینڈ اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ میں لکشیہ سین سیمی فائنل میں داخل۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

اُڑیسہ میں تین ریل گاڑیوں کے حادثے میں 207 مسافر ہلاک اور دیگر سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ بالاسور ضلع کے بہناگا ریلوے اسٹیشن پر کل شام یہ حادثہ پیش آیا۔ اسٹیشن پر کھڑی ایک مال گاڑی سے شالیمار- ہاؤڑا- کورومنڈل ایکسپریس ٹرین ٹکراکر پٹری سے اُتر گئی۔ چند ہی ساعتوں بعد بنگلورو- ہاؤڑہ سپر ایکسپریس بھی اسی مقام پر ان گاڑیوں سے ٹکراکر پٹری سے اُتر گئی۔ دونوں ٹرینوں کے تقریباً 17 ڈبوں کو شدید نقصان پہنچا اور 207 مسافر ہلاک جبکہ تقریباً 900 مسافر شدید زخمی ہوئے۔ جائے حادثے پر امدادی کام بڑے پیمانے پر جاری ہیں اور مہلوکین کی تعداد میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ ریلوے کے وزیر اشوینی ویشنو اور اُڑیسہ کے وزیرِ اعلیٰ نوین پٹنائک نے اس حادثے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کے اہلِ خانہ کو 10 لاکھ روپئے‘ شدید زخمیوں کو دو لاکھ روپئے اور معمولی زخمی مسافروں کو 50 ہزار روپئے امداد دینے کا اعلان محکمہئ ریل نے کیا ہے۔ وزیرِ اعظم امدادی فنڈ سے بھی مہلوکین کے ورثاء کو دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپئے امداد دی جائیگی۔

***** ***** *****

ریاست میں جماعت دہم کے امتحان کے نتائج میں طلباء کی کامیابی کا تناسب 93  اعشاریہ آٹھ تین فیصد رہا۔ ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین شرد گوساوی نے کل ایک اخباری کانفرنس میں ان نتائج کا اعلان کیا۔ طلباء ان نتائج کی تفصیلات بورڈ کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔ ریاست میں بہترین نتیجہ کوکن ڈویژن کا 98  اعشاریہ ایک ایک فیصد رہا۔ اورنگ آباد ڈویژن میں 93  اعشاریہ دو تین فیصد، جبکہ لاتور ڈویژن میں 92  اعشاریہ چھ سات فیصد طلباء کامیاب ہوئے۔ کولہاپور ڈویژن 96 اعشاریہ سات تین فیصد‘ پونا 95 اعشاریہ چھ چار فیصد‘ ممبئی 93 اعشاریہ چھ چھ‘ امراوتی 93 اعشاریہ دو۔دو اور ناسک میں کامیاب ہونے والے طلباء کا تناسب 92 اعشاریہ دو۔ دو فیصد رہا۔

جماعت دہم کے امتحانات میں اس برس بھی روایت کے مطابق طالبات نے مرد طلباء کی بہ نسبت بہتر کارکردگی پیش کی۔ مجموعی طور پر 95  اعشاریہ آٹھ سات فیصد طالبات کامیاب ہوئیں، جبکہ مرد طالب علموں میں یہ تناسب 92  اعشاریہ صفر پانچ فیصد رہا۔ بورڈ کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق ریاست میں تقریباً 10 ہزار اسکولوں کا نتیجہ صد فیصد رہا۔

مراٹھواڑہ میں اورنگ آباد ضلع کا نتیجہ 93  اعشاریہ پانچ آٹھ، جالنہ 90  اعشاریہ چار چار‘ بیڑ 96 اعشاریہ دو چار‘ پربھنی 90 اعشاریہ چار پانچ‘ ہنگولی 88 اعشاریہ سات ایک‘ ناندیڑ 90 اعشاریہ 39‘ عثمان آباد 93 اعشاریہ پانچ اور لاتور ضلع کا نتیجہ 94 اعشاریہ آٹھ آٹھ فیصد رہا۔

وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کامیاب ہونے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جن طلباء کے حاصل کردہ نشانات کم ہیں وہ مایوس نہ ہوں اور نئے سرے سے تیاری کرکے دوبارہ امتحان دینے کے دستیاب مواقع استعمال کریں۔ اسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر نے بھی جماعت دہم کے کامیاب طلباء کو مبارکباد دی۔

***** ***** *****

دسویں جماعت میں کم نشانات حاصل کرنے والے طلباء منفی خیالات کے باعث نفسیاتی ہیجان میں مبتلاء ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ اس قسم کے طلباء کو مایوسی سے باہر نکالنے کیلئے تعلیمی بورڈ کی جانب سے آن لائن کونسلنگ خدمات شروع کی گئی ہیں۔ اس کے لیے 10 کونسلرز کو نامزد کیا گیا، جن کا فون نمبر بورڈ کی ویب سائٹ پر موجود ہے اور آئندہ ایک ہفتے تک صبح آٹھ تا رات آٹھ بجے تک یہ خدمات مفت دستیاب رہیں گی۔

***** ***** *****

وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے رائے گڑھ اتھاریٹی کے طرز پر پرتاپ گڑھ اتھاریٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ 350 ویں تاجپوشی میلے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شیواجی مہاراج کے خاندان سے تعلق رکھنے والے رکنِ پارلیمان اُدین راجے بھونسلے اس اتھاریٹی کے سربراہ ہوں گے۔ رائے گڑھ قلعے کے دامن میں شیو میوزیم کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپئے فنڈز دینے اور ممبئی کی ساحلی سڑک کو چھترپتی سنبھاجی مہاراج کا نام دینے کا اعلان بھی انھوں نے کیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ رکنِ پارلیمان اُدین راجے بھونسلے، وزیر برائے ثقافتی اُمور سدھیر منگنٹیوار اور ریاستی کابینہ کے بیشتر ارکان اس پروگرام میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا۔ انھوں نے یومِ تاجپوشی کی مبارکباد بھی دی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے مطالبہ کیا کہ شیواجی مہاراج کی یادگار دہلی میں بھی قائم کی جائے اور وہ اس کیلئے کوشش کریں گے۔

***** ***** *****

سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان نے کہا ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل مقامی سطح پر موجودہ صورتحال سے آگاہی ضروری ہے۔ کانگریس پارٹی کے دو روزہ جائزہ اجلاس کے پیشِ نظر کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مقامی سطح پر انتخابات میں معقول رابطے اہمیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے وضاحت کی کہ نشستوں کی تقسیم کے اثرات مہاوِکاس آگھاڑی کے وجود پر مرتب نہیں ہوں گے‘ نیز تبادلہئ خیال کے بعد مہا وِکاس آگھاڑی کے طئے کردہ اُمیدوار کو منتخب کرنے کی ہرایک کو کوشش کرنا ضروری ہے۔

دریں اثناء مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ فی الحال صورتحال مہاوِکاس آگھاڑی کیلئے بہتر ہے اور کانگریس ریاست کے تمام لوک سبھا حلقوں کا جائزہ اس دو روزہ اجلاس میں لے گی۔ کل اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہا وِکاس آگھاڑی کی تینوں رُکن جماعتیں متحدہ طور پر لوک سبھا الیکشن لڑیں گی اور عنقریب ریاست کے تمام اضلاع کا دورہ کیا جائیگا۔

***** ***** *****

پرسار بھارتی کی جانب سے آکاشوانی ممبئی مرکز کے علاقائی خبررساں شعبے کے تحت پربھنی‘ ناندیڑ، لاتور‘ بیڑ، ممبئی، رتناگیری اور سانگلی اضلاع کے کانٹریکٹ بنیاد پر جزوقتی نامہ نگاروں کے تقرر کیلئے درخواستیں مطلوب ہیں۔ 24 تا 45 سال عمر کے امیدوار اس آسامی کیلئے اپنی درخواست ارسال کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے تعلیمی قابلیت، درخواست فارم کا نمونہ اور دیگر معلومات ویب سائٹ پرسار بھارتی ڈاٹ جی او وی، ڈاٹ اِن، سلیش پی بی ویکینسیز پر دستیاب ہیں۔ درخواست گذار اپنی درخواستیں ایئر نیوز پینل ٹوئنٹی ٹوئنٹی @ جی میل ڈاٹ کام پر ای میل کرسکتے ہیں۔

***** ***** *****

اورنگ آباد کے کانگریس پارٹی کے رہنماء چندر بھان پارکھے کل اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے۔ وہ 75 برس کے تھے۔ پارکھے نے 2009 میں کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر اورنگ آباد مغرب سے اسمبلی الیکشن لڑا تھا۔ اُن کی آخری رسومات آج شام اورنگ آباد میں ادا کی جائیں گی۔

***** ***** *****

جعلی کرنسی نوٹ لے جانے والے تین افراد کو ایوت محل پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ ان ملزمان سے 500 روپئے کے 964 نوٹ ضبط کیے گئے۔ پولس کو موصول خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مارواڑی پھاٹے پر گاڑیوں کی جانچ کے دوران ایک شخص وشال پوار کو حراست میں لیا گیا۔ اس ملزم سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر بیڑ سے ونود راٹھوڑ اور بالو کامبڑے نامی افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔

***** ***** *****

اورنگ آباد ضلع کے والوج سے غیر قانونی طور پر جنسی تشخیص کرتے ہوئے ایک ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کا نام ڈاکٹر سنیل راجپوت بتایا جاتا ہے۔ والوج پولس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک بی ایچ ایم ایس ڈاکٹر اسقاطِ حمل کیلئے گھروں تک پہنچ کر خدمات پیش کررہا ہے۔ اس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر راجپوت اور نرس پوجا بھالے راؤ کو گرفتار کیا گیا۔

***** ***** *****

تھائی لینڈ اوپن بیڈ منٹن ٹورنامنٹ میں بھارت کے لکشیہ سین نے مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیاہے۔ انھوں نے کوارٹر فائنل میں ملیشیاء کے جون ہاؤ لیانگ کو 21-11, 21-19 سے شکست دے دی۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ اُڑیسہ میں تین ٹرینوں کے حادثے میں 207 مسافر ہلاک؛ سینکڑوں زخمی۔

٭ ریاست میں جماعت دہم کے 93  اعشاریہ آٹھ تین فیصد طلباء کامیاب؛ اورنگ آباد ڈویژن کا نتیجہ 93  اعشاریہ دو تین فیصد۔

٭ 350 ویں تاجپوشی میلے میں پرتاپ گڑھ اتھاریٹی کے قیام کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ لوک سبھا انتخابات سے قبل مقامی سطح پر صورتحال کا جائزہ لینا ضروری: سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان کا عندیہ۔

٭ 500 روپئے کے جعلی کرنسی نوٹ لے جانے والے تین افراد ایوت محل پولس کی حراست میں۔

٭ اورنگ آباد میں جنسی تشخیص کرنے والا ڈاکٹر گرفتار۔

اور۔۔ ٭ تھائی لینڈ اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ میں لکشیہ سین سیمی فائنل میں داخل۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment