Monday, 5 June 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 جون 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 05 June-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں 

تاریخ:   ۵/ جون  ۳۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں مہاریل کے تعمیر کردہ 9 ریلوے فلائی اوور کا افتتاح اور 11 فلائی اوورز و سب ویز کا سنگ ِ بنیاد۔

٭ معروف اداکارہ سلوچنا چل بسیں؛ آج ممبئی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات۔

٭ تھانے ضلع کے بھیونڈی میں ملک کے پہلے کاربن نیوٹرل قبائیلی گاؤں کا قیام۔

٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست بھرمیں آندھی کے ساتھ زوردار بارش؛ 12  افراد کی موت۔

٭ عثمان آباد ضلع میں نئے چار اسپتالوں کیلئے 145 کروڑ روپئے منظور۔

اور۔۔ ٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویشن نصاب کیلئے آج سے داخلہ جات کے عمل کا آغاز۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

مرکزی وزیر برائے زمینی حمل و نقل و شاہراہ نتن گڈکری اور وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں مہاریل کی جانب سے مہاراشٹر میں تعمیر کردہ 9 ریلوے فلائی اوورز کا افتتاح اور 700 کروڑ روپئے صرفے سے تعمیر ہونے والے مجوزہ 11 فلائی اوورز اور سب ویز کا سنگ ِ بنیاد کل رکھا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ مہاراشٹر کو ریلوے پھاٹک سے پاک کرنے کی خصوصی مہم شروع کی گئی ہے اور نہایت تیز رفتاری سے یہ کام مکمل کیا جائیگا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ ہر سال 16 ہزار کروڑ روپئے کی لاگت سے 11 پُل مکمل کیے جائیں گے۔ کل جن منصوبوں کا افتتاح اور سنگ ِ بنیاد عمل میں آیا اُن میں مراٹھواڑہ کے ہنگولی- ناندیڑ شاہراہ پر ٹو ٹریک فلائی اوور‘ عثمان آباد ضلع میں ڈھوکی تا عثمان آباد راستے پر دوہرا فلائی اوور‘ نیز لاتور میں کورڈو واڑی تا لاتور ریلوے اسٹیشن کے درمیان واقع فلائی اوور شامل ہے۔

***** ***** *****

معروف اداکارہ سلوچنا لاٹکر کل ممبئی میں انتقال کرگئیں۔ وہ 94 برس کی تھیں۔ کولہاپور ضلع کے کھڑک لاٹ میں پیدا ہونے والی رنگو عرف سلوچنا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز عمر کے 14 ویں برس میں پرفل پکچرز کی مراٹھی فیچر فلم ”چِمُکلا سنسار“ سے کیا۔ کولہاپور کے پربھاکر اسٹوڈیو کے مالک بھالجی پینڈھارکر نے ان کا فلمی نام سلوچنا رکھا۔ سلوچنا نے دیڑھ سو سے زائد ہندی اور ڈھائی سو سے زائد مراٹھی فلموں میں مختلف کردار ادا کیے۔ مقبول ہندی فلموں ’سرسوتی چندر‘ بندنی‘ کٹی پتنگ‘ کورا کاغذ‘ مقدر کا سکندر’آشا‘ اور خون بھری مانگ میں بھی انھوں نے اہم کردار ادا کیے۔ کیریئر کے ابتداء میں بطور ہیروئن کام کرنے کے بعد سلوچنا کے کیریئر ایکٹر کے طور پر نبھائے گئے کردار آج بھی شائقین کے ذہنوں میں محفوظ ہیں۔ اُن کی آخری رسومات آج شام ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ اُن کی آخری رسومات ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ قائد ِ حزبِ اختلاف اجیت پوار‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ وزیر برائے ثقافتی اُمور سدھیر منگنٹیوار سمیت متعدد اہم شخصیات نے سلوچنا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

***** ***** *****

ملک کا پہلا کاربن نیوٹرل قبائیلی گاؤں تھانہ ضلع کے بھیونڈی میں قائم کیا جائیگا۔ مرکزی وزیرِ مملکت کپل پاٹل نے کل بھیونڈی میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ مرکزی حکومت نے گذشتہ 9 برسوں میں کیے گئے کاموں کا جائزہ بھی انھوں نے اس پریس کانفرنس میں پیش کیا۔ انھوں نے بتایا کہ بھیونڈی انتخابی حلقے میں ایک لاکھ 75 ہزار کسان‘ پردھان منتری سنمان یوجنا سے مستفید ہوچکے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بھیونڈی کے 121 دیہاتوں کو مثالی گاؤں بنایا جائیگا۔

***** ***** *****

مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے ملک کی تاریخی اعلیٰ ثقافت کو زندہ کیا ہے اور حکومت کو ملک کی روشن روایات پر فخر ہے۔ وہ کل اُلہاس نگر میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی کوششوں سے ہی کرتارپور راہداری اور ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر جیسے دیگر کئی پروجیکٹس ممکن ہوسکے۔

***** ***** *****

مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے متعدد علاقوں میں کل تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ اس بارش سے متعلق واقعات میں ریاست میں 12  افراد کی موت واقع ہوگئی اور مکانات‘ دُکانوں اور ہفت روزہ بازاروں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ اورنگ آباد شہر سمیت ضلع کے مختلف مقامات پر درخت اُکھڑ گئے‘ مکانوں کی چھتیں اُڑ گئیں اور کئی مکانوں کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔ گنگاپور تعلقے کے ترک آباد کھراڑی میں کھیت میں کام کررہے ایک شخص کرشنا میٹے کی بجلی گرنے سے موت واقع ہوئی‘ جبکہ ایک اور شخص کے جھلسنے کی خبر ہے۔ بارش کے باعث ویجاپور زرعی مارکیٹ کمیٹی میں فروخت کرنے کیلئے لائی گئی پیاز کو نقصان پہنچا۔ پاچوڑ اور دولت آباد کے ہفت روزہ بازاروں اور دکاندار گاہکوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ آندھی اور دھول کے باعث سڑک پر گاڑی چلانا دشوار ہوگیا تھا۔ 

جالنہ شہر سمیت ضلع بھر میں بھی آندھی کے باعث کئی مکانوں کی چھتیں اور دُکانوں کے سائن بورڈ اُڑ گئے۔ کئی ایک مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے گر پڑے۔

ہنگولی ضلع میں بھی کل کئی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ اونڈھا ناگناتھ‘ سیرٹ شاہ پور، بسمت‘ کلمنوری، آکھاڑا باڑا پور، کن ہیر گاؤں سمیت کئی مقامات پر بارش ہوئی۔ جبکہ جوڑا بازار میں ژالہ باری کی خبریں ہیں۔ بیڑ ضلع کے امبہ جوگائی تعلقے میں گھاٹ ناندور میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ اس کے علاوہ چند مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ واشم ضلع کے رِسوڑ تعلقے میں بھی بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی‘ جبکہ مالیگاؤں تعلقے میں آم کے درخت سے آم اُتارنے والا ایک شخص بجلی گرنے سے ہلاک ہوا۔ امان واڑی میں بجلی گرنے سے تین شخص جھلس گئے۔

بلڈانہ کے کھام گاؤں تعلقے میں درخت گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ ضلع کی قومی شاہراہ پر ملکا پور اور ناندورہ راستے پر غیر موسمی بارش اور درخت گرنے سے کچھ وقت کیلئے ٹریفک متاثر ہوا۔ نندوربار ضلع میں گرد و غبار کے باعث مخالف سمت سے آنے والی گاڑی نظر نہ آنے سے ایک بس اور ٹرک کے مابین پیش آئے حادثے میں ٹرک ڈرائیور جائے حادثے پر ہی ہلاک اور بس میں سوار آٹھ مسافر زخمی ہوگئے۔ تڑودہ تعلقے میں برگد کا درخت ایک چلتی کار پر گرپڑا، جس کے باعث ایک شخص ہلاک اور دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اسی تعلقے میں تیز بارش کے باعث 35 تا 40 بکریاں بھی ہلاک ہوگئیں۔

جلگاؤں ضلع میں بارش کے باعث پیش آئے مختلف واقعات میں تین افراد کی موت واقع ہوئی۔ احمد نگر ضلع کے اکولے میں اور شولاپور ضلع کے کرماڑا تعلقے میں بجلی گرنے سے ایک ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ ان بارشوں کے باعث آم، کیلے اور ناریل کے باغوں کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ پال گھر‘ نندوربار اور ناسک سمیت کئی اضلاع میں زوردار بارش کی خبر ہمارے نامہ نگاروں نے دی ہے۔

***** ***** *****

چندر پور ضلع میں کل پیش آئے ایک سڑک حادثے میں 6  افراد ہلاک ہوگئے۔ کل دوپہر ناگپور سے ناگ بھیڑ جانے والی ایک موٹر گاڑی کے بس سے ٹکرا جانے کے باعث یہ حادثہ ہوا۔ جس میں چار افراد جائے حادثے پر ہی ہلاک ہوئے، جبکہ دیگر دو زخمی دورانِ علاج چل بسے۔

***** ***** *****

عثمان آباد ضلع میں پرانڈا‘ بھوم اور واشی تعلقے میں نئے چار اسپتالوں کیلئے 145 کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔ وزیرِ صحت اور ضلع کے رابطہ وزیر ڈاکٹر تاناجی ساونت نے یہ اطلاع دی۔ انتظامیہ آپ کے دروازے پر مہم کے تحت ہونے والے کاموں کا جائزہ لینے کیلئے کل پرانڈا میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مجوزہ مختلف کاموں کا افتتاح دِیا جلاکر وزیرِ موصوف نے کیا۔

***** ***** *****

ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویشن نصاب میں داخلوں کے عمل کا آج سے آن لائن طرز پر آغاز ہورہا ہے۔ تمام کورسیز کیلئے 15 جون تک رجسٹریشن کیا جاسکتا ہے۔ 20 جون کو خواہش مند طلباء کی فہرست اور 28 جون کو حتمی میرٹ لسٹ جاری کی جائیگی۔ چار اور چھ جولائی کو ان کورسیزمیں داخلہ دیا جائیگا۔ وائس چانسلر پرمود ییولے نے بتایا کہ تعلیمی سال میں تدریس‘ امتحانات اور نتائج کا عمل بروقت کرنے کیلئے انتظامیہ کوششوں میں مصروف ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں مہاریل کے تعمیر کردہ 9 ریلوے فلائی اوور کا افتتاح اور 11 فلائی اوورز و سب ویز کا سنگ ِ بنیاد۔

٭ معروف اداکارہ سلوچنا چل بسیں؛ آج ممبئی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات۔

٭ تھانے ضلع کے بھیونڈی میں ملک کے پہلے کاربن نیوٹرل قبائیلی گاؤں کا قیام۔

٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست بھرمیں آندھی کے ساتھ زوردار بارش؛ 12  افراد کی موت۔

٭ عثمان آباد ضلع میں نئے چار اسپتالوں کیلئے 145 کروڑ روپئے منظور۔

اور۔۔ ٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویشن نصاب کیلئے آج سے داخلہ جات کے عمل کا آغاز۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment