Sunday, 2 July 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 جولائی 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 02 July-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں 

تاریخ:   ۲/ جولائی  ۳۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ سمردّھی ایکسپریس وے پر سفر کو محفوظ بنانے کیلئے ماہرین کے تجزیاتی مطالعے کے ذریعے اقدامات کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ سندھ کھیڑ راجہ بس حادثے کے مہلوکین کے لواحقین کو وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے پانچ اور وزیرِ اعظم کی جانب سے دو لاکھ روپئے کی امداد۔

٭ نرادھار یوجنا سے مستفید ہونے والے بزرگ افراد کو آمدن صداقت نامہ اب پانچ برس میں ایک بار جمع کروانا ہوگا۔

٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا 20 جولائی سے آغاز۔

٭ سابق وزیرِ اعلیٰ وسنت راؤ نائیک کی سالگرہ یومِ زراعت کے طور پر منائی گئی۔

اور۔۔ ٭ سیف فٹ بال ٹورنامنٹ میں لبنان کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دیکر بھارت فائنل میں داخل۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ سمردّھی ایکسپریس وے پر سفر کو محفوظ بنانے کی غرض سے ماہرین کے ذریعے تجزیاتی مطالعہ کروایا جائیگا اور ان کی سفارشوں کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔ اس ایکسپریس وے پر جمعے کی رات‘ سندھ کھیڑ راجہ سے قریب خانگی مسافر بردار بس ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد شعلہ پوش ہوگئی، جس کے باعث 26  افراد ہلاک اور 8  افراد شدید زخمی ہوگئے۔ وزیرِ اعلیٰ ا یکناتھ شندے نے کل نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہمراہ جائے حادثہ کا دورہ کیا اور اسپتال جاکر حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ سمردّھی ایکسپریس وے پر تیز رفتاری اور ڈرائیور پر نیند کے غلبے جیسے انسانی اسباب کے نتیجے میں حادثات ہورہے ہیں۔ ان حادثات سے بچنے کیلئے جو بھی قدم اُٹھانا ضروری ہے وہ حکومت کی جانب سے نہایت سنجیدگی سے اور ترجیحی بنیادوں پر اُٹھائے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اس ایکسپریس وے پر ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے مشنری فعال ہے اور ایکسپریس وے پر داخلے سے قبل گاڑیوں کی جانچ بھی کی جارہی ہے۔

اس حادثے پر صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو‘ نائب صدر جگدیپ دھنکڑ‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ وزیرِ داخلہ امیت شاہ اور سڑک و شاہراہ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو دو لاکھ روپئے اور وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ سے پانچ لاکھ روپئے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ گورنر رمیش بئیس‘ قانون ساز اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اجیت پوار نے بھی حادثے پر صدمے کا اظہار کیا۔ 

اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں اور حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ بس ڈرائیور اور کنڈکٹر کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے اور ڈرائیور کیخلاف قتل ِ عمد کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ حادثے میں زندہ بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ بس کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد اُلٹتے ہی ڈرائیور اور کنڈکٹر بس کی کانچ توڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

***** ***** *****

دریں اثناء راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ حادثے کے باعث سمردّھی ایکسپریس وے پر حدِرفتار کا معاملہ ایک بار پھر کھڑا ہو گیا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں حکومت سنجیدگی سے غور کرکے اقدامات کرے۔ کل پونا میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایکسپریس وے پر ہونے والے حادثات سے بچنے کیلئے انھوں نے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دیکر‘ سڑک کا ازسرِ نو معائنہ کرنے اور حادثات کے اسباب کا پتہ لگانے کی تجویز دی۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ شندے- پھڑنویس حکومت پر مجرمانہ قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ اس شاہراہ پر حفاظتی نکتہئ نظر سے اقدامات کرکے نقائص دور کرنا ضروری ہے۔

***** ***** *****

پونا میں تیز دھار والے اسلحہ سے حملے کے واقعے میں متاثرہ دوشیزہ کی جان بچانے والے تین نوجوانوں کو وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے 15 لاکھ روپئے انعام سے نوازا گیا۔ متاثرہ لڑکی کو بھی پانچ لاکھ روپئے اور مدد کرنے والے اس کے دوست کو 25 ہزار روپئے دئیے گئے۔ اس کے علاوہ دوشیزہ کے آپریشن کے تمام اخراجات شیوسینا کی جانب سے برداشت کیے جانے کا بھی اعلان کیا گیا۔

***** ***** *****

اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے کی شیوسینا کی جانب سے کل ممبئی میونسپل کارپوریشن پر ایک جلوس نکالا گیا۔ سابق وزیر آدتیہ ٹھاکرے کی قیادت میں نکالے گئے اس جلوس میں ممبئی میونسپل کارپوریشن میں مبینہ بدعنوانیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا اور ان ہی خطوط پر تھانہ، ناسک اور پونا میونسپل کارپوریشن میں بھی خصوصی تحقیقاتی ٹیم ایس آئی ٹی کے ذریعے جانچ کا بھی آدتیہ ٹھاکرے نے مطالبہ کیا۔

اسی دوران اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے شیوسینا کی یوا سینا کے عہدیدار راہل کنال نے کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں شندے گروپ میں شمولیت اختیار کرلی۔ ان کے ساتھ متعدد کارکنوں نے بھی ٹھاکرے گروپ سے شندے گروپ میں شمولیت اختیار کی۔

دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ کووِڈ سینٹر کے نام پر کی گئی بدعنوانیوں کی ای ڈی کے ذریعے تحقیقات شروع ہوچکی ہے اور اس سے توجہ ہٹانے اور عوام کو گمراہ کرنے کیلئے مورچہ نکالنے کا الزام انھوں نے لگایا۔

***** ***** *****

سنجے گاندھی نرادھار یوجنا اور شراون بال سیوا وظیفہ اسکیم کے تحت مستفید ہونے والے 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو اب پانچ برس میں ایک بار ہی آمدن کا صداقت نامہ یعنی انکم سرٹیفکیٹ داخل کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں سرکاری فیصلہ کل جاری کیا گیا۔ ہر سال اپریل تا جون کے دوران انکم سرٹیفکیٹ جمع کروانا ہوتا تھا۔ تاہم بزرگ افراد کو ہونے والی مشکلات کے پیشِ نظر اب یہ فیصلہ کیا گیا۔

***** ***** *****

ماہ جون میں ملک بھر میں اشیاء و خدمات ٹیکس جی ایس ٹی کی مد میں ایک لاکھ 61 ہزار 497 کروڑ روپئے جمع کیے گئے۔ مہاراشٹر میں اس مہینے میں 26 ہزار 98 کروڑ روپئے جی ایس ٹی جمع ہوا۔ یہ آمدنی گذشتہ برس جون کی بہ نسبت 17 فیصد زیادہ ہے۔ اسی دوران جی ایس ٹی کے نفاذ کا چھٹا یومِ تاسیس کل گورنر رمیش بئیس کی موجودگی میں منایا گیا۔ اس موقع پر گورنر نے بتایا کہ اس ماہ گذشتہ برس کی بہ نسبت 12 فیصد زائد جی ایس ٹی جمع کیا گیا اور ایک کروڑ 50 لاکھ کاروباری افراد نے جی ایس ٹی رجسٹریشن کروایا۔ 

***** ***** *****

پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا 20 جولائی سے آغاز ہونے جارہا ہے۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر پرلہاد جوشی نے کل صحیفہ نگاروں کو بتایا کہ یہ اجلاس 11  اگست تک جاری رہے گا۔ 23 دن تک چلنے والے اس مانسون اجلاس میں مجموعی طور پر 17 سیشن ہوں گے۔ انھوں نے دورانِ اجلاس تعاون کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی۔ نئی پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔

***** ***** *****

ریاستی آفاتِ سماوی ردّعمل فنڈ کے تحت مہاراشٹر سمیت 19 ریاستی حکومتوں کو چھ ہزار 194 کروڑ 40 لاکھ روپئے کی امداد کی منظوری مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے دی ہے۔ اس رقم کی تقسیم سے ریاستوں کو رواں موسمِ برسات میں آفات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔

***** ***** *****

ریاست کے زرعی انقلاب کے اہم ستون سابق وزیرِ اعلیٰ آنجہانی وسنت راؤ نائیک کی سالگرہ کل زرعی دِن کے طور پر منائی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں آنجہانی وسنت راؤ نائیک کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کسانوں کو زرعی دِن کی مبارکباد پیش کی۔ قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے نے ودھان بھون کے احاطے میں وسنت راؤ نائیک کے مجسّمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔

***** ***** *****

سیف فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کل لبنان کو شکست دیکر بھارت نے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ کل کے میچ میں بھارت نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں دو کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل کی۔ اب فائنل میں بھارت کا مقابلہ کویت سے ہوگا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ سمردّھی ایکسپریس وے پر سفر کو محفوظ بنانے کیلئے ماہرین کے تجزیاتی مطالعے کے ذریعے اقدامات کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ سندھ کھیڑ راجہ بس حادثے کے مہلوکین کے لواحقین کو وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے پانچ اور وزیرِ اعظم کی جانب سے دو لاکھ روپئے کی امداد۔

٭ نرادھار یوجنا سے مستفید ہونے والے بزرگ افراد کو آمدن صداقت نامہ اب پانچ برس میں ایک بار جمع کروانا ہوگا۔

٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا 20 جولائی سے آغاز۔

٭ سابق وزیرِ اعلیٰ وسنت راؤ نائیک کی سالگرہ یومِ زراعت کے طور پر منائی گئی۔

اور۔۔ ٭ سیف فٹ بال ٹورنامنٹ میں لبنان کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دیکر بھارت فائنل میں داخل۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment