Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 July-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/ جولائی ۳۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ صدارت مرکزی مجلسِ وزراء کا مکمل اجلاس۔
٭ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو آج سے مہاراشٹر کے دو روزہ دورے پر۔
٭ شرد پوار ہی راشٹروادی کانگریس کے سربراہ ہیں؛ اجیت پوار کا دعویٰ‘ ریاستی صدر کے عہدے پر سنیل تٹکرے کی نامزدگی۔
٭ پارٹی مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے کو پارٹی سے نکال باہر کرنے کا شرد پوار کا اعلان؛ وزیر کی حیثیت سے حلف لینے والے 9 افراد کیخلاف نااہلی کی درخواست۔
٭ NIA کے پونا اور ممبئی میں چھاپے؛ دہشت پسند تنظیم کی معاونت کرنے والے چار افراد گرفتار۔
اور۔۔ ٭ ریاست میں راج ماتا جیجاؤ خود حفاظتی تربیتی پروگرام کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ویژن 2047 سے متعلق کل نئی دہلی میں مرکزی مجلسِ وزراء کا مکمل اجلاس طلب کیا۔ اپنے ٹویٹ پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس اجلاس میں مختلف سیاسی پالیسیوں سے متعلق مسائل پر اظہارِخیال کیا گیا اور یہ اجلاس نہایت مفید ثابت ہوگا۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی وزیر میناکشی لیکھی نے بتایا کہ 2047 کو ہدف مقرر کرکے ترقیاتی کاموں‘ قومی انفراسٹرکچر اور قومی ترقیاتی پالیسی پر عمل کے طریقہئ کار جیسے موضوعات پر اس کابینی اجلاس میں زور دیا گیا۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو آج سے مہاراشٹر کے دو روزہ دورے کا آغاز کررہی ہیں۔ آج شام وہ ناگپور طیران گاہ پہنچیں گی۔ کل گڈچرولی میں گونڈوانا یونیورسٹی کے دسویں جلسہئ تقسیمِ اسناد سے خطاب کریں گی‘ کل ہی ناگپور کے کوراڑی میں واقع بھارتیہ ودّیا بھون کے ثقافتی مرکز کا افتتاح بھی صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں عمل میں آئیگا۔ پرسوں چھ تاریخ کو وہ ناگپور میں غیر محفوظ قبائلی گروپ کے ارکان سے بات چیت کریں گی اور ممبئی میں حکومت کی جانب سے دئیے جارہے استقبالیے میں بھی شرکت کریں گی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے دعویٰ کیا ہے کہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ بدستور شرد پوار ہی ہیں اور پارٹی اور پارٹی کا انتخابی نشان اُن کے ہی پاس ہے۔ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی بھلائی کیلئے انھوں نے حکومت میں شمولیت اختیار کی ہے۔ قائد ِ حزبِ اختلاف کے عہدے کیلئے جتندر آہواڑ کا نام بھیجے جانے پر انھوں نے سخت تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ ایک ہی شخص قائد ِ حزبِ اختلاف اور پارٹی چیف وہپ نہیں ہوسکتا۔ اپوزیشن میں موجود پارٹیوں میں سے سب سے زیادہ ارکان والی پارٹی کے رہنما کو قائد ِ حزبِ اختلاف نامزد کیا جاتا ہے اور یہ اختیار صرف اسمبلی اسپیکر کے پاس ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ جتندر آہواڑ اور جینت پاٹل کو نااہل قرار دینے کی درخواست اسمبلی اسپیکر کو ارسال کی جاچکی ہے۔ اجیت پوار نے اپنے اُس دعوے کا اعادہ کیا کہ ارکانِ اسمبلی کی اکثریت اُن کے ساتھ ہے۔
پارٹی کے کارگذار صدر پرفل پٹیل نے بتایا کہ راشٹروادی کانگریس پارٹی نے حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے‘ اس لیے پارٹی میں تنظیمی ردّو بدل کیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ این سی پی کے ریاستی صدر کے عہدے کی ذمہ داریاں جینت پاٹل سے واپس لے لی گئی ہیں اور ان کی جگہ سنیل تٹکرے کو ریاستی صدر نامزد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اندرونِ پارٹی نامزدگیوں کے مکمل اختیارات سنیل تٹکرے کو دئیے گئے ہیں۔ پرفل پٹیل نے مزید بتایا کہ این سی پی کی جانب سے کچھ ارکان کی رُکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ اسمبلی اور پارلیمنٹ اسپیکر سے کیے جانے کی بات زیرِ گردش ہے‘تاہم اس طرح کا کوئی بھی فیصلہ پارٹی نہیں کرسکتی۔ پٹیل نے واضح طور پر کہا کہ اندرونِ پارٹی کوئی اختلافات وہ نہیں چاہتے بلکہ شرد پوار کو چاہیے کہ ارکان کی اکثریت کے جذبات کی قدر کریں۔ نونامزد ریاستی صدر کی حیثیت سے پارٹی کے دیگر عہدوں پر کی گئی نامزدگی کا اعلان سنیل تٹکرے نے اس موقع پر کیا۔ مہاراشٹر پردیش مہیلا آگھاڑی کی صدارت پر روپالی چاکنکر کو اور راشٹروادی یووک کانگریس کے صدر کی حیثیت سے سورج چوہان کی نامزدگی کا انھوں نے اعلان کیا اور کہا کہ نونامزد ارکان کے ناموں سے اسمبلی اسپیکر کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے کو پارٹی سے خارج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کی کارگذار صدر سپریا سُڑے کی جانب سے کی گئی سفارش کے بعد یہ فیصلہ کرنے کا عندیہ انھوں نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے دیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار سمیت این سی پی کے نو ارکانِ اسمبلی کے خلاف شرد پوار کی زیرِ قیادت این سی پی نے نااہلی کی درخواست داخل کی ہے۔ کل ساتارا ضلع کے کراڑ میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی کو توڑنے کی سازش کرنے والوں کا اپنے ہی کچھ لوگ شکار ہوگئے ہیں۔
***** ***** *****
این سی پی کے نو وزراء کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کرنے کے سبب پارٹی کے تین رہنماؤں کو پارٹی کے سیکریٹری عہدے سے اور رُکنیت سے ہٹادیا گیا ہے۔ ان میں نریندر رانے‘ شیواجی راؤ گرجے اور وجئے دیشمکھ شامل ہیں۔ انھیں پارٹی کا نام اور انتخابی نشان استعمال نہ کرنے کے احکامات دئیے گئے۔
این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کہا ہے کہ نو ارکانِ اسمبلی کو چھوڑ کر بقیہ ارکانِ اسمبلی کیلئے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔ ان کیلئے ہم کچھ دیر انتظار کریں گے لیکن ایک مخصوص وقفہ گذر جانے کے بعد ان کے خلاف کارروائی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ کل ممبئی میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے جینت پاٹل نے کہا کہ اجیت پوار کے ساتھ جانے والے ارکانِ اسمبلی ہم سے رابطے میں ہیں اور بتاتے ہیں کہ انھیں پھنسا کر ساتھ لے جایا گیا ہے۔ اسمبلی اسپیکر کو نو ارکان کی نااہلی سے متعلق مکتوب ارسال کیا جاچکا ہے۔ نیز انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ قائد ِ حزبِ اختلاف کے عہدے کیلئے اسمبلی اسپیکر عددی اکثریت کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔
دریں اثناء این سی پی سربراہ شرد پوار نے کل ممبئی میں پارٹی رہنماؤں کا ایک اجلاس طلب کیا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے بھی کل ہی اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ جمہوری اقدار کا تحفظ ضروری ہے۔ ساتارا ضلع کے کراڑ میں کل سابق وزیرِ اعلیٰ آنجہانی یشونت راؤ چوہان کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد اپنے خطاب میں پوار نے کہا کہ اُن کے چند رُفقاء فرقہ وارانہ اندازِ فکر کے طبقے کا شکر ہوگئے ہیں۔ تاہم عوام اس کا شکار نہیں ہوں گے‘ بلکہ ریاست کی عوام ایک بار پھر اُن ہی لوگوں کے ہاتھ میں اقتدار سونپ دے گی جو عوامی خدمت کرنے والے ہیں۔
بعد ازاں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ وہ ایسا نہیں سمجھتے کہ پارٹی میں پھوٹ پڑگئی‘ بلکہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ اُن کے کچھ رُفقاء انھیں چھوڑ کر چلے گئے۔ شرد پوار نے وضاحت کی کہ اجیت پوار پوری پارٹی نہیں ہے، اس کے علاوہ پارٹی انحراف میری اجازت سے ہوا ہے یہ کہہ کر کچھ لوگ ابہام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
***** ***** *****
قومی تحقیقاتی ادارے NIA نے کل محکمہئ خفیہ کے تعاون سے چھاپہ ماری کرکے دہشت پسند تنظیم کی معاونت کرنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ محکمہئ خفیہ کو خبر ملی تھی کہ یہ ملزمان آئی ایس آئی ایس کی کارروائیوں کی معاونت میں ملوث ہیں۔ کل صبح ممبئی‘ تھانہ اور پونا میں چھاپے مار کر انھیں گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے الیکٹرانک اشیاء اور کچھ کاغذات بھی ضبط کیے گئے۔
***** ***** *****
راج ماتا جیجاؤ خواتین خود حفاظتی تربیتی پروگرام کل سے ریاست میں شروع کیا گیا۔ ممبئی میں بہبودِ اطفال و خواتین کے وزیرِ منگل پربھات لوڈھا کی موجودگی میں اس پروگرام کا علامتی افتتاح کیا گیا۔ لڑکیوں کو کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے اور حفظِ ماتقدم کی تربیت اس پروگرام میں دی جائیگی۔ پروگرام کیلئے مرکزی وزیر برائے بہبودِ اطفال و خواتین سمرتی ایرانی، وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اجیت پوار نے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
***** ***** *****
سمردّھی ایکسپریس وے پر اورنگ آباد ضلع میں ایک کار کو پیش آئے حادثے میں ایک شخص ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ جالنہ کی سمت جانے والی اس کار پر سے ڈرائیور کا قابو ختم ہوجانے سے کار سڑک سے نیچے گرپڑی۔ کرماڑ سے قریب یہ حادثہ ہوا۔ زخمیوں کو اورنگ آباد کے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ صدارت مرکزی مجلسِ وزراء کا مکمل اجلاس۔
٭ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو آج سے مہاراشٹر کے دو روزہ دورے پر۔
٭ شرد پوار ہی راشٹروادی کانگریس کے سربراہ ہیں؛ اجیت پوار کا دعویٰ‘ ریاستی صدر کے عہدے پر سنیل تٹکرے کی نامزدگی۔
٭ پارٹی مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے کو پارٹی سے نکال باہر کرنے کا شرد پوار کا اعلان؛ وزیر کی حیثیت سے حلف لینے والے 9 افراد کیخلاف نااہلی کی درخواست۔
٭ NIA کے پونا اور ممبئی میں چھاپے؛ دہشت پسند تنظیم کی معاونت کرنے والے چار افراد گرفتار۔
اور۔۔ ٭ ریاست میں راج ماتا جیجاؤ خود حفاظتی تربیتی پروگرام کا آغاز۔
***** ***** *****
आकाशवाणी औरंगाबादची बातमीपत्र AIR CHHATRAPATI SAMBHAJINAGAR NEWS
▼
No comments:
Post a Comment