Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 October-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/اکتوبر ۳۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بابائے قوم مہاتماگاندھی اور سابق وزیرِ اعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کو ملک بھر میں خراجِ عقیدت۔
٭ فصل بیمے کی 25 فیصد پیشگی رقم دیوالی سے قبل کسانوں کے کھاتوں میں جمع کرنے کیلئے ریاستی حکومت کوشاں: وزیرِ زراعت دھننجے منڈے کا عندیہ۔
٭ ناندیڑ سرکاری اسپتال میں اموات کے معاملے کی تحقیقات کیلئے طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف آج ناندیڑ دورے پر۔
اور۔۔ ٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کو مزید تین نقرئی اور چار کانسے کے تمغے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیرِ اعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کے یومِ پیدائش پر کل ملک بھر میں انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ گورنر رمیش بئیس نے راج بھون میں مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کی شبیہ پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس موقع پر تمام ملازمین و افسران نے صفائی کا حلف لیا اور راج بھون کے احاطے میں صفائی کی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اُن کی سرکاری رہائش گاہ ”ورشا“ پر مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کی تصاویر پر پھول چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے بھی گاندھی جی اور شاستری جی کی شبیہ پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے وردھا میں گاندھی جی کی رہائش ”سیواگرام آشرم“ کا دورہ کیا اور دُعائیہ کلمات کہے۔ روزگار اور اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیرمنگل پربھات لوڈھا نے منترالیہ میں گاندھی جی اور شاستری جی کی تصاویر پر پھول چڑھاکر ان قومی قائدین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مرکزی وزیر نارائن رانے کے ہاتھوں کل ممبئی میں کھادی گرام اُدّیوگ شعبے کے تحت کھادی فیسٹیول کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں نارائن رانے نے کہا کہ گاندھی جی کے افکار پر عمل درآمد کا کام کھادی گرام اُدّیوگ محکمہ کررہا ہے۔
مراٹھواڑہ بھر میں بھی مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ چھترپتی سنبھاجی نگر میں شاہ گنج علاقے میں گاندھی پتلے پر گلپوشی کیلئے کل صبح سے ہی مختلف جماعتوں‘ تنظیموں اور کارکنوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ مرکزی مواصلاتی بیورو کی جانب سے کل شہر کے پروزون مال میں مہاتما گاندھی کے سفرِ زندگی پر مبنی تصاویر کی نمائش لگائی گئی۔ مرکزی وزیرِ مملکت برائے مالیات ڈاکٹر بھاگوت کراڑ کے ہاتھوں اس تصویری نمائش کا افتتاح عمل میں آیا۔ یہ نمائش دو روز تک جاری رہیگی۔
جالنہ میں بلدی صفائی شعبے میں بہترین کارکردگی انجام دینے والے 22 مرد و خواتین صفائی ملازمین کا کل گاندھی جینتی کی مناسبت سے استقبال کیا گیا۔ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گاندھی جینتی کے حوالے سے صفائی ریلی نکالی گئی۔ میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے اس موقع پر صفائی کا حلف دلایا۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دھننجے منڈے نے کہا ہے کہ فصل بیمے کی 25 فیصد پیشگی رقم دیوالی سے قبل کسانوں کے کھاتوں میں جمع کرنے کیلئے ریاستی حکومت کوشش کررہی ہے۔ ناگپور ضلع میں 23 ستمبر کو بادل پھٹنے جیسی طوفانی بارش کے باعث فصلوں کو ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد وہ کل خطاب کررہے تھے۔ مختلف دیہاتوں کے معائنے کے دوران انھوں نے کئی جگہوں اپنی گاڑیوں کا قافلہ روک کر اُن سے ملنے آئے کسانوں سے بات چیت کی اور اُن کے مطالباتی محضر قبول کیے۔
***** ***** *****
بہار کی ریاستی حکومت کی جانب سے ذات کی بنیاد پر کیے گئے سروے کی رپورٹ کل جاری کردی گئی۔ بہار کے خطوط پر مہاراشٹر میں بھی ذات کی بنیاد پر مردُم شماری کا مطالبہ اسمبلی میں قائد ِ حزبِ اختلاف وجئے وڑیٹیوار نے کیا ہے۔ انھوں نے ریاست کے برسرِ اقتدار محاذ سے مطالبہ کیا کہ اس مردُم شماری کے وقت کا تعین کرکے پروگرام جاری کرے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں ڈاکٹر شنکر راؤ چوہان سرکاری میڈیکل کالج اسپتال میں 30 ستمبر سے یکم اکتوبر کے 24 گھنٹوں کے دوران 24 مریضوں کی موت واقع ہوئی۔ ان میں 12 بزرگ اور 12 نوزائیدہ بچے شامل تھے۔ بزرگ مریضوں میں چار کی قلبی حملے میں‘ ایک شخص زہر خورانی سے‘ ایک مریض عارضہئ شکم سے‘ دو مریض گردوں کی بیماری سے‘ ایک کی زچگی کی پیچیدگی سے اور تین کی حادثات و دیگر بیماریوں سے موت واقع ہوئی تھی۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ چار نوزائیدہ بچوں کو قریب المرگ حالت میں خانگی اسپتالوں سے سرکاری اسپتال بھیجا گیا تھا۔ اسپتال کے ڈین ڈاکٹر ایس آر واکوڑے نے بتایا کہ اسپتال میں ضروری ادویہ کا ذخیرہ موجود ہے۔ ڈاکٹرس و دیگر عملہ نہایت ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ تاہم گذشتہ دو دِنوں میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں بڑی تعداد میں مریض انتہائی تشویشناک حالت میں داخل کیے گئے۔
رُکنِ پارلیمان پرتاپ پاٹل چکھلیکر نے اس حوالے سے بتایا کہ اس اسپتال میں چھ اضلاع سے روزانہ کی بنیاد پر متعدد مریض آتے ہیں اور ان کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ ساتھ اسپتال میں معیار اور سہولیات میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر انھوں نے زوردیا۔
دریں اثناء ان واقعات کے پس منظر میں طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف آج ناندیڑ کا دورہ کررہے ہیں۔ وہ اسپتال کا دورہ کرکے واقعات کی معلومات حاصل کریں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج کے واگھ نکھ بھارت لانے کیلئے برطانیہ کے وِکٹوریہ اینڈ البرٹ میوزیم کے ساتھ مفاہمت کی گئی ہے۔ اس مفاہمت پر دستخط کرنے کیلئے ثقافتی اُمور کے وزیر سدھیر منگنٹیوار کل لندن روانہ ہوئے۔ آج اس سمجھوتے پر دستخط ہوں گے۔
***** ***** *****
چین میں جاری ایشیائی کھیلوں میں بھارت نے کل تین نقرئی اور چار کانسے کے تمغے حاصل کیے۔ خواتین کے اسٹیپل چیس زمرے میں بھارت کی پارول چودھری نے نقرئی اور پریتی نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ اسپیڈ اسکیٹنگ میں خواتین اور مردوں کی ٹیموں نے کانسے کے تمغے جیتے۔ ٹیبل ٹینس ڈبلز مقابلوں میں سوتیرتھا مکھرجی اور ائے ہیکا مکھرجی کی سیمی فائنل میں شکست کے باعث انھیں کانسے کے تمغے پر اکتفاء کرنا پڑا۔ تمغوں کی فہرست میں بھارت 13 طلائی‘ 24 نقرئی اور 23 کانسے کے تمغوں کے ساتھ کُل 60 تمغے جیت کر چوتھی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ان ایشیائی مقابلوں میں تین ہزار میٹر اسٹیپل چیس میں بیڑ کے اویناش سابڑے نے طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ ان کی اس کامیابی پر بیڑ کی رکنِ پارلیمان ڈاکٹر پریتم منڈے‘ سابق وزیر جئے دتّ شرساگر‘ وزیرِ زراعت دھننجئے منڈے‘ ضلع کلکٹر دیپا مدھوڑ منڈے اور ضلع کھیل افسر سہاسنی دیشمکھ سمیت کئی اہم شخصیات نے اویناش کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے انھیں مبارکباد پیش کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگر میں مہاراشٹر اسٹیٹ پرائمری ٹیچرس اسوسی ایشن کی جانب سے کل مختلف مطالبات کیلئے جلوس نکالا گیا۔ مختلف مطالبات پر مبنی ایک محضر اس موقع پر ضلع کلکٹر کو پیش کیا گیا۔ اساتذہ تنظیم کے مطالبات میں اساتذہ سے لیے جانے والے غیر تدریسی کام بند کرنے‘ اساتذہ کو ہیڈکوارٹر پر مقیم رہنے کی شرط ختم کرنے اور پرانی پنشن اسکیم لاگو کرنے جیسے مطالبات شامل ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ پولس کی مقامی کرائم برانچ کی ٹیم نے کل سات دیسی ساخت کے پستول سمیت 116 زندہ کارتوس ضبط کرلیے۔ اس معاملے میں چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دیسی ساخت کے یہ پستول فروخت کیلئے حیدرآباد لے جائے جارہے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بابائے قوم مہاتماگاندھی اور سابق وزیرِ اعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کو ملک بھر میں خراجِ عقیدت۔
٭ فصل بیمے کی 25 فیصد پیشگی رقم دیوالی سے قبل کسانوں کے کھاتوں میں جمع کرنے کیلئے ریاستی حکومت کوشاں: وزیرِ زراعت دھننجے منڈے کا عندیہ۔
٭ ناندیڑ سرکاری اسپتال میں اموات کے معاملے کی تحقیقات کیلئے طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف آج ناندیڑ دورے پر۔
اور۔۔ ٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کو مزید تین نقرئی اور چار کانسے کے تمغے۔
***** ***** *****
आकाशवाणी औरंगाबादची बातमीपत्र AIR CHHATRAPATI SAMBHAJINAGAR NEWS
▼
No comments:
Post a Comment