Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 21 November-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱؍نومبر ۲۰۲۳ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گوا میں 54ویں بین الاقوامی بھارتی فلم فیسٹیول کا شاندار آغاز، اداکارہ مادھوری دکشت کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
٭ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا ریاست میں آٹھ لاکھ ہیکٹر زرعی رقبے کو سینچائی کے ذریعے سیراب کرنے کے عزم کا اظہار۔
٭ جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی چھوڑنے کے مطالبہ کو لیکر چھترپتی سنبھاجی نگر میں کُل جماعتی احتجاجی مظاہرہ۔
اور ٭ 65 ویں مہاراشٹر کیسری کُشتی مقابلوں میں ناندیڑ کے شیوراج راکشے فاتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
54ویں بین الاقوامی بھارتی فلم فیسٹیول - IFFI کا افتتاح کل گوا کے پنجی میں مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات انوراگ سنگھ ٹھاکر کے ہاتھوں ایک شاندار تقریب میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے بھارت میں عکس بند ہونے والی غیر ملکی فلم ساز اداروں کے ترغیبی فنڈ میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا۔ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں معروف اداکارہ مادھوری دکشت، اداکارسنی دیول، گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت سمیت دیگر معززشخصیات نے شرکت کیں۔ اس تقریب میں ادکارہ مادھوری دکشت کو بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کی گرانقدرخدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس سال کےبین الاقوامی فلم فیسٹیول میں چار فلمی پردوں پر 270 سے زائد فلمیں دکھائی جائیں گی۔ ان میں 25 ملکی فیچر فلمیں اور 20 غیر فیچر فلمیں شامل ہیں۔ برطانوی فلم ’’کیچنگ ڈسٹ‘‘ سے فلموں کی نمائش کا آغاز ہوا۔
دریں اثنا انوراگ سنگھ ٹھاکر کے ہاتھوں فلم بازار کا افتتاح بھی عمل میں آیا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’ یہ فلم بازارنہ صرف جنوب مشرقی ایشیا بلکہ دنیا کی بڑے فلم بازاروں میں سے ایک ہے۔ انھوں نے اس سال کے فلم فیسٹیول میں متعدد فلموں کی شمولیت کو IFFI کی مسلسل پیش رفت سے تعبیر کیا۔‘‘
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ نے ایکناتھ شندے نے کہاہے کہ حکومت ریاست میں آٹھ لاکھ ہیکٹر زرعی رقبے کو سینچائی کے ذریعے سیراب کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ کل بھنڈارا میں وزیرِ اعلیٰ شندے کی موجودگی میں ’’شاسن آپلیا داری‘‘ پروگرام منعقد ہوا۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں شہریوں کو ابتدائی طور پرمختلف سرکاری اسکیمات کے فوائد دئیے گئے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے نام اور انتخابی نشان کے تنازعے پر مرکزی انتخابی کمیشن میں جمعہ کوآئندہ سماعت ہوگی۔ اس معاملے کی کل ہوئی سماعت میں اجیت پوار گروپ کی طرف سے انتخابی کمیشن میں داخل کردہ حلف نامہ من گھڑت ہونے کا دعویٰ شرد پوار گروپ کی جانب سے کیے جانے کی اطلاع ہے۔
دریں اثنا، شیوسیناکے ایم ایل ایز کی نااہلی کے معاملے میں قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر کے روبرو آج سے دوبارہ سماعت شروع ہوگی۔ نارویکر نے گذشتہ دو تاریخ کو دونوں ہی فریقین کے مؤقف کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
***** ***** *****
دھنگر ریزرویشن سے متعلق حقائق کے مطالعے کیلئے ریاستی حکومت نے ایک اسٹڈی گروپ تشکیل دیا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر سدھاکر شندے کی سربراہی والی اس کمیٹی کو آئندہ تین ماہ میں حکومت کو رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کی معرفت ناندیڑ ضلعے کے کنوٹ تعلقے میں پہلے مرحلے کے تحت16 دیہاتوں کے ساکنان کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی مختلف اسکیمات کی جانکاری دی جارہی ہے۔ ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کل بودھڑی اور تھارا پہنچی۔ اس موقع پر آنگن واڑی کے بچوں، اسکولی طلباء اور شہریوں نے اس سنکلپ رتھ کا پُر جوش استقبال کیا۔ سرکای اسکیمات کے مستفیدین نے دیگر شہریوں کو بھی حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر پرشوتم ویشنو ‘افسر صحت ڈاکٹر کے پی گائیکواڑ، توسیعی افسر این ایم مُکنار نے شہریوںعوامی فلاح و بہبود کی سرکاری اسکیمات سے آگاہ کیا۔ دریں اثنا، یہ سنکلپ یاترا آج جل دھارا اورناندگاؤں تانڈہ پہنچے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگر میں کل گوداوری آبپاشی ترقیاتی بورڈدفتر کے روبرو مراٹھواڑہ پانی جن آندولن کمیٹی کی جانب سے ہمہ جماعتی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ منصفانہ اور مساوی پانی کی تقسیم قانون کے مطابق جائیکواڑی آبی پشتے میں احمد نگر اور ناسک ضلعے کے بالائی آبی پشتوں سے پانی جلد از جلد چھوڑاجائے اور مراٹھواڑہ کو حق کا پانی فراہم کیا جائے‘ ساتھ ہی مراٹھواڑہ کو قحط سے نجات دلانے کیلئے مقررہ منصوبے کے نفاذ کا مطالبہ بھی مظاہرین نے کیا۔ اس احتجاج کی وجہ سے کچھ دیرکیلئے ٹریفک میں رخنہ اندازی پیداہوئی۔ دریں اثنا اس معاملے میں عدالت ِ عظمیٰ میں داخل کردہ عرضی پر آج سنوائی ہوگی۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے مارچ 2024 میں منعقدہونے والے دسویںکے امتحانات کیلئے درخواست دہی کی مہلت میں دوبارہ 30 نومبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ طلبہ www. مہا ایس ایس سی بورڈ ڈاٹ کام ویب سائٹ پر درخواست کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی ٹرانسپورٹ بورڈ نے بس ڈرائیوروں کے خدمات کی انجام دہی کے دو ران موبائل استعمال کرنے پر پابندی لگادی ہے۔ اس ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کا انتباہ ٹرانسپورٹ محکمے نے دیا ہے۔
***** ***** *****
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC)کی جانب سے کل مختلف ممالک کے کھلاڑیوں پر مشتمل بین الاقوامی کرکٹ ٹیم منتخب کی گئی۔ جس میں چھ بھارتی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ICC کی معلّنہ ٹیم میں بھارتی بلّے باز ویراٹ کوہلی، کے ایل راہل، رویندر جڈیجہ، جسپریت بمراہ اور محمد شمیع کے علاوہ جنوبی افریقہ کے گیلارڈ کوئٹزی اور کوئنٹن ڈیکاک، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل، سری لنکا کے دلشان مدھوشنکا، آسٹریلیا کے گلین میکسویل اور ایڈم زامپا کو شامل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں منعقدہ 65 ویں مہاراشٹر کیسری کشتی مقابلوں میں ناندیڑ کے شیوراج راکشے نے اس سال کا مہاراشٹر کیسری بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ کل مہاراشٹر کیسری مقابلوں کے گادی کے اکھاڑے کے زمرے میں شیوراج راکشے نے اور ناسک کے ہرش وردھن سدگیر نے مٹی کے اکھاڑے کے زمرے میں کامیابی حاصل کی۔ بعد ازاں شیوراج راکشے اور ہرش وردھن سدگیر کے مابین مہاراشٹر کیسری کے خطاب کیلئےمقابلہ ہوا‘ جس میں راکشے نے صفر کے مقابلے چھ پوائنٹس سے فتح حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کے منتظم سدھیر پاٹل اور سربراہ ابھیرام پاٹل کے ہاتھوں شیوراج راکشے کو مہاراشٹر کیسری کا تمغہ اور مہندرا اسکارپیو گاڑی سمیت آدرش شکشن پرسارک منڈل کے صدر سدھیر انا پاٹل کے ہاتھوں چاندی سے تیار کردہ اعزازی گدا دیا گیا‘ جبکہ فائنل مقابلے میں راکشے کے حریف ہرش وردھن سدگیر کو ایک مہندرا ٹریکٹر اور عوامی رہنما پرتاپ سنگھ موہیتے پاٹل کی یاد میں اس سال سےدیا جانے والا چاندی کا گدا تفویض کیا گیا ۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کے امتحانات آج سے شروع ہورہے ہیں۔ 239 امتحانی مراکز پر یہ امتحانات منعقد ہوں گے۔ امتحانات کے دوران نقل نویسی کے معاملات کو روکنے کیلئے 32 فلائنگ اسکواڈ قائم کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
لاتورکی ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے کہا ہے کہ لاتور ضلعے کے کسانوں کو ریشم کی زراعت کی ترغیب دیکر ریشم کے زراعتی علاقے میں کلسٹر کے قیام کیلئے اقدامات کریں۔ کل لاتور میں مہا ریشم مہم 2024 کے تحت ضلع ریشم دفتر کے ذریعے تیار کردہ ریشم رتھ کے افتتاح کے موقعے پر وہ مخاطب تھیں۔ ضلعے میں 20 دسمبر تک مہا ریشم مہم کا انعقاد عمل میں آئےگا۔
***** ***** *****
مطالعے کی روایت کے فروغ اور مطالعے سے متعلق عوامی بیداری کیلئے پربھنی کے ثانوی جماعت کے معلم وِنود شینڈگے نے سائیکل پر پربھنی تا ناگپور سفر کیا۔ مطالعے سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے چھوٹے چھوٹے تجربات ہوں اس کیلئے گذشتہ 15 تاریخ سے شینڈگے نے پربھنی سے سائیکل کا یہ سفر شروع کیا تھا۔ کل شام ناگپور پہنچنے پر ان کا شال اور کتاب دیکر استقبال کیا گیا۔ اس سفر کے دوران انھوں نے کئی ایک اسکول، دارالمطالعہ اور دیہاتوں میں مقیم خاندانوں سے ملاقات کرکے پڑھائی کی اہمیت سے روشناس کروایا۔
***** ***** *****
بالا صاحب ٹھاکرے مہاراشٹر سمردھی ایکسپریس وےپر اضافی ہائی پریشر چینل کے کاموں کے پیشِ نظر جالنہ تا چھترپتی سنبھاجی نگر کے درمیان دونوں جانب کی ٹریفک کیلئےآج اور کل دو دِنوں میں دوپہر بارہ تا چار بجے کے درمیان بند رہے گا۔ مہاراشٹر شاہراہ ترقیاتی بورڈ کے سپرنٹنڈنگ انجینئر اور پروجیکٹ ڈائریکٹر رام داس کھلسے نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گوا میں 54ویں بین الاقوامی بھارتی فلم فیسٹیول کا شاندار آغاز، اداکارہ مادھوری دکشت کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
٭ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا ریاست میں آٹھ لاکھ ہیکٹر زرعی رقبے کو سینچائی کے ذریعے سیراب کرنے کے عزم کا اظہار۔
٭ جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی چھوڑنے کے مطالبہ کو لیکر چھترپتی سنبھاجی نگر میں کُل جماعتی احتجاجی مظاہرہ۔
اور ٭ 65 ویں مہاراشٹر کیسری کُشتی مقابلوں میں ناندیڑ کے شیوراج راکشے فاتح۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment