Saturday, 2 December 2023

Text - آکاشوانی چھترپتی سنبھاجی نگر‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 دسمبر 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 02 December-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سنبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۲/دسمبر  ۳۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    تکنالوجی کی مدد سے عوام کو آسانی کے ساتھ صحت خدمات فراہمی کی ضرورت کا صدرِ جمہوریہ کی جانب سے اظہار۔
    ٭    پونے کے آرمڈ فورس میڈیکل کالج کو صدرِ جمہوریہ کے جھنڈے کا اعزاز۔
    ٭    بے موسم بارش اور ژالہ باری سے ہوئے نقصان کے پنچنامے جنگی پیمانے پر جاری؛ رپورٹ ملتے ہی فوری امداد فراہمی کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
    ٭    زمرے اور خصوصی میرٹ کی بنیاد پر دسویں اور بارہویں کے نتائج کی درجہ بندی نہ کرنے کا مرکزی تعلیمی بورڈ CBSE کا فیصلہ۔
اور    ٭    43 ویں مراٹھواڑہ ادبی کانفرنس کا آج سے چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع کے گنگاپور میں آغاز۔
***** ***** *****
    اب خبریں تفصیل سے:
     صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے تکنالوجی کی مدد سے عوام کو آسانی کے ساتھ طبّی سہولیات مہیا کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے کل ناگپور کے سرکاری میڈکل کالج کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوں نے یہ بات کہی۔ اس تقریب میں ریاست کے گورنر رمیش بئیس‘ مرکزی وزیر نتن گڈکری‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ طبّی تعلیم کے ریاستی وزیر حسن مشرف سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔ میڈیکل کالج کی سابق طالبہ ڈاکٹر شکنتلا گوکھلے کی یاد میں تعمیر کیے گئے جدید لیکچر ہال کا افتتاح صدرِ جمہوریہ مُرمو کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ میڈیکل کالج کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر ڈاک ٹکٹ کا اور کالج کی گذشتہ 75 سالہ تاریخ کا جائزہ لینے والے کتابچے سمیت کافی ٹیبل بک کا اجراء صدرِ جمہوریہ نے کیا۔ اس موقع پر کالج کے 1947 کے پہلے بیچ کے پہلے طالب علم ڈاکٹر بی جے صوبیدار کا 96 برس کی عمر میں دیگر سابق طلبہ کے ہمراہ شال اور توصیفی خط دیکر استقبال کیا گیا۔ صدرِ جمہوریہ آج راشٹر سنت تکڑوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کے 111 ویں تقسیم ِ اسناد جلسے میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کریں گی۔
    اس سے قبل کل صبح صدرِ جمہوریہ نے پونے کے آرمڈ فورس میڈیکل کالج کو صدرِ جمہوریہ جھنڈے کے اعزاز سے نوازا۔ یہ فوج کا سب سے اعلیٰ اعزاز ہے۔ اس موقع پر صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ پونے کے آرمڈ فورس میڈیکل کالج کی 75 سالہ شاندار تاریخ ہے۔ اس کالج کے ذریعے ملک اور بیرونِ ملک طبّی خدمات کی فراہمی لائقِ تحسین ہے۔ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے طبّی میدان میں نئی تحقیق اور تکنالوجی کے استعمال کی اس موقع پر اپیل کی۔ آرمڈ فورس میڈیکل کالج کے 75 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ڈاک ٹکٹ اور 75 روپؤں کے سکوں کا بھی اجراء کی گیا۔ ساتھ ہی میڈیکل کالج کے جدید طبّی سہولیات سے آراستہ پرگیا مرکز کا افتتاح بھی صدرِ جمہوریہ مُرمو نے کیا۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں ہوئی بے موسم بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کے نقصان کے پنچنامے جنگی پیمانے پر کیے جارہے ہیں۔ حکومت کو اس کی رپورٹ ملتے ہی کسانوں کو فوری امداد فراہم کی جائیگی۔ وزیرِاعلیٰ کل ناگپور میں صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے بتایا کہ دو سے تین ہیکٹر رقبے پر ہوئے نقصانات کا ازالہ کرنے کا فیصلہ کابینہ نے کیا ہے۔
***** ***** *****
    ہنگولی کے رابطہ وزیر عبدالستار نے تیقن دیا ہے کہ بے موسم بارش سے ہوئے نقصان کی تلافی سے کسی بھی کسان کو محروم نہیں کیا جائیگا۔ وزیرِ موصوف نے کل ہنگولی ضلع میں متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی۔
    ہنگولی ضلع میں ہوئی موسلا دھار بارش کے دوران بجلی گرنے سے ہلاک ہونے والے نوجوان کسان راجو شنکر جائے بھائے کے اہلِ خانہ سے کل رابطہ وزیر عبدالستار اور ضلع کلکٹر پاپڑکر نے ملاقات کی اور انھیں حکومت کی جانب سے مدد کے طور پر چار لاکھ روپؤں کا چیک سپرد کیا۔ وزیرِ رابطہ نے افسران کو بتایا کہ یہ مدد گوپی ناتھ راؤ منڈے کسان حادثہ بیمہ اسکیم کے تحت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
    نائب وزیرِ اعلیٰ اور راشٹروادی کانگریس کے قائد اجیت پوار نے کہا ہے کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن دئیے جانے کی خاطر ذات کی بنیاد پر مردُم شماری کی جانی چاہیے۔ پوار کل رائے گڑھ ضلع کے کرجت میں پارٹی کے نظریات سے متعلق تبادلہئ خیال کیلئے منعقدہ کیمپ سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مختلف سماجوں کو دئیے گئے ریزرویشن میں خلل نہ ڈالتے ہوئے مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کی کارروائی ہم سب کررہے ہیں۔ پوار نے بتایا کہ حکومت کے طور پر ہمارے آپس میں اختلافات نہیں ہیں۔
***** ***** *****
    مراٹھا ریزرویشن کیلئے احتجاج کرنے والے منوج جرانگے پاٹل نے کہا ہے کہ آئندہ 24 دسمبر تک ریزرویشن مل جائیگا۔ اگر ایسا نہ ہوا تو آگے کی سمت طئے کی جائیگی۔ انھوں نے مراٹھا سماج سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہ کر اپنا آندولن جاری رکھیں۔ وہ کل جالنہ میں ایک جلسہئ عام سے خطاب کررہے تھے۔ جرانگے پاٹل نے اس موقع پر حکومت سے آنتروالی سراٹی میں آندولن کرنے والوں کے خلاف دائر مقدمات دو دِنوں میں جبکہ ریاست بھر میں دائر مقدمات دو مہینوں میں واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
    مرکزی تعلیمی بورڈ CBSE نے زمرے اور خصوصی میرٹ کی بنیاد پر دسویں اور بارہویں کے نتائج کی درجہ بندی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ نے وضاحت کی کہ نتائج کا فی صد بھی وہ جاری نہیں کریں گے۔ بورڈ نے دسویں اور بارہویں امتحانات کے نتائج کا فی صد کس بنیاد پر طئے کیا جاتا ہے اس کی معلومات عام کرنے کے بڑے پیمانے پر کیے گئے مطالبے کے بعد یہ قدم اُٹھایا ہے۔ بورڈ نے بتایا کہ وہ بہترین پانچ مضامین کے نمبرات کا شمار بھی ظاہر نہیں کرے گی۔ داخلہ یا ملازمت دینے والے اداروں کو ہی نمبرات کا شمار کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
    خواتین و اطفال کی بہبود کے محکمے کو دھارا شیو ضلع کے مختلف علاقوں میں چار بچوں کی شادیاں روکنے میں کامیابی ملی ہے۔ بچوں کی مدد کیلئے قائم کی گئی ہیلپ لائن کے ملازمین اور ضلع کے بچوں کے تحفظ کیلئے متعین ملازمین کی کارروائی میں متعلقہ بچوں کے خاندانوں کی ذہن سازی کی گئی۔ بچوں کی بہبود کمیٹی کے چیئرمین وجئے کمار مانے اور اراکین کی جانب سے سرپرستوں کی جانب سے ضمانتی تحریر لی گئی، جس کے بعد بچوں کو ان کے حوالے کیا گیا۔
***** ***** *****
    43 ویں مراٹھواڑہ ادبی کانفرنس کا آج سے چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع کے گنگاپور میں آغاز ہورہا ہے۔ مشہور مصنف ڈاکٹر جگدیش کدم کی صدارت میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا افتتاح نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کریں گے۔ شری مکتانند کالج میں قائم کیے گئے شاعر مہانور ادبی شہر میں صبح گیارہ بجے افتتاحی تقریب ہوگی۔ اس سے قبل گرنتھ ڈِنڈی یعنی جلوس نکالا جائیگا۔ اس دو روزہ کانفرنس میں مختلف موضوعات پر سیمینار‘ مذاکرے‘ کہانیاں اور نظموں کو گانے کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
    ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا ملک کے دیہی علاقوں میں حکومت کی اسکیمات سے متعلق عوامی بیداری پیدا کررہی ہے۔ اس یاترا کے ذریعے منعقد کیے جانے والے کیمپ میں شہریان آیوشمان بھارت گولڈن کارڈ کی معلومات اور ڈرون سے کھیتوں میں دوائیں چھڑکنے کو بالمشافہ دیکھ کر اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔ اکولہ ضلع کے کُرن کھیڑ میں ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کے ذریعے جل جیون مشن‘ وزیرِ اعظم جن دھن اسکیم‘ آیوشمان بھارت اسکیم‘ اُجولا اور مُدرا اسکیمات سمیت مختلف اسکیمات کی معلومات چتررتھ کے توسط سے دی گئی۔ اسی طرح چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع میں بھی اس یاترا کے ذریعے نارائن پور، لانجی، وڑنیر، وارے گاؤں اور ٹیمبھی میں مختلف اسکیمات کی معلومات دی گئیں۔
***** ***** *****
    رائے پور میں کل کھیلے گئے چوتھے ٹی- ٹوئنٹی کرکٹ مقابلے میں بھارت نے آسٹریلیاء کو 20 رنوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ بھارت نے سیریز میں 3-1 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ کل ہوئے مقابلے میں بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورس میں 175 رنز بنائے۔ تاہم جوابی کھیل کے دوران آسٹریلیائی ٹیم 20  اوورس میں سات وِکٹوں کے نقصان پر صرف 154 رنز ہی بناپائی۔ اس کرکٹ سیریز کا آخری میچ کل بنگلورو میں کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    تکنالوجی کی مدد سے عوام کو آسانی کے ساتھ صحت خدمات فراہمی کی ضرورت کا صدرِ جمہوریہ کی جانب سے اظہار۔
    ٭    پونے کے آرمڈ فورس میڈیکل کالج کو صدرِ جمہوریہ کے جھنڈے کا اعزازحاصل۔
    ٭    بے موسم بارش اور ژالہ باری سے ہوئے نقصان کے پنچنامے جنگی پیمانے پر جاری؛ رپورٹ ملتے ہی فوری امداد فراہمی کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
    ٭    زمرے اور خصوصی میرٹ کی بنیاد پر دسویں اور بارہویں کے نتائج کی درجہ بندی نہ کرنے کا مرکزی تعلیمی بورڈ CBSE کا فیصلہ۔
اور    ٭    43 ویں مراٹھواڑہ ادبی کانفرنس کا آج سے چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع کے گنگاپور میں آغاز۔
***** ***** *****
    اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
     ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment