Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 03 December-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سنبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/دسمبر ۳۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بدلتے عالمی منظر نامے میں ہر طالب ِ علم کا ہدف صرف مسلسل حصولِ علم ہونا چاہیے: صدرِ جمہوریہ کا عندیہ۔
٭ ”وزیرِ اعلیٰ میرا اِسکول‘ خوبصورت اِسکول“ مہم کا پرسوں پانچ دِسمبر سے آغاز۔
٭ وزیرِ اعظم فصل بیمہ میں شمولیت کی مدت میں کل اور پرسوں دو دِنوں کا اضافہ۔
٭ مدھیہ پردیش‘ راجستھان‘ چھتیس گڑھ اور تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری۔
اور ٭ سیّد مودی بین الاقوامی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں خواتین ڈبلز زمرے میں بھارتی جوڑی فائنل میں۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے کہا ہے کہ صرف رسمی ڈگری کے حصول کو حتمی ہدف نہ بناتے ہوئے تیزی سے بدلتے عالمی منظر نامے میں مسلسل تعلیم حاصل کرنا ہی ہر طالب علم کا ہدف ہونا چاہیے۔ ناگپور میں راشٹرسنت تکڑوجی مہاراج یونیورسٹی کا ایک سو گیارہواں جلسہئ تقسیمِ اسناد کل صدرِ جمہوریہ کی موجودگی میں منعقد ہوا۔ اس تقریب سے وہ مخاطب تھیں۔ اس موقع پر گورنر اور چانسلر رمیش بئیس‘ مرکزی وزیر نتن گڈکری‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ ریاست کے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندر کانت پاٹل اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ اس پروگرام کے بعد صدرِ جمہوریہ اپنا دورہئ مہاراشٹر مکمل کرکے دہلی روانہ ہوگئیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کل سندھو دُرگ کا دورہ کررہے ہیں۔ اس دورے میں وزیرِ اعظم‘ چھترپتی شیواجی مہاراج کی شبیہہ کی نقاب کشائی کریں گے۔ یومِ بحریہ کے حوالے سے پروگرام میں بھی شرکت کریں گے، جس میں سندھو دُرگ کے تارکرلی ساحل پر ہندوستانی بحریہ کے جہازوں‘ آبدوز‘ طیاروں اور افواج کے خصوصی مظاہروں کا بھی نریندر مودی مشاہدہ کریں گے۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پیشِ نظر کل مرکزی حکومت نے نئی دہلی میں کُل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر پرلہاد جوشی نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمانی اجلاس کے دوران ایوان میں پیش کیے جانے والے ہر موضوع پر مباحثے کیلئے حکومت تیار ہے اور ترغیب دی کہ حزبِ مخالف مثبت بحث پر توجہ دیں۔ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آئندہ روز 4 دسمبر سے 22 دسمبر تک جاری رہے گا۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس آئندہ 7 تا 20 دسمبر کے دوران ناگپور میں منعقد ہوگا۔ اس اجلاس کی مدت میں توسیع کا مطالبہ ریاستی اسمبلی میں قائد ِ حزبِ اختلاف وجئے وڑیٹیوار نے کیا ہے۔ کل منترالیہ میں اپوزیشن جماعتوں کے مختلف رہنماؤں کے ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مقننہ کے اجلاس میں کسانوں کے مسائل، قحط، مہنگائی کی صورتحال، بیروزگاری اور بدعنوانیوں کے موضوعات پر حکومت سے جواب طلب کیا جائیگا۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر نے بتایا ہے کہ ریاست بھر میں ”وزیرِ اعلیٰ میرا اسکول‘ خوبصورت اسکول“ مہم پرسوں پانچ دِسمبر سے شروع کی جائیگی۔ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ مہم کے دوران جیتنے والے اسکولوں کا انتخاب میونسپل کارپوریشن کے تحت علاقوں میں ڈویژن اور ریاستی سطح پر اور مابقی مہاراشٹر میں تعلقے‘ ضلعے اور ڈویژن اور ریاستی سطح پر کیا جائیگا۔ اس مہم کے ذریعے کم و بیش دو کروڑ طلباء تک پہنچا جاسکے گا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ مہم کا مقصد اسکولوں میں بنیادی سہولتیں بڑھانا‘ تعلیمی مسابقت کا ماحول تیار کرنا‘ فیصلہ سازی میں طلباء کا کردار بڑھانا اور معاشی خواندگی کے موضوعات پر مختلف پروگرام منعقد کرنے کی اسکولوں کو ترغیب دینا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے اُمورِ خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے تلقین کی ہے کہ چھترپتی سنبھاجی نگر شہر اور دیہاتوں میں ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کے ذریعے حکومت کے منصوبوں کو عوام تک پہنچایا جائے۔ کل چھترپتی سنبھاجی نگر ضلعے کے گنگاپور تعلقے کے اِٹاوا میں اس یاترا کے دوران منعقدہ بات چیت کے پروگرام سے وہ مخاطب تھے۔ اس موقع پر بھاگوت کراڑ کے ہاتھوں مستفیدین میں مختلف اسکیموں کے تحت حاصل ہونے والے فائدے تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کے بعد ڈرون پروازوں کا مظاہرے کا بھی وزیرِ موصوف نے مشاہدہ کیا۔
***** ***** *****
کُنبی- مراٹھا‘ مراٹھا- کُنبی ذات صداقت نامے کی تفویض کے سلسلے میں دستاویزات کی جانچ کے ساتھ ہی پروہت تنظیم اور لسانی ماہرین کی مدد لینے کی ہدایت اس خصوص میں تشکیل دی گئی کمیٹی کے سربراہ سبکدوش جسٹس سندیپ شندے نے کی ہے۔ وہ کل ناسک میں اس ضمن میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
مدھیہ پردیش‘ چھتیس گڑھ، راجستھان اور تلنگانہ ریاستوں کی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے ووٹو ں کی گنتی کا عمل سرِدست جاری ہے اور نتائج کا اعلان بھی آج ہی متوقع ہے۔ میزورم اسمبلی انتخاب کیلئے ووٹوں کی گنتی کل عمل میں آئیگی۔ پوسٹل بیلیٹ کی گنتی کے بعد اب تک موصولہ تازہ ترین ابتدائی رجحانوں کے مطابق راجستھان اور مدھیہ پردیش میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ مدھیہ پردیش میں جن نشستوں کے رجحان موصول ہوئے ہیں ان میں سے بی جے پی 18 نشستوں پر آگے چل رہی ہے جبکہ کانگریس کو 14 نشستوں پر سبقت ہے۔ راجستھان سے موصول ہونے والے رجحان میں بی جے پی 22پر اور کانگریس 18 نشستوں پر برتری بنائے ہوئے ہے۔ چھتیس گڑھ میں بی جے پی 26 اور کانگریس 38 نشستوں پر آگے چل رہی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس کا مقابلہ بی آر ایس سے ہے، جہاں کانگریس 17 اور بی آر ایس 10 نشستوں پر آگے ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت جوار‘ آم‘ کاجو‘ سنترہ اور دیگر پھلوں کی فصلوں کے بیمے کی قسط کل اور پرسوں دو دِن ادا کی جاسکتی ہے۔ ان فصلوں کا بیمہ جمع کروانے کی مدت 30 نومبر کو ختم ہوچکی ہے۔ تاہم تکنیکی دشواریوں کے باعث کسانوں کو بیمہ اسکیم میں شرکت کرنا ممکن نہ ہوسکا تھا۔ اس سلسلے میں وزیرِ زراعت دھننجئے منڈے نے مرکز سے مطالبہ کیا تھا کہ یہ پورٹل مزید دو دِنوں کیلئے کھولا جائے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت پری پرائمری اسکالر شپ جماعت پنجم اور پری سیکنڈری اسکالر شپ جماعت ہشتم کے امتحانات کیلئے آن لائن درخواست دہی کی تاریخ میں آئندہ 7 دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تاخیر سے فیس کے ساتھ 15 دسمبر تک درخواست دی جاسکتی ہے۔ قبل ازیں یہ مدت 30 نومبر کو ختم ہوچکی تھی۔
***** ***** *****
43 ویں مراٹھواڑہ ساہتیہ سمّیلن آج اختتام پذیر ہوگا۔ چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع کے گنگاپور کے شری مُکتانند کالج میں کل اس سمّیلن کا آغاز ہوا تھا۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلع کے تیرنا زرعی امدادِ باہمی شکر کارخانے کے بدعنوانی کے معاملے میں ضلع عدالت نے سابق ڈائریکٹرز آنجہانی پون راجے نمبالکر اور ڈاکٹر پدم سنہہ پاٹل کو دیگر ملزمان کے ساتھ بری قرار دیا ہے۔
***** ***** *****
لکھنؤ میں جاری سیّد مودی بین الاقوامی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں بھارت کی اشونی پونپااور تنیشا کرسٹو کی جوڑی خواتین ڈبلز کے فائنل میں داخل ہوگئی ہے۔ فائنل میں آج اس جوڑی کا مقابلہ جاپان کی جوڑی سے ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بدلتے عالمی منظر نامے میں ہر طالب ِ علم کا ہدف صرف مسلسل حصولِ علم ہونا چاہیے: صدرِ جمہوریہ کا عندیہ۔
٭ ”وزیرِ اعلیٰ میرا اِسکول‘ خوبصورت اِسکول“ مہم کا پرسوں پانچ دِسمبر سے آغاز۔
٭ وزیرِ اعظم فصل بیمہ میں شمولیت کی مدت میں کل اور پرسوں دو دِنوں کا اضافہ۔
٭ مدھیہ پردیش‘ راجستھان‘ چھتیس گڑھ اور تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری۔
اور ٭ سیّد مودی بین الاقوامی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں خواتین ڈبلز زمرے میں بھارتی جوڑی فائنل میں۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
आकाशवाणी औरंगाबादची बातमीपत्र AIR CHHATRAPATI SAMBHAJINAGAR NEWS
▼
No comments:
Post a Comment