Friday, 1 March 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 مارچ 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 01 March-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  یکم  مارچ  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

    ٭    ایک کروڑ گھروں پر شمسی توانائی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے والے سولار جنریشن پینل لگانے سے متعلق پی ایم سوریہ گھر بجلی اسکیم کو مرکزی حکومت کی منظوری۔
    ٭    مادری زبان میں تعلیم کیلئے آئی آئی ٹی ممبئی نے تیار کیا مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر۔
    ٭    جماعت دہم کے تحریری امتحانات کا آج سے آغاز؛ اس بار بھی طلبہ کو دس منٹ اضافی وقت۔
اور۔۔۔ ٭    لاتور میں ریاست کی پہلی ضلع سطحی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد؛ 95 صنعتی اکائیوں کیلئے مفاہمتی قرارداد۔

***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
    ملک کے ایک کروڑ مکانات کی چھتوں پر شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے والے سولار جنریشن پینل لگانے سے متعلق وزیرِ اعظم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم کو مرکزی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ اس کیلئے 75 ہزار 21 کروڑ روپئے کے فنڈز کو بھی کل مرکزی کابینہ نے منظوری دی۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے نئی دہلی میں مرکزی کابینی اجلاس کے بعد اخبار نویسوں کو یہ اطلاع دی۔ اس اسکیم سے استفادہ کرنے والے افراد کو 300 یونٹ بجلی مفت ملے گی اور اضافی تیار شدہ بجلی کی فروخت سے 15 ہزار روپئے آمدنی کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں گذشتہ 13 فروری کو اس اسکیم کا افتتاح عمل میں آیا تھا۔
    رواں برس خریف کی فصلوں کو فاسفیٹ اور پوٹاشیم کھادوں کی مقویت پر مبنی سبسڈی کی شرح کو بھی کابینہ نے منظور کرلیا۔ اس کے علاوہ مزید تین زمروں کی کھادوں کو بھی مراعات کیلئے شامل کرنے کا فیصلہ مرکزی کابینہ نے کیا ہے۔
***** ***** *****
    ریاست کے مولانا آزاد اقلیتی مالی ترقیاتی کارپوریشن کو ملنے والے 500 کروڑ روپئے کے قرض کی ضمانتی حد کو اب مستقل کردیا گیا ہے۔ کل ہوئے ریاستی مجلس وزراء کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے سے اقلیتی فرقے کے افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔ ریاست کی مختلف تنظیموں اور اداروں نے اس فیصلے کیلئے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔
***** ***** *****
    موسمِ خریف 2023 میں خشک سالی کے باعث فصلوں کو ہونے والے نقصان کیلئے متاثرہ کسانوں کو دی جانے والی دوہزار 443 کروڑ 22 لاکھ 71 ہزار روپئے کی مالی امداد کی تقسیم کو کل کے کابینی اجلاس میں منظور کرلیا گیا۔ اس ضمن میں سرکاری احکامات کل جاری کیے گئے۔ امداد و بازآبادکاری کے وزیر انیل پاٹل نے کہا ہے کہ اس فیصلے کے ذریعے ریاستی حکومت نے آفاتِ سماوی سے متاثرہ کسانوں کی امداد کا وعدہ پورا کیا ہے۔
***** ***** *****
    مرکزی حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی کے تحت مادری زبان میں تعلیم دینے کیلئے آئی آئی ٹی ممبئی نے مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر تیار کیا ہے۔ یہ سافٹ ویئر تمام یونیورسٹیوں کو دیا جائیگا۔ کل قانون ساز کونسل میں اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی زبان میں تدریس کریں‘ اس سافٹ ویئر کے ذریعے طلبہ اُسے اپنی مادری زبان میں بہ آسانی سمجھ سکیں گے۔
***** ***** *****
    ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ٹیکنالوجیکل سائنس یونیورسٹی ترمیمی بل کل قانون ساز کونسل میں منظور کرلیا گیا۔ اس ترمیم کے بعد یونیورسٹی میں ٹیکنالوجیکل نصاب مراٹھی میں بھی دستیاب ہوں گے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ آئندہ تعلیمی سال سے ڈگری کورس چار سال کا ہونے جارہا ہے۔ تاہم یہ نصاب مکمل کرنے کیلئے معینہ عرصہ اختیاری ہوگا۔
***** ***** *****
    ریاستی حکومت کے شعبہئ طب کے گروپ اے کیڈر سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار 446 میڈیکل افسران کو وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں کل آن لائن تقرر نامے تفویض کیے گئے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ محکمہئ صحت ِ عامہ نے جنگی پیمانے پر بھرتی کا یہ عمل کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کی جاسکے۔ ممبئی میں منعقدہ اس پروگرام میں نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ اجیت پوار اور وزیرِ صحت ڈاکٹر تاناجی ساونت بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
    ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت منعقد ہونے والے جماعت ِ دہم کے تحریری امتحانات کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ اس بار 9 ڈویژنل بورڈز میں مجموعی طور پر 16 لاکھ 9 ہزار 445 طلبہ امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کیلئے پانچ ہزار 86  امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ امتحانات کے دوران بدعنوانیوں کے تدارک کیلئے بورڈ کی جانب سے 271 خصوصی اسکواڈس تشکیل دئیے گئے ہیں۔ گذشتہ برس کی طرح اس سال بھی طلبہ کو معینہ وقت کے علاوہ اضافی 10 منٹ دئیے جائیں گے۔ اسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر نے طلبہ کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات بہتر طور پر کروانے کیلئے حکومت مختلف اقدامات کررہی ہے۔
***** ***** *****
    آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیشِ نظر مہا وِکاس آگھاڑی کے رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس‘ بزرگ قائد شردپوار کی رہائش گاہ پر کل منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد کانگریس رہنماء باڑا صاحب تھورات نے بتایا کہ مہاوِکاس آگھاڑی کی رُکن جماعتیں‘ کِن اور کتنی نشستوں پر چناؤ لڑیں گی‘ اس موضوع پر غور و خوض کیلئے یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ مہا وِکاس آگھاڑی کا بنیادی اصول صرف منتخب ہونے کی صلاحیت ہے اور نشستوں کی تقسیم کے سلسلے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا‘ تاہم ونچت بہوجن آگھاڑی کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
***** ***** *****
    نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن NTPC کے ذیلی ادارے NTPCگرین لمیٹڈ NGEL کمپنی نے مہاراشٹر بجلی پیدا کرنے والی کمپنی کے ساتھ قابلِ تجدید توانائی تیار کرنے کیلئے ایک مفاہمت کی ہے۔ اس مشترکہ مفاہمت کے نتیجے میں بننے والی کمپنی کے ذریعے مہاراشٹر میں بڑے پیمانے پر سبز توانائی تیار ہوگی۔
***** ***** *****
    لاتور ضلعے میں صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ضلع صنعتی مرکز کی جانب سے کل لاتور میں ریاست کی پہلی ریاستی سطح کی سرمایہ کاری کانفرنس منعقد ہوئی۔ ضلع میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے یہ کانفرنس منعقد کی گئی۔ ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے کی موجودگی میں اس کانفرنس میں 95 صنعتی اکائیوں کیلئے قراردادوں پر دستخط کیے گئے۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کیلئے ڈویژنل کمشنر مدھوکر راجے آردڑ نے تین مقامی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ اس برس 2  اپریل کو سنت ایکناتھ مہاراج کالاشٹمی‘ 11 ستمبر کو زرزری زربخش عرس اور 31 اکتوبر کو نرک چتردرشی کی مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
    ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے ایک ہزار 712 کروڑ روپئے کا بجٹ کل منعقدہ عام اجلاس میں منظور کرلیا گیا۔ کارپوریشن کے کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے یہ بجٹ پیش کیا۔ انھوں نے وضاحت کی کہ کسی بھی ٹیکس میں اضافہ کیے بغیر شہریوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا کارپوریشن کی ترجیح ہوگی۔
***** ***** *****
    شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے گروپ کے ناسک کے ضلع صدر سدھاکر بڑگجر کو ممبئی بم دھماکوں کے ملزم سلیم کُتا کے ساتھ تعلقات کی جانچ کے بعد ناسک پولس نے بڑگجر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس ضمن میں بی جے پی رکنِ اسمبلی نتیش رانے کے الزامات کے بعد وزیرِ داخلہ دیویندر پھڑنویس نے تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ ناسک پولس نے 18  افراد سے تفتیش کے بعد اپنا جواب جمع کروایا۔ جس کے بعد بڑگجر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
***** ***** *****
    ناندیڑ سے چلنے والی ناندیڑ- امرتسر سچکھنڈ ایکسپریس آج منسوخ کردی گئی ہے۔ جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژن کے ذرائع نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
    قومی پلس پولیو مہم پرسوں تین مارچ کو چلائی جائیگی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں صفر تا پانچ برس کے ایک لاکھ 98 ہزار 910 بچوں کو پولیو کی خوراک پلائی جائیگی۔ یہ اطلاع کارپوریشن کے میڈیکل افسر ڈاکٹر پارس منڈلیچا نے دی ہے۔
***** ***** *****
    بیڑ ضلعے میں امنِ عامہ کی برقراری کیلئے ضلع کلکٹر دیپا مدھوڑ منڈے نے حکمِ امتناع جاری کیا ہے۔ ان احکامات کے مطابق جلوس‘ مظاہرے سمیت پانچ یا اس سے زائد افراد کے یکجا ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ آج سے 14 مارچ کی درمیانی شب تک یہ احکامات نافذ العمل رہیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    ایک کروڑ گھروں پر شمسی توانائی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے والے سولار جنریشن پینل لگانے سے متعلق پی ایم سوریہ گھر بجلی اسکیم کو مرکزی حکومت کی منظوری۔
    ٭    مادری زبان میں تعلیم کیلئے آئی آئی ٹی ممبئی نے تیار کیا مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر۔
    ٭    جماعت دہم کے تحریری امتحانات کا آج سے آغاز؛ اس بار بھی طلبہ کو دس منٹ اضافی وقت۔
اور۔۔۔    ٭    لاتور میں ریاست کی پہلی ضلع سطحی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد؛ 95 صنعتی اکائیوں کیلئے مفاہمتی قرارداد۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment