Saturday, 6 July 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 جولائی 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 06 June-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۶/ جولائی  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

    سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:

    ٭    مہاراشٹر مقابلہ جاتی امتحانات میں دھوکہ دہی کی روک تھام کا بل کل قانون ساز اسمبلی میں پیش۔
    ٭    تور دال کی قیمتوں میں فرق ختم کرنے اور نئی قیمت پر خریدی کرنے کی حکومت کی یقین دہانی۔
    ٭    ریاستی اقلیتی چیئرمین عہدے پر پیارے ضیاء خان کی‘ جبکہ نائب چیئرمین کے طور پر چیتن کھیراج دیڑھیا کی نامزدگی۔
    ٭    ٹی۔ ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کو 11 کروڑ روپؤں کے انعام کا وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے اعلان۔
اور۔۔    ٭    تلجاپور تعلقے کے تامل واڑی میں صنعتی علاقے MIDC کے قیام کی خاطر نوٹیفکیشن جاری۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
     قانون ساز اسمبلی میں کل مقابلہ جاتی امتحانات میں دھوکہ دہی کی روک تھام کی خاطر بل پیش کیا گیا۔ اس بل کی دفعات کا اطلاق حکومت کے مختلف محکمہ جات اور اداروں کی جانب سے منعقد کیے جانے والے مقابلہ جاتی امتحانات پر ہوگا۔ اس بل کے مطابق امتحانات میں بددیانتی کرنے والوں کو تین تا پانچ برس قید اور جرمانے کی سزا کی گنجائش رکھی گئی ہے‘ ساتھ ہی اس بل میں مقابلہ جاتی امتحانات منعقد کرنے والے ذمہ دار اداروں پر ایک کروڑ روپئے جرمانے اور امتحانات کے اخراجات کی وصولی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ بل میں مقابلہ جاتی امتحان منعقد کرنے سے قصوروار ادارے کو آئندہ چار برسوں تک روک دیا جائیگا۔ اس خصوص میں خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے قصوروار ملازمین کو تین تا سات برس قید اور ایک کروڑ روپئے جرمانے کی سزا رکھی گئی ہے۔
    دریں اثناء آئندہ مقابلہ جاتی امتحانات کے پرچے امتحانات سے پہلے افشاء کیے جانے کے معاملے کی تفتیش پولس محکمے کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ درجے کے افسر کے ذریعے کی جائیگی۔
***** ***** *****
    وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے کہا ہے کہ بہار اور آندھرا پردیش کی طرح مہاراشٹر کیلئے بھی وہ خصوصی درجہ یا خصوصی پیکیج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اجیت پوار کل قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت تنخواہوں‘ پنشن اور سود پر بجٹ کا 58 فیصد خرچ کرتی ہے‘ چونکہ یہ خرچ مستقبل میں بڑھیں گے اس لیے آمدنی میں اضافے کی کوشش کرنی ہی ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ بجٹ ریاست کی ہمہ گیر ترقی کے مقصد کو مدِنظر رکھتے ہوئے پیش کیا گیا ہے۔
    اسی دوران قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے تنقید کی ہے کہ یہ بجٹ مہاراشٹر کو زوال کی طرف لے جائیگا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ کسانوں کیلئے اعلان کردہ اسکیمات کے نفاذ میں غلطیاں ہیں۔ انھوں نے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کیے جانے کا الزام عائد کیا۔ دانوے نے اسکولی طلبہ کیلئے یونیفارم کی سلائی کے طریقہئ کار پر اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ طلبہ میں جلد از جلد یونیفارمس تقسیم کیے جائیں۔ دانوے نے مزید کہا کہ گذشتہ برس مراٹھواڑہ کی ترقی کی خاطر چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ میٹنگ میں 46 ہزار کروڑ روپؤں کی فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا‘ تاہم اس بجٹ میں اس تعلق سے کوئی ٹھوس ذکر موجود نہیں ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر طیران گاہ کے رن وے کی تعمیر و ترقی کی خاطر 734 کروڑ وپؤں کی ضرورت ہے‘ تاہم حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔
***** ***** *****
    مارکیٹنگ کے ریاستی وزیر عبدالستار نے تیقن دیا ہے کہ تور دال کی قیمتوں میں فرق کو ختم کیاجائے گا اور نئے نرخ پر توردال خریدی جائے گی۔ وزیرِ موصوف کل قانون ساز کونسل میں بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ تور کی بازاری قیمت اور ضمانتی قیمت کے فرق کو پیشِ نظر رکھ کر تور کے نئے نرخ کا تعین کیے جانے پر غور کیا جائیگا۔ وزیرِ موصوف کل کونسل کے رکن راجیش راٹھوڑ کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک حکومت کے 153 تور خریدی مراکز پر صرف 46 کسانوں نے ساڑھے پانچ سو کوئنٹل تور فروخت کی ہے۔
***** ***** *****
    ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین عہدے پر پیارے ضیاء خان کو جبکہ نائب چیئرمین کے طور پر چیتن کھیراج دیڑھیا کی نامزدگی عمل میں آئی ہے۔ ریاست کے اقلیتی ترقیاتی محکمہ کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی۔
***** ***** *****
    قانون ساز کونسل کے چناؤ کیلئے داخل درخواستوں میں سے کوئی بھی واپس نہیں لی گئی‘ اس لیے اب واضح ہوچکا ہے کہ ان انتخابات کیلئے رائے دہی ہوگی۔ کُل 11 نشستوں کیلئے 12  امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ 12 جولائی کو ہوگی اور اسی دِن شام میں ووٹوں کی گنتی کی جائیگی۔
    انتخابات میں جیت کیلئے ہر امیدوار کو 23 ترجیحی ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
***** ***** *****
     وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کرکٹ کے عالمی کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کو 11 کروڑ روپئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان روہت شرما‘ سوریہ کمار یادو‘ شیوم دوبے‘ یشسوی جیسوال‘ گیندبازی کے کوچ پارس مہامبرے اور ٹیم مینیجر ارون کانڑے کا ودھان بھون کے مرکزی ہال میں استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر قانون ساز کونسل کی ڈپٹی اسپیکر نیلم گورہے، اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر‘ دونوں نائب وزرائے اعلیٰ اور اسمبلی کے دوانوں ایوانوں کے اراکین موجود تھے۔ یہ ایوارڈ‘ ایک شال‘ چھترپتی شیواجی مہاراج کا تخت نشین مجسمہ اور اعزازی بیج پر مشتمل ہے۔ اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر بھی ان کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا۔
***** ***** *****
    صدرِ جمہوریہ دَرَوپدی مُرمو کے ہاتھوں کل مسلح افواج میں غیر معمولی بہادری کیلئے دئیے جانے والے کیرتی چکر اور شوریہ چکر انعامات تقسیم کیے گئے۔ ان میں بعد از مرگ سات کیرتی چکر اور نو شوریہ چکر شامل ہیں۔ شہید فوجیوں کے اہلِ خانہ نے کل دلّی میں صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں یہ انعامات قبول کیے۔
***** ***** *****
    دھاراشیو ضلع کے تلجاپور میں واقع تامل واڑی میں 367  ایکڑ رقبے پر نئے صنعتی علاقے MIDC کے قیام کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس صنعتی علاقے میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہش مند صنعت کاروں کی میٹنگ اسمبلی کے مانسون اجلاس کے بعد 14 جولائی کو شولاپور میں ہوگی۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل سے جل سمردّھی مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کہا کہ اس مہم کے تحت ضلع کے ہر قصبے میں پانی کے ذرائع کو دوبارہ جاری کرنے پر زور دیا جائیگا۔ سوامی نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر موی نے ”ایک درخت ماں کے نام“ اس منصوبے پر عمل درآمد کی اپیل کی تھی، جس کے مطابق ضلع کلکٹر دفتر میں سماجی محکمہئ جنگلات کی جانب سے اسکولوں‘ کالجوں اور سرکاری دفاترمیں مفت پودے تقسیم کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
    لاتور میونسپل کارپوریشن حدودمیں پیشگی املاک ٹیکس ادا کرنے والوں کو ٹیکس میں رعایت دی گئی تھی۔ لاتور کے میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر بابا صاحب منوہرے نے اس اسکیم کی معیاد میں 15 جولائی تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
    بیڑ ضلعے کے شرور کاسار تعلقے میں واقع گاؤں میں ریلوے راستے پر پُل کی تعمیر کی خاطر رکنِ اسمبلی سندیپ شرساگر نے رکنِ پارلیمان شردپوار سے ملاقات اور درخواست کی کہ وہ ریلوے کے وزیر سے اس معاملے میں تبادلہئ خیال کرکے پُل کی تعمیر کروائیں۔
***** ***** *****
    رکنِ اسمبلی دھیرج دیشمکھ نے کل اسمبلی میں دھنگر سماج کو ریزرویشن دئیے جانے کے مطالبہ پر لاتور میں کیے جارہے احتجاج کی جانب توجہ مبذول کروائی۔ انھوں نے حکومت سے احتجاج کرنے والوں کی جانب ایک وفد بھیجنے اور مطالبات جاننے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
    ریاست میں 2021-22 کے دوران منعقد کیے جانے والے گرام پنچایت عام انتخابات میں ریزرو زمرے سے منتخب ہونے والے چند اراکین نے اب تک ذات کی تصدیق کیلئے ویلیڈیٹی سرٹیفکیٹ پیش نہیں کیا ہے۔ پربھنی کے ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے نے ضلع کے متعلقہ ممبران سے 10 جولائی تک یہ صداقت نامہ تحصیل آفس میں جمع کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ایسا نہ کرنے پر ان کا انتخاب منسوخ کردیا جائیگا۔
***** ***** *****
    جالنہ ضلع میں آج کوتوال زمرے کے تحت نشستوں پر تقررات کی خاطر امتحان کا انعقاد کیاجارہا ہے۔ دوپہرساڑھے تین تا پانچ بجے کے دوران 14 مراکز پر منعقد کیے جانے والے اس امتحان میں ممکنہ بددیانتی کی روک تھام کی خاطر چوکسی برتی جارہی ہے۔
***** ***** *****
    خواتین کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز میں کل جنوبی افریقہ نے بھارت کو 12 رنوں سے شکست دے دی۔ چنئی میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 189 رنز بنائے۔ جوابی کھیل کے دوران بھارتی خواتین ٹیم مقررہ 20  اوورز میں چار وِکٹوں کے نقصان پر صرف 177 رنز ہی بناپائی۔
***** ***** *****
    مراٹھواڑہ کے تمام آٹھ اضلاع میں آج سے 13 جولائی تک مراٹھا ریزرویشن رابطہ ریلی نکالی جارہی ہے۔ اس کی شروعات آج ہنگولی سے ہوگی۔ اس پس منظر میں ہنگولی میں سیکوریٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    مہاراشٹر مقابلہ جاتی امتحانات میں دھوکہ دہی کی روک تھام کا بل کل قانون ساز اسمبلی میں پیش۔
    ٭    تور دال کی قیمتوں میں فرق ختم کرنے اور نئی قیمت پر خریدی کرنے کی حکومت کی یقین دہانی۔
    ٭    ریاستی اقلیتی چیئرمین عہدے پر پیارے ضیاء خان کی‘ جبکہ نائب چیئرمین کے طور پر چیتن کھیراج دیڑھیا کی نامزدگی۔
    ٭    ٹی۔ ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کو 11 کروڑ روپؤں کے انعام کا وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے اعلان۔
اور۔۔    ٭    تلجاپور تعلقے کے تامل واڑی میں صنعتی علاقے MIDC کے قیام کی خاطر نوٹیفکیشن جاری۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment