Tuesday, 17 September 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 ستمبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 17 September-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۱۷؍ ستمبر  ۲۰۲۴ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

                ٭             سبز مستقبل اور صفر کاربن کے اخراج کیلئے بھارت پُرعزم ہے؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔

                ٭             حیدرآباد مکتی سنگرام دِن کے موقع پر آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں سرکاری پرچم کشائی۔

                ٭             رُکنِ اسمبلی سنجے شرساٹ سڈکو کے چیئرمین مقرر۔

                ٭             دس دِنوں سے جاری گنیش فیسٹیول کا آج ہوگا اختتام۔

اور۔۔۔٭     ایشیائی ہاکی چیمپئن شپ میں آج بھارت اور چین کے درمیان خطابی مقا بلہ۔

***** ***** *****

                اب خبریں تفصیل سے:

                وزیر اعظم نریندر مودی نےکہا ہے کہ بھارت سبز مستقبل اور صفر کاربن اخراج کیلئے پُرعزم ہے۔ وہ کل گجرات کے گاندھی نگر میں چوتھی عالمی قابلِ تجدید توانائی کی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

                دریں اثنا، وزیر اعظم مودی نے کل ٹیلی کانفرنسنگ نظام کی معرفت ریاست میں تین وندے بھارت ریلوے گاڑیوں کو ہری جھنڈی بھی دکھائی۔ ان میں ناگپور-سکندرآباد، پونے-ہبلی اور کولہاپور-پونے ریلوے گاڑیاں شامل ہیں۔

***** ***** *****

                  ملک بھر میں آج سے’’صفائی ہی خدمت‘‘ مہم شروع ہو رہی ہے۔ یہ مہم 2 اکتوبر یعنی گاندھی جینتی تک جاری رہے گی۔ ’’کردار کی صفائی‘ اخلاق کی صفائی‘‘ اس سال کی مہم کا بنیادی نعرہ ہے۔ اس مہم کے دو ران عوامی شمولیت سے سیاحتی و عوامی مقامات، تجارتی علاقوں وغیرہ جگہوں پر صفائی مہم چلائی جائے گی۔

***** ***** *****

                 حیدرآباد مکتی سنگرام دِن آج منایا جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے صبح نو بجے چھترپتی سمبھاجی نگر کے سدھارتھ گارڈن چڑیا گھر میں مراٹھو اڑہ کی مرکزی سرکاری پرچم کشائی کریں گے۔ بعد ازاںوزیراعلیٰ گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال کا معائنہ کریں گے‘ ساتھ ہی میونسپل کارپوریشن کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ ِ بنیاد اور نقاب کشائی بھی وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئے گی۔ پرچم کشائی تقریب کیلئے وزیرِ اعلیٰ شہر پہنچ چکے ہیں۔ ڈویژنل کمشنر دلیپ گائوڑے‘ ضلع کلکٹر دلیپ سو امی اور رکنِ اسمبلی سنجے شرساٹ سمیت دیگر معززین نے وزیرِ اعلیٰ کا استقبال کیا۔

                جالنہ میں ضلعے کے رابطہ وزیر اتل ساوے، بیڑ میں رابطہ وزیر دھننجے منڈے، پربھنی میں رابطہ وزیر سنجے بنسوڑے، ہنگولی میں رابطہ وزیر عبدالستار‘ ناندیڑ میں ماتا گروجی وِساوا گارڈن میں رابطہ وزیر گریش مہاجن اور لاتور میں ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے کے ہاتھوں سرکاری پرچم کشائی عمل میں آئےگی۔

***** ***** *****

                 ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی اور سبز مہاراشٹر کے قیام کیلئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے کاموں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ورلڈ ایگریکلچر فورم کی جانب سےوزیر اعلیٰ شندے سمیت نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اجیت پوار کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ لاتور ضلع کے لودگا میں فینکس فاؤنڈیشن کی جانب سےکل بانس کے عالمی دن کے موقع پر اس اعزازی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔

***** ***** *****

                 قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے الزام لگایا ہے کہ مراٹھواڑہ کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے ایک سال قبل ریاستی حکومت کی معلّنہ اسکیموں پر عمل آوری سے متعلق اب تک کوئی پیش رفت نہیں کی گئی ہے۔ دانوے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک صحافتی کانفرنس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ سال منعقدہ کابینی اجلاس میں مراٹھواڑہ کی ترقی کیلئے سو سے زیادہ اعلانات کیے گئے تھے، لیکن ان میں سے کسی بھی منصوبے پر عمل درآمد شروع نہیں کیا گیا۔

 ***** ***** *****

                مراٹھا بر ادری کے تحفظات کیلئے تحریک چلانے والے منوج جرانگے پاٹل نے ریزرویشن کے مطالبہ پر جالنہ ضلعے کے آنتروالی سراٹی میں گذشتہ نصف شب سے دوبارہ اپنی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ جرانگے پاٹل نے انتباہ دیا ہے کہ حکومت کیلئے مر اٹھا برادری کے مطالبات تسلیم کرنے کا یہ آخری موقع ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل حکومت تمام مطالبات تسلیم کرلے۔

***** ***** *****

                 شیوسینا کے رُکنِ اسمبلی سنجے شرساٹ کو شہر اور صنعتی ترقیاتی کارپوریشن - سڈکو کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ وزارتِ شہری ترقیات عہدے کی تمام خدمات و سہولیات شرساٹ کو فراہم کرنے کی ہد ایت حکمنامے میں کی گئی ہے۔

                اسی طرح سابق رکنِ پارلیمان ہیمنت پاٹل کو ہنگولی کے بالا صاحب ٹھاکرے ہلدی تحقیقی و تربیتی مرکز، کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ اس عہدے کو وزارت کا درجہ دیا گیا ہے۔ جبکہ سابق رکنِ پا رلیمان آنندراؤ اَڈسول کو درج فہرست ذات اور قبائل کمیشن کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سرکاری فیصلہ بھی گزشتہ روز جاری کر دیا گیا۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

                 بینائی اور سماعت سے محروم شائقین کیلئے سینما گھروں میں خصوصی آلات دستیاب کرائے جائیں گے۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات کے رہنما خطوط کے مطابق سینماگھروں میں سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ سنٹرل فلم سرٹیفیکیشن بورڈ نے کیا ہے ۔

***** ***** *****

                 گذشتہ دس دِنوں سے جاری گنپتی فیسٹیول کا آج اننت چتردشی پر اختتام ہورہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں، میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آٹھ کنوؤں ‘ایک جھیل سمیت سات مصنوعی تالابوںمیں گھروں میں بٹھائی گئیں گنیش کی مورتیوں کا وسرجن کیاجائےگا۔ میونسپل کارپوریشن نے شہر میں 46 مقامات پر گنیش مورتیاں جمع کرنے کے مراکز قائم کیے ہیں اور ان مراکز پر عطیات دینے والے شہریوں کو آدھا کلو کھاد کا پیکٹ بطور تحفہ دیا جائے گا۔

                ناندیڑ میں بھی ماحول دوست گنیش وسرجن کیلئے میونسپل انتظامیہ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ضلعے میں آج ڈھائی ہزار عوامی گنیش منڈلوں کی مورتیوں کا وسرجن کیا جائے گا۔ وسرجن جلوس کے پیشِ نظر ناندیڑ شہر کے نو راستوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بند رہے گی۔

                جالنہ میں، گھریلو گنیش مورتیوں کے وسرجن کیلئے موتی تالاب چوپاٹی پر ایک مصنوعی حوض بنایا گیا ہے، جب کہ عوامی منڈلوں کی بڑی گنیش مورتیوں کو موتی تالاب میں غرقاب کیا جائے گا۔ شہر کے مکتیشور تالاب اور گھانے واڑی تالاب میں گنیش کی مورتیوں کا وسرجن ممنوع قرار د ینے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔

                ہنگولی میں وِگھن ہرتا چنتا مَنی کے درشن کیلئے آنے والے عقیدت مندوں میںپرساد کے طور پر تقریباً 51 ہزار مودک تقسیم کیے جائیںگے۔

                د ھاراشیو ضلعے میں کل 410 گنیش مورتیوںکا وسرجن کیا گیا، جبکہ آج اَننت چتردشی کی مناسبت سے ایک ہزار گنیش مورتیوںکو وداع کیا جائےگا۔ ضلعے میں عید ِ میلادالنبیؐ کا جلوس دھارا شیو‘ نلدُرگ‘ لوہارا اور کڑمب میں پرسوں 19 ستمبر کو جبکہ پرانڈا میں کل 18 ستمبر کو نکالا جائےگا۔

                پربھنی میں ہر سال کی طرح امسال بھی عید ِ میلاد النبیؐ کے موقعے پر کل اجتماعی شادیوں کا پروگرام منعقد ہوا۔ اس تقریب میں 40 جوڑے ازدواجی رشتے سے منسلک کیے گئے۔ نوبیاہتا جوڑوں میں ضروریاتِ زند گی کے سامان بھی تقسیم کیے گئے۔

***** ***** *****

                 چین میں جاری ایشیائی ہاکی چمپئن شپ مقابلوں میں آج بھارت اور چین کے مابین خطابی مقابلہ کھیلا جائےگا۔ بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں مسلسل دو سری بار فائنل مقابلے میں پہنچی ہے۔ کل سیمی فائنل مقابلے میں بھارت نے جنوبی کور یا کو چار ایک سے شکست دی۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے دو جبکہ جرمن پریت سنگھ اور اُتم سنگھ نے فی کس ایک۔ ایک گول کیا۔

***** ***** *****

                سپریم کورٹ کے جسٹس سنجیو کھنہ نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے وکلاکا کام تکنیک سے مزین ہوجائے گا۔ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ مہاراشٹر نیشنل لا یونیورسٹی کی تیسری تقسیمِ اسناد تقریب سے وہ مخاطب تھے۔ اس تقریب میں 113 گریجویٹس کو اسنادات تقسیم کیے گئے۔

***** ***** *****

                 لاتو ر ضلعے میں آج ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ مہم چلائی جائےگی۔ اس میں ضلعے کی تمام گرام پنچایتوں میں شجرکاری کی جائےگی۔ لاتور ضلع انتظامیہ نے عوام سے اس مہم میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔

***** ***** *****

                 وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کیلئے دھاراشیو ضلعے میں کل تک تین لاکھ بانوے ہزار 424 خو اتین کی درخواستیں فوائد کیلئے اہل پائی گئی ہیں۔ ضلعے میں اب تک چار لاکھ تین ہزار 851 خواتین نے درخواستیں کی ہیں۔

***** ***** *****

                 بیڑ میں کل جعلی نوٹ چلن میںلانےکی کوشش کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان کے قبضے سے پانچ سو روپئے کے کچھ جعلی نوٹس ضبط کیے گئے۔ اس معاملے میں مزید جانچ جاری ہے۔

***** ***** *****

                چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن میں واقع جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی کا ذخیرہ 99 اعشاریہ 34 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ فی الحال ڈیم میں ڈھائی ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد ہورہی ہے اور د ائیں نہر سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

                ٭             سبز مستقبل اور صفر کاربن کے اخراج کیلئے بھارت پُرعزم ہے؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔

                ٭             حیدرآباد مکتی سنگرام دِن کے موقع پر آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں سرکاری پرچم کشائی۔

                ٭             رُکنِ اسمبلی سنجے شرساٹ سڈکو کے چیئرمین مقرر۔

                ٭             دس دِنوں سے جاری گنیش فیسٹیول کا آج ہوگا اختتام۔

اور۔۔۔٭     ایشیائی ہاکی چیمپئن شپ میں آج بھارت اور چین کے درمیان خطابی مقا بلہ۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment