Tuesday, 1 October 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 اکتوبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 01 October-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم اکتوبر ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ہوم گارڈ‘ کوتوال اور گرام روزگار سیوکوں کے مشاہرے میں اضافہ؛ دیسی گائے کو راجیہ ماتا کا درجہ دینے کو کابینہ کی منظوری۔
٭ 2023 کے خریف موسم میں کپاس اور سویا بیٖن کے کاشتکاروں میں امداد کی تقسیم کا آغاز۔
٭ خصوصی اساتذہ کی پَونے پانچ ہزار سے زائد نئی آسامیوں کی تخلیق‘اور پرلی تعلقے میں 30 ہیکٹر رقبے پر سیتا پھل اسٹیٹ قائم کیا جائیگا۔
٭ مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین اسکیم کی تیسری قسط تقسیم کرنے کے مرحلے کی شروعات۔
اور۔۔۔٭ بھارت- بنگلہ دیش کرکٹ ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں۔
***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کے ہوم گارڈ‘ کوتوال اور گرام روزگار سیوکوں کے مشاہرے میں اضافے‘ نیز خصوصی اساتذہ کی پَونے پانچ ہزار سے زائد نئی آسامیاں تخلیق کرنے اور خدمات سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو دی جانے والی رقم میں اضافہ کرنے کا فیصلہ ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی زیرِ صدارت کل یہ اجلاس منعقد ہوا۔ ہوم گارڈ کو دیا جانے والا ادائیگی ِ فرائض بھتہ 570 روپئے سے بڑھاکر ایک ہزار 83 روپئے کردیا گیا ہے۔ کوتوال کیلئے مشاہرے میں دس فیصد اضافہ اور اَنوکمپا پالیسی اور گرام روزگار سیوکوں کو اب سات ہزار روپئے مشاہرہ اور ترغیبی امداد دی جائیگی۔ اس کے علاوہ خصوصی اساتذہ کی چار ہزار 860 آسامیوں کی گنجائش پیدا کی جائیگی۔ اسی طرح ریاستی سرکاری خدمات انجام دینے والے ملازمین کیلئے ریٹائرمنٹ گریجویٹی اور بعد از مرگ گریجویٹی کی حد کو بڑھا کر 20 لاکھ روپئے کیا جائیگا۔
***** ***** *****
دیسی گائے کو راجیہ ماتا کا درجہ دینے کا فیصلہ بھی کل منعقد ہوئے کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ گوشالاؤں کو دیسی گائیوں کیلئے فی گائے روزانہ 50 روپئے کی شرح سے امداد دی جائیگی۔ مویشی پروری کے وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے کہا ہے کہ یہ اسکیم مستقل جاری رہے گی اور اعتماد ظاہر کیا کہ اس اسکیم کے باعث گوشالاؤں پر موجود مالی بوجھ کم ہوگا۔
***** ***** *****
2023 کے موسمِ خریف کے دوران کپاس اور سویا بین کے کاشتکاروں میں امداد کی تقسیم کا کل اس اجلاس سے آغاز کیا گیا۔ پانچ ہزار روپئے فی ہیکٹر کے حساب سے دو ہیکٹر کی حد تک یہ امداد جاری کی جارہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 49 لاکھ 50 ہزار کسانوں کے بینک کھاتوں میں دو ہزار تین سو 98 کروڑ 93 لاکھ روپئے جمع کیے جارہے ہیں۔ اس میں دھاراشیو ضلع کے تین لاکھ 71 ہزار کسان شامل ہیں۔ تاہم فصلوں کا ای معائنہ نہ ہونے اور سات بارہ پر فصلوں کا اندراج نہ کروانے والے تقریباً پانچ فیصد کسان اس امداد سے محروم ہیں۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے تیقن دیا کہ ان کسانوں کو بھی امداد دلانے کیلئے وہ کوشش جاری رکھیں گے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے ہاساڑا‘ اُمبڑگا، پیٹھ اور کوہا کے کولہاپوری طرز کے پشتوں کے کاموں کو کل کابینہ نے منظوری دے دی۔ بیڑ ضلع کے پرلی تعلقے میں 30 ہیکٹر رقبے پر سیتا پھل اسٹیٹ اور ناسک ضلع کے مالیگاؤں سے قریب چھ ہیکٹر رقبے پر انار اسٹیٹ قائم کرنے کی تجویز بھی کابینہ نے منظور کی۔ اس کیلئے 98 کروڑ روپئے فنڈ مختص کیے جانے کی اطلاع وزیرِ زراعت دھننجئے منڈے نے دی۔
مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں تشکیل کردہ سبکدوش جج جسٹس سندیپ شندے کمیٹی کی دوسری اور تیسری رپورٹ بھی کل ریاستی مجلس ِ وزراء نے تسلیم کی۔
***** ***** *****
مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن اسکیم کی رقومات کی ترسیل کی تیسرے مرحلے کی شروعات ہوچکی ہے۔ 26 ستمبرکو مجموعی طورپر 38 لاکھ 98 ہزار 705 خواتین کے بینک کھاتوں میں پانچ ہزار 848 کروڑ روپئے جمع کیے گئے۔ دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ ماجھی لاڈکی بہن یوجنا اور دیگر اسکیموں کا جشن منانے کیلئے آئندہ 7 اکتوبر کو ناندیڑ میں ایک پروگرام منعقد ہوگا۔ جس میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار بھی شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ ماجھی لاڈکی بہن اسکیم مستقل طورپر جاری رہے گی۔ لاتور ضلع کے اودگیر میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جن سنمان یاترا سے وہ خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر انھوں نے حکومت کی مختلف اسکیموں سے متعلق تفصیلات بھی پیش کیں۔ اجیت پوار کے ہاتھوں اودگیر شہر کی مختلف سرکاری عمارتوں کا افتتاح بھی عمل میں آیا۔
***** ***** *****
آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز آج سے لیے جائیں گے۔ ان انٹرویوز کیلئے کانگریس پارٹی نے سینئر رہنماؤں کو ذمہ داری سونپی ہے۔ یہ رہنماء یکم تا 8 اکتوبر کے دوران متعلقہ اضلاع میں خواہشمند امیدواروں سے ملاقات کریں گے اور 10 اکتوبر کو اپنی خفیہ رپورٹ پردیش کانگریس کمیٹی کو ارسال کریں گے۔
***** ***** *****
سرکاری صنعتی اداروں میں دوشیزاؤں کو حفظ ِ ماتقدم کی تربیت دینے سے متعلق ”ہرگھر دُرگا“ مہم کا افتتاح کل ممبئی میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کیا۔ اس موقع پر انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ملک کی نوجوان لڑکیوں میں دُرگا جیسی طاقت اور ناانصافی اور ظلم کے خلاف مزاحمت کرنے کی طاقت دیکر ان میں خوداعتمادی پیدا کرنے کیلئے یہ مہم نہایت مؤثر ثابت ہوگی۔ اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر منگل پربھات لوڈھا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین جاری ٹیسٹ نہایت میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ پہلے تقریباً تین دِن بارش کے باعث ضائع ہوجانے کے باوجود کل چوتھے دِن بنگلہ دیش کی پہلی اننگ 233 رنوں پر ختم ہوئی۔ اپنی پہلی اننگ میں بھارتی ٹیم نے جارحانہ بلّے بازی کرتے ہوئے 35 اووروں میں نو وِکٹ پر 285 رن بناکر اننگ ختم کرنے کا اعلان کیا۔ یشسوی جیسوال نے 72 اور کے ایل راہل نے 68 رن بنائے۔ چوتھے دِن کے کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش نے دو وِکٹ کے نقصان پر 26 رن بنائے تھے۔ بنگلہ دیش اب بھی پہلی اننگ کی بنیاد پر 26 رن پیچھے ہے۔
***** ***** *****
عالمی تیر اندازی فیڈریشن کی جانب سے چائنیز تائیپی میں منعقدہ ایشیائی تیر اندازی چمپئن شپ میں دھارا شیو ضلع دھنوروِدیا انجمن کے تیرانداز ریان صدیقی نے طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ ایشیائی مقابلوں میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے وہ مراٹھواڑہ کے پہلے تیرانداز بن گئے ہیں۔ کل جونیئر رِکور زمرے کے فائنل میں بھارت نے میزبان چائنیز تائیپی کی ٹیم کو شکست دے کر چمپئن شپ جیت لی۔
***** ***** *****
جالنہ میں سرکاری میڈیکل کالج کیلئے جاری سماعت میں رواں تعلیمی سال 2024-25 کیلئے 100 نشستوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری حکمنامہ کل جاری کیا گیا۔ جالنہ کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشن پانچاڑ نے کہا ہے کہ ضلع میں عوام کیلئے طبّی خدمات کی فراہمی کے اہم باب کے طور پر سرکاری میڈیکل کالج ایک سنگ ِ میل ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے کے جنرل مینیجر ارون کمار جین نے کل ناندیڑ میں مہاراشٹر کے متعلقہ زون سے تعلق رکھنے والے ممبرانِ پارلیمنٹ کے ساتھ گفت و شنید کی۔ اس موقع پر رُکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے مطالبہ کیا کہ جالنہ وندے بھارت ایکسپریس کو ناندیڑ تک بڑھایا جائے۔ اس کے علاوہ ناندیڑ-حیدرآباد رُوٹ کیلئے نئی وندے بھارت ایکسپریس شروع کی جائے۔ اس موقع پر ارون کمار جین نے جنوب وسطی ریلوے کی کارکردگی بھی پیش کی۔ محکمے کے تحت گذشتہ پانچ سالو ں میں ایک ہزار 166 کروڑ روپئے خرچ کیے گئے اور 26 ہزار کروڑ روپئے کے کاموں کو منظوری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
بجلی ترسیل کار کمپنی مہاوِترن نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں نوراتری کے دوران کرن پورہ میں منعقد ہونے والی یاترا کیلئے یکساں اور بہتر بجلی کی فراہمی کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ نظام کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ برقی حفاظتی احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جارہی ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر سرکل کے چیف انجینئر پون کمار کچھوٹ نے کل کرن پورہ کا دورہ کیا۔ انھوں نے اسٹال لگانے والوں سے اپیل کی کہ وہ یاتراکے دوران سرکاری عارضی بجلی کنکشن حاصل کریں۔ا نھوں نے یہ بھی کہا کہ یاترا کے دوران مہاوِترن کا کنٹرول روم 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ہوم گارڈ‘ کوتوال اور گرام روزگار سیوکوں کے مشاہرے میں اضافہ؛ دیسی گائے کو راجیہ ماتا کا درجہ دینے کو کابینہ کی منظوری۔
٭ 2023 کے خریف موسم میں کپاس اور سویا بیٖن کے کاشتکاروں میں امداد کی تقسیم کا آغاز۔
٭ خصوصی اساتذہ کی پَونے پانچ ہزار سے زائد نئی آسامیوں کی تخلیق‘اور پرلی تعلقے میں 30 ہیکٹر رقبے پر سیتا پھل اسٹیٹ قائم کیا جائیگا۔
٭ مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین اسکیم کی تیسری قسط تقسیم کرنے کے مرحلے کی شروعات۔
اور۔۔۔٭ بھارت- بنگلہ دیش کرکٹ ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment