▼

Friday, 22 November 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 نومبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 22 November-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۲؍ نومبر ۲۰۲۴ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭   اسمبلی کے عام انتخابات کی کل ہونے والی ووٹوں کی گنتی کیلئے انتظامیہ تیار۔

٭ ریاستی ثانو ی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے دسویں اور بارہویں کے امتحانات کا 11 فروری سے ہوگا آغاز۔

٭   چھترپتی سمبھاجی نگر میں گیان یگیہ فاؤنڈیشن کے تیسرے پدم فیسٹیول کا آغاز۔

اور۔۔۔٭ آسٹریلیا میں بارڈر۔ گاوسکرٹرافی ٹیسٹ کرکٹ سیریز کا آغاز۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

  ریاستی اسمبلی کے عام انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کل کی جائےگی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ اور انتخابی شعبے نے ووٹوں کی گنتی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کل ایک اطلاعی کانفرنس میں اس کی جانکاری دی۔ ضلع کلکٹر سوامی نے بتایا کہ ضلعے کے نو اسمبلی حلقوں کےووٹوں کی گنتی 208 ٹیبل پر کی جائے گی‘ اور ووٹ شماری کیلئے مقررہ  852 افسران و ملازمین پر مشتمل عملے کو آج تربیت دی جائے گی۔ اسی طرح گنتی مراکز پر حفاظتی انتظامات کیلئے تین ہزار سے زیادہ پولس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

کلکٹر دلیپ سو امی نے مزید بتایا کہ ضلعے کے نو اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ مشینوں کی گنتی کیلئے 126 ٹیبل، پوسٹل بیلٹ کی گنتی کیلئے 70 ٹیبل اور اے ٹی بی پی ایس کی گنتی کیلئے 12 ٹیبل لگائے جائیں گے اور ان ٹیبلوں پر ووٹ گننے کیلئے 852 افسران و ملازمین کا عملہ تیار کیا گیا ہے‘ جبکہ 242 مائیکرو آبزرورس رکھے گئے ہیں۔ اس طرح ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل کرنے کیلئے مجموعی طور پر 5778  افسران و ملازمین کو تیار کیا گیا ہے۔

***** ***** *****

پربھنی ضلع انتظامیہ نے بھی ووٹوں کی گنتی کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ضلعے کے چاروں اسمبلی حلقوں کے تحت پربھنی میں وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی، جنتور میں سرکار ی صنعتی تربیتی ادارہ، گنگا کھیڑ میں سنت جنابائی کالج اور پاتھری میں سرکار ی صنعتی تربیتی ادارہ میں ووٹوں کی گنتی کی جائےگی۔  ضلع الیکشن افسر اور ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاوڑے نے گنتی مراکز کے علاقے میں امن و امان کی صور تحال برقرار رکھنے کیلئے دفعہ 163  نافذ کیا ہے۔ یہ احکامات کل صبح چھ بجے سے گنتی کا عمل ختم ہونے تک نافذ العمل رہنے کی وضاحت متعلقہ حکم نامے میں کی گئی ہے۔

***** ***** *****

بیڑ ضلعے میں ووٹوں کی گنتی کے عملے کا ر ینڈمائزیشن کل مکمل کیا گیا۔ اس موقعے پر تمام چھ اسمبلی حلقوں کے اہم سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور امیدوار موجود تھے۔

***** ***** *****

دریں اثنا‘  اسمبلی انتخابات کیلئےرائے دہی کا حتمی فیصد انتظامیہ کی جانب سے کل جاری کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں، اوسطاً  69 اعشاریہ 64 فیصد رائے دہی کا اندراج کیا گیا۔ سب سے زیادہ 80 فیصد رائے دہی ضلعے کے سلوڑ اسمبلی حلقے میں ہوئی‘ پیٹھن حلقے میں 77  اعشاریہ 53 فیصد، ویجاپور میں تقریباً  76 فیصد، گنگاپور 74 فیصد، پھلمبری 72 فیصد، کنڑ 69 فیصد ‘ جبکہ اورنگ آباد وسطی، مشرقی اور مغربی اسمبلی حلقوں میں تقریباً 60 فیصد رائے دہی ہونے کا اندراج کیا گیا۔

***** ***** *****

جالنہ ضلعے میں 72  اعشاریہ 67 فیصد ر ائے دہی کا اندراج ہوا ا ور بھوکردن اسمبلی حلقے میں سب سے زیادہ 77  اعشاریہ 36 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ اسی طرح گھن ساونگی حلقے میں 77 اعشاریہ 16فیصد، بدناپور حلقے میں 74 اعشاریہ 72، پرتور 70 اعشار یہ 72 جبکہ جالنہ اسمبلی حلقے میں 64   اعشاریہ 39 فیصد رائے دہی درج کی گئی۔

***** ***** *****

دھاراشیو ضلعےکے چار اسمبلی حلقوں میں مجموعی طور پر 65 اعشاریہ 58 فیصد رائے دہی کا اندراج کیا گیا او ر پرانڈا اسمبلی حلقے میں سب سے زیادہ تقریباً 70 فیصد رائے دہی کی گئی‘ جبکہ عمرگہ حلقے میں سب سے کم تقریباً 62 فیصد رائے دہی ہوئی۔ تلجاپور حلقے میں تقریباً 67 فیصد اور عثمان آباد حلقے میں 63 اعشاریہ 73 فیصد ر ائے دہی کا اندراج کیا گیا۔

***** ***** *****

ناندیڑ ضلعے کے نو اسمبلی حلقوں میں مجموعی طور پر 69 اعشاریہ 45 فیصد رائے دہی درج کی گئی‘ جس میں سب سے زیادہ 76 اعشاریہ 33 فیصد ووٹنگ بھوکر میں درج کی گئی ‘ جبکہ نائیگاؤں  74 فیصد، مکھیڑ - 70 اعشاریہ 14 فیصد، کنوٹ - تقریبا 72 فیصد، حدگاؤں - 71  اعشاریہ 77 فیصد، شمالی ناندیڑ حلقے میں  60 فیصد، ناندیڑ جنوبی حلقے میں  64 فیصد، لوہا حلقے میں  75 فیصد اور دیگلور حلقے میں 63 اعشاریہ 22 فیصد رائے دہی ہوئی۔ جبکہ ناندیڑ لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں بھی 67 اعشاریہ 61 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں

***** ***** *****

بیڑ ضلعے میںمجموعی طور پر 68  اعشاریہ 88 فیصد پولنگ کا اندرا ج کیا گیا۔ جس میں گیورائی حلقے میں 72 اعشاریہ 72 فیصد، ماجل گاؤں 67 اعشاریہ 24، بیڑ حلقے میں 62 اعشاریہ 18، آشٹی میں تقریباً 73 فیصد، کیج 63  اعشاریہ 48 اور پرلی حلقے میں 75 اعشاریہ 27 فیصد ر ائے دہی کا اندراج ہوا۔

***** ***** *****

اسمبلی انتخابات میں رائے دہی فیصد بڑھانے کی غرض سے چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایک نوجوان سمیت پنڈت نے ر ائے دہی کے دن انگلیوں پر رائے دہی کی سیاہی لگا نے و الے شہریوں کی مفت حجامت بنائی۔ سُمیت پنڈت نے آکاشوانی کو بتایا کہ انہوں نے اپنے مانوسکی ہیئر سیلون میں بہت سے ووٹروں کو مفت بال تراشنے کی خدمات فراہم کیں، جبکہ ر ائے دہی کرنے وا لی خواتین کا شال اور ناریل د یکر اعزاز کیا گیا۔

***** ***** *****

ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نےبارہویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا حتمی نظام الاوقات جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق بارہویں جماعت کے تحریری امتحان آئندہ سال 11 فروری سے 18 مارچ کے درمیان‘ جبکہ دسویں جماعت کے امتحانات 11 فروری سے 17 مارچ کے درمیان منعقد ہوںگے۔ اس سے قبل بارہویں جماعت کا پریکٹیکل، زبانی امتحان 24 جنوری سے 10 فروری تک لیا جائے گا، جبکہ دسویں جماعت کا پریکٹیکل، اور زبانی امتحان 3 فروری سے 20 فروری کے درمیان لیا جائےگا۔

اسی طرح مرکزی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ- سی بی ایس ای کے دسویں اوربارہویں کے امتحانات 15 فروری سے شروع ہوں گے۔ دسویں جماعت کے امتحانات 18 مارچ تک اور بارہویں جماعت کے امتحانات 4 اپریل تک جاری رہیں گے۔ اس سال سی بی ایس ای نے پہلی بار امتحان سے 86 دن پہلے امتحانی نظام الاوقات جاری کیا ہے۔

***** ***** *****

آثارِ قد یمہ اور فنِ تعمیر کے ماہر پدم شری کے کے محمد نے خیال ظاہر کیا کہ بھارت میں عالمی ثقافتی ورثے اور تاریخی مقامات کے تحفظ او ر ان مقامات کی مناسب تشہیر کا فقدان ہے اور مرکزی حکومت کو اس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرو رت ہے۔گیان یگیہ فائونڈیشن کے زیرِ اہتمام تیسر ا پدم فیسٹیول کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں شرو ع ہوا۔ اس فیسٹیول کے دوسرے سیشن میں کے کے محمد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس دور ان پدم بھوشن را م نائیک‘ ہند ی کرکٹ مبصر سشیل د وشی‘ اور پدم وِبھوشن پنڈت ہر ی پرساد چورسیا کے کل انٹرویو لیے گئے۔ پنڈت چورسیا نے اپنی آخری سانس تک بانسری بجانے کا عزم ظاہر کیا۔ کل 23 نومبر تک یہ فیسٹیول جاری رہے گا۔

***** ***** *****

بھارت اور آسٹریلیا کے مابین پانچ ٹیسٹ مقابلوں کی بارڈر۔ گاوسکر ٹسٹ کرکٹ سیریز کا پہلا مقابلہ آج سے پرتھ میں کھیلا جارہا ہے۔ اس مقابلے میں روہت شرما کی جگہ جسپریت بمراہ بھارتی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ بلّے باز شبھمن گِل اَن فٹ ہونے کے سبب پہلا مقابلہ نہیں کھیلیں گے۔

سیریز کا دوسر ا ٹسٹ چھ دسمبر سے‘ تیسرا 14 دسمبر سے‘ ــچوتھا ٹسٹ 26دسمبر جبکہ پانچواں او ر آخری ٹسٹ تین جنوری سے کھیلا جائے گا۔ 

***** ***** *****

شام رائو بودھنکر میمورئیل ایوارڈس کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں تقسیم کیے گئے۔ مجاہد ِ آزادی شام ر ائو بودھنکر میمورئیل ایو ارڈ پدم شری ڈاکٹر رویندر کولہے، جبکہ اندر ائنی مدھوکر بودھنکر میمورئیل ایوارڈ سماجی کارکن اسمیتا کولہے کو تفو یض کیا گیا۔ کولہے جوڑا ویرا گڑھ کے دو ر در از والے علاقے میں گذشتہ 34 سالوں سے طبّی خدمات انجام دے رہا ہے

***** ***** *****

دھاراشیو شہر کے گورنمنٹ لیبردفتر کے ایک شاپ انسپکٹر ویویک ہیڈاوُ کو دھا ر اشیو کی ضلع اور سیشن عدالت نے تین سال کی قید کی سزا سنائی ہے۔ 2012 میں ہیڈاوُ نے ر اج آفسیٹ اور اسٹیشنری سپلائرس دکان کے لائسنس کی تجدید کیلئے دُکان مالک سے 200 روپئوں کی رشوت طلب کی تھی۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭   اسمبلی کے عام انتخابات کی کل ہونے والی ووٹوں کی گنتی کیلئے انتظامیہ تیار۔

٭ ریاستی ثانو ی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے دسویں اور بارہویں کے امتحانات کا 11 فروری سے ہوگا آغاز۔

٭   چھترپتی سمبھاجی نگر میں گیان یگیہ فاؤنڈیشن کے تیسرے پدم فیسٹیول کا آغاز۔

اور۔۔۔٭ آسٹریلیا میں بارڈر۔ گاوسکرٹرافی ٹیسٹ کرکٹ سیریز کا آغاز۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment