Monday, 2 December 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 دسمبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 02 December-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍دسمبر ۲۰۲۴ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں کل بھونیشور میں پولس ڈائریکٹر جنرل اور پولس انسپکٹر جنرل کانفرنس کا اختتام۔
٭ مہایوتی کی مخلوط حکومت میں وزارتوں کی تقسیم پر بات چیت جلد مکمل ہو جائے گی، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی وضاحت۔
٭ اسمبلی انتخابات کے دوران ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے متعلق فرضی ویڈیو کے سلسلے میں متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج۔
٭ فینگل گردشی طوفان کے سبب مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں گر اوٹ۔
اور۔۔۔٭ سید مودی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں پی وی سندھو اور لکشئے سین نے ٹائٹل اپنے نام کیا، خواتین کے ڈبلز میں بھارتی کھلاڑیوں کو تمغے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی اور خاندانی تعلقات میں خلل انداز ہونے والے ڈیپ فیک کے ممکنہ جرائم اور ڈیجیٹل جعلسازی، سائبر جرائم اور اے آئی ٹکنالوجی سے لاحق ممکنہ خطرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے پولس کی سربراہی میں مصنوعی ذہانت اور پُراُمید بھارت کی جڑواں AI طاقتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میںپولس ڈائریکٹر جنرل اور پولس انسپکٹر جنرل کی 59ویں کُل ہند کانفرنس کل بھونیشور میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقعے پر وزیرِ اعظم نے اسمارٹ پولیسنگ تصور کی توسیع پر زور د یتے ہوئے اور پولس کو محتاط، موافق، قابلِ اعتماد اور شفاف بننے کی ترغیب دی۔ وزیرِ اعظم نے شہری پولیسنگ میں کیے گئے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ سبھی اقدام کو یکجا کرکے ملک بھر کے 100 شہروں میں نافذ کیا جائے۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب میںوزیراعظم کے ہاتھوں خفیہ محکمہ کے افسران کو گرانقدر خدمات پر صدارتی پولس تمغوں سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
ریاست کے نگراں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ مہایوتی میں حکومت سازی پر مثبت بات چیت جاری ہے اور جلد ہی تمام اُمور گفت و شنید کے ذریعے مکمل کرلیے جائیں گے اور ریاست میں عوامی کاموں کو ترجیح دینے والی ایک مضبوط حکومت قائم کی جائے گی ۔ کل ستارا ضلع میں اپنے آبائی گائوں دَرے میں شندے میڈیا سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے مہایوتی میں وزارتوں کی تقسیم پر کوئی اختلاف نہ ہونےاور وزیر اعلیٰ عہدے سے متعلق اپنا مؤقف پہلے ہی ظاہر کر دینے کی وضاحت بھی کی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ حکومت سازی سے متعلق مرکزی وزیرِ د اخلہ امت شاہ کے ہمراہ ہماری ایک میٹنگ ہوچکی ہے اور اس سلسلے میں ہماری مزید ایک ملاقات ہوگی، جس میںریاست کے مفاد میں مناسب فیصلہ لیا جائے گا۔
ایکناتھ شندے نے حزبِ اختلا ف کی جماعتوں کی جانب سے ای وی ا یم پر شبہات کا اظہار کرنے پر اپنا ردّ عمل دیتے ہوئے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو گذشتہ پارلیمانی انتخابات میں جیت ملی ‘ اسی طرح لوک سبھا کے ضمنی انتخاب کے علاوہ کرناٹک ، تلنگانہ اور جھارکھنڈ میں بھی حزبِ اختلا ف کی جماعتیں کامیاب ہوئی ہیں‘ تب ای وی ایم میں کوئی گڑبڑ نہیں تھی۔لیکن اب لاڈلی بہنوں ‘ بھائیوں ا ور کسانوں کی محبتوں اور آشیرواد کی وجہ سے مہایوتی کو اتنی واضح اکثریت ملی ہے تو اپوزیشن جماعتیں ووٹنگ مشینوں پر اعترا ض اُٹھا رہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں حالیہ اسمبلی انتخابات کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا دعویٰ کرنے والا ایک آڈیو پیغام سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے ۔ ممبئی پولس کے سائبر جر ائم شعبہ نے اس آڈیو ٹیپ میں موجود شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ریاست کے چیف انتخابی افسر کے دفتر نے اس سلسلے میں شکایت درج کرائی تھی۔ اس شکایت کی بنیاد پر متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کی اطلاع چیف انتخابی افسر دفتر نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام کے ذریعے دی ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر دفتر نے اس آڈیو ٹیپ میں ملزم شخص کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ہیک کرنے کے دعوے کو بھی جھوٹا اور بے بنیاد بتایا ہے۔ دفتر نے وضاحت کی کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ایک علیحدہ اور ناقابلِ چھیڑ چھاڑ ڈیوائس ہے اور اسے کسی نیٹ ورک، وائی فائی یا بلوٹوتھ سے نہیں جوڑا جا سکتا، اس لیے ان مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا کوئی امکان نہیں ہے اورعد الت ِ عظمیٰ بھی متعدد مرتبہ ان مشینوں پر اعتماد کا اظہار کرچکی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں
***** ***** *****
راشٹرواد ی کانگریس شرد چندر پوار گروپ کے نو منتخبہ ارکانِ اسمبلی کی ایک میٹنگ کل ممبئی میں منعقدہوئی۔ اس میٹنگ میں رُکنِ اسمبلی جتیندر اوہاڑ کو پارٹی کا گروپ لیڈر، روہت پاٹل کو چیف وہپ اور اتم جانکر کو ڈپٹی وہپ کے طور پر منتخب کیا گیا۔ پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے یہ جانکاری دی۔ پاٹل نے بتایا کہ اس میٹنگ میں مقننہ میں پارٹی کے سربراہ کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے اور اجلاس کے دوران اس سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
بہبودیِ وظیفہ یابان محکمہ کی جانب سے ڈیجیٹل حیات صداقت نامہ اجرائی مہم کا تیسرا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران مہاراشٹرا نے بہتر کارکردگی کرتے ہوئے 20 لاکھ ڈیجیٹل حیات صداقت نامے تقسیم کرنے کا ہدف مکمل کرنے کی اطلاع محکمۂ عوامی شکایات اور پنشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں د ی گئی ہے۔
***** ***** *****
پونے ڈیری ڈیولپمنٹ محکمے کے کمشنر پرشانت موہوڑ نے بتایا کہ دودھ پیدا کرنے والے افراد ا ور اداروں کو امداد فراہمی کیلئے ریاستی حکومت سے 267 کروڑ روپئے کا فنڈ موصول ہوا ہے اور اکتوبر اواخر تک کی امداد کی تقسیم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ د ودھ پیدوار اداروں اور افراد سے فوری طور پر اپنی درخواستیں پیش کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا نے کہا ہے کہ ملک میں ایڈز سے ہونے والی اموات میں 79 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ ایچ آئی وی کے مرض میں 2010 کے مقابلے 2023 میں 44 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ کل اندور میں عالمی یومِ ایڈز کے موقع پر نڈا کی موجودگی میںمرکزی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔
***** ***** *****
فینگل طوفان کے سبب وسطی مہاراشٹر اور مراٹھو اڑہ میں درجۂ حرارت میں تین تا پانچ ڈگری سیلسئیس کی کمی آنے کی اطلاع محکمۂ موسمیات نے دی ہے۔ گردابی طوفان کی وجہ سے پانچ دسمبر تک ریاست کے کئی علاقوں میں ہلکی تا درمیانی درجے کی بارش ہونے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
سیّد مو دی بین الاقو امی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں بھارتی کھلاریوں نے مردوں کے سنگلز اور خو اتین کے سنگلز اور ڈبلز زمروں میں تمغے اپنے نام کیے ہیں۔ مردو ں کے سنگلز مقابلوں میں لکشئے سین نے سنگاپور کے کھلاڑی کو 21-7, 21-6 سے شکست دی، جبکہ دو مرتبہ کی اولمپک فاتح کھلاڑی پی وی سندھو نے خو اتین سنگل میں تمغہ حا صل کیا۔ فائنل مقابلے میں سِندھو نے چین کی وُ لیو یُو کو 21-16, 21-14 سے شکست دی۔
بھارت کی تِرِشا جالی اور گائیتری گوپی چند کی جوڑی نے خو اتین کے ڈبلز مقابلوں میں تمغہ جیتا، جبکہ مردوں کے ڈبلز اور مکس ڈبلز میں بھارتی جوڑیوں کو دوسر ے مقام پر اکتفا کرنا پڑا۔
***** ***** *****
جنوبی افریقہ کے ڈربن میں گیارہویں کامن و یلتھ کراٹے مقابلوں میں شولاپور کی کماری آریہ سائی ناتھ یادو نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ 39 ممالک کی شمولیت و الے اس ٹورنامنٹ میں آریہ نے 53 کلو وزنی زمرہ میں سلور میڈل حاصل کیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیو یندر پھڑنویس نے آریہ کا خیر مقدم کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مر اٹھواڑہ یونیورسٹی کے مرکزی یوتھ فیسٹیول کے تحت ثقافتی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ 25 تا 28 دسمبر کے دور ان یونیورسٹی کے احاطے میں یہ مقابلے منعقد ہوں گے۔ چھ اسٹیج پر تقریباً 36 فنون کے مقابلے منعقد ہوں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مرا ٹھو اڑہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پرنسپل شیور اج ناکاڑے کا کل لاتور میں انتقال ہوگیا۔ وہ 91 برس کے تھے۔ انھوں نے 1994 تا 1999 کے د وران یونیورسٹی کے و ائس چانسلر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کی آخری رسومات کل لاتور ضلعے کے گنگاپور میں ادا کی گئیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے کنچن واڑی علاقے میں مہاراشٹر قومی لا‘ یونیورسٹی کے لا‘ گر یجویٹ و پوسٹ گریجویٹ نصاب کیلئے طلبہ کے کامن لا ایڈمیشن ٹسٹ 2025 کل منعقد کیے گئے۔ قومی سطح پر لیے گئے اس ٹسٹ میں 450 ڈگری، جبکہ 121 طلبہ نے پوسٹ گریجویشن ڈگری کیلئے امتحان دیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں کل بھونیشور میں پولس ڈائریکٹر جنرل اور پولس انسپکٹر جنرل کانفرنس کا اختتام۔
٭ مہایوتی کی مخلوط حکومت میں وزارتوں کی تقسیم پر بات چیت جلد مکمل ہو جائے گی، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی وضاحت۔
٭ اسمبلی انتخابات کے دوران ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے متعلق فرضی ویڈیو کے سلسلے میں متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج ۔
٭ فینگل گردشی طوفان کے سبب مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں گر اوٹ۔
اور۔۔۔٭ سید مودی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں پی وی سندھو اور لکشئے سین نے ٹائٹل اپنے نام کیا، خواتین کے ڈبلز میں بھارتی کھلاڑیوں کو تمغے۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment