Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 25 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/ جنوری ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ امدادِ باہمی تحریک کی توسیع کیلئے نظم و ضبط اور پیشہ وارانہ مہارت کی ضرورت: مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کا اظہارِ خیال۔
٭ ایس ٹی کرایے میں تقریباً 15 فیصد اضافہ؛ یکم فروری سے رکشہ اور ٹیکسی کرایے میں بھی اضافہ۔
٭ بزرگ ادیب‘ ریٹائرڈ جسٹس نریندر چپلگاؤنکر چل بسے۔
٭ یومِ جمہوریہ سے قبل آج شام صدرِ جمہوریہ کا قوم سے خطاب۔
٭ قومی یومِ رائے دہندگان کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کا اہتمام۔
اور۔۔۔٭ اودگیر میں مرغیوں کی اموات کا سبب برڈ فلو نہ ہونے کی تصدیق۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے امدادِ باہمی تحریک کی توسیع کیلئے نظم و ضبط اور پیشہ وارانہ مہارت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں بین الاقوامی امدادِ باہمی سال کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے تلقین کی کہ اس برس امدادِ باہمی تحریک کی توسیع اور نظم و ضبط کیلئے‘ نیز امدادِ باہمی اداروں کی خوشحالی کیلئے کام کریں گے، اس کے علاوہ ہر شخص کو اس تحریک سے جڑکر حقیقی معنوں میں خوشحالی لانے کی کوشش کرنا چاہیے۔
”یہی وَرْش کے اندر سہکارِتا کے وِستار کیلئے ہم کام کریں گے۔ سہکارِتا شیترکے اندر شِست اور سُوچِتا آئے‘ اس کیلئے بھی کام کریں گے۔ یہی وَرْش کے اندر سہکاری سنستھائیں سمردّھ بنے اس کیلئے کام کریں گے اور یہی وَرْش کے اندر کئی نئے شیتر کے اندر سہکارِتا کی رِیچ بڑھے اور بھارت کا ہر ویکتی کسی نہ کسی پرکار سے سہکارِتا سے جڑے اس دِشا میں ہم بہت آگے بڑھیں گے۔“
اس موقع پر بین الاقوامی امدادِ باہمی برس کے پروگراموں کا کیلنڈر‘ نیشنل اربن کوآپریٹیو فائنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ممبئی دفتر کا افتتاح بھی امیت شاہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
اسی دوران ناسک ضلعے کے مالیگاؤں تعلقے کے اَجنگ میں کوآپریٹیو کانفرنس سے بھی وزیرِ داخلہ نے خطاب کیا۔ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امدادِ باہمی تحریک اور سائنس کو باہم جوڑ کر آج بھی زرعی شعبے کو نفع بخش بنایا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
***** ***** *****
تعلیمی سال 2024-25 میں داخلہ لینے والے معاشی طور پر پسماندہ طبقے EWS سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے EWS صداقت نامہ مقررہ فارمیٹ میں جمع نہ کروایا ہو تب بھی اس زمرے کے طلبہ کو ایک سال کیلئے خصوصی رعایت کے طورپر ان طلبہ کا سرٹیفکیٹ تسلیم کیا جائے گا۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندر کانت پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ کم و بیش دو ہزار طلبہ کو اس فیصلے سے فائدہ پہنچے گا۔
***** ***** *****
بھنڈارا میں واقع اسلحہ ساز آرڈیننس فیکٹری میں ہوئے خوفناک دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک اور دیگر چھ شدید زخمی ہوگئے۔ کمپنی میں کل صبح معمول کے کام کاج کے وقت یہ دھماکہ ہوا، جس عمارت میں دھماکہ ہوا وہ پوری طرح زمیں بوس ہوگئی۔ عمارت کے ملبے میں دبے ملازمین کو باہر نکالنے کی کوشش ہنوز جاری ہے۔
***** ***** *****
بزرگ ادیب اور سبکدوش جسٹس نریندر چپلگاؤنکر آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں چل بسے۔ وہ 88 برس کے تھے۔ مراٹھی زبان کے مدرس کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے چپلگاؤنکر نے 70 کی دہائی میں بیڑ میں وکالت کا آغاز کیا اور 80 کی دہائی میں انھوں نے ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ کے جج کی ذمہ داری سنبھالی۔ چپلگاؤنکر نے مراٹھی زبان میں ”بھالے راؤ کاڑ آنی کرتتو“ ”کرم یوگی سنیاسی“ ”کہانی حیدرآباد لڑھیاچی“ ”کائیدا آنی مانوس“ ”وِدھی منڈڑ آنی نیائے سنستھا“ اور دیگر کتابیں لکھیں۔ 1999 میں جج کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی وہ مراٹھی ادب کی دنیا میں فعال رہے۔ ان کی آخری رسومات آج شام چھترپتی سمبھاجی نگر میں ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ ایکناتھ شندے اور دیویندر پھڑنویس حکومت نے ڈاووس سے مہاراشٹر کیلئے اب تک جو سرمایہ کاری لائی ہے اور اس سرمایہ کاری سے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع کی تفصیل پر مبنی ایک قرطاسِ ابیض جاری کیا جائے۔ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاست میں آنے والی سرمایہ کاری کا خیر مقدم ہی ہونا چاہیے۔ تاہم اس ضمن میں کیے گئے معاہدوں اور زمینی حقائق جاننے کا عوام کا حق ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ملک کا 76 واں یومِ جمہوریہ کل منایا جائے گا۔ اس مناسبت سے صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو آج شام قوم سے خطاب کریں گی۔ شام سات بجے سے آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز پر صدرِ جمہوریہ کا خطاب ہندی اور انگریزی میں نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ملک بھر میں آج 15 واں یومِ رائے دہندگان منایا جارہا ہے۔ Nothing Like Voting اور I Vote For Sure اس برس کے ووٹرز ڈے کے عنوان ہیں۔ اس حوالے سے نئی دہلی میں مجوزہ مرکزی پروگرام میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو بھی شرکت کریں گی۔ انتخابی عمل کے دوران بہترین کارکردگی انجام دینے والی ریاستوں اور ضلع کلکٹرز کو اس پروگرام میں صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں ایوارڈز دئیے جائیں گے۔ دریں اثناء‘ یومِ رائے دہندگان کی مناسبت سے آج ملک بھر میں رائے دہندگان بیداری ریلیاں اور مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
انکش چوہان نے حال ہی میں وزارتِ دفاع کے پونا میں واقع جنوبی صدر دفتر کے روابط ِ عامہ افسر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا ہے۔ چوہان‘ مرکزی نشریاتی بیورو او رممبئی دوردرشن میں مختلف عہدوں پر 15برس برسرِکار رہے۔ انھیں فی الحال شولاپور مرکزی نشریاتی بیورو اور پونا کے اشاعتی شعبے کے دفاتر کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
”بیٹی بچاؤ- بیٹی پڑھاؤ“ مہم کی دہائی مکمل ہونے کے حوالے سے پربھنی ضلع پریشد کے خواتین اور اطفالِ بہبود کے محکمے کی جانب سے پورنا تعلقے کے کاتنیشور میں کل ایک خواتین کا اجتماع منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں نوعمر دوشیزاؤں میں ایامِ مخصوصہ سے متعلق بیداری اور صحت ِ عامہ سے متعلق رہنمائی کی گئی۔
***** ***** *****
یومِ جمہوریہ کے سلسلے میں دہلی کے کرتویہ پتھ پر مجوزہ تقریب میں شرکت کیلئے بیڑ ضلع کے دھارور تعلقے کی آور گاؤں گرام پنچایت کے سرپنچ امول سرجے راؤ جگتاپ کو مدعو کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ ہنگولی ضلع کے کھاناپور چتا کے سرپنچ‘رام جادھو اور ناندیڑ ضلع کے لوہا کے کاشت کار رتناکر ڈھگے کو بھی اس تقریب کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے اودگیر شہر میں پرسوں چارہزار سے زائد مرغیوں اور چوزوں کی موت کا سبب برڈفلو نہ ہونے کی تصدیق اس سلسلے میں جاری کی گئی رپورٹ میں ہوئی ہے۔ کچھ روز قبل اودگیر میں چند کووؤں کی موت برڈفلو کے باعث ہونے کی بات سامنے آئی تھی۔ اس پس منظر میں محکمہئ افزائش ِ مویشیان کے محکمے نے مرغیوں کی موت کے اسباب کی جانچ کروائی تھی۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے مابین سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ آج کھیلا جائے گا۔ چنئی کے ایم اے چدمبرم میدان پر شام سات بجے سے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت کی ٹیم نے ایک صفر کی برتری حاصل کررکھی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی جانب سے روڈ سیفٹی مہینہ منایا جارہا ہے۔ اس خصوص میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑیاں چلاتے وقت احتیاط برتیں اور نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ نشے کی حالت میں گاڑی نہ چلائیں اور اسکولی طلبہ کو لے جانے والی گاڑیوں کی بھی اداروں کی انتظامیہ جانچ کروائیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ امدادِ باہمی تحریک کی توسیع کیلئے نظم و ضبط اور پیشہ وارانہ مہارت کی ضرورت: مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کا اظہارِ خیال۔
٭ ایس ٹی کرایے میں تقریباً 15 فیصد اضافہ؛ یکم فروری سے رکشہ اور ٹیکسی کرایے میں بھی اضافہ۔
٭ بزرگ ادیب‘ ریٹائرڈ جسٹس نریندر چپلگاؤنکر چل بسے۔
٭ یومِ جمہوریہ سے قبل آج شام صدرِ جمہوریہ کا قوم سے خطاب۔
٭ قومی یومِ رائے دہندگان کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کا اہتمام۔
اور۔۔۔٭ اودگیر میں مرغیوں کی اموات کا سبب برڈ فلو نہ ہونے کی تصدیق۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment