▼

Wednesday, 19 February 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 19 فروری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 19 February-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۹؍فروری ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کے 395 ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے آج ملک بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد، ریاست کے تمام اضلاع میں ’’جئے شیواجی-جئے بھارت‘‘ پیدل یاترائوں کا اہتمام۔
٭ چھٹے ریاستی مالیاتی کمیشن کے قیام کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ رواں سال کے مرکزی بجٹ سے ترقی اور استحکام کی نئی راہیں کھلیں گی؛ مرکزی مملکتی وزیرِ صحت پرتاپ راؤ جادھو کا بیان۔
اور۔۔۔٭ نویں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز، کل بھارت اور بنگلہ دیش کا مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
چھترپتی شیواجی مہاراج کا 395 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔ ریاست اور ملک بھر میں اس مناسبت سےمتعدد تقا ریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ شیو جینتی کے موقع پر آج ریاست کے تمام اضلاع میں ’’جئے شیواجی-جئے بھارت‘‘ پیدل یاترا نکالی جارہی ہے۔ اُمورِنوجوانوں ‘ وزارتِ کھیل اور ریاستی حکومت کے اشتر اک سے اس یاترا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر بر ائے کھیل و اُمورِنوجوانوں ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ اور وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں یہ یاترا نکالی جائے گی۔ کھیلوں کی مرکزی مملکتی وزیر رکھشا کھڑسے کے علاوہ دیگر وزراء اور 20ہزار سے زا ئد جئے بھارت رضاکاراس پیدل یاترا میں شریک ہوں گے۔
شیوسُرشٹی کے دوسرے مرحلے کا افتتاح بھی آج وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آرہا ہے۔ پونے کے قریب امبے گاؤں بدرک میں زیرِ تعمیر شیو مندر‘ پرتاپ گڑھ کے بھوانی ماتا مندر کی شبیہ ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی شیو جینتی کے موقع پر پونے کے لال محل سے شیو جنم اُتسو سوراجیہ رتھ جلوس بھی نکالا جائے گا۔ جس میں ڈھول تاشوںکے دستے اور شیو دور کے جنگی فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکارشریک ہوں گے۔
دریں اثنا، چھترپتی سنبھاجی نگر کے کرانتی چوک علاقے میں جاری شیواُتسو میں، بزرگ تاریخ داں اور ریاستی حکومت کے تحفظ ِ قلعہ جات شعبہ کے رہنما پانڈورنگ بلکوڑے نے ’’شیورایانچی اَشٹ کرانتی‘‘ کے موضوع پر حاضرین سے خطاب کیا۔ جبکہ میونسپل کا رپوریشن کی جانب سے منعقدہ مصوری مقابلے میں بھی اسکولی طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اسی دورا ن‘ شیو جینتی کی مناسبت سےچھترپتی سمبھاجی نگر شہر کی پانچ اہم شاہراہیں آج آمد و رفت کیلئے بند رہیں گی۔ شہریوں سے اس تبدیلی کو نوٹ کرنے کی اپیل پولس انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے۔
پربھنی ضلعے کے جنتور تعلقے کے کَوسڑی ضلع پریشد اسکول کے میدان میں طلبہ نے انسانی زنجیر بناکر شیواجی مہاراج کے عہد کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ جس میں 995 طلباء شر یک ہوئے۔
***** ***** *****
ریاستی مجلسِ وزرا‘ نے کل چھٹے ریاستی مالیاتی کمیشن کے قیام کو منظوری دے دی۔ منتر الیہ میں منعقدہ کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ مہیساڑ سینچائی منصوبے کی توانائی کی استعداد میں اضافے کیلئےشمسی توانائی پروجیکٹ کیلئےایک ہزار 594 کروڑ روپے کے خرچ ، ریاست میں روپ وے کے کاموں کیلئے قومی شاہراہ لاجسٹکس مینجمنٹ لمیٹڈ کو درکار زمین فراہمی ، اورجلگاؤں ضلعے کے چالیس گائوں تعلقے کے ورکھیڑے ۔ لونڈھے درمیانی پشتے کیلئے ایک ہزار 275 کروڑ 78 لاکھ روپئے مختص کرنے کے فیصلے اس اجلاس میں لیے گئے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے صحت پرتاپ راؤ جادھو نے کہا ہے کہ اس سال کا مرکزی بجٹ ایک جامع بجٹ ہے اور اس سے مہاراشٹر سمیت ملک کی ترقی اور استحکام کے نئے راستے کھلیں گے۔ کل‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ ایک صحافتی کانفرنس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اس بجٹ میں محکمہ صحت کیلئے تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپے کا معقول فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ جس کے ذریعے مرضِ سرطان کی فوری تشخیص کیلئے ضلعی اسپتالوں میں ڈے کیئر سینٹرز شروع کرنے، 36 انتہائی ضروری ادویات پر کسٹم ڈیوٹی معاف کرنے، چھ مہنگی حیات بخش دوائیوں کی کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے، اور مریضوں کی امداد کیلئے 13 نئے اقدامات جیسے اہم کام انجام دیئے جائیں گے۔ جادھو نے بتایا کہ چھاتی کے کینسر کے خاتمے کیلئے ملک میں جلد ہی ایک ویکسین دستیاب ہوگی، اور اس سلسلے میں جانچ کا عمل جاری تھا جو تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور اس کا ٹرائل لیا جارہا ہے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس ویکسین کے کئی ٹیسٹ کامیاب ہو چکے ہیں اور مکمل تیاری کے بعد یہ ویکسین نو سال سے سولہ سال کی لڑکیوں کو دی جائے گی‘ جس سے چھاتی کے کینسر اور سروائیکل کینسر سے حفاظت ممکن ہوسکے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اس سال کے ریاستی سطح کے پدم بھوشن ڈاکٹر بالاصاحب وِکھے پاٹل یادگاری سنت سیوا ایوارڈ کیلئے وارکری طبقے اور سنتوں کی بے مثال خدمات انجام دینے والے جلگاؤں ضلعے کے چالیس گاؤںکے بزرگ کیرتن کار‘ ہری بھکت پرائن گیانیشور مائولی پردیشی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ آئندہ 17 مارچ کو لونی بدرک میں انھیں اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔ یہ ایو ارڈ‘ توصیف نامہ، یادگاری تمغہ اور 25 ہزار روپئے نقد پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پرلوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب انتخابی کمشنر کے تقرری کے عمل کو عدالت ِ عظمیٰ میں چیلنج کیا گیا ہے تو اس طرح کی تقرری کرنا غیر مناسب اور غلط ہے۔ عد الت ِ عظمیٰ میں اس تقرری سے متعلق دائر درخواست پر آج سماعت کی جائے گی۔
***** ***** *****
نویں‘ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان اور دبئی میں کھیلے جائیں گے اور آج پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میںکھیلا جائے گا۔ دوپہر ڈیڑھ بجے سے اس میچ کا آغاز ہوگا‘ جبکہ روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم کل دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف مقابلے سے ٹورنامنٹ میں اپنی خطابی مہم شرو ع کرے گی۔
***** ***** *****
98واں کُل ہندمراٹھی ساہتیہ سمیلن آئندہ 21,22اور23فروری کودہلی میںمنعقدہوگا۔ اس ساہتیہ سمیلن کے نغمے ’’آمہی اَسُو اَبھیجات‘‘کو ناندیڑکے موسیقارآنندی وِکاس نے موسیقی دی ہے۔ انھوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں مراٹھی زبان کو کلاسیکی زبان کا درجہ دیا گیا ہے ‘ جس کے بعد مراٹھی زبان کا یہ نغمہ شائقین کی خدمت میں پیش کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ نغمہ دس مصرعوں پر مشتمل ہے اور اس میں شائقین کو پانچ ہزار سال کی تاریخ سننے کو ملے گی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ادیب وشنو سُراسے بھی اس سمیلن میںشرکت کیلئے دہلی جارہے ہیں۔ سمیلن سے متعلق انہوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ مراٹھی زبان کو کلاسیکی زبان کا درجہ دینے پر مصنّفین اور قارئین میں زبردست جوش پیدا ہوا ہے اور دہلی میں منعقدہ کُل ہند ساہتیہ سمّیلن مراٹھی زبان و ادب کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوگا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ شکشن پرسارک منڈل کے سابق جنرل سیکریٹری مدھوکرانامڑے ‘کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں انتقال کرگئے۔وہ88برس کے تھے۔ ان کی آخری رسومات کل شام چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایودھیانگری شمشان بھومی میں اداکی گئیں۔تعلیمی وسماجی شعبوں کے کئی افراداس موقع پرموجودتھے۔ گریجویٹ حلقے کے رکن کونسل ستیش چوہان نے انا مڑے کے انتقال پر شدید رنج و غم اظہارکیا ہے۔
ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکرمراٹھواڑہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلرڈاکٹر وجئے پانڈھری پانڈے نے بھی ان کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مراٹھواڑہ شکشن سنستھا کے ذریعے انا مڑے نے پسماندہ طبقے کی تعلیم کیلئے ایک انقلاب لایا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ کے پولس سپرنٹندنٹ نونیت کانوت نے کل ریکارڈ پر موجود عادی مجرمین سے گفتگوکی۔ انہوںنے مجرمین کو خودمیں تبدیلی کرنے اوراہلِ خانہ کی زندگی کو بہتر بنانے کا مشورہ مجرمین کودیا‘ ساتھ ہی اس کے بعد دوبارہ جرم کا ارتکاب کرنے پرسخت کاروائی کاانتباہ بھی دیا۔
***** ***** *****
ناندیڑضلع میںدومارچ کی درمیانی شب تک اسلحہ برداری اور امتناعی احکامات نافذ کیے گئے ہیں۔ضلع میں امن و امان کی صور تحال برقرار رکھنے کیلئے ایڈیشنل ضلع کلکٹر نے یہ احکامات جاری کیے۔
پربھنی ضلعے میں امن و قانون کی صورتحال کی برقراری کیلئے ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ رویندرسنگھ پردیشی کی سرپرستی میںشہر میںایک روٹ مارچ نکالاگیا۔پولس دستے کی گاڑیاں،پولس افسران اورملازمین اس مارچ میں شریک تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کے 395 ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے آج ملک بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد، ریاست کے تمام اضلاع میں ’’جئے شیواجی-جئے بھارت‘‘ پیدل یاترائوں کا اہتمام۔
٭ چھٹے ریاستی مالیاتی کمیشن کے قیام کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ رواں سال کے مرکزی بجٹ سے ترقی اور استحکام کی نئی راہیں کھلیں گی؛ مرکزی مملکتی وزیرِ صحت پرتاپ راؤ جادھو کا بیان۔
اور۔۔۔٭ نویں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز، کل بھارت اور بنگلہ دیش کا مقابلہ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment