Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 21 February-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/فروری ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دلّی میں آج 98 ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کا وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے جلسہئ تقسیمِ اسناد کیلئے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کل چھترپتی سمبھاجی نگر دورے پر۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے آرِک سٹی کو ملک کا بہترین صنعتی زون بنانے کا عزم؛ مرکزی وزیرِ تجارت پیوش گوئل کا اظہارِ خیال۔
٭ حکومت کو دھوکہ دینے کے معاملے میں وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے کو دو سال قید اور 50 ہزار روپئے جرمانہ؛ عدالت کی جانب سے ضمانت بھی منظور۔
٭ ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے دسویں جماعت کے امتحانات کا آج سے آغاز۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئن ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھارت کی بنگلہ دیش کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج دہلی میں 98 ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ 71 سال بعد یہ کانفرنس دارالحکومت دہلی میں منعقد ہورہی ہے۔ اجلاس کی صدر ڈاکٹر تارا بھوڑکر سمیت اجلاس کے صدرِ استقبالیہ شرد پوار‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اس موقع پر موجود رہیں گے۔ تال کٹورا اسپورٹس کمپلیکس میں چھترپتی شیواجی مہاراج ساہتیہ نگری میں تین دن چلنے والے اس اجلاس میں معززین کے انٹرویو‘ کثیر لسانی شراء کی ملاقات‘ مختلف سمینار وغیرہ منعقد ہوں گے۔ ہر سال ساہتیہ سمّیلن کیلئے دو کروڑ روپئے دئیے جاتے ہیں لیکن بڑھتے خرچ اور سمّیلن کی انفرادیت کو دیکھتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اضافی فنڈ کو منظوری دی ہے۔ دریں اثناء‘ کانفرنس کی صدر تارا بھوڑکر نے کہا کہ مراٹھی زبان کی کلاسیکی حیثیت کو بڑھانا اور اسے برقرار رکھنامراٹھی بولنے والوں کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ زبان جیسی چیز کا معیار صرف اس لیے نہیں بڑھتا کہ اس میں یہ کہیں حکومت کی مہر لگ جاتی ہے، اس سے کچھ مالی فوائد حاصل ہونے کا امکان ہے۔ مراٹھی بولنے والوں‘ اداروں‘یونیورسٹیوں یا نئے لکھنے والوں‘ محققین کو حکومت سے کچھ مالی مدد مل سکتی ہے۔ وہ پبلشنگ ہاؤسز کو شائع کرسکتی ہے اور مراٹھی بولنے والوں کو اس کیلئے مزید کوشش کرنی چاہیے۔
دریں اثناء‘ بھواڑکر اور شرد پوار نے کل اس سلسلے میں نائب صدرِ جمہوریہ سے ملاقات کی۔
***** ***** *****
19 ویں کُل ہند باغی مراٹھی ادبی کانفرنس آج سے چھترپتی سمبھاجی نگر کے عام خاص میدان پر شروع ہورہی ہے۔ اس میدان میں بنائے گئے ملک عنبر نگری میں تین دن تک جاری رہنے والے اس باغی مراٹھی اجلاس کی صدارت لوک ساہتیہ اسکالر ڈاکٹر اشوک رانا کریں گے۔
***** ***** *****
نائب صدر جگدیپ دھنکڑ کل چھترپتی سمبھاجی نگر کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے 65 ویں جلسہئ تقسیمِ اسناد میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ اس دوران نائب صدر پی ایم اُوشا منصوبے کے تحت تعمیر کی گئی یونیورسٹی کی چار عمارتوں کی سنگ ِ بنیاد تقریب کیلئے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ آئین بیداری سال کے امرت مہوتسو کے موقع پر سرسوتی بھون تعلیمی ادارے میں منعقدہ پروگرام کا افتتاح بھی کریں گے۔ وہ اپنے دورے کے دوران غارہائے ایلورہ اور گھرشنیشور مندر کا بھی دورہ کریں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ تجارت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ ہم چھترپتی سمبھاجی نگر کے آرِک سٹی کو ملک کا بہترین صنعتی علاقہ بنانے کیلئے پُرعزم ہیں اور آئندہ برسوں میں مراٹھواڑہ سب سے بڑا صنعتی مرکز ہوگا۔ وہ کل‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اس صنعتی علاقے میں اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر اور اسٹارٹ اپ انکیوبیشن ہب بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا:
”آرِک کی جو بلڈنگ ہے‘ اس میں بیس ہزار اسکوائر فٹ کا ایک کوشلیہ وکاس کیندر‘ اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر بنانے کا کل نِرنئے لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ لگ بھگ دس ہزار اسکوائر فٹ کا اسٹارٹ اَپ انکیوبیشن ہب بنانے کا بھی نِرنئے لیا گیا ہے۔ وہاں پر کمرشیل انفراسٹرکچر‘ ایک اسپتال بن رہا ہے وہاں پر‘ ایک یونیورسٹی آرہی ہے‘ ساتھ ہی ساتھ اسکول ہو‘ وہیکریسیایشن فیسلیٹی ہو‘ ان سب چیزوں کی اور دھیان کیندرِت کرتے ہوئے ہم اس پورے اَودّیوگِک شیتر مہاراشٹر کی اور دیش کی شان بنانے کیلئے سنکلپِت ہے۔“
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ زراعت سنّر کے رُکنِ اسمبلی مانک راؤ کوکاٹے کو کل ناسک کی ایک عدالت نے دو سال قید اور 50 ہزار روپئے جرمانے کی سزا سنائی۔ 1995 تا 1997 مانک راؤ کوکاٹے اور ان کے بھائی شیواجی کوکاٹے نے وزیرِ اعلیٰ کوٹے سے ایک مکان حاصل کیا تھا‘ جو گھر نہ ہونے کے ثبوت کے کاغذات داخل کرکے اعلیٰ رہائشی علاقے میں حاصل کیا گیا تھا۔ اسی طرح دو اپارٹمنٹ نام پر ہونے کا الزام سابق وزیر تکارام دِگھوڑے نے عائد کیا تھا۔ اس معاملے میں یہ مقدمہ 28 برس چلنے کے بعد کل کورٹ نے یہ سزا سنائی۔ کوکاٹے برادران نے ضمانتی عرضی داخل کی، جسے کورٹ نے منظور کرلیا۔
دریں اثناء‘ کوکاٹے نے کہا کہ سیاسی رنجش کی بناء پر یہ الزامات لگائے گئے ہیں اور اعلیٰ عدالت سے اس سلسلے میں رجوع کیا جائے گا، جبکہ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار گروپ اور راشٹروادی کانگریس پارٹی نے کوکاٹے کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے ملازمین اور وظیفہ یابان کو اب اپنے جنرل پراویڈنٹ فنڈ (GPF) اکاؤنٹ بیلنس اور دیگر تفصیلات آن لائن دیکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یہ سہولت پرنسپل اکاؤنٹنٹ جنرل کے دفتر کی آفیشیل ویب سائٹ پر دستیاب ہے اور پنشن کے حتمی معاملات کی تفصیلات بھی آن لائن دیکھی جا سکتی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت جماعتِ دہم کے امتحانات کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ اس سال ریاست کے پانچ ہزار 130 امتحانی مراکز پر یہ امتحان لیے جا رہے ہیں۔ اس میں 16 لاکھ 11 ہزار 610 طلباء نے امتحان کیلئے رجسٹریشن کرایا ہے۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پرچے کے مقررہ وقت کے بعد طلبہ کو دس منٹ کا اضافی وقت دینے کی وضاحت بورڈ نے کی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے گورٹھے میں واقع وَرَدْ پرتشٹھان کی جانب سے پروفیسر للتا گادگے کو کاشی بائی پھلاری یادگاری نارائنی ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ پانچ ہزار روپے نقداور سپاسنامے پر مشتمل ہے۔ آئندہ 27 فروری کو گورٹھے میں منعقدہ پانچویں مراٹھی ادبی سمّیلن کی افتتاحی تقریب میں گادگے کو یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔
***** ***** *****
نویں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل کھیلے گئے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کے سامنے 228 رنز کا ہدف رکھا۔ محمد سمیع نے پانچ، ہرشیت رانا نے تین اور اکشر پٹیل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سلامی بلّے باز شبھمن گل کی غیر مفتوح سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم نے47ویں اوور میں ہدف عبور کر لیا۔ شبھمن گل کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
دریں اثناء‘ کل‘ محمد سمیع 200 وکٹوں کے سنگ میل تک تیزی سے پہنچنے والے بھارتی گیند باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے 104ویں ایک روزہ میچ میں 200 وکٹیں حاصل کرکے اجیت آگرکر کا 133 میچوں میں 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ دیا‘ جبکہ کپتان روہت شرما نے گزشتہ روز ون ڈے کرکٹ میں 11 ہزار رنز مکمل کر لیے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں آج سے ریاستی سطح کے محصول کھیل مقابلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ محصول محکمے کے تقریباً ڈھائی تاتین ہزار افسران اور ملازمین ان مقابلوں میں شرکت کررہے ہیں۔ دریں اثناء‘ محصول کھیل مقابلوں کے تحت گزشتہ روزسے کرکٹ میچز کا آغاز ہوا۔ پہلے میچ میں پونے ڈویژن نے چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کو سات رنز سے شکست دی۔
***** ***** *****
سنت گجانن مہاراج کا ایک سو سینتالیسواں یوم پیدائش کل جوش و خروش سے منایا گیا۔ شیگاؤں میں تقریباً ڈھائی لاکھ عقیدت مندوں نے مہاراج کے درشن کیے اور مہا پرساد کا فائدہ اٹھایا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے کل نل دُرگ میں 50 بیڈز کے ذیلی ضلع اسپتال اور دیگر طبّی اداروں کا افتتاح کیا۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو طبّی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور عوام ان سہولیات سے استفادہ کریں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے بسمت تعلقے میں جنونا ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے گاڑی نے ایک نیل گائے کو ٹکردینے کے بعد اَکولہ-پورنا ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمد ورفت دو گھنٹے تک متاثر رہی۔کچھ دیر بعد نیل گائے کو کرین کی مدد سے ہٹایا گیا‘ جس کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہوگئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دلّی میں آج 98 ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کا وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے جلسہئ تقسیمِ اسناد کیلئے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے پر۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے آرِک سٹی کو ملک کا بہترین صنعتی زون بنانے کا عزم؛ مرکزی وزیرِ تجارت پیوش گوئل کا اظہارِ خیال۔
٭ حکومت کو دھوکہ دینے کے معاملے میں وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے کو دو سال قید اور 50 ہزار روپئے جرمانہ؛ عدالت کی جانب سے ضمانت بھی منظور۔
٭ ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے دسویں جماعت کے امتحانات کا آج سے آغاز۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئن ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھارت کی بنگلہ دیش کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment