Wednesday, 19 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 19 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 19 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۹؍ مارچ ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار کارڈ سے مربوط کرنے کے سلسلے میں انتخابی کمیشن کا تکنیکی جائزہ۔
٭ مہاکمبھ میلے سے تحریک لے کر ندیوں کے تہواروں کی روایت کو ایک وسیع شکل دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا زور۔
٭ ناگپور واقعہ کا اسمبلی میں شدید ردعمل - حکمراں جماعت اور حزبِ اختلاف کی جانب سے الزامات اور جوابی الزامات۔
٭ بنگلہ دیشی دراندازوں کو تلاش کرنے کیلئے ریاستی حکومت کی مہم، دراند ازوں کو محروس کرنے جلد ہی ایک مرکز قائم کرنے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخابات کیلئے آزاد امیدوار کی درخواست مسترد، انتخاب بلامقابلہ ہوگا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
عدالت ِ عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق مرکزی انتخابی کمیشن نے رائے دہندگان شناختی کارڈ اور آدھار نمبر کو لنک کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ کل نئی دہلی میں چیف انتخابی کمشنر گیانیش کمار کی صدارت میں وزارت داخلہ، قانون ساز محکمہ کے سکریٹری اور آدھار کے سی ای او کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ انتخابی کمیشن کی اطلاع کے مطابق اس سلسلے میں آدھار اتھارٹی اور کمیشن کے تکنیکی ماہرین کے درمیان جلد ہی بات چیت شروع ہوگی۔ کمیشن نے آئندہ تین ماہ میں جعلی ووٹر شناختی کارڈ سمیت مختلف مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی اطلاع بھی دی۔
***** ***** *****
مہا کمبھ میلے سے تحریک لیتے ہوئے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ندیوں سے متعلق تہواروں کی روایت کو وسیع شکل دینے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ کل لوک سبھا میں مہاکمبھ پر ایک بیان دیتے ہوئے، انہوں نے اپنے اس احساس کا اظہار کیا کہ مہاکمبھ میں تنوع میں اتحاد کا مشاہدہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اتحاد کے اس احساس کو مسلسل فروغ دیتے رہنا ہمارا فرض ہے۔ انھوں نے کہا:
BYTE: PM NARENDRA MODI
***** ***** *****
ناگپور میں پرسوں پیش آئے واقعات کے اثرات کل اسمبلی میں بھی دیکھے گئے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس معاملے پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے لوگوں سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے پولس پر حملہ کرنے والوں اور ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ بھی دیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے مذکورہ واقعہ ایک سوچی سمجھی سازش ہونے کا قیاس بھی ظاہر کیا۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ایوان میں بات کرتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی۔ انہوں نے اس واقعے کو ایک مخصوص طبقے کو نشانہ بنانے کیلئے منصوبہ بند طریقے سے انجام دینے کا الزام عائد کیا۔
دریں اثنا‘ حزبِ اختلاف نے اس واقعے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے کہا کہ اگر پولس اور انٹیلیجنس ایجنسیاں توجہ دیتی تو ناگپور میں یہ واقعہ رونمانہ ہوتا۔ انہوں نے اس معاملے پر ایوان میں تحریک التوا بھی پیش کی اور بحث کا مطالبہ کیا۔ اس معاملے پر ہنگامہ آرائی کے باعث اسپیکر نے ایوان کی کارروائی 15 منٹ کیلئے ملتوی کردی۔
***** ***** *****
سابق وزیر اعلیٰ اور شیوسینا ادھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کےسربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں اورنگ زیب کی قبر سے زیادہ بہت سے اہم مسائل ہیں اور ان مسائل کو حل کرنے میں حکومت ناکام رہی ہے ۔ کل ودھان بھون علاقے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ان معاملات کو حکومت کی ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیا۔ ٹھاکرے نے کہا کہ کوئی بھی شیوپریمی اورنگ زیب سے محبت نہیں کرتا ہے‘ تاہم ریاست کے سامنے کسانوں سمیت دیگر بہت سے اہم مسائل ہیں اور حکومت کو ان مسائل کی یکسوئی پر توجہ د ینے کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا، ناگپور کے پُرتشدد واقعات کے سلسلے میں پولس نے50 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس واقعے میں 34 پولس اہلکار اور پانچ شہری زخمی ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی نائب چیئرمین ڈاکٹر نیلم گورہے کے خلاف تحریک عدم اعتماد کل اسپیکر رام شندے نے مسترد کر دی۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ضابطوں کی تکمیل نہیں کی گئی‘ ساتھ ہی اس تحریک میں کوئی ٹھوس وجوہات بھی بیان نہیں کی گئیں۔
***** ***** *****
مملکتی وزیرِمالیات آشیش جیسوال نے کل قانون ساز کونسل میں بجٹ پر بحث کا جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اقتصادی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے بجٹ میں عوامی بہبود کی اسکیموں کیلئے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ جیسوال نے مزید بتایا کہ بنیادی سہولیات سے متعلق منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے قرضے ایک حد کے اندر لیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیر مملکت برائے داخلی امور یوگیش کدم نے اسمبلی کو بتایاریاستی حکومت غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشی دراندازوں کی تلاش کیلئے ایک مہم چلا رہی ہے، اور آئندہ تین مہینوں میں بنگلہ دیشیوں کو محر وس کرنےکیلئے ایک مرکز قائم کیا جائے گا ۔ انہوں نےبتایا کہ بنگلہ دیشی دراندازوں کے بارے میں مرکزی حکومت کو مطلع کر دیا گیا ہے اور مرکزی محکمہ داخلہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔
***** ***** *****
قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے قانون ساز کونسل میں مینڈھے گری کمیٹی کی سفارشات کے مطابق مراٹھواڑہ کیلئے جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی چھوڑے جانے سے متعلق سوال اٹھایا۔ انہوں نے جائیکواڑی میں پانی چھوڑنے کیلئے دریا کی بنیاد پر محرک طریقہ اپنانے کا مطالبہ کیا۔ آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے یقین دلایا کہ اس مسئلےپر اجلاس لیکر کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاستی قانون ساز کونسل کی پانچ نشستوں کے ضمنی انتخاب کیلئے آزاد امیدوار کا امیدواری عریضہ نااہل قرار پایا ہے۔ جس کے بعد پانچ امیدوار یعنی بی جے پی کے سنجے کینیکر، داداراؤ کیچے اور سندیپ جوشی، راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سنجے کھوڑکے اور شیو سینا کے چندرکانت رگھوونشی کے بلامقابلہ انتخاب کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
***** ***** ****
ریاست کے کچھ انتظامی افسران کے کل تبادلے کر دیئے گئے۔ جلگاؤں ضلع پریشد کے سی ای او انکت کا چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے سی ای او کے طور پر کا تبادلہ کیا گیا ہے‘ جبکہ ان کی جگہ ناندیڑ ضلع پریشد کی سی ای او منل کرنوال کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح کنوٹ میں برسرِکار نائب ضلع کلکٹر کولی میگھنا کو ناندیڑ ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
***** ***** *****
خلاباز سنیتا ولیمز اور بوچ وِلمور اسپیس ایکس کُرو ڈریگن خلائی جہاز سے آج زمین پر واپس پہنچ گئے۔ بھارتی وقت کے مطابق صبح ساڑھے تین بجے یہ خلائی جہازامریکی ریاست فلوریڈا کے سمندر میں اترا۔ سنیتا ولیمز اور بوچ وِلمور گزشتہ سال جون سے خلا میں تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ کوآپریٹیو بینکوں کی طرح ملٹی اسٹیٹ کریڈٹ اداروں میں چھوٹے سرمایہ کاروں کے پانچ لاکھ روپے تک کے ڈپازٹس کی حفاظت کیلئے مرکزی حکومت سے درخواست کی جائےگی۔ وہ گزشتہ روز اسمبلی میں بول رہے تھے۔ بیڑ ضلعے کی گیان رادھا ملٹی اسٹیٹ کریڈٹ سوسائٹی کی 80 جائیدادوں کو نیلام کرکے چھ لاکھ اکائونٹ ہولڈرس کی جمع رقم واپس کرنے کا تیقن بھی وزیر اعلیٰ نے دیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کل خلد آباد میں مزارِ اورنگ زیب کے احاطے میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شہریوں سے امن و امان برقرار رکھنے اور افواہوں پر یقین نہ کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے مانجرا آبی پشتے کے چار دروازے کل شام کھول دیے گئے۔ اس سے لاتور ضلعے کے کسانوں کو آبپاشی کیلئے فائدہ پہنچے گا۔ انتظامیہ کی اطلاع کے مطابق مانجرا پشتے کے چاروں دروازے آئندہ دو دنوں تک کھلے رہیں گے‘ لہٰذا کسانوں سے خبرداری برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار کارڈ سے مربوط کرنے کے سلسلے میں انتخابی کمیشن کا تکنیکی جائزہ۔
٭ مہاکمبھ میلے سے تحریک لے کر ندیوں کے تہواروں کی روایت کو ایک وسیع شکل دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا زور۔
٭ ناگپور واقعہ کا اسمبلی میں شدید ردعمل - حکمراں جماعت اور حزبِ اختلاف کی جانب سے الزامات اور جوابی الزامات۔
٭ بنگلہ دیشی دراندازوں کو تلاش کرنے کیلئے ریاستی حکومت کی مہم، دراند ازوں کو محروس کرنے جلد ہی ایک مرکز قائم کرنے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخابات کیلئے آزاد امیدوار کی درخواست مسترد، انتخاب بلامقابلہ ہوگا۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment