Monday, 24 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 24 March-2025

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں 

تاریخ:  ۴۲/ مارچ  ۵۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ مؤثر انتظامیہ کے ذریعے صنعتی اور پائیدار ترقی کو ترجیح دینا ضروری: گروپ فارمنگ کیلئے خصوصی پالیسی کا اعلان: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔

٭ مہایوتی حکومت مراٹھواڑہ کی ترقی کیلئے عہد بند: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا بیان۔

٭ تیسرے کُل ہند ترجمہ شدہ مراٹھی ادبی کانفرنس کا ناندیڑ میں اختتام۔

٭ کبڈی عالمی کپ ٹورنامنٹ میں میزبان انگلینڈ کو شکست دیکر بھارتی خواتین و مردوں کی ٹیمیں ناقابلِ شکست۔

اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا پیرا اسپورٹس مقابلوں میں مہاراشٹر کے نشانے باز ساگر کاتڑے کو سونے کا تمغہ حاصل۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ریاست میں گروپ فارمنگ کیلئے پالیسی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ پونے کے شیوچھترپتی اسپورٹس کمپلیکس‘ بالی واڑی میں منعقد ستیہ میو جیتے فارمر کپ 2024 کے انعامات کی تقسیم کل وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جس کے بعد وہ مخاطب تھے۔ اس موقع پر وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے، پانی فاؤنڈیشن کے بانی اداکار عامر خان‘ کرن راؤ‘ ستیہ جیت بھٹکل موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گروپ فارمنگ کے ذریعے کسانوں کی زندگی میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

***** ***** *****

دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ نے کل 2027 میں ناسک میں منعقد ہونے والے کمبھ میلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انھوں نے تقریب کے بعد منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ناسک اور ترمبکیشور میں کمبھ تہوار کے انعقاد کیلئے کمبھ اتھاریٹی قائم کی جارہی ہے تاکہ تیاری میں تیزی آئے اور پریاگ راج کی طرح جلد ہی ایک قانون پاس کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ناسک میں گوداوری ندی کو صاف کرنے کیلئے نجی کاری کے ذریعے کام کیا جائے گا اور کام اگلے مہینے یا اُس کے بعد شروع ہوجائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کمبھ میلے کے سلسلے میں ترمبکیشور علاقے کی ترقی کیلئے تیار کیے گئے منصوبے کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی۔ 

***** ***** *****

وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ریاست کی ترقی کا روڈ میپ نئے صنعتکاروں کو پیش کیا تاکہ ترقی کے عمل کو ریاست کے صرف ایک حصے تک محدود رکھنے کی بجائے مہاراشٹر کی مجموعی ترقی کو ترجیح دیں۔ وہ کل ناسک میں کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کی ینگ انڈینز شاخ کے اجلاس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ مؤثر انتظامیہ کے ذریعے صنعتی اور پائیدار ترقی کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ اب واڑھون میں ہوگی اور ناسک سے واڑھون کیلئے گرین فیلڈ روڈ تیار کیا جائے گا۔

***** ***** *****

نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ مراٹھواڑہ کی ترقی کیلئے مہایوتی حکومت عہد بند ہے۔ وہ کل ناندیڑ کے نائیگاؤں تعلقے کے نرسی میں منعقدہ ایک پروگرام سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کی معاشی حالت پٹری پر آنے پر لاڈلی بہنوں کو اکیس سو روپئے دئیے جائیں گے۔ لاڈلی بہن اسکیم کسی بھی حالت میں بند نہیں ہوگی‘ اسی طرح اپوزیشن کا الزام کہ ریاست کی تجوری خالی ہوچکی ہے جھوٹ پر مبنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کا سات لاکھ کروڑ روپئے کا بجٹ انھوں نے ہی اسمبلی میں پیش کیا ہے۔ 

***** ***** *****

اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کہا کہ سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (CBSE) سرکاری اسکولوں میں CBSE کے نصاب کے نفاذ سے متعلق غلط فہمی کو دور کرے گا۔ وہ کل ناسک میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ بھوسے نے یقین ظاہر کیا کہ اس کورس کے بارے میں تمام معلومات کنونشن میں دی جائے گی‘ جس کے بعد اس کورس کا ہر سطح پر خیر مقدم کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ کورس اس سال کی پہلی سے شروع کیا جائے گا اور اسے تین سالوں میں بارہویں جماعت تک بڑھانے کا منصوبہ جاری ہے۔

***** ***** *****

  ناگپور شہر میں کل کرفیو مکمل طور پر ہٹادیا گیا۔ پولس کمشنر ڈاکٹر رویندر سنگھل نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ اس تشدد کے سلسلے میں کل 13 ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے افواہیں پھیلانے والوں کو بھی گرفتار کیا جارہا ہے۔ 

***** ***** *****

بیڑ ضلع کے شرور کاسار کے آدیواسی پاردھی بستی کے خلاف محکمہ جنگلات کے افسران کے ذریعے کی گئی کارروائی کے ضمن میں درجِ فہرست ذات و قبائل کمیشن کے نائب صدر دھرم پال میشرام نے کل جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس کارروائی میں جانبداری نظر آئی اور کمیشن اس معاملے کی جانچ کرے گا۔ انھوں نے اطلاع دی کہ متاثرہ افراد سے ملاقات کی گئی ہے اور سماجی انصاف محکمے کی جانب سے آئندہ پندرہ دِنوں میں کارروائی کی جائے گی۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے نے کل کنڑ تعلقہ کے امبالا گاؤں کا دورہ کرکے آدیواسی برادری کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ انھوں نے آدیواسیوں کیلئے اسکیمیں اور سہولیات سے متعلق اقدامات کے احکامات دئیے۔ 

***** ***** *****

بھارت کی جنگ ِ آزادی کے تین عظیم سپوت مجاہدین ِ آزادی بھگت سنگھ‘ راج گرو اور سکھدیو کو کل یومِ شہادت کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ 23 مارچ 1931 کو لاہور کی سینٹرل جیل میں ان تینوں کو پھانسی دے دی گئی تھی۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ان تینوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے و اجیت پوار نے ان شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ 

***** ***** *****

اہلیا نگر میں کل 13ویں کُل ہند مراٹھی سنت ادبی سمّیلن کا اختتام مراٹھی زبان کے وزیر اُدئے سامنت کی موجودگی میں ہوا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت وارکریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور سنت ادبی سمّیلن کیلئے ہر سال 15لاکھ روپئے کی معاشی مدد کی جائیگی۔ وارکری طبقہ کیلئے گرانقدر کام کرنے پر وٹھل ایوارڈ اس پروگرام میں سامنت کے ہاتھوں دئیے گئے۔ 

***** ***** *****

ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے تیسرے کُل ہند بھارتی مراٹھی ترجمہ شدہ ادبی سمّیلن کا کل اختتام ہوگیا۔ سمّیلن کے صدر رویندر گرجر کی موجودگی میں ہوئے اختتامی اجلاس میں ریاست بھر سے آئے مترجمین‘ فلم کار اور زبان کے محققین نے مختلف تجاویز پیش کیں۔

ان میں ریاست میں ترجمہ اکیڈمی کا قیام اور اس کے ذریعے مراٹھی سے دیگر زبان اور دیگر زبان سے مراٹھی میں ترجمے کی ترغیب‘ پرائمری سطح پر  مادری زبان میں تعلیم‘ ہر اسکول میں لائبریری کا قیام شامل ہے۔ 

***** ***** *****

بھارت کی خواتین اور مردوں کی ٹیموں نے کبڈی ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔ گزشتہ روز انگلینڈ میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں مردوں کی ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو 44-41 سے شکست دی‘ جبکہ بھارتی خواتین کی ٹیم نے بھی انگلینڈ ٹیم کو 57-34 کے فرق سے ہرادیا۔ برِاعظم ایشیاء سے باہر پہلی بار منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں کبڈی کی سرِفہرست ٹیموں نے حصہ لیا۔ بھارت نے اس سے قبل ملائیشیا میں منعقدہ 2019 ورلڈ کپ میں خواتین اور مردوں کے ٹائٹل بھی جیتے تھے۔

***** ***** *****

نئی دہلی میں جاری کھیلو انڈیا پیرا کھیل مقابلوں میں کل مہاراشٹر کے ساگر کاتڑے نے شوٹنگ میں 10 میٹر ایئر رائفل پروون مکسڈ ایس ایچ ون زمرے میں طلائی تمغہ جیتا۔ مونا اگروال نے نقرئی تمغہ اور دیپک سینی نے کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اسی طرح سُمیدھا پاٹھک نے 10 میٹر ایئر پسٹل خواتین کے ایس ایچ وَن زمرے میں طلائی تمغہ جیتا۔ روبینہ فرانسس نے نقرئی تمغہ اور انیتا کماری نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ تیر اندازی میں شیتل دیوی نے طلائی، پائل ناگ نے نقرئی اور جیوتی نے کانسے کا تمغہ جیتا۔

***** ***** *****

انڈین پریمیر لیگ (IPL) میں گزشتہ روز حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں سن رائزرس حیدرآباد نے راجستھان رائلز کو 44 رنوں سے شکست دے دی۔ جبکہ چنئی میں کھیلے گئے دیگر ایک میچ میں چنئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینز کو چار وکٹوں سے ہرایا۔

***** ***** *****

عالمی یومِ آب کے موقع پر کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں واکیتھان کا انعقاد کیا گیا۔ پانی فراہمی اور صفائی محکمے کی وزیر مملکت میگھنا ساکورے بورڈیکر اس موقع پر موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ میں پانی کے بحران کو حل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

***** ***** *****

عالمی یومِ جنگلات کے موقعے پر، ”چلو جنگل میں چلیں“ پہل پر کل ہنگولی ضلعے کے 22  اسکولوں کے 1500 طلباء کے ساتھ عمل درآمد کیا گیا۔ اس سرگرمی تحت طلباء کو جنگلات اور ماحولیات کی اہمیت سے واقف کرایا گیا۔

***** ***** *****

چھترپتی سمبھاجی نگر پولس کیلئے حکومت کی جانب سے 33 نئی گاڑیوں کی نقاب کشائی ضلعے کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ شرساٹ نے اس موقعے پر کہا کہ حکومت پولس محکمے کو مزید قابل اور مضبوط بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

***** ***** *****

ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت 39 اعشاریہ 3 ڈگری سیلسیس برہما پوری میں درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 36 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا، جبکہ پربھنی اور دھاراشیو میں 37 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ مؤثر انتظامیہ کے ذریعے صنعتی اور پائیدار ترقی کو ترجیح دینا ضروری: گروپ فارمنگ کیلئے خصوصی پالیسی کا اعلان: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔

٭ مہایوتی حکومت مراٹھواڑہ کی ترقی کیلئے عہد بند: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا بیان۔

٭ تیسرے کُل ہند ترجمہ شدہ مراٹھی ادبی کانفرنس کا ناندیڑ میں اختتام۔

٭ کبڈی عالمی کپ ٹورنامنٹ میں میزبان انگلینڈ کو شکست دیکر بھارتی خواتین و مردوں کی ٹیمیں ناقابلِ شکست۔

اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا پیرا اسپورٹس مقابلوں میں مہاراشٹر کے نشانے باز ساگر کاتڑے کو سونے کا تمغہ حاصل۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment