Sunday, 30 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 30 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/مارچ ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی آج ناگپور کے دورے پر؛ ریشم باغ اور دکشا بھومی پر پیش کریں گے خراجِ عقیدت۔
٭ تلجابھوانی مندر کے ترقیاتی منصوبے کی خاطر فوری طور پر فنڈ جاری کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی 336 ویں برسی پر مختلف پروگرامس کے ذریعے خراجِ عقیدت۔
٭ بڑھتے درجہئ حرارت کے سبب ریاست کے تمام اسکولوں کو صبح کے سیشن میں منعقد کرنے کی محکمہئ تعلیم کی ہدایت۔
٭ آج ہر طرف منایا جارہا ہے گڑی پاڑوا کا تہوار؛ مختلف مقامات پر کیا جائے گا جلسوں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ IPL کرکٹ میچو ں پر سٹے بازی کے الزام میں جالنہ پولس نے کیا پانچ افراد کو گرفتار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج ناگپور کا دورہ کررہے ہیں۔ وہ ریشم باغ میں واقع اسمرتی مندر میں ڈاکٹر کیشو بلی رام ہیڈگیوار کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔وزیرِ اعظم دِکشا بھومی بھی جائیں گے‘ جہاں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے اپنے ہزاروں ماننے والوں کے ساتھ بودھ مذہب اختیار کیا تھا۔ مودی وہاں بھی خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ اسی طرح وہ مادھو نیترالیہ کے توسیعی مرکز کا سنگ ِ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے بعد وزیرِ اعظم ایک جلسہئ عام سے خطاب کریں گے۔
ناگپور میں سولار ڈیفنس اینڈ ایرواسپیس لمیٹڈ کے جنگی سازو سامان کے Testing Base اور UAVsکے رن وے کا افتتاح بھی وزیرِ اعظم کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ اسی بیچ وزیرِ اعظم آج آکاشوانی کے ماہانہ پروگرام من کی بات کے ذریعے ہم وطنوں سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام کی سیریز کی یہ 120 ویں قسط ہوگی۔
***** ***** *****
گورنر سی پی رادھا کرشنن نے میڈیکل کے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علم کو تازہ رکھنے کیلئے مسلسل سیکھتے رہیں۔ گورنر کل ناگپور میں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیز (ایمس) کے پہلے تقسیمِ اسناد جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جینیاتی اسٹیم سیل اور عمر بڑھنے سے متعلق بیماریوں پر مزید تحقیق کریں اور اُن کا علاج دریافت کریں۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر نتن گڈکری موجود تھے۔ انھوں نے اپنے خطاب کے دوران تھیلیسمیا‘ سکل سیل اور اینیمیا جیسی بیماریوں کے جدید علاج کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ وزیرِ اعلیٰ سے درخواست کریں گے کہ وہ ریاستی حکومت کی اسکیمات کے ذریعے Bon Marrow Transplant جیسے علاج کی خاطر ایمس میں رعایتیں فراہم کریں۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس بھی اس تقریب میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شریک ہوئے اور صحت کے شعبے میں ایمس ناگپور کے کردار کی تعریف کی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے شری تلجابھوانی مندر کے ترقیاتی کاموں کیلئے فوری طور پر فنڈ جاری کرنے کا یقین دلایا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل تلجاپور میں شری تلجا بھوانی ماتا کے درشن کے بعد بول رہے تھے۔ اس موقع پر مندر انتظامیہ کی جانب سے ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کوڑیوں کا ہار پہنا کر وزیرِ اعلیٰ کا استقبال کیا۔ پھڑنویس نے تلجا بھوانی مندر ترقیاتی منصوبہ کا جائزہ لیا اور کہا کہ آئندہ دو برسوں میں اس زیارت گاہ کی کایا پلٹ کردی جائے گی۔
دریں اثناء‘ تلجاپور کے رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل اور دیگر معززین نے کل صبح تلجاپور کے ہیلی پیڈ پر وزیرِ اعلیٰ کا استقبال کیا۔ پھڑنویس نے مندر کے علاقے، محکمہئ آثارِ قدیمہ کی جانب سے کیے جارہے کاموں کا معائنہ کیا اور ایک تاریخی ستون کے آرٹ ورک کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے‘ اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولس وریندر مشرا اور دیگر معززین موجود تھے۔
اسی طرح وزیرِ اعلیٰ نے پنڈھر پور میں شری وٹھل رکمنی مندر کے تحفظ اور ترقیاتی منصوبے کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے بتایا کہ مندر کی تزئین و آرائش کا کام اشاڑھی ایکادشی تک مکمل ہوجائے گا۔ انھو ں نے یہ بھی کہا کہ پنڈھر پور راہداری کا کام سب کو اعتماد میں لیکر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی 336 ویں برسی کے موقع پر کل پونے ضلع کے ودھو بدرک میں مختلف پروگرامس کے ذریعے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ نائب وزیر ِ اعلیٰ اجیت پوار ایکناتھ شندے اور رکنِ پارلیمان اُدین راجے بھوسلے نے سمبھاجی مہاراج کی سمادھی پر جاکر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر نائب وزیرِاعلی پوار نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تلجاپور اور وڑد میں سمبھاجی مہاراج کی یادگار تعمیر کرنے کا کام ہاتھوں میں لیا گیا ہے۔ جو قابلِ فخر ہے۔
وہیں نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس تقریب میں کہا کہ ریاست کے تمام قلعوں کو مستقل طور پر قبضہ جات سے پاک کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔ اس موقع پر شندے کے ہاتھوں اس برس کا دھرم ویر چھترپتی سمبھاجی مہاراج ایوارڈ رام گیری مہاراج کو دیا گیا۔ وہیں دوسری جانب دھاراشیو میں چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی برسی کی مناسبت سے شری شیوپرتشٹھان کے زیرِ اہتمام خون کے عطیے کے کیمپ میں 71افراد نے خون کا عطیہ دیا۔
***** ***** *****
ممبئی کے کھار پولس اسٹیشن میں کامیڈین کنال کامرا کے خلاف نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے سے متعلق توہین آمیز گانا گانے پر تین الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اسی طرح جلگاؤں شہر کے میئر نے بھی شکایت درج کرائی ہے۔ وہیں ناسک میں بھی کامرا کے خلاف ایک ہوٹل والے اور ایک تاجر نے دو شکایتیں پولس اسٹیشن میں درج کرائی ہیں۔ کھار پولس نے کامرا کو کل 31 مارچ کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی میں بڑھتے درجہئ حرارت کے پیشِ نظر محکمہئ تعلیمات کے ڈائریکٹر سمپت سوریہ ونشی اور شرد گوساوی نے ریاست کے تمام اسکولوں کو صبح کے سیشن میں منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کے مطابق پرائمری اسکولوں کیلئے صبح سات بجے تا سوا گیارہ بجے تک جبکہ ثانوی اسکولوں کیلئے صبح سات تا پونے بارہ بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
کل صبح چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں CRPF کے ساتھ تصادم میں 17 نکسلی ہلاک ہوگئے۔ ساتھ ہی سیکوریٹی فورسیز کے دو جوان بھی معمولی طور پر زخمی ہوئے۔ پولس نے بتایا کہ تمام 17نکسلیوں کی لاشوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ہندو نئے برس کا پہلا دِن یعنی گڑی پاڑوا کا تہوار آج ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ گورنر سی پی رادھا کرشنن اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نیک خواہشات کا اطہار کیا ہے۔ انھوں نے اپیل کی کہ سب مل کر ریاست اور ملک کی ترقی کا اجتماعی طور پر تعین کریں اور ترقی کی مہا گڑی تیار کریں۔ گڑی پاڑوے کی مناسبت سے آج مختلف مقامات پر جلوس نکالے جائیں گے۔ تہوار کے موقع پر ملک بھر کے بازار پوجا کے سامانوں سے بھرگئے ہیں۔ دیکھا جارہا ہے کہ گڑی بنانے کیلئے عقیدت مند لکڑیاں‘ کپڑے‘ مختلف طرح کے دھاتی برتن اور گنے خرید رہے ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ میں دُکھی ریاستی شاعری ایوارڈ اور مہانور ریاستی ادبی ایوارڈ کے ساتھ ساتھ ہاتھ سے بنائی گئی تصویروں کی نمائش اور مشاعرے کے انعقاد جیسے تین پروگرامس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس برس کا دُکھی ریاستی شاعری ایوارڈ پرکاش ہولکر کو جبکہ کولہاپور کے سینئر ادیب رفیق سورج کو مہانور ریاستی ادبی انعام سے نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
IPL کرکٹ ٹورنامنٹ میں چنئی سپر کنگز بنام رائل چیلنجرس بنگلورو میچ پر سٹے بازی کے الزام میں جالنہ پولس نے کل جالنہ اور ہنگولی سے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولس نے ان سے موبائل فون‘ لیپ ٹاپ اور دیگر سامان سمیت مجموعی طور پر آٹھ لاکھ 53 ہزار روپئے مالیت کا قیمتی سامان قبضے میں لیا۔
***** ***** *****
روایتی ایندھن کی درآمد کیلئے ملک کے زرِ مبادلہ کے ذخائر کا ایک بڑا حصہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے غیر روایتی توانائی کے ریاستی وزیر اتل ساوے نے پیسوں کی بچت کی خاطر شمسی توانائی سمیت دیگر غیر روایتی توانائی کے استعمال کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ موصوف کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں مہاراشٹر اینرجی ڈیولپمنٹ اور اینرجی ایفشینسی بیورو کے اشتراک سے منعقد کی گئی الیکٹرک گاڑیوں کی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ اس ریلی میں 350 سے زائد الیکٹرک گاڑیوں نے حصہ لیا جن میں دوپہیہ، تین پہیہ اور کار گاڑیاں شامل تھیں۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں کل ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے کی صدارت میں امن کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میٹنگ میں انھوں نے ضلع کے تمام شہریان سے تہوار اور تقاریب مناتے وقت قانون پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی آج ناگپور کے دورے پر؛ ریشم باغ اور دکشا بھومی پر پیش کریں گے خراجِ عقیدت۔
٭ تلجابھوانی مندر کے ترقیاتی منصوبے کی خاطر فوری طور پر فنڈ جاری کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی 336 ویں برسی پر مختلف پروگرامس کے ذریعے خراجِ عقیدت۔
٭ بڑھتے درجہئ حرارت کے سبب ریاست کے تمام اسکولوں کو صبح کے سیشن میں منعقد کرنے کی محکمہئ تعلیم کی ہدایت۔
٭ آج ہر طرف منایا جارہا ہے گڑی پاڑوا کا تہوار؛ مختلف مقامات پر کیا جائے گا جلسوں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ IPL کرکٹ میچو ں پر سٹے بازی کے الزام میں جالنہ پولس نے کیا پانچ افراد کو گرفتار۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment