Wednesday, 16 April 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 16 اپریل 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 16 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/ مارچ ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ نوزائیدہ بچہ غائب ہونے کی صورت میں متعلقہ اسپتال کا لائسنس منسوخ کیے جانے کا عدالت ِ عظمیٰ کا حکم۔
٭ قیدیوں کی حراست میں موت کے معاملے میں معاوضے کی ادائیگی کو ریاستی کابینہ کی منظوری؛
لاتور کے پورن مَل لاہوٹی پالی ٹیکنک میں انجینئرنگ ڈگری کورس کی منظوری۔
٭ آبی وسائل محکمے کے آبی نظم و نسق پندھرواڑے کا آغاز۔
٭ شیوچھترپتی ریاستی کھیل ایوارڈز کا اعلان؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کی جوڈو کھلاڑی شردّھا چوپڑے کو ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے مختلف مقامات پر آئندہ ہفتے درجہئ حرارت میں دو تا تین ڈگری سیلسیئس اضافے کا خدشہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
عدالت ِ عظمیٰ نے حکم جاری کیا ہے کہ کسی اسپتال سے نوزائیدہ بچے کے غائب ہوجانے کی صورت میں سب سے پہلے اس اسپتال کا لائسنس منسوخ کیا جائے۔ اُترپردیش میں نوزائیدہ بچوں کی اسمگلنگ کے ملزمان کی درخواست ِ ضمانت پر کل عدالت میں سماعت ہوئی۔ جسٹس جے بی پارڈی والا اور آر مہادیون کی بنچ نے دورانِ سماعت ہدایت کی کہ بچوں کی اسمگلنگ کے معاملات میں اعلیٰ عدالتیں اندرونِ چھ ماہ سماعت مکمل کرنے کا حکم زیریں عدالتوں کو دیں۔ اس کے علاوہ ان معاملات کی سماعت روزآنہ کی بنیادپر کی جائے۔ نیز ان احکامات کی حکم عدولی کو ہتک ِ عدالت تصور کیا جائے۔
***** ***** *****
سڑک حمل و نقل اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ملک میں ٹول ٹیکس وصولی کیلئے نیا نظام زیرِ غور ہے۔ وہ کل ممبئی کے دادر میں ”اَمر ہند مہا منڈل“ کے ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ سیٹیلائٹ کی مدد سے ایک جدید فری ٹول سسٹم تیار کیا جارہا ہے جس میں دورانِ سفر مکمل فاصلے کے مطابق ٹول چارجز گاڑی کے مالک کے بینک اکاؤنٹ سے براہِ راست وضع کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے مہاراشٹر میڈیکل کونسل کو مشورہ دیا ہے کہ اگر رجسٹرڈ ڈاکٹرز‘ دیہی علاقوں میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں تو انھیں کریڈٹ پوائنٹس دئیے جائیں۔ ان ہدایات کی روشنی میں مسلسل طبّی تعلیم یعنی CME نظام میں اہم تبدیلیاں کیے جانے کی اطلاع کونسل نے دی۔ یہ پوائنٹس ڈاکٹروں کو میڈیکل لائسنس کی تجدید میں مددگار ثابت ہوں گے اور ساتھ ہی ساتھ دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو ماہر ڈاکٹروں سے علاج کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔
***** ***** *****
قومی انسانی حقوق کمیشن کی ہدایات کے مطابق ریاستی کابینہ نے قیدیوں کی حراست کے دوران موت واقع ہوجانے پر معاوضہ دئیے جانے کی پالیسی کو منظوری دے دی ہے۔ کل منعقدہ کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس پالیسی کے تحت اگر قید کے دوران کوئی حادثہ ہوجائے‘ جیل میں کام کرتے وقت قیدی کی موت‘ طبّی افسران کی سستی و کاہلی‘ جیل حکام کے زدوکوب یا قیدیوں کی آپسی لڑائی میں موت ہو اور جیل انتظامیہ کی غفلت ثابت ہوجائے تو قیدی کے ورثاء کو پانچ لاکھ روپئے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ یہ پالیسی ریاست کی تمام جیلوں میں نافذ العمل ہوگی۔
اس کے علاوہ کابینی اجلاس میں کیے گئے دیگر فیصلوں کے مطابق میونسپل کارپوریشنز‘ میونسپل کونسلوں‘ نگرپنچایتوں اور صنعتی علاقوں کی جائیدادوں کے کرایے پر دینے کے قواعد و ضوابط میں یکسانیت لائی جائیگی۔ اس کیلئے نئی شرح سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرنے کو آج ہوئی کابینی میٹنگ میں منظوری دی گئی۔ ان علاقوں میں جائیداد ٹیکس کی وصولی کو ممکن بنانے کیلئے اس پر لاگو جرمانے کو جزوی طور پرمعاف کرنے کی اسکیم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ریاستی کابینہ نے میونسپل کونسل‘ نگر پنچایت اور صنعتی علاقے ایکٹ 1965 میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میونسپل کونسل‘ نگر پنچایت اور صنعتی علاقوں کے صدور کو اکثریت ِ رائے سے ہٹانے کی دفعات کو کابینہ نے منظوری دی۔
لاتور کے پورن مَل لاہوٹی گورنمنٹ پالی ٹیکنک کالج میں تعلیمی سال 2025-26 سے انجینئرنگ ڈگری نصاب شروع کرنے کا فیصلہ بھی ریاستی کابینہ نے اس اجلاس میں کیا۔
***** ***** *****
ریاست کے راشن تقسیم کرنے والے دکانداروں کے کمیشن میں فی کوئنٹل 250 روپئے اضافہ کرکے اسے 150 روپئے سے بڑھا کر 170 روپئے کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ کل نائب وزیرِ اعلیٰ اور خوراک اور بلدی رسد کے وزیر اجیت پوار کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ مرکزی حکومت کے تسلیم شدہ اور نافیڑ کے ذریعے دستیاب ہونے والی 10 اشیائے ماحتیاج کو راشن دکانوں سے فروخت کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی اس اجلاس میں کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کھیلوں کے وزیر دتاتریہ بھرنے‘ نے کل شیوچھترپتی ریاستی کھیل لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2023-24 کا اعلان کردیا۔ سابق قومی کبڈی کھلاڑی شکنتلا کھٹاؤکر کو لائف ٹائم اچیومنٹ اور پیرالمپک میڈل یافتہ سچن کھلاری‘ عالمی چمپئن آدیتی سوامی‘ اَوجس دیوتڑے‘ کرکٹ کھلاڑی شیوم دُوبے‘ رُتوراج گائیکواڑ‘ یشسوی جیسوال اور چھترپتی سمبھاجی نگر کی جوڈو کھلاڑی شردّھا چوپڑے کو شیوچھترپتی ریاستی کھیل ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ مجموعی طورپر 89 کھیل ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈز آئندہ جمعہ کو پونا میں گورنر کے ہاتھوں تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
نیشنل ہیرالڈ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ED نے منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت کانگریس رہنماء سونیا گاندھی‘ راہل گاندھی اور دیگر قائدین کے خلاف فردِ جرم عائد کردی ہے۔ خصوصی جج وشال گوگنے نے اس فردِ جرم کا جائزہ لیا اور آئندہ کارروائی 25 تاریخ کو کرنے کا عندیہ دیا۔ فردِ جرم میں شامل دیگر رہنماؤں میں کانگریس رہنماء سیم پترودا ور سمن دوبے کے نام شامل ہیں۔
***** ***** *****
آبی وسائل کے محکمے کی جانب سے 30 اپریل تک آبی نظم و نسق عملی 15 روزہ منصوبے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ پربھنی‘ لاتور‘ ہنگولی‘ ناندیڑ اور بیڑ سمیت مختلف اضلاع کے ہیڈکوارٹرز پر اس منصوبے کا کل افتتاح کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ضلع کلکٹر دلیپ سوامی اور معزز شخصیات کی موجودگی میں دیاجلاکر اور پانی کی پوجا کرکے اس کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر وہاں موجود افراد کو پانی کے احتیاط سے استعمال پر حلف دلایا گیا۔ اس موقع پر 15 روزہ ایکشن پلان کے دوران ہونے والے مختلف پروگراموں کی تفصیلات سے مراٹھواڑہ آبپاشی ترقیاتی کارپوریشن کے کار گذار ڈائریکٹر سنتوش ترمنوار نے آگاہ کیا۔
***** ***** *****
بی جے پی رہنماء کریٹ سومیا نے الزام عائد کیا ہے کہ بیڑ ضلع میں تین مقامات پر دستاویزات کی عدم موجودگی کے باوجود جعلی طریقے سے بڑے پیمانے پر برتھ سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ہیں اور ان میں پرلی محصول انتظامیہ سرِفہرست ہے۔ سومیا نے کل پرلی پولس اسٹیشن کا دورہ کرکے تمام متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایاکہ پولس افسران نے انھیں تیقن دیا ہے کہ اس معاملے میں دو تین دنوں میں مقدمات درج کیے جائیں گے۔
دریں اثناء‘ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ بنگلہ دیشی دراندازوں کے نام پر مسلم برادری کو نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے پرلی میں چند افراد نے کالی جھنڈیاں دکھاکر کریٹ سومیا کے خلاف احتجاج کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں مہارانا پرتاپ کے مجسّمے کی نقاب کشائی آئندہ 18 تاریخ کو وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کے ہاتھوں عمل میں آئیگی۔ رکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کل ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ شہر کے کیناٹ علاقے میں واقع گارڈن میں یہ مجسمہ نصب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ میں آج ریاست کے وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کی زیرِ صدارت ضلع سرمایہ کاری کانفرنس ہورہی ہے۔ اس کانفرنس میں صنعتکاروں سے حصہ لینے کی اپیل ضلع صنعتی مرکز کے سربراہ کرن جادھونے کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں اسمارٹ سٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے چلائی جانے والی سٹی بس کے ٹکٹ میں 20 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ یہ اضافی شرح آج سے لاگو ہوگی۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس برس جون تا ستمبر کے دوران اوسط سے پانچ فیصد زیادہ بارش ہوگی۔ قومی دفتر ِ موسمیات کے سربراہ ڈاکٹر مرتیونجے موہاپاترا نے نئی دہلی میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ ملک کے بیشتر مقامات پر اوسط یا اوسط سے زیادہ بارش ہوگی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ چار تا پانچ دِنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہئ حرارت میں دو تا تین ڈگری سیلسئیس اضافے کے خدشے کا اظہار ممبئی کے علاقائی مرکزِ موسمیات نے کیا ہے۔تاہم آئندہ 17 تاریخ کو چند ایک مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ نوزائیدہ بچہ غائب ہونے کی صورت میں متعلقہ اسپتال کا لائسنس منسوخ کیے جانے کا عدالت ِ عظمیٰ کا حکم۔
٭ قیدیوں کی حراست میں موت کے معاملے میں معاوضے کی ادائیگی کو ریاستی کابینہ کی منظوری؛
لاتور کے پورن مَل لاہوٹی پالی ٹیکنک میں انجینئرنگ ڈگری کورس کی منظوری۔
٭ آبی وسائل محکمے کے آبی نظم و نسق پندھرواڑے کا آغاز۔
٭ شیوچھترپتی ریاستی کھیل ایوارڈز کا اعلان؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کی جوڈو کھلاڑی شردّھا چوپڑے کو ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے مختلف مقامات پر آئندہ ہفتے درجہئ حرارت میں دو تا تین ڈگری سیلسیئس اضافے کا خدشہ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment