Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 17 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۷؍ اپریل ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ رواں تعلیمی سال سے پہلی جماعت کیلئے سی بی ایس ای پر مبنی نصاب نافذ کرنے کا سرکاری حکم جاری۔
٭ اگلے چیف جسٹس کے طور پر جسٹس بھوشن گوئی کے نام کی سفارش۔
٭ ریاست میں تماشہ اداروں کے مالکان اور فنکاروں کی شکایات کے ازالے کیلئے دو علیحدہ کمیٹیاں تشکیل ۔
٭ امباجوگائی کو شاعری کے گاؤں سے موسوم کرنے کا مراٹھی زبان کے وزیر اُدئے سامنت کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ اس سال کے لتا دینا ناتھ منگیشکر ایوارڈ کیلئے بزرگ صنعت کار کمار منگلم برلا کا انتخاب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست میں سی بی ایس ای کی طرز پر نیا نصاب لاگو کرنے کیلئے کل ایک سرکاری حکمنامہ جاری کیا گیا۔ رواں تعلیمی سال سے سی بی ایس ای کا نصاب پہلی جماعت کیلئے، جماعتِ دوّم ، سوم، چہارم اور ششم کیلئےآئندہ تعلیمی سال سے، 2027-28 سے پانچویں، ساتویں، نویں اور گیارہویں جماعتوں کیلئے اور 2028-29سے آٹھویں،دسویں اور بارہویں جماعتوں کیلئےنافذ کیا جائے گا۔
پچھلی ابتد ائی، ثانوی او ر اعلیٰ ثانوی سطحوں کی بجائے، نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق بنیادی سطح، قبل از تیاری کی سطح، قبل از ثانوی سطح، اور ثانوی سطح کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت قومی تعلیمی‘ تحقیقی و تربیتی ادارے کی تیار کردہ NCERT پر مبنی کتابیں نصاب کیلئے لاگو کی جائیں گی۔
***** ***** *****
تعلیمی سہولیات کو عو ام تک زیادہ سے زیادہ قابل رسائی بنانے کیلئے ملک کاپہلا تعلیمی پورٹل ’’مہاگیان دیپ‘‘ کل منترالیہ میں اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل نے فعال کیا۔ اس موقعے پر پاٹل نے کہا کہ مہاراشٹر نے ڈیجیٹل تعلیم کی طرف پیش قدمی شروع کر دی ہے۔
***** ***** *****
چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سنجیو کھنہ نے مرکزی وزارتِ قانون سے ملک کے اگلے چیف جسٹس کے طور پر جسٹس بھوشن گوئی کے نام کی سفارش کی ہے۔ جسٹس گوئی فی الحال عد الت ِ عظمیٰ کے دوسرے سینئر ترین جج ہیں۔ آئندہ ماہ 13 مئی کوموجودہ چیف جسٹس سنجیو کھنہ خدمات سے سبکدوش ہوںگے۔
***** ***** *****
وزیرِ ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے سربر اہ پرتاپ سرنائیک نے مسافروں کو صحت بخش اور مناسب سہولیات فراہم نہ کرنےوالے ہوٹلوں اور دھابوں کے اجازت نامے منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ انہوں نے طویل مسافت کے راستوں پر تمام ایس ٹی بس اسٹاپس کا سروے کرکے آئندہ 15 دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔ سرنائیک نے مسافروں کی صحت سے سمجھوتہ کیے بغیر ایسے اسٹاپوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار نے ریاست میں تماشہ اداروں کے مالکان اور فنکاروں کی مختلف شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے دو علیحدہ کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کمیٹیاں تماشہ مرکز کے مالکان اور فنکاروں کے مسائل سے آگاہی کے بعد ان کے حل کی تجاویز پیش کریں گی۔
***** ***** *****
بیڑ میں کل‘ ضلع سرمایہ کاری کانفرنس منعقد ہوئی۔ وزیرِ صنعت ادئے سامنت کی صدارت میں منعقدہ اس کانفرنس میں مقامی صنعتکاروں نے 900 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس پر سامنت نے متعدد افراد کو روزگار فراہم ہونے کا یقین ظاہر کیا۔ انہوں نے بیڑ میں فروغِ ہنر مرکز قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
دریں اثناء مراٹھی زبان کے وزیر ادئے سامنت نے کل امباجوگائی شہر کو شاعری کا گاؤں قرار دینے کا اعلان بھی کیا۔سامنت نے بتایا کہ مراٹھی زبان کے اوّلین شاعر مکندراج کے رہائشی گائوں امباجوگائی کو شاعری کے گاؤں سے موسوم کیا جائے گا۔ انھوںنے مزید کہا کہ امراوتی میں مجوزہ مراٹھی یونیورسٹی کے چھ ذیلی مراکز ریاست بھر میں قائم کیے جائیں گے، اور ان میں سے ایک ذیلی مرکز کے امباجوگائی میں قیام کیلئے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل سے درخواست کی جائےگی۔ انھوں نے مکندراج کی تصنیف ویویک سِندھو کی حکومت کے ذریعے دستیابی اور ریاستی حکومت کے مختلف ادبی ایوارڈز میں مکندراج کے نام پر ایوارڈ دینے کا تیقن بھی دیا۔
معروف مصنف دگڑو لومٹے نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ اس فیصلے سے مطالعے کی روایت کو فروغ ملے گا اور مراٹھی ادب کے قارئین کو فائدہ پہنچے گا۔
اسی طرح گذشتہ بیس سالوں سے امباجوگائی میں کتابیں پڑھنے کی تحریک چلانے والے اور کتاب پیٹی پہل شروع کرنے والے ابھیجیت جوندھڑے نے بھی اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ماسٹر دینا ناتھ منگیشکر میمورئیل فاؤنڈیشن کی جانب سے دیئے جانے والے اس سال کے لتا دینا ناتھ منگیشکر ایوارڈ کیلئے آدتیہ برلا گروپ کے سربراہ پدم وبھوشن کمار منگلم برلا کا انتخاب کیا گیا ہے۔ برلا کو ان کی دُور اندیش قیادت اور ملک کی ترقی میں خاطر خواہ شراکت و تعاون کے عوض اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔
ماسٹر دینا ناتھ منگیشکر ایوارڈز کا بھی کل اعلان کیا گیا۔ فلم اداکارہ شردھا کپور، سونالی کلکرنی، اداکار سنیل شیٹی، سچن پِڑ گاونکر، شرد پونکشے، گلوکارہ رِیوا راٹھوڑ کے علاوہ بزرگ فنکار پدم بھوشن ڈاکٹر این راجَم اور ادبی شخصیت شری پال سبنِس کو اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔ آئندہ 24 اپریل کو ممبئی میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے ہاتھوں یہ ایوارڈز تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
چلتی ریلوے گاڑی میں اے ٹی ایم کی سہولت کا کل سے آغاز ہوگیا۔ ممبئی-منماڑ راستے پر چلنے والی پنچوٹی ایکسپریس اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کرنے والی ملک کی پہلی ریلوے گاڑی بن گئی ہے ۔ وسطی ریلوے کے بھساول ڈویژن اور بینک آف مہاراشٹرا کے مشترکہ تعاون سے ایئر کنڈیشنڈ ڈِبے میں یہ سہولت شروع کی گئی ہے اور اس کا تجربہ کل کامیاب رہا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے ضلع کلکٹر دفتر میں ’’ایک کھڑکی اسکیم‘‘ شروع کرنے کا اعلان ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کیا۔ وہ کل دھاراشیو میں ضلع سرمایہ کاری کانفرنس 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس کانفرنس میں ضلعے کی صنعتی ترقی کیلئے ضروری اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
***** ***** *****
ٹاٹا ٹکنالوجی کمپنی نے بیڑ ضلع کیلئے 191 کروڑ روپے کے صرفے سے ایک نیا ’مرکز برائے ایجاد، اختراع ا ور تربیتی مرکز‘ - سی آئی آئی آئی ٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی نے اس سلسلے میں نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے۔ اجیت پوار کی جانب سے بیڑ ضلعے میں طلباء اور نوجوانوں کو صنعتی تربیت، تکنیکی مہارت اور روزگار و خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سی آئی آئی آئی ٹی کے قیام کا اعلان کرنے کے بعد ٹاٹا ٹکنالوجی کمپنی نے یہ فیصلہ لیا ہے ۔ مجوزہ نیا تربیتی مرکز ہر سال سات ہزار نوجوانوں کو تربیت دے گا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کی کل 621 گرام پنچایتوں کے انتخابات کیلئے سرپنچ عہدوں کی ریزرویشن قرعہ اندازی کل کی گئی۔ درج فہرست ذات کے زمرے کیلئے گرام پنچایتوں کے سرپنچ کے 100، درج فہرست قبائل کیلئے 13، پسماندہ طبقات کیلئے 166 اور کھلے زمرے کیلئے 342 عہدے مختص کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے سماجی بہبود محکمے کی معرفت ضلعے کے درجِ فہرست ذات اور نو بودھ طلباء کی تعلیمی سیر پر ایک وفد کل ناندیڑ سے شری ہری کوٹا کیلئے روانہ ہوا۔ اس سفر میں ماہور، حدگاؤں، عمری، اور نائیگاؤں کے 60 طلباء شامل ہیں ۔
***** ***** ****
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے تحت وقف ترمیمی قانون کے خلاف کل بیڑ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقعے پر انسانی زنجیر بنا کر نئے وقف قانون کے خلاف نعرے لگائے گئے۔
***** ***** ****
ناندیڑ پولس کے علاقائی دفتر کی ویب سائٹ کا کل سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقعے پر انھوں نےاس ویب سائٹ کے ذریعے محکمہ پولس کے مزید فعال ہونے کا یقین ظاہر کیا۔
***** ***** ****
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں پانی کے مسئلے پر احتجاج کیا گیا۔ قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے اور سابق رکن پارلیمان چندرکانت کھیرے کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج کے دوران پانی کی قلّت پر انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے گئے ۔
***** ***** ****
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجۂ حرارت اکولہ میں 43 اعشاریہ سات ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو میں 40 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41 اعشا ریہ چھ ڈگری اور پربھنی میں 41 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** ****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ رواں تعلیمی سال سے پہلی جماعت کیلئے سی بی ایس ای پر مبنی نصاب نافذ کرنے کا سرکاری حکم جاری۔
٭ اگلے چیف جسٹس کے طور پر جسٹس بھوشن گوئی کے نام کی سفارش۔
٭ ریاست میں تماشہ اداروں کے مالکان اور فنکاروں کی شکایات کے ازالے کیلئے دو علیحدہ کمیٹیاں تشکیل ۔
٭ امباجوگائی کو شاعری کے گاؤں سے موسوم کرنے کا مراٹھی زبان کے وزیر اُدئے سامنت کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ اس سال کے لتا دینا ناتھ منگیشکر ایوارڈ کیلئے بزرگ صنعت کار کمار منگلم برلا کا انتخاب۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment