Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 18 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/ اپریل ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وقف قانون کی اگلی سماعت تک وقف بورڈ یا وقف کونسل میں کسی قسم کا تقرر نہیں ہوگا: مرکزی حکومت کا سپریم کورٹ کو جواب۔
٭ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ آج چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے پر۔
٭ ریاستی خدمات کا مرکزی امتحان 27 تا 29 مئی کے درمیان منعقد کرنے کا MPSC کا فیصلہ۔
٭ ریاستی حکومت کے فلم ایوارڈ ظاہر؛ وی شانتا رام ایوارڈ مہیش مانجریکر کو‘ جبکہ بھیم راؤ پانچاڑے کو لتامنگیشکر ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ گرمی کی پریشانیوں کیخلاف لڑنے کیلئے تمام سے متحدہ کوشش کرنے کی ماحولیات کے ماہر اَتل دیولگاؤنکر کی اپیل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ وقف قانون سے متعلق اگلی سماعت تک وقف بورڈ یا وقف کونسل میں کسی بھی قسم کا تقرر نہیں کیا جائے گا۔ وقف ترمیمی قانون 2025 کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کا خلاصہ کل کورٹ نے پیش کیا۔ اس سماعت کے دوران کورٹ نے کچھ سوالات بھی کیے اور اس کے جواب کیلئے مرکزی حکومت کو سات دنوں کا وقت دیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ اگلی سماعت تک کوئی بھی وقف پراپرٹی کو ردّ نہیں کیا جائے گا اور منتخب ضلع کلکٹر دفتر میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت پانچ مئی کو ہوگی۔
دریں اثناء‘ داؤدی بوہرہ سماج کے ایک وفد نے کل وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے وقف ترمیمی قانون کے تئیں ان کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن نے کہا ہے کہ ملک کے شہریوں کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے حکومت عہد بند ہے۔ وہ ممبئی شیئر مارکیٹ کے ڈیڑھ سو ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر کل ممبئی میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ شیئر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد شارٹ ٹرم کو اپنے فائدہ کیلئے اپنائیں۔ اس کیلئے انھوں نے صبر سے فیصلہ لینے کا مشورہ بھی دیا۔
***** ***** *****
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ آج چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے پر آرہے ہیں۔ وہ دوپہر ساڑھے چار بجے خصوصی جہاز سے شہر پہنچیں گے۔ وہ سڈکو علاقے کے کیناٹ کے گارڈن میں تعمیر شدہ مہارانا پرتاپ کے قد ِ آدم مجسّمے کی نقاب کشائی کریں گے۔ اس پروگرام میں وہ صنعتکاروں سے مخاطب ہوں گے۔ اس کے بعد وہ خصوصی جہاز سے لکھنؤ روانہ ہوجائیں گے۔
دریں اثناء‘ اس پروگرام کے ضمن میں شہر اور متعلقہ علاقے کے راستے کے ٹریفک میں کچھ جزوی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی خدمات کے مرکزی امتحان کو 27 تا 29 مئی کے دوران منعقد کرنے کافیصلہ ریاستی خدمات کمیشن MPSC نے لیا ہے۔ یہ امتحان 26 تا 28 اپریل کے دوران منعقد ہونے والے تھے، لیکن اس کی تیاری کیلئے وقت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے امتحان کے امیدواروں نے امتحان کو آگے بڑھانے کی اپیل کی تھی۔
***** ***** *****
حکومت ِ مہاراشٹر کے ثقافتی اُمور محکمے کے فلم ایوارڈز کل ظاہر کیے گئے۔ ڈائریکٹر وی شانتا رام لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ مشہور اداکار و ہدایت کار مہیش مانجریکر کو‘ آنجہانی راج کپور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ مشہور اداکار انوپم کھیر کو، جبکہ ملکہئ ترنم لتا منگیشکر ایوارڈ سینئر غزل گلوکار بھیم راؤ پانچاڑے کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر وی شانتا رام خصوصی تعاون ایوارڈ مشہور اداکارہ مکتا بروے کو جبکہ آنجہانی راج کپور خصوصی تعاون ایوارڈ اداکارہ کاجول کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آئندہ 25 اپریل کو ممبئی میں یہ ایوارڈ تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
گڈ فرائیڈے آج منایا جارہا ہے۔ اس دن پیغمبر عیسیٰ علیہ السلام کو سولی پر چڑھائے جانے کا اعتقاد ہے۔ اس مناسبت سے مختلف مقامات کے چرچ میں خصوصی دعاؤں سمیت کئی مذہبی پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
عالمی ثقافتی ورثہ دِن آج منایا جارہا ہے۔ اس مناسبت سے محکمہئ آثارِ قدیمہ نے ملک بھر کے تمام ثقافتی ورثے کے مقامات پر مفت داخلے کا فیصلہ کیا ہے۔ ”آفت اور تنازعہ کی وجہ سے خطرے کی زد میں یہ ثقافتی ورثے“ یہ اس کا اس مرتبہ کے دِن کانعرہ ہے۔
***** ***** *****
ماہرِ ماحولیات اتل دیولگاؤنکر نے کہا ہے کہ گرمی کی حدت کے خلاف لڑنے کیلئے تمام کو متحدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ”گرمیوں سے لڑائی“ اس کیمپ سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے 281 ضلعوں کو گرمی کی لہر کا خطرہ ہے۔ اس موقعے پر ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کہا کہ شجرکاری اور پانی بھرائی کے ذریعے آئندہ نسلوں کیلئے ہم بہتر ماحول بنا سکتے ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ کے ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک نے اپیل کی ہے کہ آئندہ کچھ دِنوں میں ممکنہ گرمی کی لہر کو مدِنظر رکھتے ہوئے عوام احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ ہیٹ اسٹروک کے علاج کیلئے سرکاری اسپتالوں کو تیار رکھنے کے احکامات بھی انھوں نے دئیے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پندرہ روزہ قومی غذائیت پروگرام فی الحال منایا جارہا ہے۔ ماں اور بچوں کی اموات کی شرح کو کم کرنے کیلئے غذائی قلّت کے خاتمے کیلئے یہ پندھرواڑہ منایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
قومی طبّی مہم کے تحت سن 2024-25 میں بہترین کام کرنے والے ناندیڑ ضلع کے طبّی افسران و ملازمین کو سی ای او و ایڈمنسٹریٹر میگھنا کاؤلی کے ہاتھوں کل توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ ضلع میں ماں اور بچے کی اموات کی شرح کو کم کرنے کی اپیل انھوں نے اس موقع پر کی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے وشنو پوری میں پانی پوری کھانے سے 31 کالج کے طلبہ کو فوڈ پائزننگ ہوگئی۔ ان تمام کا ڈاکٹر شنکر راؤ چوہان سرکاری میڈیکل کالج و اسپتال میں علاج جاری ہے، جبکہ ڈاکٹروں نے ان کی حالت مستحکم بتائی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں بھی کھانے سے 79 افراد کو فوڈ پائزننگ ہوگئی۔ عمرگہ تعلقے کراڑی کے ایک مذہبی پروگرام میں کھانے سے یہ فوڈ پائزننگ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ان میں سے 24 مریض عمرگہ ذیلی اسپتال میں اور45 افراد کا نجی اسپتال میں علاج جاری ہے جبکہ دس افرادکے صحت یاب ہونے کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی تعلقے کے ایک سو گیارہ گرام پنچایتوں میں درجِ فہرست ذات و قبائل کے افراد‘ اسی طرح خواتین کے زمرے کے سرپنچ عہدے کیلئے ریزرویشن کی قرعہ اندازی آئندہ بدھ کو ہوگی۔ اس کیلئے ہنگولی میں سب ڈویژنل افسر دفتر میں دوپہر بارہ بجے پروگرام منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رُکن بابا صاحب آگے کے بہیمانہ قتل کے بعد، ریاستی وزیر پنکجا منڈے نے مقتول آگے کے خاندان کی کفالت کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں رائے دہی مرکز توسیعی کارکن کے طور پر سخت محنت کرنے والے پارٹی کے وفادار رُکن کے بہیمانہ قتل پر منڈے نے اپنا ردّ عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے گیان اُپاسک کالج کی جانب سے اساتذہ کیلئے معیاری تعلیمی ویڈیو سازی مقابلہ منعقد کیا گیا۔ اس مقابلے میں بہترین ویڈیو بنانے والے اساتذہ کو تعلقہ اور ضلعی سطح پر اول، دوم اور سوم مقام دیکر اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
دھارا شیو ضلعے میں خریف ہنگام قبل از تیاری اور ناناجی دیشمکھ زرعی سنجیونی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت منعقدہ تربیتی ورکشاپ کو کل زبردست پذیرائی ملی۔ اس موقع پر خریف ہنگام کیلئے خصوصی مہم چلانے کے احکامات دیئے گئے۔ ساتھ ہی کیچمنٹ حدود میں مختلف اقدامات، مقامات کا تعین اور اس سے متعلق منصوبوں کے مؤثرنفاذ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئی۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں کھیت راستوں اور پگڈنڈیوں کو ہموار کرنے کیلئے تعلقہ سطح پر سستی عدالت کے اقدام کو شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کسانوں سے اس اقدام میں حصہ لینے کی اپیل انہوں نے کی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے پرلی میں فرضی پیدائشی سرٹیفکیٹ فراہم کرکے حکومت کے ساتھ دھوکہ دہی کے الزام میں محصول افسران نے 14 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ بی جے پی رہنماء کریٹ سومیا کے احتجاج کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہئ حرارت اکولہ میں 43 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو میں 40 اعشاریہ دو ڈگری سیلسئیس، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41 اعشاریہ چار، پربھنی میں 41 اعشاریہ پانچ اور بیڑ میں 42 اعشاریہ چار ڈگری سیلسئیس درجہئ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وقف قانون کی اگلی سماعت تک وقف بورڈ یا وقف کونسل میں کسی قسم کا تقرر نہیں ہوگا: مرکزی حکومت کا سپریم کورٹ کو جواب۔
٭ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ آج چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے پر۔
٭ ریاستی خدمات کا مرکزی امتحان 27 تا 29 مئی کے درمیان منعقد کرنے کا MPSC کا فیصلہ۔
٭ ریاستی حکومت کے فلم ایوارڈ ظاہر؛ وی شانتا رام ایوارڈ مہیش مانجریکر کو‘ جبکہ بھیم راؤ پانچاڑے کو لتامنگیشکر ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ گرمی کی حدت کیخلاف لڑنے کیلئے تمام سے متحدہ کوشش کرنے کی ماحولیات کے ماہر اَتل دیولگاؤنکر کی اپیل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment