Saturday, 19 April 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 19 اپریل 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 19 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۱/ مارچ ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سن 2030 تک بھارت کی برآمدات 50 ہزار کروڑ سے زائد ہوجائیگی: وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کا اظہارِ اعتماد۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈیفنس کلسٹر قائم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا مطالبہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں مہارانا پرتاپ کے مجسّمے کی نقاب کشائی اور پونا میں کرانتی ویر چاپیکر برادران کی یادگار کا افتتاح۔
٭ ریاست میں اساتذہ کیلئے جلد ہی یونیفارم لازمی: اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے کا اعلان۔
٭ وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کی تل کی نئی قسم کو مرکزی حکومت کی منظوری۔
٭ معطل شدہ پولس سب انسپکٹر رنجیت کاسلے خدمات سے برطرف۔
اور۔۔۔٭ شیوچھترپتی ریاستی کھیل ایوارڈز‘ گورنر کے ہاتھوں تقسیم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ سن 2030 تک ملک کی برآمدات 50 ہزار کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں چیمبر آف مراٹھواڑہ انڈسٹریز اینڈ ایگریکلچر ”سی ایم آئی اے“ کے ”مراٹھواڑہ آتم نربھر بھارت کی رَکشا بھومی“ کے عنوان سے منعقدہ مباحثے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر راجناتھ سنگھ نے مودی حکومت کے دور میں برآمدات میں 40 گنا اضافہ ہونے کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Defence Minister Rajnath Singh
CMIA کے سربراہ اَرپت ساوے نے اس موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر صنعتی علاقے کا تعارف پیش کیا۔ جس پر وزیرِ دفاع نے کہا کہ CMIA اپنی تجاویز نئی دہلی میں متعلقہ وزارت کو ارسال کرے اور تیقن دیا کہ وہ اس پر غور کریں گے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈیفنس کلسٹر قائم کرنے کا مطالبہ کیا، جس سے صنعتکاروں کی استعداد بڑھے گی۔ انھوں نے اعلان کیا کہ 10 ہزار ایکڑ پر قائم دہلی- ممبئی صنعتی راہداری DMIC منصوبے کی توسیع کیلئے مزید آٹھ ہزار ایکڑ زمین ایکوائر کی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات پر اظہارِ اطمینان کیا کہ CMIA کے صنعتکاروں میں اجتماعی ترقی کا جذبہ پایا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ:
Byte: Chief Minister Devendra Fadnavis
اس سیشن کے بعد ویر شرومنی مہارانا پرتاپ کے گھوڑ سوار مجسّمے کی نقاب کشائی راجناتھ سنگھ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ میواڑ راج گھرانے کے وارث لکشیہ راج سنگھ‘ راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور دیگر اہم شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ اپنی تقریر میں راجناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ مجسمہ ہر ایک کیلئے ذریعہئ تحریک ہوگا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Defence Minister Rajnath Singh
میواڑ کے راجہ لکشیہ راج سنگھ نے اپنے خطاب میں مہارانا پرتاپ سنگھ اور چھترپتی مہاراج کی بہادری کا ذکر کیا اور اس مجسّمے کی تنصیب پر شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Lakshyaraj Singh
دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس آج بیڑ ضلع کا دورہ کررہے ہیں۔ گھاٹ شیر پار گاؤں میں ناریلی ہفتے کی اختتامی تقریب میں وہ شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
پونا کے چنچوڑ میں کل چاپیکر برادران کی یادگار کا افتتاح اور قومی عجائب گھر کے کام کا سنگ ِ بنیاد وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے رکھا۔ ہر اسکولی طالب ِ علم کو اس یادگار کو دیکھنے کی تلقین وزیرِ اعلیٰ نے کی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انھوں نے تیقن دیا کہ اس عجائب گھر کیلئے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائیگی۔
***** ***** *****
آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا اور مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ یوجنا کے تحت رجسٹرڈ اسپتالوں کی تعداد ایک ہزار 792 سے چار ہزار 180 تک بڑھانے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ وزیرِ صحت پرکاش آبٹکر کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ حادثے کا شکار مریضوں کیلئے ایک لاکھ روپئے تک کے کیش لیس علاج کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے اقدامات کیے جانے کے احکامات بھی آبٹکر نے اس موقع پر دئیے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کہا ہے کہ ریاست میں اساتذہ کیلئے بہت جلد یونیفارم لازمی قرار دیا جائے گا۔ ناسک ضلع کے اَجنگ ضلع پریشد اسکول کی ایک تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ اس فیصلے کے باعث اساتذہ پر اضافی بوجھ نہ پڑے اس لیے خصوصی فنڈ مختص کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
JEE۔ مین سیشن ٹو کے نتیجے کا آج اعلان کیا جائے گا۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے کل امتحان کی حتمی جواب کلید (Ansure Key) کل جاری کی۔ اسی دوران آج سے 27 اپریل کے دوران چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں انجینئرنگ و ٹیکنیکل نصاب میں داخلے کیلئے MHT-CET امتحان منعقد ہوں گے۔ ڈویژن میں 72 ہزار 603 طلبہ اس امتحان میں شریک ہوں گے۔
***** ***** *****
پربھنی کے وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے لاتور میں تلہن تحقیقاتی مرکز نے جو تل کی نئی قسم TLT-10 تیار کی ہے‘ اُسے مرکزی حکومت نے تسلیم کرلیا ہے۔ اس سے ملک میں تِل کی پیداوار اور کسانوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس قسم کا بیج جلد ہی ملک بھر میں فروخت کیلئے دستیاب ہوگا۔
***** ***** *****
معطل شدہ پولس سب انسپکٹر رنجیت کاسلے کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ خصوصی انسپکٹر جنرل آف پولس ویریندر مشرا نے اس سلسلے میں ایک حکمنامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کاسلے کا رویہ غیر اخلاقی تھا اور اس کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پولس محکمے کی شبیہ متاثر ہوئی ہے۔ اسی دوران کاسلے کو پولس نے کل پونا سے حراست میں لے لیا، جس کے بعد عدالت نے اُسے تین دن تک پولس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔
***** ***** *****
شیوچھترپتی ریاستی کھیل ایوارڈز کل گورنر سی پی رادھا کرشنن نے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔ بالے واڑی میں منعقدہ اس تقریب میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار سمیت متعدد اہم شخصیات موجود تھیں۔ بیڈمنٹن کوچ کی حیثیت سے پردیپ گندھے اور کبڈی کھلاڑی شکنتلا کھٹاؤکر کو تقریب میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی سر انجام دینے والے کھلاڑیوں اور تربیت کاروں کو بھی شیوچھترپتی ریاستی کھیل ایوارڈز دئیے گئے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے امباجوگائی میں خاتون وکیل کو سَن گاؤں کے سرپنچ اور اس کے ساتھیوں کی جانب سے زدوکوب کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سلسلے میں سرپنچ اور اس کے 10 رفقائے کار کے خلاف یوسف وڑگاؤں پولس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سکھ مذہب کے نوویں گرو تیغ بہادر کی جینتی کل روایتی جوش و عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔اس ضمن میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل لنگر اور کیرتن کے ساتھ ساتھ مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پولس ٹریبیونل کی مدد سے گذشتہ آٹھ برسوں میں ریاست میں چھ ہزار دو سو معاملات نمٹائے گئے ہیں۔ یہ اطلاع پولس ٹریبیونل کے عدالتی رُکن اُماکانت مٹکر نے دی۔ وہ کل دھاراشیو میں صحافیوں کی تنظیم کے اجلاس سے مخاطب تھے۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے کی جانب سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں پانی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ریلوے اسٹیشن کے فلائی اوور پر خالی برتنوں کو لٹکاکر احتجاج کیا گیا اور زوردار نعرے بازی کی گئی۔ پارٹی خواتین عہدیداروں اور کارکنوں نے اس احتجاج میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سن 2030 تک بھارت کی برآمدات 50 ہزار کروڑ سے زائد ہوجائیگی: وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کا اظہارِ اعتماد۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈیفنس کلسٹر قائم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا مطالبہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں مہارانا پرتاپ کے مجسّمے کی نقاب کشائی اور پونا میں کرانتی ویر چاپیکر برادران کی یادگار کا افتتاح۔
٭ ریاست میں اساتذہ کیلئے جلد ہی یونیفارم لازمی: اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے کا اعلان۔
٭ وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کی تل کی نئی قسم کو مرکزی حکومت کی منظوری۔
٭ معطل شدہ پولس سب انسپکٹر رنجیت کاسلے خدمات سے برطرف۔
اور۔۔۔٭ شیوچھترپتی ریاستی کھیل ایوارڈز‘ گورنر کے ہاتھوں تقسیم۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment