Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 21 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/ مارچ ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پِنک- ای رِکشہ اسکیم خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت اہم قدم: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا استدلال؛ مستقبل میں دو ہزار خواتین میں ای- رِکشہ تقسیم کی جائیگی۔
٭ ریاست میں طلبہ کیلئے ہندی زبان کو لازمی مضمون نہیں بنایا گیا: وزیرِ اعلیٰ کی وضاحت؛ نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق تین زبانیں سیکھنے کا موقع۔
٭ ویوز کانفرنس کے سلسلے میں مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اَشونی وَیشنو کی ذرائع ابلاغ کی سرکردہ شخصیات سے گفت و شنید۔
٭ اِستھڑ‘ اِسنو فلاور‘ خالد کا شیواجی اور جونے فرنیچر مراٹھی فلموں کا‘ کان فیسٹیول میں نمائش کیلئے انتخاب۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ؛ پربھنی میں 43 ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مختلف منصوبے چلائے جارہے ہیں اور پِنک- ای رِکشہ اسکیم بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔ کل ناگپور میں وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں خواتین میں پِنک- ای رکشہ تقسیم کرنے کیلئے ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خواتین کو مستحکم اور محفوظ بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ مستقبل میں دو ہزار خواتین کو ای- رِکشہ فراہم کرکے انھیں روزگار مہیا کرنے کا ہدف ہے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس اقدام کے دو مقاصد ہیں ایک خواتین کو بااختیار بنانا اور انھیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا۔ علاوہ ازیں خواتین اور بالخصوص برسرِروزگار خواتین کو دورانِ سفر‘ عدم تحفظ کا احساس ہوتا تھا‘ اب وہ احساس نہیں رہے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس رکشے میں جی پی ایس نظام بھی نصب ہے اور ای رکشہ ہونے کے سبب آلودگی نہیں ہوگی۔
اس اسکیم کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر‘ پونا‘ ناسک‘ ناگپور‘ اہلیا نگر‘ امراوتی‘ شولاپور اور کولہاپور‘ ان آٹھ اضلاع میں حکومت کی جانب سے خواہشمند خواتین کو رکشہ خریدنے کیلئے مالی اعانت اور رکشہ چلانے کیلئے ضروری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ اس موقع پر خواتین اور بہبودِ اطفال کی وزیر آدیتی تٹکرے نے کہا کہ مستقبل میں طیران گاہوں اور سیاحتی مراکز پر ای رکشہ خدمات دستیاب ہوں گی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ پونامیں ایک پروگرام کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے وضاحت کی کہ ریاست کے طلبہ کیلئے ہندی مضمون کو لازمی نہیں کیا گیا ہے بلکہ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت تین زبانیں سیکھنے کا موقع دیا گیا ہے‘ جن میں دو ہندوستانی زبانیں لازمی ہوں گی۔ پھڑنویس نے مزید کہا کہ اگر کوئی بھی ہندی زبان کے سوا کسی اور زبان کا انتخاب کرتا ہے تو اس طرح کے طلبہ کو یہ رُخصت دی جائے گی۔ تاہم اس خصوص میں فیصلہ عنقریب کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں کانگریس کے دو رہنماؤں نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ بھور اسمبلی حلقے کے سابق رُکنِ اسمبلی سنگرام تھوپٹے نے پارٹی کی بنیادی رُکنیت سے استعفیٰ دیکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کااعلان کیا۔ کل اہلیا نگر میں اپنے حامیوں سے تبادلہئ خیال کے بعد منعقدہ ایک اطلاعی کانفرنس میں انھوں نے یہ اعلان کیا۔ مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس کے سیکریٹری روہن سُروسے پاٹل نے بھی اپنے عہدے اور پارٹی کی بنیادی رُکنیت سے استعفیٰ پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ کوارسال کردیا۔
***** ***** *****
17 ویں سول سروسیز دن کے حوالے سے آج نئی دہلی میں ہونے والی ایک تقریب میں وزیرِ اعظم نریندر مودی شرکت کریں گے اور سول سروسیز ملازمین سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ انتظامی اُمور میں بہترین خدمات انجام دینے والے افسران اور ملازمین کو وزیرِ اعظم کے ہاتھوں ایوارڈز بھی دئیے جائیں گے۔ اضلاع کی ہمہ گیر ترقی‘ مختلف اضلاع میں چلائی جارہی اسکیموں پر مؤثر عمل درآمد اور جدید اختراع کے شعبوں میں گرانقدر خدمات پر مختلف زمروں میں یہ انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ممبئی میں مجوزہ ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز-2025) کے سلسلے میں اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کل ملک بھر کے ذرائع ابلاغ کی سرکردہ شخصیات سے گفت و شنید کی۔ بدلتی ٹکنالوجی کے مطابق نئی نئی چیزیں سامنے آرہی ہیں اور اس کا سامنا کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر انھوں نے زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ بہترین درجے کے معیای فن پارے کی تخلیق اب ملک کے کسی بھی دور دراز علاقے سے ممکن ہے اور اُسے شائقین میں بھی بہتر پذیرائی ملتی ہے۔ اسی دوران میڈیا برادری سے ملنے والے بہتر ردّ عمل کے پیشِ نظر ویوز 2025 کیلئے میڈیا نمائندوں کے رجسٹریشن کی مدت تین دِن بڑھا دی گئی ہے۔ آج سے بدھ تک آن لائن اندراج کروایا جاسکتا ہے۔ ویوز- 2025 کا انعقاد یکم سے 4 مئی کے درمیان ممبئی میں ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی فلم تھیٹر اور ثقافتی ترقی کارپوریشن کی جانب سے فرانس میں منعقد ہونے والے کان بین الاقوامی فلم فیسٹیول کیلئے تین مراٹھی فیچر فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جن میں اِستھڑ‘ اِسنو فلاور‘ اور خالد کا شیواجی شامل ہیں۔ ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار نے کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے علاوہ فلم جونا فرنیچر کا بھی خصوصی زمرے کیلئے انتخاب کیا گیا ہے۔ فرانس میں آئندہ 14 تا 22 مئی 2025کے درمیان کان فلم فیسٹیول منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
وِشو مراٹھی ساہتیہ سمّیلن میں دئیے جانے والے ساہتیہ بھوشن ایوارڈ کی رقم اس برس سے 10لاکھ روپئے کیے جانے کا اعلان ریاست کے مراٹھی زبان کے وزیر اُدئے سامنت نے کیا۔رتناگری ضلع کے مالگنڈ دیہات کو اُدئے سامنت کی موجودگی میں شاعری کا گاؤں قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ مقامی شاعر کیشو سُوت کی یادگار کی تزئین و آرائش کیلئے ایک کروڑ روپئے دینے کا اعلان بھی اس موقع پر وزیرِ موصوف نے کیا۔ اس منصوبے کے تحت مالگنڈ کے 30 اور قریب واقع گنتی پوڑے کے پانچ گھروں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان گھروں میں کتابیں رکھی جائیں گی‘ ان میں سے دو گھروں کا علامتی افتتاح بھی کل کیا گیا۔
***** ***** *****
اہلیا نگر- بیڑ- پرلی ریلوے لائن کے کام میں تیزی آئی ہے اور بیڑ تک ریلوے لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ بیڑ سے پرلی تک اہم مرحلے کا کام اب بھی تیزی سے جاری ہے۔ کل صبح بیڑ سے وَڑوَنی کیلئے ریلوے انجن کی آزمائشی جانچ کی گئی۔ یہ انجن بندوسرا ندی پر بنے ریلوے پُل سے گذر کر وَڑونی کی جانب روانہ ہوا۔ مقامی لوگ یہ آزمائشی سفر دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں وہاں موجود تھے۔ یہ اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع پریشد کی مختلف اسکیموں کی معلومات اب کیو آر کوڈ کے ذریعے دستیاب ہوں گی۔ یہ اقدام ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو افسر نتیشا ماتھر کی پہل پر اور وزیرِ اعلیٰ مشن 100 دِن کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس کیوآر کوڈ میں اسکیموں کی تفصیلات دستاویزات اور درخواست دہی کی ویب سائٹس ہوں گی، جس کا فائدہ دیہی علاقوں کی عوام کو ہوگا۔
***** ***** *****
روزگار ضمانتی اسکیم کے تحت کاموں کا معائنہ کرنے کیلئے مرکزی ٹیم آج چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کا دورہ کررہی ہے۔ پیٹھن تعلقے کے 110 دیہاتوں میں سے 30 گاؤں میں یہ ٹیم معائنہ کرے گی۔ اس دورے کے دوران یہ ٹیم ریکارڈز‘ سہولتوں اور دیگر انتظامات کی بھی جانچ کرے گی۔ یہ اطلاع انتظامیہ کی جانب سے دی گئی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے کھیل دفتر اور اسپورٹس کونسل کے تحت 10 تا 19 برس کی عمر کے بچوں کیلئے آج سے گرمیوں کا تربیتی کیمپ شروع کیا گیا ہے۔ یہ کیمپ 30 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس کیمپ میں 16 مختلف کھیلوں کی تربیت دی جائے گی۔ یہ اطلاع کھیل افسران کی جانب سے دی گئی۔
***** ***** *****
پیرو میں جاری آئی ایس ایس ایف نشانہ بازی عالمی کپ مقابلے میں 10میٹر ایئر رائفل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں بھارت کے رودرانکش پاٹل اور آریہ بورسے نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ کل ہوئے فائنل مقابلے میں رودرانکش اور آریہ کی ٹیم کو ناروے کی جوڑی کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ بھارت نے ان مقابلوں میں اب تک دو طلائی‘ تین نقرئی اور ایک کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں سب سے درجہئ حرارت 44 اعشاریہ سات ڈگری سیلسیئس ناگپور میں درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں پربھنی میں 43 اعشاریہ چھ‘ بیڑ 42 اعشاریہ ایک اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں درجہئ حرارت 41 اعشاریہ سات ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پِنک- ای رِکشہ اسکیم خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت اہم قدم: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا استدلال؛ مستقبل میں دو ہزار خواتین میں ای- رِکشہ تقسیم کی جائیگی۔
٭ ریاست میں طلبہ کیلئے ہندی زبان کو لازمی مضمون نہیں بنایا گیا: وزیرِ اعلیٰ کی وضاحت؛ نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق تین زبانیں سیکھنے کا موقع۔
٭ ویوز کانفرنس کے سلسلے میں مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اَشونی وَیشنو کی ذرائع ابلاغ کی سرکردہ شخصیات سے گفت و شنید۔
٭ اِستھڑ‘ اِسنو فلاور‘ خالد کا شیواجی اور جونے فرنیچر مراٹھی فلموں کا‘ کان فیسٹیول میں نمائش کیلئے انتخاب۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ؛ پربھنی میں 43 ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment