Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 02 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/ مئی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک میں Orang Economy یعنی تخلیقی معیشت کا ہورہا ہے آغاز؛ ممبئی میں منعقدہ پہلی Waves کانفرنس میں وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ریاست کا 66 واں یومِ تاسیس کل ہر طرف منایا گیا جوش و خروش کے ساتھ۔
٭ حکومت کے 100 دنوں پر مشتمل Office Reforms Program کے نتائج کا اعلان؛ ناندیڑ ضلع کلکٹر دفتر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولس کے دفتر کو دیا گیا اعزاز۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ؛ پربھنی میں درجہئ حرارت 43 اعشاریہ سات ڈگری سیلسیئس ریکارڈ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں Orang Economy یعنی تخلیقی معیشت اُبھررہی ہے۔ وزیرِ اعظم کل ممبئی میں پہلی World Audio Visual & Intertainment Summit-2025 یعنی (ویوز کانفرنس) کا افتتاح کرنے کے بعد بول رہے تھے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ انسانی ترقی کو صرف معلومات Technology یا رفتار کی بنیاد پر نہیں ماپا جاسکتا بلکہ اس کیلئے موسیقی‘ فن اور رقص کو بھی اہمیت دینی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ تخلیقی افراد اپنی توانائی اور صلاحیت کے ذریعے تخلیقی انقلاب کو نئی شکل دے سکتے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے عالمی سطح پر تخلیقی صلاحیت رکھنے والے افراد سے بھارت کو تخلیقی انقلاب کا مرکز بنانے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ Waves صرف ایک کانفرنس کا مختصر نام نہیں بلکہ یہ ثقافت‘ تخلیقی صلاحیت اور عالمی رابطے کی ایک لہر ہے۔ مودی نے کہا:
Byte: PM Narendra Modi
اس موقع پر وزیرِ خارجہ ایس جئے شنکر‘ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو‘ گورنر سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور تفریحی صنعت کے دیگر معززین موجود تھے۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ ویوز کانفرنس تخلیق کاروں کو دنیا بھر کے سرمایہ کاروں سے جڑنے کا موقف فراہم کرتی ہے۔ وزیرِ موصوف نے یہ بھی بتایا کہ پہلا انڈین انسٹیٹیوٹ آف کرئیٹیو ٹکنالوجی ممبئی میں قائم کیا جائے گا اور اس کیلئے مرکزی حکومت نے 400 کروڑ روپئے فنڈز منظور کیے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ویوز کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ممبئی کا فلم سٹی جو تقریباً 500 ایکڑ کے رقبے پر پھیلا ہواہے‘ اب اگلی نسل کے اسٹوڈیو ایکو سسٹم کیلئے عالمی مرکز کے طورپر تیار کیا جارہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ اس زمین کے 120 ایکڑ رقبے پر ایک میڈیا اور تفریحی شہر بنایاجائے گا، جس میں اینیمیشن ویژول ایفیکٹس اور پر توجہ دی جائے گی۔ اداکار شاہ رخ خان نے ردّ عمل میں کہا کہ ویوز صرف ایک کانفرنس نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جس کا آغاز وزیرِ اعظم نے کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست ِ مہاراشٹر کا 66 واں یومِ تاسیس کل ہر طرف مختلف پروگرامس کے انعقاد کے ساتھ جوش و خروش سے منایا گیا۔ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرس پر پرچم کشائی کے پروگرامس منعقد کیے گئے۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے ممبئی کے شیواجی پارک پر پرچم کشائی کی۔ ریاست کے یومِ تاسیس اور مزدوروں کے عالمی دن کے اس موقع پر گورنر نے شہریان کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے سب سے مہاراشٹر کو جدید‘ مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کی اپیل کی۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ممبئی کے ہتاتما چوک پر واقع شہیدوں کی یادگار پر پھول چڑھاکر متحدہ مہاراشٹر کی تحریک میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج اور بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے مہاراشٹر ملک کی ترقی میں مسلسل اہم کردار ادا کررہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل مہاراشٹر ڈے ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی سرکاری پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام چھترپتی سمبھاجی نگر میں کیا گیا۔ جہاں رابطہ وزیر سنجے شرساٹھ نے پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ریاست کے قیام کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اپنے خطاب میں رابطہ وزیر شرساٹھ نے کہا کہ صنعتی شعبے میں کام کرنے والے مزدوروں نے چھترپتی سمبھاجی نگر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
***** ***** *****
اسی طرح ہنگولی کے نامدیو کوایت میدان پر رابطہ وزیر نرہری جھروال نے پرچم کشائی کی۔ انھوں نے کہا کہ ہنگولی ضلع سماجی‘ تعلیمی‘ معاشی اور ثقافتی میدان میں ترقی کررہا ہے اور باشعور شہری ہونے کے ناطے ہم سب کو مل کر ضلع کی ہمہ گیر ترقی کیلئے کوشش کرنی چاہیے۔
***** ***** *****
وہیں دھاراشیومیں سرپرست وزیر پرتاپ سرنائیک نے ترنگا لہرایا۔انھوں نے ریاست کے یومِ تاسیس کے موقع پر ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے میں واقع شہیدوں کے یادگار ستون پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے محکمہئ پولس‘ تعلیم‘ زراعت سمیت مختلف شعبہ جات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد اور اداروں کو تہنیت پیش کی۔
***** ***** *****
وہیں پربھنی میں پرچم کشائی کی تقریب ضلع کی رابطہ وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر کی موجودگی میں منعقدکی گئی۔ پرچم کشائی کے بعد اپنے خطاب میں انھوں نے یقین دلایا کہ وہ ضلع کی ترقی کیلئے پُرعزم ہے اور ترجیح کے طور پر زراعت‘ صحت‘ تعلیم‘ صنعت اور توانائی پر توجہ دیں گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ڈے کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب بیڑ میں صنعت اور تعمیرات ِ عامہ کے مملکتی وزیر اِندرنیل نائیک‘ جالنہ میں سرپرست وزیر پنکجا منڈے اور ناندیڑ میں رابطہ وزیر اتل ساوے کی موجودگی میں منعقد کی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل حکومت کے 100 دنوں کے Office Reforms Program کے نتائج کا اعلان کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ گذشتہ 100 دنوں میں تمام محکموں کی جانب سے مقرر کردہ 902 اہم مقاصد میں سے 706 کو حاصل کرلیا گیا ہے۔ اس 100 روزہ جانچ میں خواتین اور بچوں کی ترقی کا محکمہ سب سے بہتر طورپر سامنے آیا ہے۔ اس کے بعد محکمہئ تعمیراتِ عامہ، محکمہئ زراعت‘ دیہی ترقی‘ ٹرانسپورٹ اور بندرگاہوں کے محکمے ہیں۔ ناندیڑ کے ضلع کلکٹر دفترنے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست کے سرکاری دفاتر میں بہترین ضلع کلکٹر دفتر کے طورپر پانچواں مقام حاصل کیا ہے۔ وہیں ناندیڑ کے ہی ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولس آفس نے اس زمرے میں ریاست بھر میں دوسرامقام حاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
سوچھ بھارت مشن دیہی کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کی مہم ”کھاد کے گڑھے کو بھریں‘ اپنے گاؤں صاف کریں“ مہم کا آغاز کل ضلع کے سرپرست وزیر سنجئے شرساٹھ نے کیا۔ یہ مہم آئندہ 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اسی بیچ سن 2023-24 کے سنت گاڑگے بابا گاؤں کی صفائی مہم کے انعامات کل شرساٹھ کے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔ ان میں سوئیگاؤں تعلقے کے جرنڈی گرام پنچایت نے پہلا اور نادر پور گرام پنچایت نے دوسرا مقام حاصل کیا، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر تعلقے کی دودھڑ گرام پنچایت نے تیسرا مقام حاصل کیا۔
***** ***** *****
کل بیڑ ضلع میں کھاد کے گڑھوں کو بھرنے اور اپنے گاؤں کو صاف رکھنے کی مہم شروع کی گئی۔اس مہم کا مقصد دیہی علاقے کے مکینوں میں صحت کے حوالے سے روئیے میں تبدیلی لانا ہے تاکہ وہ کچرے کو ٹھکانے لگانے اور گندے پانی کی نکاسی کیلئے فراہم کی گئی سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ اسی طرح وہ اس مہم کے ذریعے نامیاتی کچرے کو کھاد میں بدل کر خود کی اور عوامی صحت کی حفاظت سے متعلق آگاہی حاصل کریں۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے چاکور تعلقے کے روہینہ گاؤں میں منشیات کی ایک فیکٹری کا انکشاف ہوا ہے۔ تاہم‘ ضلع کے سرپرست وزیر شیویندر سنگھ راجے بھونسلے نے وضاحت کی ہے کہ یہا ں کی تیار کی جانے والی منشیات کی فراہمی لاتور شہر یا ضلع میں کہیں بھی نہیں ہے۔ موصوف کل ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں پولس لاتور ضلع میں منشیات یا گٹکے کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
***** ***** *****
ریاست میں سب سے زیادہ درجہئ حرارت آکولہ میں 45 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ وہیں مراٹھواڑہ کے دھارا شیو میں گرمی کی شدت 42 ڈگری‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 42 اعشاریہ چار اور پربھنی میں 43 اعشاریہ سات ریکارڈ کی گئی۔ محکمہئ موسمیات نے بتایا ہے کہ اس ہفتے موسم خشک رہے گا اور آئندہ سنیچر کو چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ اضلاع میں چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ملک میں Orang Economy یعنی تخلیقی معیشت کا ہورہا ہے آغاز؛ ممبئی میں منعقدہ پہلی Waves کانفرنس میں وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ریاست کا 66 واں یومِ تاسیس کل ہر طرف منایا گیا جوش و خروش کے ساتھ۔
٭ حکومت کے 100 دنوں پر مشتمل Office Reforms Program کے نتائج کا اعلان؛ ناندیڑ ضلع کلکٹر دفتر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولس کے دفتر کو دیا گیا اعزاز۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ؛ پربھنی میں درجہئ حرارت 43 اعشاریہ سات ڈگری سیلسیئس ریکارڈ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment