Saturday, 3 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 03 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بزرگ شہریوں کی خوشی اور فلاح و بہبود کی خاطر پُرعزم ہونے کیلئے صدرِ جمہوریہ نے عوام سے کی اپیل۔
٭ فلموں کی عکس بندی کیلئے مہاراشٹر میں دو جدید ترین اسٹوڈیوز قائم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان؛ نئی ممبئی میں Edu City بھی کیا جائے گا قائم۔
٭ نیشنل ہیرالڈ معاملے میں سونیا گاندھی کو دلّی کی عدالت نے کیا نوٹس جاری۔
٭ آئندہ 21 جون کو ملک بھر کے ایک لاکھ مقامات پر یوگا دِن منانے کی منصوبہ بندی۔
اور۔۔۔٭ طبّی تعلیم کی اہلیت کے امتحان NEET کا‘کل اتوار کو ملک بھر میں انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے تمام شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ بزرگ شہریوں کی خوشی اور بھلائی کیلئے پُرعزم رہیں۔ صدرِ جمہوریہ کل راشٹرپتی بھون میں سماجی انصاف کی مرکزی وزارت اور پرجا پتا برہما کماری ادارے کی جانب سے بزرگ شہریان کیلئے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: President Draupadi Murmu
اس پروگرام میں سماجی انصاف کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار‘ مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے اور بی ایل ورما موجود تھے۔ اس موقع پر صدر نے وہاں موجود بزرگ شہریوں میں نیشنل وَیوشری اسکیم کے تحت مفید مواد تقسیم کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل آندھراپردیش کے امراوتی میں 58 ہزار کروڑ روپؤں کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ ِ بنیاد رکھا۔ وزیرِ اعظم نے قومی شاہراہوں کے سات منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے ایک ریلوے منصوبے اور چھ قومی شاہراہوں کے منصوبوں کا بھی سنگ ِ بنیاد رکھا۔ ان ترقیاتی کاموں میں ودھان بھون‘ ہائی کورٹ‘ سیکریٹریٹ اور دیگر انتظامی عمارتوں کے ساتھ ساتھ رہائشی عمارتیں اور ایکتا Mall بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے فلموں کی شوٹنگ یعنی عکس بندی کیلئے مہاراشٹر میں دو جدید ترین فلم اسٹوڈیوز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل ممبئی میں منعقدہ Waves کانفرنس کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ ان دونوں اسٹوڈیوز کی تعمیر کیلئے پرائم فوکس اور گودریج کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس اسٹوڈیو میں جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فلم بندی کی جاسکتی ہے۔
اسی بیچ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کل نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے Nifty Waves Index کا افتتاح کیا۔ انڈیکس میں میڈیا اور تفریحی شعبے کی 43 کمپنیوں کے شیئرس شامل ہیں۔ Waves کانفرنس کے دوسرے روز کل گلوبل میڈیا ڈائیلاگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجلاس میں اپنی افتتاحی تقریر کے دوران وزیرِ خارجہ ایس جئے شنکر نے امید ظاہر کی کہ ٹکنالوجی اور روایات کو ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔
اس موقع پر اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت‘ تخلیقی صلاحیتوں کو متاثر کرتی ہے۔ انھوں نے ثقافتی تنوع کی حمایت کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔
ریاستی حکومت نے کل دو غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے بتایا کہ اس معاہدے کے مطابق نئی ممبئی میں ایک Edu City قائم کیا جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ دونوں یونیورسٹیز فی کس 15 سو کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کریں گی۔ Waves کانفرنس میں کل ریڈیو ریمائنڈنگ کے موضوع پر مباحثے کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران پرسار بھارتی کے سابق سی ای او شتی ویمپٹی نے کہا کہ بھارت ریڈیو کیلئے سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے مواد تخلیق کرنے والے اور میڈیا گروپ کے سی ای او شرکت کررہے ہیں۔ کرافٹن انڈیا کے سینئر افسر سوربھ شاہ نے اس کانفرنس کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع کیلئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اسی دوران کل اس کانفرنس میں آٹھ ہزار کروڑ روپؤں کے مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ ممبئی میں عالمی درجے کے تعلیمی ادارے قائم کرنے کی خاطر۔۔۔ اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف یارک کے درمیان معاہدہ بھی شامل ہے۔ اس کانفرنس میں آج ثقافتی پروگرامس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس میں کمیونٹی ریڈیو پر قومی کانفرنس بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
سات بارہ اُتارے پر پرانے اور غیر ضروری اندراجات کو ہٹانے اور اس کی جگہ اصل انٹریز درج کرنے کیلئے دوسرے مرحلے کے دوران Live 7/12 مہم شروع کی گئی ہے اور اس حوالے سے حکومتی فیصلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اس مہم کے ذریعے پرانے ریکارڈس جیسے کہ مبہم ریمارکس‘ غیر محفوظ قرضے‘ رہن، ساہوکار قرضے‘ زمین کے حصول کے فیصلے، غیر کاشت کے احکامات‘ غذائی قلّت والے علاقے اور خواتین کے وارثوں کے ریکارڈ کو حذف کرکے 7/12 اُتارے اپڈیٹ کیے جائیں گے۔ وارثوں کے ریکارڈس‘ زمین کی ملکیت‘ مدت کی اقسام اور عوامی مقامات جیسے قبرستانوں کا ریکارڈ‘ ٹائٹل ڈیڈ میں شامل کیا جائے گا۔
***** ***** *****
نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس میں دہلی کی روز ایوینیو عدالت نے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کی جانب سے سونیا گاندھی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت داخل کردہ چارج شیٹ پر نوٹس کیوں نہ جاری کیا جائے اس کی وجوہات بتانے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گیارہویں بین الاقوامی یوگا دِن کی 50 دنوں کی اُلٹی گنتی کے موقع پر کل ناسک میں یوگا فیسٹیول کا انعقاد کیاگیا۔ اس فیسٹیول کا آغاز پنچوٹی کے رام کُنڈ علاقے کے گوری میدان میں ایک گروپ یوگا مظاہرے کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر وزارتِ آیوش کے مرکزی وزیرِ مملکت پرتاپ راؤ جادھو سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ وزیرِ موصوف جادھو نے بتایاکہ ملک بھر میں گیارہواں یوگا ڈے ایک لاکھ مقامات پر منایا جائے گا۔
***** ***** *****
تعمیراتِ عامہ کے ریاستی وزیر اور لاتور ضلع کے سرپرست وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے نے کہا ہے کہ مواصلاتی سہولیات میں اضافہ کرکے معیشت کو فروغ دینے کیلئے خصوصی کوششیں کی جارہی ہیں۔ وزیرِ موصوف کل لاتور میں دفتر کی نئی تعمیراتی عمارت کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ بھوسلے نے کہا کہ ان کاموں کو ترجیح دی جائے گی جو محکمہئ تعمیراتِ عامہ کے ذریعے ریاست کی ترقی کو تیز کرسکیں۔
***** ***** *****
طبّی تعلیم کے کورسیز میں داخلے کے اہلیتی امتحان NEET کا کل اتوار کو ملک بھر میں انعقاد کیا جارہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ان امتحانات کے 49 مراکز قائم کیے گئے ہیں‘ جن میں 19ہزار 500 طلبہ شرکت کریں گے۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کل ان امتحانات کے انعقاد کی خاطر انتظامیہ کی جانب سے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انھوں نے بتایا کہ ان امتحانات کیلئے آنے والے طلبہ کو دھوپ سے بچانے کی خاطر انتظامات کیے جائیں گے اور ہر امتحانی مراکز پر ایک میڈیکل ٹیم تعینات کی جائے گی۔
***** ***** *****
NEET امتحان لاتور ضلع کے 51 مختلف ذیلی مراکز پر منعقد کیا جائے گا۔ ان امتحانات کے دوران امتحانی مراکز اور آس پاس کے علاقوں میں ہجوم کے سبب کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کی خاطر ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے کل 4 مئی کو صبح نو بجے تا شام سات بجے تک امتحانی مراکز کے 100 میٹر کے دائرے میں امتناعی حکم نافذ کیا ہے۔
***** ***** *****
”کھاد کے گڑھے بھریں اور اپنا گاؤں صاف کریں“ یہ مہم کل پربھنی ضلع میں شروع کی گئی۔ اس کے تحت جنتور تعلقے کے کمبھاری میں گاؤں کی خواتین اور اسکولی طلبہ کو اس مہم اور صفائی کے بارے میں رہنمائی کی گئی۔ اسی دوران اس مہم کو ناندیڑ ضلع میں بھی پُرجوش ردّ عمل مل رہا ہے۔ اس مہم کو ضلع کے کئی دیہاتوں میں عوامی نمائندوں نے جوش و خروش کے ساتھ شروع کیا ہے۔
***** ***** *****
بالا صاحب ٹھاکرے ایگری بزنس اینڈ رُورَل ٹرانسمیشن پروجیکٹ کے تحت بیڑ ضلع میں 35 کسان پروڈیوسر کمپنیوں کو منظوری دی گئی ہے۔ ان میں سے 23کسان پروڈیوسر کمپنیوں کو 19کروڑ 94 لاکھ روپؤں کا گرانٹ تقسیم کیا گیا ہے۔ محکمہئ زراعت کے ضلع سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ اس اسکیم پر عمل آوری میں ضلع ریاست بھر میں تیسرے مقام پر ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے پولس کمشنر پروین کمار نے خبردار کیا ہے کہ اگرکوئی شہر کی نئی واٹر سپلائی اسکیم میں خلل ڈالتا ہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پوار میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شریکانت کے ساتھ اس اسکیم سے متعلق حکام کی مشترکہ میٹنگ میں بات کررہے تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں میونسپل کمشنر جی شریکانت نے کہا کہ اس اسکیم کے کام کاج کو براہِ راست وزیرِ اعظم کے دفتر سے کنٹرول کیاجارہا ہے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال:
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہئ حرارت آکولہ اور بلڈانہ میں 44 اعشاریہ 5 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ پربھنی میں 41 اعشاریہ 6 سیلسئیس‘ دھاراشیو اور چھترپتی سمبھاجی نگر 42 اعشاریہ 4 سیلسیئس اور بیڑ میں تپش 42 اعشاریہ 9 ڈگری سیلسیئس درج کی گئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بزرگ شہریوں کی خوشی اور فلاح و بہبود کی خاطر پُرعزم ہونے کیلئے صدرِ جمہوریہ نے عوام سے کی اپیل۔
٭ فلموں کی عکس بندی کیلئے مہاراشٹر میں دو جدید ترین اسٹوڈیوز قائم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان؛ نئی ممبئی میں Edu City بھی کیا جائے گا قائم۔
٭ نیشنل ہیرالڈ معاملے میں سونیا گاندھی کو دلّی کی عدالت نے کیا نوٹس جاری۔
٭ آئندہ 21 جون کو ملک بھر کے ایک لاکھ مقامات پر یوگا دِن منانے کی منصوبہ بندی۔
اور۔۔۔٭ طبّی تعلیم کی اہلیت کے امتحان NEET کا‘کل اتوار کو ملک بھر میں انعقاد۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment