Monday, 5 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 05 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پہلی Waves کانفرنس کا اختتام؛ ریاستی حکومت کے آٹھ ہزار کروڑ روپئے کے مفاہمتی معاہدے۔
٭ سیاحت کی ترقی کیلئے شہری سہولیات کی ترقی ضروری؛ مہاپریٹن اُتسو کے اختتامی اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے جماعت ِ بارہویں کے امتحان کے نتائج کا اعلان آج آن لائن کیا جائے گا۔
٭ ساتویں کھیلو انڈیا یوتھ اسپورٹس ٹورنامنٹ کا آغاز؛ 28 کھیلوں میں ساڑھے آٹھ ہزار کھلاڑیوں کی شرکت۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئندہ تین دنوں میں غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پہلی عالمی آڈیو ویژول انٹرٹینمنٹ سمٹ (Waves-2025) کل ممبئی میں اختتام پذیر ہوئی۔ Waves مارکیٹ میں ایک ہزار 300 کروڑ روپئے سے زیادہ کا کاروبار ہوا۔ 15,16 اسٹارٹ اَپ Waves ایکس کے ذریعے سرمایہ کاروں سے بات چیت کررہے ہیں اور 50 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ ریاستی حکومت نے اس کانفرنس میں تقریباً آٹھ ہزار کروڑ روپئے کے معاہدوں پر دستخط کیے۔ لہٰذا اطلاعات و نشریات کے سیکریٹری سنجئے جاجو نے کانفرنس کے انعقاد کے بارے میں اپنی اطمینان کا اظہار کیا۔ آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا:
BYTE: SANJAY JAJU
کانفرنس کے آخری روز بھی شہریوں نے بڑی تعداد میں ویوز کانفرنس میں لگائی گئی نمائشوں کا دورہ کیا۔ کانفرنس میں منعقدہ مختلف مقابلوں کے فائنلز کے فاتحین کو انعامات بھی پیش کیے گئے۔ موسیقی کے مقابلے میں واہ اُستاد‘ سم فنی آف انڈیا‘ Battle of Bands اور ای ڈی ایم کی پیشکش کو سامعین کا زبردست ردّ عمل ملا۔
OTTپلیٹ فارمز مواد کی طاقت اور تفریحی آغاز میں سرمایہ کاری کے بارے میں مختلف سمینارز کے علاوہ سوشل میڈیا ایڈورٹائزنگ کیلئے بہترین طریقوں پر ایک سیشن کل منعقد ہوا۔
دریں اثناء‘ نیٹ فلکس کے شریک سی ای او‘ ٹیڈ سارین ڈوس نے کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بھارت میں بڑھتی ہوئی۔ اس موقع پر بھارت میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل مارکیٹ کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کی دیہی ثقافت کو عالمی پلیٹ فارم پر لے جانے پر خصوصی بات چیت ہوئی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست میں سیاحت کو فروغ کیلئے شہری سہولیات اور سیاحتی ثقافت کو فروغ دینا ضروری ہے۔ وہ کل‘ ستارا ضلع کے مہابلیشور میں مہاپریٹن اُتسو 2025 کے اختتام کے موقع پر مخاطب تھے۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے بھی موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ سیاحتی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے مقامی لوگوں کا تعاون اہم ہے تاکہ سیاحوں کو خوشگوار تجربہ حاصل ہو۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے تجاویز پیش کیں کہ محکمہئ سیاحت سالانہ سیاحتی شیڈول تیار کرے اور ریاست کے مختلف حصوں میں سال بھر منعقد ہونے والے تہواروں کو شامل کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کے ٹور آپریٹرز کے اشتراک سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کریں تاکہ انھیں یہاں کی سیاحتی سہولیات سے آگاہ کیا جاسکے۔ جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تمام سیاحتی سہولیات کے بارے میں معلومات ایک ہی پورٹل پر فراہم کی جائیں۔
***** ***** *****
صحت عامہ اور خاندانی بہبود کے وزیر پرکاش آبٹکر نے کہا ہے کہ اگر سرکاری ایجنسیاں جو اسپتالوں کا نظم ونسق کرتی ہیں وہ مناسب کنٹرول رکھیں تو اسپتالوں کی من مانی کو روکا جاسکتا ہے۔ وہ کل کولہاپور میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت ایک موبائل ایپ تیار کررہی ہے تاکہ مریضوں یا لواحقین کی شکایات محکمہئ صحت کو براہِ راست موصول ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ مہاتما پھلے جن آروگیہ اسکیم اور اسپتال کے بارے میں پچھلے پانچ سالوں میں ایک ہزار سے زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں اور ان پر کام جاری ہے۔
***** ***** *****
الیکشن کمیشن آف انڈیا جلد ہی ECI نیٹ ایپ لانچ کرے گا جو مختلف کاموں کیلئے کارآمد ثابت ہوگا۔ کمیشن کے موجودہ 40 مختلف موبائل ویب سائٹ ایپ کو ایک ایپ میں ضم کیا جائے گا۔ اس ایپ کو ووٹرز انتخابی اہلکار‘ سیاسی جماعتیں اور معاشرے کے دیگر افراد استعمال کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے خبر میں کہا گیا ہے کہ چونکہ اس نئی ایپ پر دستیاب معلومات کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ سرکاری معلومات ہیں اس لیے یہ زیادہ قابلِ اعتماد ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کل نئی دہلی میں انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے ذریعے تیار کردہ بھارت کے پہلے جینوم ایڈٹیڈ چاول کی دو اقسام کی نقاب کشائی کی۔ یہ بتائے ہوئے کہ یہ بھارت کیلئے ایک تاریخی دن ہے وزیرِ زراعت نے اس اعتمادکا اظہار کیا کہ چاول کی یہ دو اقسام پیداواری لاگت کو کم کریں گی اور ملک کی چاول کی پیداوار میں اضافہ کریں گی۔ انھوں نے اس قسم کو تیار کرنے میں شامل سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے فروری- مارچ 2025 میں منعقدہ بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان آج کیا جائے گا۔ یہ نتیجہ آن لائن شائع ہوگا۔ ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈکی طرف سے یہ اطلاع دی گئی ہے کہ مارک شیٹ کل سے کالج میں دستیاب ہوگی۔
***** ***** *****
میڈیکل کورسیز میں داخلے کیلئے NEET کا امتحان کل ملک بھر میں منعقد ہوا۔ ریاست کے 35 شہروں میں دو لاکھ 79 ہزار طلبہ نے یہ امتحان دیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 19ہزار 500 طلبہ ا ور ناندیڑ ضلع میں 20 ہزار طلبہ نے اس امتحان میں شرکت کی۔ لاتور ضلع میں 51 ذیلی امتحانی مراکز پر یہ امتحان لیا گیا۔
***** ***** *****
ساتویں کھیلو انڈیا یوتھ اسپورٹس ٹورنامنٹ کا افتتاح کل وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیا۔ بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار اور مرکزی وزیرِ کھیل منسکھ مانڈویہ نے بہار کے پٹنہ میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ یہ ٹورنامنٹ بہار کے پٹنہ، راجگیر، گیا، بھاگلپور اور بیگو سرائے میں کھیلا جارہا ہے اور ملک کے تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار کھلاڑی مختلف 28 کھیلوں میں شرکت کریں گے۔ نئی دہلی‘ نشانے بازی‘ جمناسٹک اور ٹریک سائیکلنگ کے مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔
***** ***** *****
خواتین کرکٹ میں سری لنکا نے کل کولمبو میں سہ فریقی ونڈے سیریز میں بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت‘ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری اس سہ فریقی سیریز میں بھارت اور سری لنکا کی خواتین ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے مقام پر ہے۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے آئندہ تین دنوں میں مراٹھواڑہ کے بعض مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ اضلاع میں آج‘ جالنہ ضلعے میں کل جبکہ سات مئی کو چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ میں ژالہ باری سمیت غیر موسمی بارش کا امکان ہے۔ وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی اور موسمیات کے ماہر کیلاش ڈاکھورے نے ان دنوں میں کسانوں سے فصلوں کا خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔
دریں اثناء‘ ریاست میں کل سب سے زیادہ 44 اعشاریہ تین ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت آکولہ میں درج کیا گیا۔ دھاراشیو 42 اعشاریہ چار‘ جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 40 اعشاریہ چار درجہئ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست ِ مہاراشٹر کی مشہور دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا اور سابق مہتمم دارالعلوم دیوبند و موجودہ رُکنِ شوریٰ ممتاز عالم ِ دین مولانا غلام محمد وستانوی کا‘کل علالت کے باعث انتقال ہوگیا۔ وہ 74 برس کے تھے۔ انھوں نے انسانیت بالخصوص اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے پوری زندگی کو وقف کررکھا تھا۔ ان کی تعلیمی کاوشوں سے لاکھوں افراد میں تعلیمی شعور پیدا ہوا اور ترقی کی راہیں کھلی۔ ان کے انتقال کی خبر نے ملک بھر کے دینی و علمی حلقوں کو غمزدہ کردیا ہے۔ ان کی نمازِ جنازہ گذشتہ شب اکل کوا میں واقع مدرسہ کے احاطے میں عمل میں آئی۔
***** ***** *****
انتظامیہ کے افسران اور ملازمین میں ہنر مندی کے فروغ کیلئے ”ٹیک واری: مہاراشٹر ٹیک لرننگ ویک“ ہفتے کا افتتاح آج منترالیہ میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ ریاستی حکومت کے زیرِ اہتمام یہ پہلا ڈیجیٹل اور جدید ٹیکنالوجی سمیت نئی اختراعات کا امتزاج ہے۔ ٹیک واری ہفتہ منترالیہ سے شروع ہوکرہنر مندی پر مبنی جدید ٹیکنالوجی کو ریاست بھر میں پھیلائے گا۔
***** ***** *****
دریں اثنا، نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں جن سہیوگ سنستھا کے ذریعہ تیار کردہ ”سمپورن وَن“نامی مکمل جنگلاتی علاقے کا دورہ کرکے معائنہ کیا۔ پوار نے جن سہیوگ سنستھا کے شجرکاری اور پودوں کے تحفظ کے کاموں کی ستائش کی۔
***** ***** *****
سماجی ہم آہنگی اوریکجہتی و بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی قیادت میں کل پربھنی ضلعے کے نوسنہہ پوکھرنی سے پربھنی تک سدبھاؤنا پیدل یاترا نکالی گئی۔ اس یاترا میں کانگریس عہدیداروں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس دوران‘ کانگریس لیڈر ستیج پاٹل نے مجوزہ شکتی پیٹھ شاہراہ سے متعلق اپنے موقف کا اظہار کیا۔
دریں اثناء، کانگریس کے ریاستی مبصر رمیش چینی تھلا کی قیادت میں آج پربھنی شہر میں دستور بچاؤ یاترا اور تحفظ ِ آئین کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پہلی Waves کانفرنس کا اختتام؛ ریاستی حکومت کے آٹھ ہزار کروڑ روپئے کے مفاہمتی معاہدے۔
٭ سیاحت کی ترقی کیلئے شہری سہولیات کی ترقی ضروری؛ مہاپریٹن اُتسو کے اختتامی اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے جماعت ِ بارہویں کے امتحان کے نتائج کا اعلان آج آن لائن کیا جائے گا۔
٭ ساتویں کھیلو انڈیا یوتھ اسپورٹس ٹورنامنٹ کا آغاز؛ 28 کھیلوں میں ساڑھے آٹھ ہزار کھلاڑیوں کی شرکت۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئندہ تین دنوں میں غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment