Tuesday, 6 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 06 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ تمام ریاستوں کو کل دِفاعی ماک ڈِرِل کرنے کی مرکزی وزارتِ داخلہ کی ہدایت۔
٭ پہلگام حملے کے پیشِ نظر چناب ندی کے بگلیہار بند سے پاکستان جانے والے پانی کو روکنے کا بھارت کا فیصلہ۔
٭ سرکاری طرزِ کار کی ثقافت کو مضبوط بنانے میں سرکاری ملازمین کا اہم کردار: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا بیان؛ حکومت کی ”ٹیک واری“ مہم کا آغاز۔
٭ ریاست کا بارہویں جماعت کا نتیجہ تقریباً 92 فیصد؛ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں بیڑ اور لاتور ڈویژن میں دھاراشیو کا پہلا نمبر۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے متعدد مقامات پر ژالہ باری اور غیر موسمی بارش؛ امباجوگائی تعلقے میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزارتِ داخلہ نے کل 7 مئی کو تمام ریاستوں کو ”دفاعی ماک ڈِرِل“ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ڈِرِل کے دوران فضائی حملے کے خدشے کی اطلاع دینے والے سائرن بجائے جائیں گے۔ شہریوں کو حفاظتی اقدامات سے متعلق تمام معلومات دینے اور محفوظ مقام پر پہنچنے کیلئے رہنمائی کرنے کی ہدایت بھی محکمہئ داخلہ نے دی ہے۔ عوام کو ہنگامی حالات کا مقابلہ کرنے کی تیاری کے طور پر یہ ”ماک ڈِرِل“ کی جارہی ہے۔
دریں اثناء‘ پہلگام عسکری حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے مابین بڑھتی کشیدگی کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل نئی دہلی میں دفاعی سیکریٹری راجیش کمار سے اہم اُمور پر تبادلہئ خیال کیا۔ اس خصوص میں پاکستان کیخلاف کیے جارہے اقدامات کے ایک حصے کے طور پر کشمیر سے بہنے والی چناب ندی پر واقع بگلیہار ڈیم سے پاکستان کو جانے والے پانی روکنے کا فیصلہ بھارت نے کیا ہے۔ آکاشوانی کے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ جہلم ندی پر کشن گنگا بند کا پانی روکنے پر بھی حکومت غور کررہی ہے۔
***** ***** *****
وقف اصلاحات بل کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر عدالت ِ عظمیٰ میں اب 15 مئی کو سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس سنجیو کھنہ‘ جسٹس سنجئے کمار اور جسٹس کے وی وشوناتھن کی بینچ کے روبرو کل یہ سماعت ہونا تھی۔ تاہم چیف جسٹس نے موقف اختیار کیا کہ وہ عنقریب خدمات سے سبکدوش ہونے والے ہیں، اس لیے ان درخواستوں کی سماعت آنے والے چیف جسٹس بھوشن گوائی کریں گے‘ یہ کہہ کر چیف جسٹس نے سماعت کی تاریخ مؤخر کردی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ سرکاری طرزِ کار کے کلچر کو مضبوط بنانے میں سرکاری ملازمین کا اہم کردار ہے اور ”ٹیک واری“ مہم کے ذریعے ریاست کی نفری قوت‘مزید متحرک‘ تکنیکی طور پر ماہر‘ شفاف اور ذمہ دار بنے گی۔ وہ کل ”مہاراشٹر ٹیک لرننگ ویک“ کے افتتاح کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہم محض تبدیلی قبول نہیں کررہے بلکہ تبدیلی کی قیادت کررہے ہیں اور یہی پیغام ٹیک واری پروگرام کے ذریعے جائے گا۔ انتظامی افسران و ملازمین کی مہارتوں کے فروغ اور تربیتی کلچر کے قیام کیلئے یہ ہفتہ منایا جارہا ہے۔ 9مئی کو سہ پہر تین بجے سنتوں کی روایات اور عقیدت کو اجاگر کرنے والے ثقافتی پروگرام ”نیاناچی واری“ کے ساتھ ٹیک واری اختتام پذیر ہوگا۔ اس پروگرام میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
اہلیانگر کے چونڈی میں آج ریاستی کابینہ کا اجلاس ہوگا۔ آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے بتایا ہے کہ پنیہ شلوک اہلیا بائی ہولکر کی 300 ویں سالگرہ کی مناسبت سے یہ کابینی اجلاس چونڈی میں منعقد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کی جانب سے کل پربھنی شہر میں ”آئین بچاؤ“ پدیاترا نکالی گئی، جس میں مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چیننی تھلا نے شرکت کی۔ پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے اس پدیاترا کی قیادت کی۔ اس میں ریاست میں قانون اور امن و امان کی سنگین صورتحال پر حکومت پر سخت تنقید کی گئی۔ مقننہ میں پارٹی قائد وجئے وڑیٹیوار دیگر کانگریسی رہنماؤں اور کارکنوں نے اس پدیاترا میں شرکت کی۔
***** ***** *****
لاسل گاؤں میں 2020 میں لاک ڈاؤن کے دوران پیاز کی برآمد پالیسی کے خلاف احتجاج کے معاملے میں رَیَت کرانتی سینا کے سربراہ اور سابق وزیر سدابھاؤ کھوت کو نفاڑ کی عدالت نے بے گناہ قرار دے کر بری کردیا ہے۔ اس احتجاج کے سلسلے میں کھوت اور دیگر آٹھ افراد کے خلاف لاسل گاؤں پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے فروری- مارچ 2025 میں منعقدہ بارہویں جماعت کے نتائج ظاہر کردئیے ہیں۔ ان امتحانات کے نتیجے کا اوسط 91.88 فیصد رہا۔ اس بار سائنس شاخ کا نتیجہ 97.35 فیصد‘ آرٹس 80.52 فیصد اور کامرس شاخ کا نتیجہ 92.68 فیصد رہا۔
ریاست میں کوکن ڈویژن کا نتیجہ سب سے زیادہ 96.74 فیصد رہا۔ جبکہ لاتور ڈویژن کا سب سے کم نواسی اعشاریہ چار چھ فیصد رہا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع سے 92.90 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔ بیڑ 93.73‘ جالنہ 90.10‘ پربھنی 84.53 اور ہنگولی ضلع کا نتیجہ 86.06 فیصد رہا۔ تمام طلبہ کو آج سے اپنے اپنے کالجوں میں مارکس میمو ملیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ تعلیم دادا بھوسے نے ان امتحانات میں کامیاب طلبہ‘ ان کے سرپرستوں اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے کامیاب طلبہ کو اپنی ترجیح اور رجحان و دلچسپی کے مطابق اپنا مستقبل چننے کا مشورہ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جن طلبہ کو مطلوبہ کامیابی نہیں ملی وہ نئی امید کے ساتھ دوبارہ محنت کریں۔
***** ***** *****
اسی دوران بورڈ کے سربراہ شرد گوساوی نے بتایا ہے کہ ریاست میں بارہویں کے امتحانات کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں پر تین ہزار 373 مراکز میں سے 124 مراکز کی تفتیش کی جائے گی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں 214 اور لاتور ڈویژن کے 37 مراکز پر نقل کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل کئی مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ غیر موسمی بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں کئی ایک مقامات پر ژالہ باری کی خبریں ہیں۔ بیڑ ضلع کے آشٹی اور امباجوگائی میں گھن گرج کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس بارش کے باعث آم اور سبزیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔ امباجوگائی کے مگرواڑی موضع میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی۔
جالنہ شہر اور ضلع بھر میں گرج چمک کے ساتھ زوردار بارش ریکارڈ کی گئی۔ کئی ایک مقامات پر ژالہ باری کی بھی خبریں ہیں۔ شاہ گڑھ میں ایک اشتہاری بل بورڈ گرنے سے کرشنا مہسکے نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
لاتور شہر اور اس کے اطراف و اکناف‘ پربھنی اور ہنگولی میں بھی غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کی خبریں ہیں۔ آئندہ دو دِنوں میں بھی بارش کی پیشگوئی محکمہئ موسمیات نے کی ہے۔
دریں اثناء‘ ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہئ حرارت 42.48 سیلسیئس درجہئ حرارت واشم میں ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں 39‘ اور پربھنی میں 41.7 ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی وزارتِ دفاع نے امباجوگائی کے جوگیشوری تعلیمی ادارے میں عسکری اسکول کھولنے کو منظوری دے دی ہے۔ اس اسکول کا مقصد طلباء و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی اور نفسیاتی طور پر مضبوط بنانا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں میونسپل کارپوریشن اور میونسپل علاقوں میں کھلی جگہوں اور مجوزہ کاموں کا جائزہ رابطہ وزیر میگھنا ساورے بورڈیکر نے لیا۔ اس موقع پر انھوں نے تمام محکموں کوہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ سات پربھنی میونسپل کارپوریشن اور ضلع کی دیگر بلدیہ جات اپنے شہر کو صاف اور خوبصورت بنانے پر توجہ دیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں اسمارٹ سٹی دفترمیں کل پسماندہ اور بہوجن بہبود کے وزیر اتل ساوے کی موجودگی میں آبرسانی اور بجلی تقسیم کار کمپنی کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے کہا کہ پانی اور بجلی شہریوں کی بنیادی ضروریات ہیں اور متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو شفاف پانی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ تمام ریاستوں کو کل دِفاعی ماک ڈِرِل کرنے کی مرکزی وزارتِ داخلہ کی ہدایت۔
٭ پہلگام حملے کے پیشِ نظر چناب ندی کے بگلیہار بند سے پاکستان جانے والے پانی کو روکنے کا بھارت کا فیصلہ۔
٭ سرکاری طرزِ کار کی ثقافت کو مضبوط بنانے میں سرکاری ملازمین کا اہم کردار: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا بیان؛ حکومت کی ”ٹیک واری“ مہم کا آغاز۔
٭ ریاست کا بارہویں جماعت کا نتیجہ تقریباً 92 فیصد؛ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں بیڑ اور لاتور ڈویژن میں دھاراشیو کا پہلا نمبر۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے متعدد مقامات پر ژالہ باری اور غیر موسمی بارش؛ امباجوگائی تعلقے میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment