Thursday, 8 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 08 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ”آپریشن سِندُور“ بھارت کی تزویراتی صلاحیت کی علامت ہے:وزارتِ دفاع کی وضاحت۔
٭ ملک بھر میں جنگی تیاریوں کی مشقیں؛ ہنگامی حالات میں عوامی ردّ عمل کے عملی مظاہرے۔
٭ ریاست میں دفتری اصلاحات کے نکتہئ نظر سے 150 روزہ پروگرام وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے پیش۔
٭ بزرگ اداکار و ہدایت کار مادھو وَجھے چل بسے۔
٭ کھیلو انڈیا یوتھ مقابلوں میں 13 طلائی تمغوں کے ساتھ مہاراشٹر سرِفہرست۔
اور۔۔۔٭ کرکٹ کھلاڑی روہت شرما کا بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کی گئی کارروائی‘ تحمل، بے نقص اور فیصلہ کن ہونے کے ساتھ ساتھ بھارت کی تزویراتی صلاحیت کی علامت ہے۔ ہندوستانی مسلح افواج کے آپریشن سندور سے متعلق کل وزارتِ خارجہ، بری فوج اور فضائیہ نے کل ایک مشترکہ اطلاعی کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر کرنل صوفیہ قریشی‘ فضائیہ کی وِنگ کمانڈر وَیومیکا سنگھ اور خارجہ سیکریٹری وِکرم مستری نے اس آپریشن کی تفصیلات پیش کیں۔ آپریشن سندور کے ذریعے بھارت نے پاکستان میں لشکر ِ طیبہ، جیش ِ محمد اور حزب المجاہدین کے بہاولپور‘ چک آمرو‘ بھمبیر، مریدکے‘ مظفرآباد‘ کوٹلی‘ سیالکوٹ‘ گل پور اور باغ میں واقع ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔ پاکستان میں چند مقامات پر 100 کلو میٹر کے اندر موجود کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ کرنل صوفیہ قریشی نے بتایا کہ کل شب ایک بجکر پانچ منٹ تا ایک بجکر 30 منٹ پر یہ کارروائی کی گئی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Colonel Sofiya Qureshi
گذشتہ 30 برسوں سے پاکستان کے فراہم کردہ بنیادی سہولیات میں انتہاء پسندوں کو تربیت دی جاتی تی۔ اس موقع پر وِکرم مستری نے کہا کہ آپریشن میں پاکستان کے کسی شہری آبادی یا فوجی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور پاکستان کے انتہاء پسندوں کے ساتھ تعلقات اب کھل کر سامنے آگئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کو آپریشن سندور کے تحت کی گئی کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس بے نقص کارروائی پر وزیرِ اعظم نے مسلح افواج کی ستائش کی ہے۔ دریں اثناء‘ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوال نے کئی ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کو اس آپریشن سے متعلق آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس کارروائی کو مزید بڑھانے کی بھارت کی خواہش نہیں ہے۔ تاہم اگر پاکستان کی جانب سے کارروائی کی گئی تو بھارت اس کا سخت جواب دے گا۔
آپریشن سندور کے سلسلے میں آج حکومت نے کُل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔
***** ***** *****
آپریشن سندور کے بعد اندرونِ ملک کئی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ جموں، سری نگر، لیہہ، جودھپور، امرتسر، بھوج، جام نگر، چندی گڑھ اور راجکوٹ کو جانے والی پروازیں اس ماہ کی 10 تاریخ تک منسوخ کرنے کی اطلاع ایئر انڈیا نے دی ہے۔
***** ***** *****
ہندوستانی مسلح افواج کے آپریشن سندور کی مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ، وزیرِ خارجہ ایس جئے شنکر، سابق وزیرِ دفاع شرد پوار سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے ستائش کی ہے۔ لوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ انھیں بھارتی فوج پر فخر ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا ہے کہ انتہاء پسندی کے خلاف کسی بھی فیصلہ کُن کارروائی میں ان کی پارٹی‘ فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ اس آپریشن کے نام سے ہی اس سلسلے میں سنجیدگی واضح ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فوج کی جانب سے اس کارروائی کی فلمبندی کے باعث اب اس سے متعلق کوئی بھی شک کا اظہار نہیں کرسکتا۔ انھوں نے کہا کہ اس کارروائی سے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ہم پر کیے گئے حملے کو برداشت نہیں کیاجائے گا اور اس کا جواب دیا جائے گا‘ جو کہ دے دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے اور اس کی تیاریوں کو جانچنے کیلئے کل ملک بھر میں ماک ڈرل کی گئی۔ اس موقع پر فضائی حملوں کی اطلاع دینے والے سائرن بجائے گئے اور اس اطلاع کے بعد حفاظتی اقدامات کس طرح کیے جائیں اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن پر بھی اس موقع پر ماک ڈرل کی گئی۔ رکنِ پارلیمنٹ بھاگوت کراڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف ڈاکٹر ویریندر کمار آج چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کا دورہ کررہے ہیں۔ اس دورے کے دوران نمستے اسکیم استفادہ کنندگان میں آیوشمان کارڈ اور پی پی ای کٹ ان کے ہاتھوں تقسیم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں ضلع حفاظتی دستوں کے ساتھ مقابلہ آرائی میں 26 نکسلائٹس ہلاک ہوگئے۔ ان میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔ تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کی سرحد پر واقع کارے گٹہ علاقے میں یہ کارروائی کی گئی۔ کل دیر گئے تک یہ جھڑپ جاری رہی۔
***** ***** *****
ریاست میں دفتری اصلاحات کے نکتہئ نظر سے 150 روزہ پروگرام کا وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل اعلان کیا۔ اس پروگرام کے تحت وِکست بھارت 2047 کی طرز پر وِکست مہاراشٹر 2047 کا ویژن ڈاکیومنٹ تیار کرنے کی ہدایت وزیرِ اعلیٰ نے دی ہے۔ اس پروگرام کے نتائج کا اعلان 2 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ اس تقریب میں بہترین ضلع کلکٹر کے زمرے میں ناندیڑ کے راہل کرڈیلے اور بہترین پولس زون انسپکٹر جنرل کے زمرے میں ناندیڑ کے آئی جی شاہ جی اُماپ کا وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
بزرگ اداکار و ہدایت کار مادھو وَجھے کل چل بسے۔ وہ 86 برس کے تھے۔‘فلم شیام چی آئی میں ان کا شیام کا کردار کافی مشہور ہوا تھا۔ اس فلم کو بہترین فلم کیلئے پہلا سورن کمل قومی ایوارڈ دیا گیا تھا۔ انھوں نے ڈیئر زندگی اور تھری ایڈیٹس جیسی ہندی فلموں میں بھی کردار ادا کیے تھے۔
***** ***** *****
بہار میں جاری کھیلو انڈیا یوتھ کھیلوں میں مہاراشٹر نے 13 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ کل کے مقابلوں میں نشانہ بازی میں مہاراشٹر کے ویدانت نتن نے 50میٹر تھری پوزیشن رائفل میں‘ جبکہ تیراندازی میں اُجول اوڑیکر اور شراونی شینڈے نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ویشنوی پوار نے نقرئی تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
کرکٹ کھلاڑی روہت شرما نے بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ انھوں نے کل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں یہ اعلان کیا۔ روہت شرما نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی قیادت کرنا میرے لیے ایک اعزاز تھا اور مستقبل میں ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ روہت نے 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے پہلے ہی ٹسٹ میں سنچری بنائی تھی۔ انھوں نے 67 ٹیسٹ میچوں میں 40.57 کی اوسط سے 12 سنچریوں اور 18نصف سنچریوں کے ساتھ چار ہزار 301 رن بنائے ہیں۔
***** ***** *****
سری لنکا میں جاری خواتین کے سہ فریقی ایک رزہ بین الاقوامی سیریز میں کل بھارت نے جنوبی افریقہ کو 23 رنز سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت نے نو وکٹ پر 337 رنز بنائے، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وِکٹ پر 214 رن بناسکی۔ اس سیریز کا فائنل میچ اتوار کو بھارت اور میزبان سری لنکا کے مابین کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کئی مقامات پر غیر موسمی بارش ہوئی‘ جس سے درجہئ حرارت میں کچھ حد تک کمی آئی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں کل دوپہر زوردار بارش ہوئی۔ تیز ہواؤں کے باعث شہر میں کئی مقامات پر درخت گرپڑے۔ شہر کے سیوایوجنا دفترکے روبرو ایک درخت گرنے سے راجیو چتے نامی شخص کی موت واقع ہوگئی۔
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہئ حرارت 40 اعشاریہ تین ڈگری سیلسیئس اکولہ میں ریکارڈ کیا گیا۔ دھاراشیومیں 40 ڈگری‘ پربھنی میں 38 ڈگری اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 36.5 ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ”آپریشن سِندُور“ بھارت کی تزویراتی صلاحیت کی علامت ہے:وزارتِ دفاع کی وضاحت۔
٭ ملک بھر میں جنگی تیاریوں کی مشقیں؛ ہنگامی حالات میں عوامی ردّ عمل کے عملی مظاہرے۔
٭ ریاست میں دفتری اصلاحات کے نکتہئ نظر سے 150 روزہ پروگرام وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے پیش۔
٭ بزرگ اداکار و ہدایت کار مادھو وَجھے چل بسے۔
٭ کھیلو انڈیا یوتھ مقابلوں میں 13 طلائی تمغوں کے ساتھ مہاراشٹر سرِفہرست۔
اور۔۔۔٭ کرکٹ کھلاڑی روہت شرما کا بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment