Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 10 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ غیر فوجی پروازوں کی آڑ میں بھارت میں دراندازی کی پاکستان کی کوشش حفاظتی دستوں نے ناکام بنادی۔
٭ بھارت اور پاکستان کی کشیدگی سے متعلق واقعات کے مناظر راست نشر نہ کیے جائیں: وزارتِ دفاع کا تمام ذرائع ابلاغ کو حکم۔
٭ شمالی اور مغربی بھارت کی 32 اہم طیران گاہیں 15 مئی تک بند۔
٭ ریاست میں ضلعی سطح پر وار روم قائم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت؛ سرکاری افسران کی رُخصتیں منسوخ۔
٭ آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے آئندہ ایک ہفتے تک کیلئے مؤخر۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں 65تمغے جیت کر مہاراشٹر پہلے مقام پر برقرار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پاکستان نے غیر فوجی پروازوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے 400 ڈرونز کی مدد سے بھارت کے لداخ میں واقع لیہہ سے لیکر گجرات کے کچھ میں واقع سرکریک وادی تک دراندازی کی کوشش کی۔ تاہم ہندوستانی حفاظتی دستوں نے اسے ناکام بنادیا۔ وزارتِ خارجہ کی کل نئی دہلی میں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں کرنل صوفیہ قریشی نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا:
Byte: Colonel Sofiya Qureshi
وِنگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے اس موقع پر بتایا کہ ان ڈرونز کا فارنسک کرنے پر انکشاف ہوا ہے کہ یہ ڈرونز ترک ساخت کے تھے۔
اس اطلاعی کانفرنس میں محکمہئ خارجہ کے سیکریٹری وِکرم مستری نے کہا کہ اس حملے کی تفصیلات بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے اجلاس میں دی جائیگی۔ انھوں نے کہا اس دوران بھارت نے نہایت ذمہ دارانہ اور بھرپور جواب دیا ہے۔
Vikram Misri Byte: Foreign Secretary,
دریں اثناء‘ پاکستانی حملے کا منہ توڑ جواب دئیے جانے کی خبریں ہیں۔ بھارت کی جانب سے جموں کے قریب پاکستان کی کچھ چوکیوں‘ ڈرون لانچ پیڈ تباہ کردئیے گئے۔ اس خصوص میں آج صبح نئی دہلی میں وزارتِ دفاع کی جانب سے اطلاعی کانفرنس میں تفصیلات پیش کی جائیں گی۔
***** ***** *****
بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی کے دوران پیش آنے والے واقعات کے مناظر براہِ راست نشر نہ کرنے کے احکامات وزارتِ دفاع نے تمام ذرائع ابلاغ‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارمس اور سماجی رابطوں کے ذرائع کو دئیے ہیں۔ وزارتِ دفاع نے ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کے جاری کردہ رہنماء اُصولوں پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
***** ***** *****
باقاعدہ فوج کی اعانت کیلئے علاقائی فوجی دستوں اور افسران کو طلب کیے جانے کے اختیارات مرکزی حکومت نے فوجی سربراہ کو تفویض کردیئے ہیں۔ ٹیریٹوریل آرمی کی 32 میں 14 بٹالینز‘ جنوبی کمانڈ‘ مشرقی کمانڈ‘ جنوب مغربی کمانڈ‘ انڈمان و نکوبار کمانڈ اور آرمی ٹریننگ کمانڈ میں تعینات کیے جانے کا حکمنامہ وزارتِ دفاع نے جاری کیا۔ یہ حکم 9 فروری 2028 تک نافذالعمل رہے گا۔
***** ***** *****
بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے کل پاکستان کو قرض فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس طلب کیا۔ بھارت نے اس اجلاس کے بعد ہونے والی ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔ بھارت نے خدشہ ظاہر کیا کہ پاکستان کو فراہم کیے جارہے اس قرض سے دہشت گردی کو فروغ مل سکتا ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور پاکستان کے مابین بڑھتی کشیدگی کے پیشِ نظر شمالی اور مغربی بھارت کی 32 اہم طیران گاہیں 15 مئی تک بند کردی گئی ہیں۔ اس عرصے میں ان طیران گاہوں سے کوئی پرواز نہیں چلے گی۔ جن ہوائی اڈوں کو بند کیا گیا ہے‘ ان میں سری نگر، چندی گڑھ، امرتسر، جودھپور، جموں، لیہہ، بھوج، جیسلمیر، پٹھان کوٹ، اور دیگر 15 ہوائی اڈے شامل ہیں۔ دہلی ایئرپورٹ سے کل 138 پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں‘ تاہم آج تمام پروازیں باقاعدگی سے چلائی جارہی ہیں۔ اسی اثناء‘ دہلی‘ ممبئی‘ فضائی آمدو رفت کے 25 راستے بند کردئیے گئے ہیں۔ اس کیلئے اب ایوی ایشن کمپنیوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ملک بھر کے اے ٹی ایمز آئندہ دو تین دِنوں تک بند رہنے سے متعلق پھیلائی جارہی خبروں کو اشاعتی اطلاعات بیورو (PIB) نے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ پی آئی بی نے وضاحت کی کہ اس ضمن میں سوشل میڈیا پر جو خبریں گردش کررہی ہیں وہ غلط ہیں۔ اربابِ مجاز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلاتحقیق کسی بھی پیغام کو شیئر نہ کریں۔
اسی دوران انڈین آئیل کارپوریشن نے وضاحت کی ہے کہ ملک بھر میں ایندھن کا کافی ذخیرہ موجود ہے اور اس کی ترسیل باقاعدگی سے ہورہی ہے۔ پیٹرول- ڈیزل اور ایل پی جی ہر جگہ دستیاب ہے۔ قلّت کے خوف سے ذخیرہ اندوزی کی کوئی ضرورت نہیں۔ کارپوریشن نے یقین دلایا کہ سبھی کو بلاتعطل ایندھن فراہم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ملک کی سرحدوں پر جاری کشیدگی کے پیشِ نظر انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹینٹس آف انڈیا نے اپنے چند امتحانات ملتوی کردئیے ہیں۔ جو امتحانات 14مئی تک مقرر تھے ان کیلئے شیڈول جاری کیا جائے گا۔ یہ اطلاع ادارے نے اپنے اعلامیے میں دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
حکومت ِ مہاراشٹر نے تمام سینئر افسران بالخصوص محکمہئ صحت‘ آفاتِ سماوی انتظامیہ کے افسران کی رُخصتیں منسوخ کردی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ریاست کی سلامتی اور دیگر اُمور کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس میں یہ احکامات جاری کیے۔ ماک ڈرِل، بلیک آؤٹ جیسے تمام اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کل ریاست کی ہنگامی ردّ عمل کی صلاحیت بڑھانے کیلئے مختلف ہدایات جاری کیں۔ انھوں نے تلقین کی کہ ضلع کلکٹرز کو ہنگامی فنڈ فوری جاری کیے جائیں تاکہ ضروری سازوسامان فوری خریدا جاسکے۔
ریاست کے تمام اضلاع میں ماک ڈرِل کرنے اور ضلع سطح پر وار روم قائم کرنے کے احکامات بھی وزیرِ اعلیٰ نے جاری کیے۔ اسی ہدایت کے مطابق چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بھی صحت کے نظام سے وابستہ افسران کی رخصتیں منسوخ کردی گئی ہیں اور انھیں فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کا حکم دیا گیا۔ ہنگامی حالات میں شہریوں کو فوری خدمات فراہم کرنے کیلئے ضلع سطح پر نوڈل افسر مقرر کیے گئے ہیں اور حفظانِ صحت انتظامیہ پوری طرح تیار ہے۔ یہ اطلاع ضلع پریشد کے شعبہئ صحت کے افسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے دی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ بھارت‘ پاکستان کو منہ توڑ جواب دے رہا ہے۔ وہ کل بیڑ میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ پاکستان کے حملے میں ریاست کے دو فوجیوں کی جانوں کے اتلاف پر شندے نے غم کا اظہار کیا۔ انھوں نے بتایا کہ مرکز کے رہنماء خطوط کی بنیاد پر ریاست میں حفاظتی انتظامات برقرار رکھنے کیلئے ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں کل شب آسمان میں چمکتی روشنیوں کی ایک قطار دیکھی گئی۔ تاہم‘ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایک بین الاقوامی کمپنی کی اسٹار لنک کی قطار تھی۔
***** ***** *****
بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں بی سی ی آئی نے انڈین پریمیر لیگ آئی پی ایل کے میچ ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردئیے ہیں۔ بی سی سی آئی نے اپنے ایک اعلامیے میں کہا کہ بعد ازاں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اور متعلقہ فریقوں سے بات چیت کے بعد آئندہ شیڈول جاری کیا جائے گا۔
***** ***** *****
بہار میں جاری کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں مہاراشٹر نے اب تک 65 تمغے جیت کر تمغوں کی فہرست میں پہلا مقام برقرار رکھا ہے۔ ان 65 میں 24 طلائی‘ 21 نقرئی اور 20 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ کل مہاراشٹر کے کھلاڑیوں نے تین طلائی اور ایک کانسے کا تمغہ جیتا۔ لڑکوں کے مقابلوں میں اب تک سات طلائی سمیت کُل 17 تمغے اور لڑکیوں کے گروپ نے 9طلائی سمیت کُل 30 تمغے جیتے ہیں۔
***** ***** *****
اہلیا نگر میں 1380 کروڑ روپئے کی مختلف سڑکوں کے تعمیراتی کاموں کا افتتاح کل مرکزی وزیر برائے زمینی حمل و نقل نتن گڈکری کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ریاست کے پانچ اضلاع سے گذرنے والے سورت تا چنئی قومی شاہراہ کے کنارے صنعتی کلسٹر اور لاجسٹک پارک قائم کیے گئے تو ان اضلاع میں صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ غیر فوجی پروازوں کی آڑ میں بھارت میں دراندازی کی پاکستان کی کوشش حفاظتی دستوں نے ناکام بنادی۔
٭ بھارت اور پاکستان کی کشیدگی سے متعلق واقعات کے مناظر راست نشر نہ کیے جائیں: وزارتِ دفاع کا تمام ذرائع ابلاغ کو حکم۔
٭ شمالی اور مغربی بھارت کی 32 اہم طیران گاہیں 15 مئی تک بند۔
٭ ریاست میں ضلعی سطح پر وار روم قائم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت؛ سرکاری افسران کی رُخصتیں منسوخ۔
٭ آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے آئندہ ایک ہفتے کیلئے مؤخر۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں 65تمغے جیت کر مہاراشٹر پہلے مقام پر برقرار۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment