Saturday, 17 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 17 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آپریشن سندور محض ایک جھلک ہے؛ پوری فلم دِکھانے کیلئے بھارت تیار: وزیرِ دفاع کا بیان۔
٭ جگد گرو رام بھدراچاریہ کو 58 واں گیان پیٹھ ایوارڈ صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں تفویض۔
٭ وزیرِ اعلیٰ کے صد روزہ پروگرام کے تحت جھونپڑپٹی بازآبادکاری اتھاریٹی پہلے نمبر پر؛ مراٹھواڑہ ڈویژن میں ناندیڑ تحصیل دفتر کو پہلا مقام۔
اور۔۔۔٭ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں آسمانی بجلی سے بچاؤ کے آلات نصب کرنے کی ڈاکٹر نیلم گورہے کی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ آپریشن سندور محض ایک جھلک ہے اور ضرورت پڑنے پر پوری پکچر دکھانے کیلئے بھارت تیار ہے۔ وہ کل گجرات کے بھوج میں فضائیہ کے دفاعی مرکز پر فوجی اہلکاروں سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔
Byte: Rajnath Singh
وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی مالی امداد پر ازسرِ نو غور کیا جانا ضروری ہے۔
دریں اثناء‘ جموں و کشمیر کے کُلگام اور پلوامہ ضلع میں دو مشترکہ فوجی کارروائیوں میں چھ انتہاء پسندوں کو ہلاک کردیا گیا۔ کل سری نگر میں اخباری نمائندوں کو یہ اطلاع دی گئی۔
***** ***** *****
58 ویں گیان پیٹھ ایوارڈ کل صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں نئی دہلی میں تقسیم کیے گئے۔ جگدگرو رام بھدر آچاریہ کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔ اُترپردیش کے چترکوٹ کی تلسی پیٹھ کے بانی اور سنسکرت پنڈت رام بھدرآچاریہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ”راشٹر دیو بھو“ کا نیا نعرہ دیا۔
Byte: Ram Bhadracharya
آپریشن سندور کے سلسلے میں انھوں نے صدرِ جمہوریہ اور وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی۔
مشہور شاعر اور نغمہ نگار گلزار کو بھی گیان پیٹھ ایوارڈ دیا گیا، تاہم خرابیئ صحت کے باعث وہ خود اس تقریب میں شرکت نہیں کرسکے اور ان کے نمائندے کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
آنجہانی گلوکارہ مانک ورما کی یاد میں مانک ورما فاؤنڈیشن کی جانب سے اس سال ”مانک سور شتابدی ورش“ کے طور پر منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں کل ممبئی میں بزرگ کلاسیکی گلوکارہ پدم شری اشونی بھڑے کو ”مانک رَتن“ ایوارڈ دیا گیا۔ تال یوگی پنڈت سریش تڑوڑکر کے ہاتھوں انھیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ صد روزہ دفتری اصلاحات پروگرام کے تحت جھونپڑپٹی بازآبادکاری اتھاریٹی نے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ بجلی تقسیم کار کمپنی مہاوترن نے دوسرا اور پونا میٹرو پولیٹن ترقیاتی اتھاریٹی نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ یہ اعلان وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل کیا۔ اس مہم میں مراٹھواڑہ ڈویژن میں ناندیڑ تحصیل دفتر پہلے نمبر پر رہا۔ تحصیلدار سنجئے وارکڑ کی قیادت میں شفاف‘ ڈیجیٹل اور عوام دوست انتظامیہ کی مثال قائم کی گئی ہے۔ تعلقہ سطح کے سرکاری دفاتر کے دوسرے مرحلے میں ناندیڑ ضلع کے چھ دفاتر کو پہلا‘ پانچ دفاتر کو دوسرا اور چار دفاتر کو تیسرا مقام دیا گیا۔
ناندیڑ اور چھترپتی سمبھاجی نگر ان دو اضلاع کیلئے ایک سی ٹرپل آئی ٹی یعنی سینٹر فار انوینشن‘ اِنوویشن‘ انکیوبیشن اینڈ ٹریننگ مراکز کو منظوری دی گئی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی جانب سے ٹاٹا ٹکنالوجی کو ارسال کردہ مکتوب پر کمپنی نے مثبت ردّ عمل دیتے ہوئے یہ دو تربیتی مراکز کی منظوری دی۔ ان مراکز سے مراٹھواڑہ کے ہزاروں نوجوانوں کو صنعتوں کی ضرورت کے مطابق صنعتی اور تکنیکی تربیت مل سکے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گذشتہ کئی برسوں سے زیرِ التواء چھترپتی سمبھاجی نگر کی آبرسانی اسکیم کے سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ عنقریب ممبئی میں ایک اہم اجلاس کریں گے۔ ریاست کے وزیر برائے بہوجن بہبود اتل ساوے، نے یہ اطلاع دی۔ وزیرِ اعلیٰ کل چھترپتی سمبھاجی نگر طیران گاہ سے بلڈانہ روانہ ہوئے۔ اس موقع پر اتل ساوے اور بی جے پی رہنماؤں نے پھڑنویس سے ملاقات کرکے شہر کے پانی کے مسئلے سے متعلق انھیں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اسی دوران رکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے کی زیرِ قیادت کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہلّہ بول مورچہ نکالا گیا۔ بعد ازاں آدتیہ ٹھاکرے نے میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر جی شریکانت سے ملاقات کرکے پانی کے مسئلے پر انھیں ایک محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
موسمِ برسات میں آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے جانی ومالی نقصان سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ علاقوں میں بجلی مانع آلات نصب کرنے کی ہدایت قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن ڈاکٹر نیلم گورہے نے کی ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ بعد ازاں انھوں نے جالنہ ضلع میں خواتین کے ایک اجلاس سے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے ضلع کے مختلف موضوعات پر جائزہ اجلاس میں بھی شرکت کی اور غیر موسمی بارش‘ خواتین پر مظالم‘ پانی کی قلّت‘ محنت کشوں کے مسائل جیسے موضوعات پر انھوں نے متعلقہ محکموں کیلئے ضروری احکامات جاری کیے۔
***** ***** *****
آپریشن سندور کے بعد بی جے پی کی جانب سے ملک بھر میں ترنگا یاترا نکالی جارہی ہے۔ جالنہ ضلع میں عنبڑ اور بدنا پور میں رکنِ اسمبلی نارائن کوچے کی قیادت میں کل ترنگا ریلی نکالی گئی۔ تلجاپور میں بھی ترنگا یاترا میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ بھی اس ریلی میں شریک تھے۔
دریں اثناء‘ بزرگ صنعت کار رام بھوگلے نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے باعث بھارت کی خود انحصاری پوری دنیاکے سامنے واضح ہوئی ہے۔
***** ***** *****
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے تحت رواں تعلیمی سال کے ڈگری اور پوسٹ گریجویشن کے امتحانات جاری ہیں۔ تاہم‘ جو طلبہ فاصلاتی تعلیم، کھیل، اور نیشنل سروس اسکیم کی سرگرمیوں کے باعث امتحان میں شریک نہ ہوسکے، ان کیلئے امتحان 21 مئی سے لیا جائے گا۔ یہ اطلاع امتحانات و جانچ بورڈ کے ڈائریکٹر ہوشیار سنگھ سابڑے نے دی۔
***** ***** *****
بیڑ سے امباجوگائی کی سمت جانے والے تیز رفتار کنٹینر نے نیکنور اور کیج میں کئی گاڑیوں کو ٹکر ماردی۔ اس حادثے میں ایک خاتون ہلاک اور 20 تا 25 افراد زخمی ہوگئے۔ جائے حادثے سے فرار ہونے والا یہ کنٹینر لوکھنڈی ساورگاؤں سے قریب اُلٹ جانے کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی ہے۔
***** ***** *****
لاتور میں ہونے والے ضلعی سطح کے آم فیسٹیول کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب یہ فیسٹول 23 اور 24 مئی کو لاتور میں بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر پارک میں منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں تین لاکھ روپئے کی رشوت طلب کرنے والے اپر تحصیلدار سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اس اپر تحصیلدار کا نام نتن گرجے بتایا جاتا ہے۔ جس نے پلاٹ کے رقبے میں کمی و بیشی کرکے احکام جاری کرنے کیلئے رشوت مانگی تھی۔ جس کا ایک حصہ ایک لاکھ روپئے لیتے وقت دو ایجنٹوں کو انسدادِ رشوت ستانی محکمے نے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، لیکن گرجے وہاں سے فرار ہوگیا۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت چندر پور میں 41 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو میں 35‘ بیڑ میں 36 اور پربھنی میں 37 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آپریشن سندور محض ایک جھلک ہے؛ پوری فلم دِکھانے کیلئے بھارت تیار: وزیرِ دفاع کا بیان۔
٭ جگد گرو رام بھدراچاریہ کو 58 واں گیان پیٹھ ایوارڈ صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں تفویض۔
٭ وزیرِ اعلیٰ کے صد روزہ پروگرام کے تحت جھونپڑپٹی بازآبادکاری اتھاریٹی پہلے نمبر پر؛ مراٹھواڑہ ڈویژن میں ناندیڑ تحصیل دفتر کو پہلا مقام۔
اور۔۔۔٭ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں آسمانی بجلی سے بچاؤ کے آلات نصب کرنے کی ڈاکٹر نیلم گورہے کی ہدایت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment