Wednesday, 21 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 21 May-2025

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۱؍ مئی  ۲۰۲۵ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ ریاست کی نئی ہاؤسنگ پالیسی کا اعلان، ہاؤسنگ سیکٹر میں ستر ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع۔

٭ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے رکنِ اسمبلی چھگن بھجبل ریاستی کابینہ میں شامل ۔

٭ دہشت گردی کے خلاف بھارت کے موقف سے آگاہ کرنے کیلئے شری کانت شندے کی قیادت والا وفد آج چار ملکوں کے دورے پر روانہ ہوگا۔

٭ بزرگ ماہرِ فلکیات جینت نارڑیکر اور اٹامک اینرجی کمیشن کے سابق صدر ڈاکٹر ایم آر شری نواسن کا انتقال۔

اور۔۔۔٭ کوکن کے ساحل پر کم دباؤ کا پٹہ بننے سے آج اور کل مراٹھواڑہ میںزوردار بارش کا امکان۔

 ***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

حکومت نے ریاست کی نئی ہاؤسنگ پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا۔ ’’میرا گھر، میرا حق‘‘ اس پالیسی کا نعرہ ہے۔ اس پالیسی کے تحت جھونپڑ پٹیوں کی بحالی سے لے کر بازآبادکاری تک کے ایک جامع منصوبے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ اس پالیسی کے تحت کم آمدنی والے شہری، بزرگ شہری، خواتین، صنعتی مزدوروں اور طلباء کی مخصوص ضروریات کو زیرِ غور لایا جائےگا۔ ریاستی حکومت نے 2030 تک معاشی طور پر پسماندہ طبقات اور کم آمدنی والے شہریوں کیلئے 35 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور عام آدمی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر زمرے کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اس پالیسی سے ہاؤسنگ شعبے میں ستر ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت ہر قسم کی اسکیموں کو مہا آواس پورٹل پر جمع کیا جائے گا۔

***** ***** *****

کابینہ کے اجلاس میں بائیو میتھینیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کمپریسڈ بائیو گیس پروجیکٹ کے قیام کیلئے مہانگر گیس لمیٹڈ کمپنی کو ممبئی کے دیونار میں رعایتی شرح پر ار اضی د ینے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔

ساتھ ہی صنعتی شعبے کی پالیسی کی مدت ختم ہونے کی وجہ سے زیر التوا 325 تجاویز کو بھی کابینی اجلاس میں منظوری دی گئی۔ اس سےایک لاکھ 655 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ93 ہزار 317روزگارپیدا ہونے کا امکان ہے۔

***** ***** *****

راشٹروادی کانگریس پارٹی کے رکنِ اسمبلی چھگن بھجبل کو کل ریاستی کابینہ میں شامل کرلیا گیا۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے بھجبل کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار موجود تھے۔

***** ***** *****

بین الاقوامی شہرت یافتہ بزرگ ماہر فلکیات اور سائنسی ادیب جینت نارڑِیکر ‘کل پونے میں انتقال کرگئے۔ وہ چھیاسی برس کے تھے۔ فلکی طبیعیات میں نارڑیکر کے کام دنیا بھر میں مشہور ہوئے۔ کیمبرج، یو کے سے ڈاکٹریٹ اور رینگلر کی ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد، جینت نارڑیکر نے 1972 میں ممبئی کے ٹاٹا انسٹیٹیوٹ آف فنڈامینٹل ریسرچ ادارے میں شعبۂ فلکیات کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا۔ 1988 میں، وہ پونے، میں بین الیونیورسٹی مرکز برائے فلکیات اور فلکی طبیعیات کے ڈائریکٹر مقرر ہوئے۔ نارڑیکر کو علمِ فلکیات میں نمایاں کاموں کے لیے ٹائسن میڈل اور اسمتھ ایوارڈ جیسے عالمی اعزازات سے سرفراز کیا گیا۔ ساتھ ہی فلکیاتی شعبے میں گرانقدر خدمات کیلئے انھیں اعلیٰ ترین اعزاز 'پدم بھوشن اور 'پدم وبھوشن سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ 

***** ***** *****

صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے ڈاکٹر نارڑیکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میںکہا کہ علمِ فلکیات میں نارڑیکر کا اہم نظریاتی کام آنے والی نسلوں کیلئے رہنما ثابت ہوگا۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے نے بھی نارڑیکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

***** ***** *****

ملک کے سول نیوکلیئر اینرجی پروگرام کے اہم ستون اور اٹامک اینرجی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ایم آر شری نواسن کل تامل ناڈو میں انتقال کر گئے، ان کی عمر پچانوے برس تھی۔ ڈاکٹر شری نواسن بھارت کے سول نیوکلیئر اینرجی پروگرام کے معمار کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ شری نواسن ڈاکٹر ہومی بھابھا کے ساتھ ملک کے پہلے نیوکلیئر ری ایکٹر اپسرا کی تخلیق میں شامل تھے۔ شری نواسن کو ایٹمی توانائی کے شعبے میں ان کی بے مثال خدمات کیلئے پدم وبھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

پاکستان کی زیرِ سرپرستی کی جانے والی انتہا پسندانہ کارروائیوں کے خلاف بھارت کے موقف کو دیگر ممالک کے سامنے پیش کرنے کیلئےتشکیل کردہ وفود میں سے پہلا وفد آج اپنے دورے پر روانہ ہورہا ہے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمان شری کانت شندے کی قیادت میں یہ وفد متحدہ عرب امارات، لائبیریا، کانگو اور سیئیرا لیوون کا دو رہ کرے گا۔

***** ***** *****

آپریشن سندور کی کامیابی کے اعزاز میں کل لاتور ضلع میں شیوسینا کی جانب سے ترنگا پرچم ریلی نکالی گئی۔ اوسہ اور نلنگہ تعلقوں کے گرہاڑ گاؤں میں نکالی گئی ریلی میں شہریان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

***** ***** *****

سابق وزیرِ اعظم راجیو گاندھی کی برسی اور وطن پر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں ترنگا یاترا نکالی جائیگی۔ شہر کانگریس کمیٹی نے بتایا کہ اس ترنگا یاترا کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے شاہ گنج میں مہاتما گاندھی کے مجسّمے سے ہوگا۔

***** ***** *****

آپریشن سندور میں بھارتی فوج کی بہادری و شجاعت اور حکومت کے جرأت مندانہ فیصلے کی ہر جانب سے ستائش کی جارہی ہے۔ دھاراشیو ضلعے کے تلجا پور کے سابق فوجی دتا نوگیرے نے بھی اس مشن کی ستائش کرتے ہوئے حکومت اور فوجیوں پر فخر کا اظہار کیاہے۔

***** ***** *****

مہاراشٹرا طیران گاہ ترقی کمپنی کی صدر اور مینیجنگ ڈائریکٹر سواتی پانڈے نے کل ناندیڑ ائیرپورٹ کے احاطے کا معائنہ کیا اور صنعتی ترقیاتی کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ ناندیڑ طیر ان گاہ کو جلد ہی مہاراشٹرا ایئرپورٹس اتھارٹی کو منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر صنعتی ترقیاتی کارپوریشن کو آئندہ تین ماہ میں طیران گاہ پر مختلف سہولیات کو بہتر بنانے اور ضلع انتظامیہ کو ہوائی اڈے پر موجود غیر مجاز تعمیرات کو ہٹانے کیلئے اقد امات کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

***** ***** *****

ونچیت بہوجن آگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے تنقید کی ہےکہ ریاست میں کوئی حزبِ مخالف جماعت نہیں ہے اور ونچیت اگھاڑی کو چھوڑ کر تمام ہی سیاسی جماعتیں حکمراں محاذکے ساتھ ہیں۔ وہ کل لاتور میں پارٹی کارکنان کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ آپریشن سندور کے سلسلے میں مودی حکومت کی تعریف کرنے پر پرکاش امبیڈکر نے بزرگ رہنما شرد پوار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پوار بی جے پی کے حا می بنتے جا رہے ہیں۔

***** ***** *****

ریاست میں متعدد مقامات پر کل موسلادھار بارش ہوئی۔ ممبئی اور پونے میں گذشتہ شام زوردار بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں بھی نصف شب طوفانی بارش ہوئی‘ جبکہ جالنہ شہر سمیت ضلعے کے بیشتر علاقوں میں کل تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ تیز ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ بعض مقامات پر بجلی کے کھمبے بھی گرپڑے۔ 

دریں اثنا، کوکن کے ساحل پر کم دباؤ کا پٹہ تیار ہونے کے سبب ریاست بھر میں بارش کی پیشن گوئی محکمہ موسمیات نے کی ہے۔ آج چھترپتی سمبھاجی نگر، بیڑ اور دھاراشیو اضلاع میں بارش کا آرینج الرٹ ، جبکہ جالنہ، پربھنی، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 

***** ***** *****

محکمہ موسمیات کی جانب سے مانسون سے متعلق پیشین گوئی کے پیشِ نظر، چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر دلیپ گائوڑے نے سبھی متعلقہ محکمہ جات کو موسمِ باراں کے دوران مشنری کو تیار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل قبل از مانسون تیاریوں کے حوالے سے علاقائی سطح کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ گائوڑے نے سماوی آفات کے دوران ہنگامی حالات میں شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت بھی دی۔

***** ***** *****

بیڑ شہر سے بہنے والی بندوسرا ندی کے دامن میں صفائی اور ندی کی گہرائی بڑھانے کے کاموں کا‘ کل رکن اسمبلی سندیپ شر ساگر نے افتتاح کیا۔ ندی کی گہرائی میں اضافہ کرنے کے اس کام سے شہریوں کو حاصل ہونے والی راحت پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ ریاست کی نئی ہاؤسنگ پالیسی کا اعلان، ہاؤسنگ سیکٹر میں ستر ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع۔

٭ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے رکنِ اسمبلی چھگن بھجبل ریاستی کابینہ میں شامل ۔

٭ دہشت گردی کے خلاف بھارت کے موقف سے آگاہ کرنے کیلئے شری کانت شندے کی قیادت والا وفد آج چار ملکوں کے دورے پر روانہ ہوگا۔

٭ بزرگ ماہرِ فلکیات جینت نارڑیکر اور اٹامک اینرجی کمیشن کے سابق صدر ڈاکٹر ایم آر شری نواسن کا انتقال۔

اور۔۔۔٭ کوکن کے ساحل پر کم دباؤ کا پٹہ بننے سے آج اور کل مراٹھواڑہ میںزوردار بارش کا امکان۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment