Sunday, 25 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 25 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مستقبل کے شہروں کی تیاری کیلئے منصوبہ بندی وقت کی ضرورت ہے؛ نیتی آیوگ کی میٹنگ میں وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ مہاراشٹر ”ترقی یافتہ بھارت 2047“ کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے مکمل طورپر تیار ہے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی یقین دہانی۔
٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ آج سے مہاراشٹر کے تین روزہ دورے پر؛ ناگپور‘ ناندیڑ اور ممبئی میں منعقدہ پروگرامس میں کریں گے شرکت۔
٭ ماحول دوست متبادل کو فروغ دینے کی خاطر چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں کپڑے کی تھیلیاں فروخت کرنے والی مشینوں کی گئی تنصیب۔
اور۔۔۔٭ موسمی بارش مانسون مقررہ اندازے سے آٹھ دن پہلے کیرل میں داخل؛ ریاست میں بھی ہر طرف بارش ہونے کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت کے شہر تیزی سے وسعت اختیار کررہے ہیں اور مستقبل کے شہروں کیلئے منصوبہ بندی وقت کی ضرورت ہے۔ وزیرِ اعظم کل نئی دہلی میں ان کی زیرِ صدارت منعقدہ نیتی آیوگ کی مجلس ِ عاملہ کی دسویں میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ ”ترقی یافتہ بھارت کی ترقی یافتہ ریاستیں 2047“ یہ اس میٹنگ کا تصور تھا۔ مودی نے کہا کہ ترقی‘ نیا پن اور پائیداری ہمارے شہروں کی ترقی کے بنیادی اُصول ہونے چاہیے۔ انھوں نے ہر ریاست سے ایک سیاحتی مقام تیار کرنے کی اپیل کی، جس میں تمام بنیادی سہولیات موجود ہوں اور وہ عالمی معیار پر بھی پورا اُترے۔ اس میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ‘ لیفٹیننٹ گورنرس‘ مرکزی وزراء‘ نیتی آیوگ کے نائب سربراہ‘ ممبران اور CEO نے شرکت کی۔
***** ***** *****
وہیں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نیتی آیوگ کی میٹنگ میں کہا کہ مرکزی حکومت اور تمام ریاستوں کے ساتھ مل کر ترقی یافتہ بھارت 2047 کے اس ترقی اور وراثت کے وژن کو حاصل کرنے کی خاطر مکمل طور پر تیار رہے گا۔ پھڑنویس نے اس موقع پر یہ بھی یقین دلایا کہ 2030 تک مہاراشٹر میں درکار توانائی کا 52 فیصد حصہ گرین اینرجی ذرائع سے پیدا کیا جائے گا۔ انھوں نے ریاست کے مختلف پروجیکٹس اور اسکیمات کیلئے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے ملنے والی حمایت کا بھی ذکر کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ ٹائر 2 اور ٹائر 3 شہروں میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کی کوششیں اب گڈچرولی کو اسٹیل سٹی‘ ناگپور کو دفاعی مرکز‘ امراوتی میں ٹیکسٹائل کلسٹر‘ چھترپتی سمبھاجی نگر کو ای وی مینوفیکچرنگ ہب کے طور پر جبکہ رائے گڑھ ضلع کے دِگھا کو ایک اسمارٹ صنعتی شہر بنانے کا باعث بن رہی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج صبح گیارہ بجے آکاش وانی کے پروگرام ”من کی بات“ کے ذریعے عوام سے خطاب کریں گے۔ یہ اس پروگرام کی 122 ویں قسط ہوگی۔ آکاش وانی اور دوردرشن کے سبھی چینلز پر یہ پروگرام نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ آج ریاست کے تین روزہ دورے پر آرہے ہیں۔ وزیرِ موصوف آج ناگپور‘ کل 26 مئی کو ناندیڑ اور 27 مئی کو ممبئی میں منعقدہ مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ یہ اطلاع رکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے کل ناندیڑ میں ایک صحافتی کانفرنس میں دی۔ امت شاہ کے ہاتھوں کل ناندیڑ میں سابق وزیرِ اعلیٰ وسنت راؤ نائیک کے مجسّمے کی نقاب کشائی عمل میں آئے گی، جس کے بعد وہ ”شنکھ ناد“ جلسے سے خطاب کریں گے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی جانب سے خودکُشی کرنے والے کسانوں کے اہلِ خانہ کی بروقت امداد کیلئے تمام ڈویژنل کمشنرس کو 20 کروڑ روپؤں کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے سرکلر جاری کیا جاچکا ہے۔ امداد اور بازآبادکاری کے ریاستی وزیر مکرند جادھو پاٹل نے کل یہ اطلاع دی۔ اس میں چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کو چار کروڑ 92 لاکھ روپؤں کا فنڈ ملا ہے۔
***** ***** *****
رتناگری ضلع میں غیر قانونی طورپر رہائش اختیار کرنے والے 13 بنگلہ دیشی شہریوں کو سزا مکمل ہونے کے بعد اُن کے وطن سونپ دیا گیا ہے۔ پورن گڑھ ساگر پولس اسٹیشن کی حدود میں رہنے والے ان بنگلہ دیشیوں کو چھ مہینوں کی سزا مکمل ہونے پر واپس کردیا گیا۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیا بائی ہولکر کی 300 ویں سالگرہ کی مناسبت سے آج ریاست بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ناگپور کے انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ (IIM) میں ”فلسفیانہ ملکہ اہلیا دیوی ہولکر“ کے عنوان سے ایک روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس تقریب میں خواتین و اطفال کی ترقی کی مرکزی وزیر انّ پورنا دیوی‘ مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کریں گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے اور ماحول دوست متبادل کو فروغ دینے کی خاطر چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے شہر کے مختلف مقامات پر پانچ کپڑوں کے بیگس فروخت کرنے والی مشینوں کی تنصیب کی۔ اس اقدام کا مقصد پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال کو محدود کرنا اور شہریوں کو آسانی سے کم قیمت پر کپڑے کی تھیلیاں فراہم کرنا ہے۔ ”پلاسٹک کی تھیلیوں کو نہیں‘ کپڑے کی تھیلیوں کو ہاں“ اس نعرے کے ذریعے بھی عوامی بیداری پیدا کی جارہی ہے۔ اس وینڈنگ مشین سے صرف پانچ روپئے میں دوبارہ استعمال کرنے لائق کپڑے کی تھیلی آسانی سے حاصل کی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے عنبڑ تعلقے کے سکھاپوری پھاٹے پر کل صبح منی ٹراویلز اور ٹیمپو کے درمیان تصادم کے سبب ہونے والے حادثے میں ایک خاتون سمیت 14 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی۔ انجنا ساپنار اور انوسیا ساپنار مرنے والوں کے نام ہیں۔ یہ دونوں ہنگولی ضلع کے دھانورا کے رہنے والے ہیں۔ گاڑی بے قابو ہوجانے کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ڈویژن کے تمام آٹھ اضلاع میں کسانوں کی جانب سے قبضہ کیے گئے کھیت کے راستوں کو بازیاب کرنے اور دیگر زیرِ التواء مقدمات کو فوری طور پر نمٹانے کیلئے ڈویژن میں ”سستی عدالت“ پروگرام چلایا جارہا ہے۔ ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے کی جانب سے شروع کی گئی اس پہل کے نتیجے کے طورپر اجتماعی ثالثی کے ذریعے تقریباً 560 کسانوں کے زیرِ التواء معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں کامیابی ملی ہے۔
***** ***** *****
عالمی یومِ ماحولیات کی مناسبت سے ناندیڑ ریلوے ڈویژن میں ”پلاسٹک آلودگی کی خاتمے“ کے موضوع پر مبنی 15 روزہ بیداری مہم جوش و خروش سے چلائی جارہی ہے۔ اس کے تحت گذشتہ روز ریلوے اسٹیشنوں پر آگاہی مہم چلائی گئی‘ تاکہ مسافروں کو اپنی پانی کی بوتلوں کے ساتھ سفر کرنے کی ترغیب دی جاسکے۔ اس مہم کے حصے کے طور پر ناندیڑ ڈویژن کے ریلوے اسٹیشنوں پر 5 جون تک مختلف پروگرامس منعقد کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
جرمنی کے سُہل میں جونیئر گروپ ISFF عالمی کپ نشانے بازی مقابلے کے خواتین کے 10میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں بھارت کی شامبھوی شرساگر نے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ اس ایونٹ میں اوجسوی ٹھاکر نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ بھارت نے اس مقابلے میں دو سونے‘ تین چاندی اور تین کانسے کے تمغے جیت کر کُل 18 تمغوں کی کمائی کی ہے اور میڈل ٹیلی میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
ملک کے محکمہئ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ موسمی بارش مانسون اپنے مقررہ وقت سے آٹھ دن پہلے کل کیرل میں داخل ہوگئی۔ 2009 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب مانسون اتنی جلدی فعال ہوا ہے۔ اس کے پیشِ نظر کیرل‘ جنوبی کوکن، ساحلی کرناٹک‘ وسطی مہاراشٹر‘ گوا اور مغربی راجستھان میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ جالنہ شہر سمیت ضلع کے بیشتر علاقو ں میں صبح سے ہی بارش ہورہی ہے۔
اسی بیچ محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو دِنوں میں کوکن کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمے نے بتایا کہ ریاست کے وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں چند علاقوں میں بجلی کی چمک اور بادلوں کی گرج کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
واٹر کوالٹی مشن کے تحت بیڑ ضلع کے 1350 دیہاتوں میں پانی کے ذرائع کی جانچ کی مہم چلائی جائیگی۔ ہر گاؤں کی پانچ خواتین اور واٹر گارڈس‘ انسپکشن کٹ کا استعمال کرتے ہوئے پینے کے پانی کے تمام ذرائع کی جانچ کریں گے۔ اس مہم کے ساتھ ساتھ کل چیف ایگزیکٹیو افسر آدتیہ جیونے نے پلاسٹک کے کچرے کو ختم کرنے کیلئے ”شرمدان کرن مہم“ کا آغاز کیا ہے۔
***** ***** *****
گذشتہ روز بیڑ شہر میں سماجی انصاف کے وزیر سنجئے شرساٹ کی موجودگی میں آپریشن سندور کی حمایت میں ترنگا ریلی نکالی گئی۔ اس دوران سرحد پر وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو اجماعی طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مستقبل کے شہروں کی تیاری کیلئے منصوبہ بندی وقت کی ضرورت ہے؛ نیتی آیوگ کی میٹنگ میں وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ مہاراشٹر ”ترقی یافتہ بھارت 2047“ کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے مکمل طورپر تیار ہے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی یقین دہانی۔
٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ آج سے مہاراشٹر کے تین روزہ دورے پر؛ ناگپور‘ ناندیڑ اور ممبئی میں منعقدہ پروگرامس میں کریں گے شرکت۔
٭ ماحول دوست متبادل کو فروغ دینے کی خاطر چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں کپڑے کی تھیلیاں فروخت کرنے والی مشینوں کی گئی تنصیب۔
اور۔۔۔٭ موسمی بارش مانسون مقررہ اندازے سے آٹھ دن پہلے کیرل میں داخل؛ ریاست میں بھی ہر طرف بارش ہونے کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment