Monday, 2 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 02 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲؍ جون ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ناسک میں مجوزہ کمبھ میلے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کا جائزاتی اجلاس، کمبھ میلے کیلئےچار ہزار کروڑ روپئے کے ٹینڈر جاری کرنے کی اطلاع‘31 اکتوبر 2026 سے ہوگی کمبھ میلے کی شروعات۔
٭ دہشت گردی کے خلاف بھا رت کے صفر عدم برداشت کے پیغام کو عالمی سطح تک پہنچانے کیلئے مختلف ممالک میں کل جماعتی وفود کی جانب سے بھارت کے مؤقف کی وضا حت۔
٭ امباجوگائی کے سوامی ویویکانند ٹیچرس کوآپریٹیو ادارے میں بدعنوانی کا پردہ فاش، 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج۔
٭ آشاڑھی ایکادشی کیلئے سنت گجانن مہاراج کی پالکی کی آج شیگاؤں سے روانگی۔
اور۔۔۔٭ آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے خطاب کیلئے رائل چیلنجرز بنگلورو اور پنجاب کنگز کی ٹیموں میں ہوگا مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ناسک میں مجوزہ کمبھ میلے کا محفوظ، صاف ستھرے اور مقدس ماحول میں انعقاد کرنے اور میلے میں آنے والے عقیدت مندوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کل ترمبکیشور اور ناسک میں کمبھ میلے کے انعقاد سے متعلق ناسک کے 13 بڑے آکھاڑوں کے مہنتوں، سادھوسنتوں ‘ سرکردہ پجاریوں اور مذہبی اداروںکے نمائندوں کے ساتھ ایک جائزاتی اجلاس میں بات کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ سبھی کے تعا ون سے ایک عظیم الشان اور یادگار میلے کا انعقاد کرکے ایک مثال پیش کی جائےگی۔ انہوں نے بتایا کہ کمبھ میلے کے انعقاد کیلئے تمام کاموں کو انجام دینے کی غرض سے چار ہزار کروڑ روپے کے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں اور مزید دو ہزار کروڑ روپے کے ٹینڈر جاری کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ گوداوری ندی صاف اور ہمیشہ بہتی رہے، یہی کمبھ میلے کا مقصد ہے اور حکومت اس کیلئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے ناسک اور ترمبکیشور میں ہونے والے کمبھ میلے میں مقدس غسل کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا۔ جس کے تحت 31 اگست 2026 کو سنہستھ پرچم کشائی ہوگی، جبکہ پہلا امرت اسنان 2 اگست 2027 کو، دوسرا امرت اسنان 31 اگست 2027 کو اور تیسرا امرت اسنان 11 ستمبر 2027 کو ہوگا۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں پائیدار اور جامع ترقی کو فرو غ دے کر متعدد مواقع سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ پوار‘ کل پونے میں ملک کے پہلے زرعی ہیکیتھان کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ زراعت صرف خوراک فراہم کرنے کا ذریعہ نہیں ہے، بلکہ یہ ثقافت، ماحولیات اور معیشت کی بنیاد ہے اور اگر سبھی متحد ہوکر کام کریںتو ریاست کی زراعت موجودہ ڈیجیٹل دور میں دنیا کو سمت دینے والی زراعت ثابت ہوگی۔
اس تقریب میں وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کی زرعی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ان کی پیداواری لاگت کی بچت کر نے کیلئے زرعی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کرنے کیلئے اقد امات کررہی ہے۔
***** ***** *****
انتہا پسندی کے خلاف بھارت کے صفر عدم برداشت کا پیغام عالمی سطح پر پہنچانے کیلئے راشٹرواد ی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کی رکن پارلیمان سپریا سولے کی قیادت میں ایک وفد مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچا ہے۔ اسی طرح‘ بی جے پی رہنما روی شنکر پرساد کی قیادت و الا وفد فرانس، اٹلی اور ڈینمارک کا دورہ مکمل کرنے کے بعد لندن پہنچ گیا ہے۔ روی شنکر پرساد نے یقین ظاہر کیا کہ بھارت دہشت گردی کیخلاف اپنا مؤقف موثر انداز میں پیش کرے گا اور دیگر تین ممالک کی طرح ہمیں لندن میں بھی تائید حاصل ہوگی ۔ اس کے علاوہ بی جے پی رکنِ پارلیمان بیجینت پانڈا کی قیادت میں ایک وفد اس وقت الجیریا کے دورے پر ہے، جہاں اس وفدنے بھارتی برادری سے بات چیت کی، جبکہ ڈی ایم کے ‘ کی رکنِ پارلیمان کنی موزی کی قیادت میں ایک وفد اسپین کے میڈرڈ پہنچا ہے۔
***** ***** *****
ملک کے 78ویں یوم آزادی کے موقعے پر وزارتِ دفاع اور My Gov انڈیا ویب سائٹ نے مشترکہ طور پر ملک بھر میں نوجوانوں کیلئے مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا ہے۔ کل سے ان مقابلوں کا آغاز ہوگیا۔ اس کے تحت ’’آپریشن سندور۔دہشت گردی کیخلاف بھارت کی پالیسی کی نیا مؤقف‘‘ کے موضوع پر ایک مضمون نویسی مقابلہ منعقد کیا گیا ہے۔ اس مقابلے کے پہلے تین فاتحین میں سے ہر ایک کو دس ہزار روپئے کے نقد انعام دیئے جائیں گے، ساتھ ہی نئی دہلی میں منعقد ہونے والی 78ویں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کا موقع بھی ملے گا۔ یہ مقابلے سبھی کیلئے ہیں، اور شرکاء ویب سائٹ MyGov پر 30 جون تک رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کسٹم حکام نے کل ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی طیرا ن گاہ پر جنگلی جانوروں کی اسمگلنگ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا۔ حکام نے اس کے پاس موجود 52 زندہ اور ایک مردہ جنگلی جانور ضبط کرلیا۔ کسٹم حکام نے اس حوالے سے مصدقہ اطلاع ملنے پر ہو ائی اڈے پر جال بچھا کر یہ کارروائی انجام دی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے امباجوگائی میں سوامی ویویکانند ٹیچرس کوآپریٹیو کر یڈٹ سوسا ئٹی میں مزید ایک بدعنوانی کے بڑے معاملے کا انکشاف ہواہے۔ خصوصی آڈیٹر ستیش کاکا صاحب پوکڑے کی جا نب سے کیے گئے ٹرائل آڈٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سال 2000 سے 2012 تک ادارہ میں مجموعی طور پر دو کروڑ 29 لاکھ 93 ہزار 717 روپے کی بدعنوانی کی گئی تھی۔ اس سلسلے میں پندرہ افراد کےخلاف امبا جوگائی پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ دھوکہ دہی ادارے کے اس وقت کے صدر قریشی مجیب احمد عبدالرحیم کے دور میں ہوئی ہے۔
***** ***** *****
سماجی انصاف محکمے کےریاستی وزیر سنجے شرساٹ نے کہا ہے کہ محکمہ سماجی انصاف کے منصوبوں سے حقیقی معنوں میں انسا نوں کی تعمیر اور سماج کی ترقی ہو رہی ہے۔ شرساٹ کل سانگلی ضلع کے میرج میں ہاسٹل کی دو عمارتوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ شرساٹ نے کرائے کی عمارتوں میں چلنے والے ہاسٹلس کو مستقبل میں سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کیلئے کوششیں کرنے کا تیقن بھی دیا۔
***** ***** *****
آشاڑھی ایکادشی کیلئے سنت گجانن مہاراج کی پالکی آج بلڈانہ ضلعے کے شیگاؤں سے روانہ ہوگی۔ اس پالکی میں 700 وارکری شامل ہیں۔ پالکی کا یہ 56 واں سال ہونے کی مناسبت سے متعدد عقیدت مند پالکی کی تقریب میں شرکت کیلئے شیگاؤں میں موجود رہیں گے۔
***** ***** *****
تلجا بھوانی مندر کے علاقے میں غیر قا نونی طریقے سے پوجا کے سا مان فروخت کرنے والوں کے خلاف حفاظتی محکمہ نےکارروائی کرکے 21 پوجا کی تھالیاں اور پھلوں کی ایک کیریٹ ضبط کی۔ تلجا بھوانی مندر کے درشن کیلئے آنے والے عقیدت مندوں کو غیر مجاز دکانداروں کے کی جانب سے دھوکہ دہی سے بچانے کیلئے یہ کارروا ئی کی گئی۔
***** ***** *****
انڈین پریمیئر لیگ - آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کا خطابی مقابلہ کل رائل چیلنجرز بنگلورو اور پنجاب کنگز ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کل کھیلے گئے دوسرے کوالیفائر میچ میں پنجاب کی ٹیم نے ممبئی انڈینز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل مقابلے میں رسائی حاصل کی۔ ممبئی کی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 203 رنز بنائے۔ پنجاب کنگز نےاس ہدف کو پانچ وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔
***** ***** *****
بجلی تقسیم کار کمپنی مہاوترن کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر، صفر حادثات مہاوترن، صفر حادثات مہاراشٹر‘ کے تصور کے ساتھ کل سے ریاست بھر میں برقی حفاظتی ہفتے کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر کل چھترپتی سمبھاجی نگر زون میں ملازمین کیلئے ایک میراتھان کا انعقاد بھی کیا گیا۔
***** ***** *****
بدلتے موسم کی وجہ سے مانسون کا سفر تاخیر کا شکار ہوا ہے، اور ریاست میں بارش 10 جون تک کم رہے گی۔ محکمہ زراعت نے کسانوں، خاص طور پر خشک علاقوں میں رہنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کرتے ہوئے تخم ر یزی میں جلدبازی نہ کریں۔ کم از کم 10 جون تک ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا۔ اس سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، اور ودربھ میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ زراعت نے پیش گوئی کی ہے کہ اس خشک موسم میں بوائی اور کاشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں میں کونکن کے کچھ مقامات پر اور وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کچھ مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ناسک میں مجوزہ کمبھ میلے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کا جائزاتی اجلاس، کمبھ میلے کیلئےچار ہزار کروڑ روپئے کے ٹینڈر جاری کرنے کی اطلاع‘31 اکتوبر 2026 سے ہوگی کمبھ میلے کی شروعات۔
٭ دہشت گردی کے خلاف بھا رت کے صفر عدم برداشت کے پیغام کو عالمی سطح تک پہنچانے کیلئے مختلف ممالک میں کل جماعتی وفود کی جانب سے بھارت کے مؤقف کی وضا حت۔
٭ امباجوگائی کے سوامی ویویکانند ٹیچرس کوآپریٹیو ادارے میں بدعنوانی کا پردہ فاش، 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج۔
٭ آشاڑھی ایکادشی کیلئے سنت گجانن مہاراج کی پالکی کی آج شیگاؤں سے روانگی۔
اور۔۔۔٭ آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے خطاب کیلئے رائل چیلنجرز بنگلورو اور پنجاب کنگز کی ٹیموں میں ہوگا مقابلہ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment