Thursday, 5 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 05 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ جون ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر وزیرِ اعظم کی موجودگی میں دلّی میں شجرکاری مہم؛ ریاست میں بھی مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ ریاست میں جنگلاتی علاقے کا فیصد بڑھانے کیلئے ”سبز مہاراشٹر کامیاب مہاراشٹر“مہم کے تحت دس کروڑ پودے لگانے کا عہد۔
٭ مرکزی حکومت کی میک ان انڈیا اسکیم کا ریاست کو بڑا فائدہ؛ بینک آف امریکہ فلیگ شپ انڈیا کونسل میں وزیرِ اعلیٰ کی اطلاع۔
٭ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آئندہ 21 جولائی سے ہوگا شروع۔
اور۔۔۔٭ بنگلورو میں آئی پی ایل کا خطاب جیتنے والوں کے اعزاز میں منعقدہ پروگرام میں بھگدڑ مچنے سے 11 افراد کی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
آج عالمی یومِ ماحولیات منایا جارہا ہے۔ اس مناسبت سے ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر طرف عوامی بیداری پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں نئی دلّی کے بھگوان مہاویر گارڈن میں آج خصوصی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا جائے گا۔ ”ایک پیڑ ماں کے نام“ اس مہم کے تحت وہ اس موقع پر برگد کا درخت لگائیں گے۔
دریں اثناء‘ یومِ ماحولیات کے موقع پر ریاست میں بھی مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ آج صبح منترالیہ کے عہدیداران و ملازمین اپنے زیرِ استعمال پلاسٹک کی ایک چیز کو رکھ پلاسٹک استعمال نہ کرنے کا حلف لیں گے۔ ماحولیات کی وزیر پنکجا منڈے کی سربراہی میں یہ پروگرام ہوگا اور اس موقع پر کپڑوں کی تھیلیاں تقسیم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
ریاست میں جنگلاتی علاقوں کا فیصد بڑھانے کیلئے اس سال 10 کروڑ پودے لگانے کا اعلان وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کیا۔ ”سبز مہاراشٹر کامیاب مہاراشٹر“ اس مہم کے جائزاتی اجلاس سے وہ کل مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ شجرکاری اگر عوامی تحریک ہوگی تو ہی اس مہم کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے۔ اس کیلئے تمام افراد سے متحدہ طور پرکام کرنے کی اپیل انھوں نے کی۔
مراٹھواڑہ میں خصوصی طور پر بیڑ اور لاتور جیسے اضلاع میں سب سے کم درخت ہیں اور وہاں درختوں کی تعداد بڑھانے کیلئے وزیرِ اعلیٰ نے محکمہئ جنگلات کے افسران کو خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگرکے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے شہریوں کو یومِ ماحولیات کی مبارک باد دی ہے اور ماحول کے تحفظ کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے روبہ عمل لائی جارہی اسکیموں کی اطلاع دی۔
***** ***** *****
لاتور کی ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے کہا کہ انھوں نے لاتور ضلعے میں شجرکاری مہم عمل میں لائی جارہی ہے۔ انھوں نے ضلع کے شہریوں اور رضاکار تنظیموں سے اس میں شریک ہوکر اس مہم کو عوامی تحریک بنانے کی اپیل کی ہے۔ وہ عالمی یومِ ماحولیات سے قبل منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہی تھیں۔
دریں اثناء‘ لاتور شہر میونسپل کارپوریشن اور مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ کے ذیلی علاقائی دفتر کی جانب سے یومِ ماحولیات کے موقع پر پلاسٹک کی آلودگی کو تلف کرنے اور کپڑے کی تھیلی کے استعمال سے متعلق عوامی ریلی نکالی گئی۔ پھل اور سبزی فروشوں کے پاس آنے والے شہریوں کو پلاسٹک کی تھیلی نہ استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دو سو افراد کو اس موقعے پر کپڑے کی تھیلیاں تقسیم کی گئیں۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آئندہ 21 جولائی سے شروع ہوگا۔ مرکزی کابینہ کی پارلیمانی اُمور کمیٹی کا اجلاس کل وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کی صدارت میں نئی دہلی میں منعقد ہوا۔ اسکے بعد پارلیمانی اُمور کے وزیر کیرین رِجیجو نے نامہ نگاروں کو یہ اطلاع فراہم کی۔ یہ اجلاس آئندہ 12 تک چلے گا۔
***** ***** *****
گذشتہ گیارہ برسوں میں خدمت‘ بہترین حکمرانی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے اصولوں کے ذریعے ملک کے شہریوں کے معیارِ زندگی میں خاطرخواہ تبدیلی آئی ہے۔ آکاشوانی سامعین کیلئے آج سے گذشتہ گیارہ برسوں کے دوران بڑے شعبوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ پیش کررہا ہے۔ آج ہم فروغ ہنر مندی‘ روزگار پیداکرنے اور نوجوان نسل کو بااختیار بنانے سے متعلق معلومات پیش کریں گے:
Voice Cast
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم کے قریب ہوئی بھگدڑ میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 33 افراد زخمی ہوگئے۔ راہل چیلنجرس بنگلورو کے پہلے IPL خطاب کا جشن منانے کیلئے جمع ہوئے ہزاروں مداحوں نے مختلف دروازوں سے جلد بازی میں اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔ کرناٹک کے وزیرِاعلیٰ سدارامیا نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ہلاک شدگان کے افرادِ خاندان کو فی کس دس لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اطلاع دی کہ اسٹیڈیم کی حد 35 ہزار تھی لیکن تقریباً ایک لاکھ افراد جمع ہوگئے تھے۔
***** ***** *****
کل سے حج کے مناسک کی ادائیگی کا عمل مکہ مکرمہ میں شروع ہوچکا ہے۔ کل حجاج نے وادیِ منیٰ میں قیام کیا۔ آج حج کا سب سے اہم رُکن وقوفِ عرفہ یعنی عرفات میں قیام ادا کیا جائیگا۔ حجاج آج منیٰ سے عرفات کی جانب روانہ ہورہے ہیں۔ وہ میدانِ عرفات میں زوالِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک قیام کریں گے۔ جس کے بعد وہ مزدلفہ کی جانب روانہ ہوں گے، جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نماز ادا کریں گے اور رات بھر قیام کریں گے۔
***** ***** *****
ناگپور- ممبئی سمردھی ہائی واے کے اِگت پوری تا آمنے اس آخری مرحلے کا افتتاح آج وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں ہوگا۔ اس موقع پر نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار موجود رہیں گے۔ سائن- پنویل ہائی وے کے تھانے کھاڑی پل کا افتتاح بھی اس موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوگا۔
***** ***** *****
قدرتی آفات کی وجہ سے ہوئے گھروں کے نقصان کی درستی اور دوبارہ تعمیر کرنے اور متاثرین کی فوری مدد کرنے کیلئے تمام ڈویژنل کمشنروں کو 49 کروڑ روپئے امداد تقسیم کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔ اس مناسبت سے حکومتی فیصلہ کل جاری کیا گیا۔ اس فیصلے سے ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ کے معیار کے مطابق چھترپتی سمبھاجی نگر اور پونے ڈویژن کو فی کس گیارہ کروڑ روپئے‘ ناگپور ڈویژن کو دس کروڑ‘ جبکہ ناسک اور امراوتی ڈویژن کو فی کس پانچ کروڑ روپئے امداد تقسیم کو منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
آئندہ 21جون کو گیارہواں بین الاقوامی یوگا دِن منایا جائے گا۔ یوگ دن کیلئے 16دن باقی بچے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر کالوانے نے شہریوں کے یوگ کے فائدے بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے کئی ذہنی و جسمانی اسی طرح پیٹ اور خواتین میں حیض کی بے قاعدگیوں میں فائدہ ہوتا ہے۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ زرعی سنکلپ مہم کے تحت ناندیڑ ضلع میں کل سائنسدانوں اور زرعی ماہرین نے کئی کا دورہ کرکے کسانوں کو نامیاتی کھیتی‘ زمین کی صحت، قدرتی کھاد کا استعمال اور آب و ہوا کے موافق زرعی ٹیکنالوجی کی معلومات دی۔ دیگلور تعلقے کے کوشا واڑی‘ ہوٹل‘ کاٹھے واڑی اور دھرم آباد تعلقے کے پاٹودہ خورد‘ پاٹودہ بدرک اور چکنا گاؤں میں یہ مہم عمل میں لائی گئی۔ کھیت میں نامیاتی اشیاء کی مؤثر عمل آوری سے پیداوار بڑھتی ہے اور یہ مٹی کی زرخیزی اور پانی کی برقراری کو بہتر بناتی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی نے 13 دن کے اندر ڈگری امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ یونیورسٹی نے پہلی بار اس سال جوابی پرچوں کی جانچ کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ اس میں تقریباً ساڑھے آٹھ لاکھ جوابی پرچوں کی اسکریننگ کی گئی اور چار اضلاع کے 76 جانچ مراکز کو آن لائن بھیجی گئیں۔
***** ***** *****
بلڈھانہ ضلعے کے چکھلی -مہکر کے درمیان ایک تیز رفتار ٹرک سے پیش آنے والے حادثے میں تین افراد کی موت ہو گئی۔ تیز رفتار ٹرک نے ایک چار پہیہ گاڑی کو ٹکر مار دی‘ جبکہ حادثے کا شکار چار پہیہ گاڑی دوسری دوپہیہ گاڑی سے ٹکراگئی۔ اس حادثے کے مہلوکین میں دو پہیہ گاڑی کے دو سواروں کے علاوہ چار پہیہ گاڑی کا ایک سوار شامل ہے۔ چکھلی کے اسپتال میں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر وزیرِ اعظم کی موجودگی میں دلّی میں شجرکاری مہم؛ ریاست میں بھی مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ ریاست میں جنگلاتی علاقے کا فیصد بڑھانے کیلئے سبز مہاراشٹر کامیاب مہاراشٹر مہم کے تحت دس کروڑ پودے لگانے کا عہد۔
٭ مرکزی حکومت کی میک ان انڈیا اسکیم کا ریاست کو بڑا فائدہ؛ بینک آف امریکہ فلیگ شپ انڈیا کونسل میں وزیرِ اعلیٰ کی اطلاع۔
٭ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آئندہ 21 جولائی سے ہوگا شروع۔
اور۔۔۔٭ بنگلورو میں آئی پی ایل کا خطاب جیتنے والوں کے اعزاز میں منعقدہ پروگرام میں بھگدڑ مچنے سے 11 افراد کی موت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment