Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 08 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/ جون ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مقامی سطح پر پانی کے تحفظ اور ندیوں کو جوڑنے کے پروجیکٹس کے ذریعے ریاست کے پانی کے مسئلے کو کامیابی سے حل کیاجائے گا: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ خیال۔
٭ کسی بھی تعلیمی سرٹیفکیٹ کیلئے اسٹیمپ پیپر کا مطالبہ نہ کیا جائے: محصول کے وزیرچندر شیکھر باون کُڑے کی ہدایت۔
٭ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے دعوے ہیں بے بنیاد: انتخابی کمیشن کی وضاحت۔
٭ عیدالضحیٰ ملک بھر میں منائی گئی روایتی جوش و خروش کے ساتھ۔
اور۔۔۔٭ محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو سے تین دنوں کے دوران مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش کی دی وارننگ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ مقامی سطح پر پانی کے تحفظ اور ندیوں کو جوڑنے کے پروجیکٹس کے ذریعے ریاست کے پانی کے مسئلے کو کامیابی سے حل کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ کل ناگپور میں راشٹرسنت ٹکڑوجی مہاراج یونیورسٹی کے قومی خدمات اسکیم شعبے اور عوامی فلاحی کمیٹی کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کیے گئے سہ روزہ ودربھ واٹر کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر بول رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ مغربی چینلز کے دریاؤں سے سمندر میں بہنے والے پانی میں سے 54 ٹی ایم سی پانی گوداوری ندی میں لانے‘ نل گنگا- وین گنگا ندیوں کو جوڑنے کے منصوبے کے ذریعے ودربھ کے آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں لانے اور تاپی ندی کا 35 ٹی ایم سی پانی جو گجرات کے راستے بہہ کر سمندر میں چلا جاتا ہے‘ اسے وہیں روکنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پھڑنویس نے کہا کہ ان پروجیکٹس کے ذریعے مستقبل کا مہاراشٹر خشک سالی کے چیلنج کو کامیابی سے شکست دینے والی ریاست کے طور پر جانا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے کہا ہے کہ سرکاری دفاتر کے ای- خدمات مراکز کی جانب سے مختلف تعلیمی سرٹیفکیٹس اور عدالت میں حلف ناموں کیلئے 100 یا 500 روپؤں کے اسٹیمپ پیپر کا مطالبہ غیر قانونی ہے۔ وزیرِ موصوف نے تمام ڈویژنل کمشنرس‘ ضلع کلکٹرس‘ سب ڈویژنل افسران اور تحصیلداروں کو ایک مکتوب بھیجا ہے‘جس میں کہا گیا ہے کہ اب سے اس طرح کے اسٹیمپ پیپرز کا مطالبہ نہ کیا جائے۔ باون کُڑے نے وضاحت کی کہ سادے کاغذ پر خود کی جانب سے تصدیق کیے گئے حلف ناموں کا جمع کراناکافی ہوگا۔
***** ***** *****
گذشتہ 11 برسوں میں خدمت‘ بہترین حکمرانی اور غریبوں کی ترقی کے اُصولوں کے ذریعے ملک کے شہریوں کے معیارِ زندگی میں زبردست تبدیلی آئی ہے۔ آکاشوانی آپ کیلئے گذشتہ 11 برسوں کے دوران اہم شعبہ جات میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ پیش کررہا ہے۔ آئے آج ان معاشی اصلاحات کے بارے میں جانیں جن کے ذریعے متوسط طبقے کو بااختیار بنایا گیا ہے۔ پیش ہے اس سلسلے میں یہ رپورٹ:
Voice Cast
***** ***** *****
انتخابی کمیشن نے کہا ہے کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کو لیکر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ کمیشن نے یہ بھی کہا کہ ریاست کی ووٹرس لسٹ سے متعلق ان کے الزامات قانون کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہ ردّ عمل راہل گاندھی کے ریاست میں انتخابات کے نتائج سے متعلق لکھے گئے مضمون پر دی جو مختلف اخبارات میں شائع ہوا تھا۔ کمیشن نے کہا کہ راہل گاندھی کی جانب سے انتخابات میں متوقع ووٹ نہ ملنے کے بعد انتخابی کمیشن پر جانبداری کا الزام لگانا مضحکہ خیز ہے۔ کمیشن نے کانگریس کی طرف سے لگائے گئے الزامات کا جواب گذشتہ 24 دسمبر کو ہی تمام حقائق کے ساتھ دیا ہے اور یہ جواب کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
عیدالضحیٰ یعنی بقرعید کا تہوار کل ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مسلم بھائیوں نے عیدگاہوں اور مسجدوں میں جاکر عید کی نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے چھاؤنی علاقے میں واقع عیدگاہ میں ہزاروں مسلمانوں نے عید کی نماز ادا کی۔ بیڑ شہر میں بھی 27مقامات پر یہ نماز ادا کی گئی۔ جالنہ شہر میں بھی مسلم سماج کے افراد نے قدیم جالنہ عیدگاہ گراؤنڈ میں اجتماعی طور پر عید کی نماز ادا کی۔
***** ***** *****
حج 2025کے دوران کل مکہ مکرمہ میں حاجیوں نے ایامِ تشریق کے دوران تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں اور منیٰ کی وادی میں قیام کیا۔ تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کا یہ عمل آج بھی دوہرایا جائے گا۔ جس کے بعد حاجی طوافِ زیارت کریں گے اور اپنا حج مکمل کریں گے۔ کل سے چند ممالک کے حاجیوں کا اپنے ملک واپسی کا سفر شروع ہوسکتا ہے۔
***** ***** *****
مچھلیوں کی افزائش کے ریاستی وزیر نتیش رانے نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت میٹھے پانی کی ماہی گیری پر ایک مختلف پالیسی وضع کرنے پر غور کررہی ہے۔ وزیرِ موصوف کل دھاراشیو میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ دھاراشیو ضلع میں اگر ماہی گیری کی صنعت اور اس سے متعلق معاملات پر عمل آوری میں شفافیت نہیں ہے تو جھیل کے ٹھیکے دینے کے عمل کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
آئندہ 21 جون کو گیارہواں بین الاقوامی یوگا دن منایا جائے گا۔ یوگا دِن منانے کیلئے اب صرف 13 ایام باقی رہ گئے ہیں۔ یوگا کی تربیت دینے والے اُستادڈاکٹر شیلیش ماکنیکر نے آج تاڑاسن سے متعلق معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ منکوں کی تکلیف دور کرنے اور نسوں میں خون دوران کرنے کیلئے یہ آسن کافی مدد کرتا ہے۔
***** ***** *****
لاتور میں وسندھرا فاؤنڈیشن کی جانب سے کیلوں سے پاک درخت مہم چلائی جارہی ہے۔ اسکے تحت فاؤنڈیشن کے کارکنان‘ تاجروں کی جانب سے درختوں پر کیلوں سے لگائے گئے بورڈس کو ہٹادیا۔ فاؤنڈیشن نے تاجروں سے درختوں پر کیل نہ ٹھونکنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدھوباڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے کل جالنہ میں ریاست کی مہایوتی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ بدناپور تعلقے کے بازار گیورائی علاقے میں حزبِ اختلاف کے رہنماء امباداس دانوے کی موجودگی میں منعقد کیے گئے اس احتجاج میں حکومت سے اپنے وعدے پورے نہ کرنے پر جواب طلب کیا گیا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی پربھنی کے ضلع صدر اور رکنِ اسمبلی راجیش وِٹیکر نے کہا ہے کہ مہایوتی ریاست میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات ایک ساتھ لڑے گی، لیکن ضرورت محسوس کی گئی تو پارٹی خود بھی اکیلے انتخابات لڑنے کیلئے تیار ہے۔ وِٹیکر نے کل پربھنی میں پارٹی کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وہیں لاتور ضلع میں بی جے پی کے دیہی ضلع صدر بسوراج پاٹل مرمکر اور بی جے پی شہر صدر اجیت پاٹل کاویکر نے بھی بلدیاتی انتخابات کے پس منظر میں کل ضلع عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت اور ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے ضلع میں غنڈہ گردی اور جرائم پر قابو پانے کیلئے جرأت مندانہ کارروائیاں شروع کی ہیں۔ ایم پی ڈی اے ایکٹ کے تحت ہاتھ سے بنی شراب کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ایک شخص کو فوری طور پر حراست میں لیکر چھترپتی سمبھاجی نگر کی ہرسول جیل بھیج دیا گیا۔ جبکہ چوری کے دوسرے معاملے میں ملوث سرائے کے مالک بھگوان بھوسلے کو کل گیورائی علاقے میں پولس کی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال:
آئندہ دو سے تین دنوں کے دوران ریاست کے کئی حصوں میں تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کی چمک اور بادلوں کی گرج کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہئ موسمیات نے یہ پیش گوئی کی ہے۔محکمے نے امکان ظاہر کیا کہ وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے،جبکہ کوکن میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مقامی سطح پر پانی کے تحفظ اور ندیوں کو جوڑنے کے پروجیکٹس کے ذریعے ریاست کے پانی کے مسئلے کو کامیابی سے حل کیاجائے گا: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ خیال۔
٭ کسی بھی تعلیمی سرٹیفکیٹ کیلئے اسٹیمپ پیپر کا مطالبہ نہ کیا جائے: محصول کے وزیرچندر شیکھر باون کُڑے کی ہدایت۔
٭ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے دعوے ہیں بے بنیاد: انتخابی کمیشن کی وضاحت۔
٭ عیدالضحیٰ ملک بھر میں منائی گئی روایتی جوش و خروش کے ساتھ۔
اور۔۔۔٭ محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو سے تین دنوں کے دوران مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش کی دی وارننگ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment