Monday, 9 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 09 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 09 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۹؍ جون ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج بھارت گورو سیاحتی ٹرین کو وزیرِ اعلیٰ نے دکھائی ہری جھنڈی۔
٭ ریاست کے تمام بجلی صارفین کو مرحلہ وار شمسی توانائی کے استعمال پر لانے کی وزیر اعلیٰ کی اطلاع۔
٭ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے متعلق معلومات کے حصول کیلئے راہل گاندھی سے براہ راست انتخابی کمیشن سے رابطہ کرنے کی الیکشن کمیشن کی اپیل۔
٭ 99 واں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمیلن ستار ا میں، مہاراشٹر ساہتیہ پریشد کی شاہوپوری شاخ کو سمّیلن کے انعقاد کا اعزاز۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے متعدد حصوں میں آئندہ دو تا تین دن زورداربارش کی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
چھترپتی شیواجی مہاراج کی شاندار تاریخ اور فخریہ ورثے کا نمونہ پیش کرنے والی ’’چھترپتی شیواجی مہاراج بھارت گورو سیاحتی ٹرین‘‘ کے پانچ دنوں کے سفر کا آج سے آغاز ہوگیاہے۔ وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس پر ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ ٹرین آئی آر سی ٹی سی، وزارت ریلوے اور ریاستی حکومت کے اشتر اک سے چلائی جارہی ہے۔ اس پانچ دن کے سفر کے دوران یہ ٹرین رائے گڑھ، شیو نیری، پرتاپ گڑھ، پَنہاڑا، لال محل، کسبا گنپتی اور شیوسُرشٹی جیسے مقامات پر پہنچے گی۔ اس ریلوے گاڑی میں 720 مسافر سفر کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مسافروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس خصوصی ٹرین کی شرو عات پر وزیر اعظم اور وزیر ریلوے کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
پردھان منتری سوریہ گھر یوجنا کے تحت ریاست میں ایک علیحدہ اسکیم تیار کی جائے گی۔ وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ اس اسکیم کے ذریعے 100 یونٹ تک کے بجلی صارفین کو شمسی توانائی پر لانے کا ہدف ہے ‘ جبکہ دوسرے مرحلے میں 300 یونٹ تک والے صارفین کو اس میں شامل کیا جائے گا۔ گزشتہ روز پونے میں مہااُورجا دفتر کے افتتاح کے بعد وزیرِ اعلیٰ میڈیا سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ تین سو یونٹ تک کسی بھی بجلی صارف کو بجلی کا بل ہی نہ آئے یہی حکومت کا ہدف ہے۔
دریں اثنا، اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نےدسمبر 2025 تک ریاست کے تمام سرکاری دفاتر میں شمسی توانائی کا استعمال شروع کر دیئے جانے کی اطلاع بھی دی۔
***** ***** *****
انتخابی کمیشن نے 24 دسمبر 2024 کو کانگریس پارٹی کو ایک تفصیلی جواب ارسال کیا ہے، جس میں کمیشن نے کانگریس پارٹی کے تمام سوالات پر تفصیلی وضاحت دی ہے۔ اس باضابطہ خط و کتابت کے بعد بھی کانگریس قائد راہل گاندھی کی جانب سے ذرائع ابلاغ کے ذریعے ایک بار پھر شکوک و شبہات اور الزامات عائد کیے جانے پرکمیشن نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ کمیشن نے کہا ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت یا کوئی سیاسی رہنما کمیشن سے براہِ راست تحریری رابطہ کرتا ہے تو ہم ضرور جواب دیتے ہیں اور دیتے رہے ہیں۔ کمیشن نے راہل گاندھی سے میڈیا میں سوال اٹھانے کے بجائے براہِ راست خط و کتابت کے ذریعے رابطہ کرنے کی اپیل بھی کی۔
دریں اثنا، اس معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیو یندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ راہل گاندھی کے تحریری سو ال کا جواب تحریر ی طور پر دیا گیا ہے، لہٰذا کم از کم اب راہل گاندھی کو اس طرح کے بیانات دینا بند کردیناچاہیے۔
***** ***** *****
گزشتہ 11 سالوں میں خدمات، حسنِ انتظام اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے اصولوں کے ذریعے ملک کے شہریوں کا معیار زندگی یکسر تبدیل ہوا ہے۔ آکاشوانی اپنےسامعین کیلئے گذشتہ 11 سالوں میں بڑے شعبوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ پیش کررہا ہے۔ آج کے خبرنامے میں شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی سے متعلق تفصیلات پیش کی جارہی ہیں:
Voice Cast
گذشتہ دہائی میں ملک کی شمال مشرقی ریاستیں علیحدگی سے اتحاد کی طرف بڑھی ہیں۔ ایکٹ ایسٹ پالیسی اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں شمال مشرقی ریاستو ں کی محر ومی سے ترجیحات کی طرف پیش قدمی ہوئی ہے۔ امن معاہدوں سے خطے میں امن قائم ہورہا ہےاور تشدد میں کمی آرہی ہے۔ اسی طرح حکومت کی کوششوں نے ان خطوں میں AFSPA میں نرمی کا راستہ بھی ہموار کیا ہے۔ آسام اور اروناچل پردیش نے حال ہی میں دہائیوں پرانے سرحدی تنازع کو حل کرنے کیلئے ایک مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ان ریاستوں کو ترجیحات دینے کے سبب حمل و نقل کے انتظامات میں بے مثال بہتری آئی ہے۔ دس نئی گرین فیلڈ طیران گاہیں، میزورم جیسی ریاستوں میں نئی ریلوے کنیکٹیویٹی اور برہم پتر ندی پر رو-رو پھیری خدمات نے نقل و حرکت میں اضافہ کیا ہے۔ بوگی بِیل پل جیسے بڑے منصوبوں نے ایک وقت کے دور دراز علاقوں کو قریب کردیا ہے۔
PM-DevINE اور Unnati-2024 جیسی اسکیمیں نئی اقتصادی صلاحیتیں اور گنجائشیں پیدا کر رہی ہیں۔ بنیادی ڈھانچے اور پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئےایک کر وڑ 35 کروڑ لاکھ روپے سے زیادہ کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ برقی ترقی میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے اور شمال مشرقی ریاستیں15ہزار میگاواٹ صاف توانائی کے استعمال کی جانب گامزن ہیں۔ آج، شمال مشرقی ریاستیں صرف سرحدی علاقے نہیں ہیں، بلکہ ملک کی ترقی کا اہم انجن ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
99واں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن ستارا میں منعقد ہوگا۔ ساہتیہ سمّلین کے انعقاد کا اعزاز ستارا کے مہاراشٹر ساہتیہ پریشد کی شاہوپوری شاخ اور مائوڑا فاؤنڈیشن کو مل رہا ہے۔ ساہتیہ مہامنڈل کے صدر پروفیسر ملند جوشی نے بتایا کہ یہ فیصلہ کل پونے میں منعقدہ کل ہند مراٹھی ساہتیہ مہامنڈل کی میٹنگ میں متفقہ طور پر لیا گیا۔ ستارا میں منعقد ہونے والا یہ چوتھا ساہتیہ سمّیلن ہے۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ زرعی سنکلپ مہم کے تحت دھاراشیو ضلعے کے 50 دیہاتوں میں مختلف مفید سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں۔ تلجا پور کے زرعی سائنسی مرکز، ضلع زرعی سپرنٹنڈنگ آفیسر دفتر اور محکمہ زراعت دفتر میں مختلف تربیتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے11 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے پربھنی میں بی جے پی کی جانب سے کل ’’سنکلپ سے سدھی تک‘‘ کے نام سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں پارٹی کارکنان کو ’’ترقی یافتہ بھارت - دو رِ اقتدار میں عو امی خدمات، اور غریبوں کی فلاح‘‘ کے موضوعات پر رہنمائی کی گئی۔ پربھنی میں پارٹی سربراہ شیواجی بھروسے نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں کے فائدے لوگوں تک پہنچانے کیلئے تشہیر اور رابطۂ عامہ کو مضبوط بنانے کے مقصد سے یہ منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
_گیارہویں بین الاقوامی یوگا دن میںاب صرف 12 دن باقی رہ گئے ہیں۔ یوگا کے تربیت کار اُمیش دَرَک نے ڈنڈاستھی کے سہ رُخی آسن کے بارے میں بتا یا کہ کاندھے اور کمر درد میں اس آسن سے افاقہ ہوتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ آسن کمر اور کندھوں کے درد میں مبتلا مریضوں کیلئے مفید ثابت ہوتا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے اونڈھا ناگناتھ شاہراہ پر وائی پھاٹے کے قریب ایک کار اور دو پہیہ گاڑی کے حادثے میں دو مزدوروں کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ یہ حادثہ گذشتہ رات ساڑھے نو بجے کے قریب پیش آیا۔ متوفی‘ مزدور دو پہیہ گاڑی سے بسمت جا رہے تھے ‘ اسی اثنا اونڈھا ناگناتھ کی جانب سے آنے والی کار نے انہیں ٹکر مار دینے کے سبب یہ حادثہ رونما ہوا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعےکے لوہارا میں کل دوپہر اولہ باری کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔
اسی اثنا، محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی حصوں میں آئندہ دو تین دنوں تک تیز ہواؤں اور بجلی کی گرج و چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ کوکن میں ہلکی تا درمیانی بارش ہونے کا اند ازہ ظاہر کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو، لاتور، ناندیڑ اور بیڑ اضلاع کیلئے آئندہ تین دنوں کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اسپین کے کارلوس الکاراز نے مسلسل دوسری بار خطاب جیت لیا ہے۔ انہوں نے اٹلی کے جینِک سننیر کو پانچ سیٹوں میں شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ الکاراز نے پانچ گرینڈ سلیم جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج بھارت گورو سیاحتی ٹرین کو وزیرِ اعلیٰ نے دکھائی ہری جھنڈی۔
٭ ریاست کے تمام بجلی صارفین کو مرحلہ وار شمسی توانائی کے استعمال پر لانے کی وزیر اعلیٰ کی اطلاع۔
٭ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے متعلق معلومات کے حصول کیلئے راہل گاندھی سے براہ راست انتخابی کمیشن سے رابطہ کرنے کی الیکشن کمیشن کی اپیل۔
٭ 99 واں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمیلن ستار ا میں، مہاراشٹر ساہتیہ پریشد کی شاہوپوری شاخ کو سمّیلن کے انعقاد کا اعزاز۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے متعدد حصوں میں آئندہ دو تا تین دن زورداربارش کی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment