Sunday, 22 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 22 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/ جون ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گذشتہ دہائی کے دوران یوگا دنیا بھر کے کروڑوں افراد کا طرزِ زندگی بن گیا ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ گیارہواں عالمی یوگا دن منایا گیا جوش و خروش کے ساتھ۔
٭ وزیرِ اعلیٰ سمیت وارکریوں نے کی پونے میں وارکری بھکتی یوگ پروگرام میں شرکت۔
٭ مقامی بلدیاتی اداروں میں ”ماجھی وسندھرا“ مہم کے چھٹے مرحلے کو نافذ کرنے کا فیصلہ۔
٭ آشا بھوسلے ریڈیو ایوارڈ‘ تخلیقی ثقافتی ریڈیو فیسٹیول میں پیش کیا گیا؛ پنڈت وشوناتھ اوک کو اعزاز سے نوازا گیا۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کرکٹ میچ کی پہلی اننگ میں 262 رنوں کی برتری حاصل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ گذشتہ دہائی کے دوران یوگا دنیا بھر کے کروڑوں افراد کا طرزِ زندگی بن گیا ہے۔ گیارہویں عالمی یوگا دن کی مرکزی تقریب کل آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے سماجی ہم آہنگی کے معاملے میں بھارت کے کردار کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یوگا کی مشقیں دنیا میں موجود کشیدگی کے درمیان ہمیں امن کا راستہ دکھاتی ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: PM Narendra Modi
گورنر سی پی رادھا کرشنن نے ممبئی کے راج بھون میں منعقدہ یوگاسن پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ وہ تمام یونیورسٹیز میں یوگا کی مشقیں شروع کرنے سے متعلق وائس چانسلرز سے بات کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ اعلیٰ و تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل سمیت شہریوں اور وارکریوں کی ایک بڑی تعداد نے کل پونے میں ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی وارکری بھکتی یوگ کے پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ یوگا ہماری طرزِ زندگی کا حصہ ہے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اسے دنیا بھر میں پہنچانے کا کام کیا ہے۔
ثقافتی اُمور کی ریاستی وزارت نے مہاراشٹر سمیت ملک بھر میں 100 سیاحتی مقامات اور 50 ثقافتی مقامات پر یوگاسن کے مظاہرے پیش کیے۔
اسی بیچ مراٹھواڑہ کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس میں منعقد کیے گئے یوگا کے پروگرامس میں شہریان نے بڑی تعداد میں یوگا کی مشق میں حصہ لیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کی تاریخی یادگار بی بی کا مقبرہ کے صحن میں یوگا کی مشقیں کی گئیں۔ اس میں سابق مرکزی وزیر اور رکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ سمیت شہریان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہر کے کئی مقامات پر منعقد کیے گئے یوگا کیمپس میں شہریان نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اسی طرح جالنہ کے ضلع کھیل کامپلیکس میں یوگا کی مشقوں کا مظاہرہ کیا گیا۔یوگا ٹرینر منوج لونکر‘ سنیتا موٹالے‘ گیانیشور ٹھومبرے نے حاضرین سے پرنایم اور یوگا کے دیگر آسن کروائے۔ وہیں بیڑ کے ضلع کھیل کامپلیکس میں بھی یوگا کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے شہریان سے اپیل کی کہ وہ مصروف زندگی میں تناؤ سے پاک رہنے اور جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کیلئے روزانہ یوگا کریں۔ اسی طرح ناندیڑ کے بھکتی لان میں منعقد کیے گئے یوگا کیمپ میں ریاستی وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر اور رکنِ اسمبلی بالاجی کلیانکر سمیت سیکڑوں شہریان شریک ہوئے۔
ناندیڑ پولس کے تربیتی میدان پر بھی ضلع انتظامیہ کی جانب سے یوگا کیمپ رکھا گیا۔ وہیں لاتور کے ضلع کھیل کامپلیکس میں رکھے گئے یوگا کیمپ میں پانچ ہزار سے زائد شہریان نے شرکت کی۔ اس موقع پر رکنِ اسمبلی وکرم کالے سمیت دیگر معززین نے بھی یوگاسن میں حصہ لیا۔ پربھنی کے اندرا گاندھی کھیل کامپلیکس میں یوگا کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریان نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ اسی طرح ضلع کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں یوگا کیمپ رکھا گیا۔ گیارہواں عالمی یوگا دن تمام تعلیمی اور بلدیاتی اداروں میں مختلف تنظیموں کی جانب سے یوگا کیمپس کے انعقاد کے ذریعے منایا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
”ماجھی وسندھرا“ مہم کا چھٹا مرحلہ ریاست کے بلدیاتی اداروں میں نافذ کیا جائے گا۔ ماحولیات کی ریاستی وزیر پنکجا منڈے نے یہ اعلان کیا۔ اس مہم کے تحت اندراج کیے گئے 28 ہزار 317 بلدیاتی اداروں میں جن میں 422 شہری بلدیاتی ادارے اور 27ہزار 895 گرام پنچایتیں شامل ہیں یہ مہم 31 مارچ 2026 تک چلائی جائے گی۔
***** ***** *****
اسرائیل- ایران جنگ میں مداخلت کرتے ہوئے امریکہ نے ایران کے تین جوہری مقامات پر حملہ کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اس کی اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ حملے کے بعد تمام طیارے بحفاظت واپس آگئے۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے اس بارے میں عوام سے خطاب کیا ہے۔
***** ***** *****
ثقافتی اُمور کے محکمے کی جانب سے کل ممبئی میں عالمی یومِ موسیقی کے موقع پر پہلے تخلیقی اور تہذیبی ریڈیو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ ریڈیو انٹرویو لینے والے پانچ صحافیوں نے ممبئی کے یشونت راؤ چوہان فاؤنڈیشن آڈیٹوریم میں منعقدہ فیسٹیول میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا انٹرویو لیا۔ اس موقع پر مشہور گلوکارہ آشا بھوسلے نے ”آشا ریڈیو گورو پرسکار“ اور مہاراشٹر بھوشن آشا بھوسلے ایوارڈ پیش کیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سینئر موسیقار پنڈت وشوناتھ اوک کو آشا بھوسلے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ثقافتی اُمور کے ریاستی وزیر آشیش شیلار اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔ حاضرین کے ساتھ بات کرتے ہوئے آشا بھوسے نے نئی نسل کو قدیم موسیقی سننے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انھوں نے آکاشوانی کی سگنیچر ٹیون گائی اور اپنے کیریئر میں آکاشوانی کی طرف سے کیے گئے تعاون کیلئے شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے آشاڑھی واری تہوار کیلئے 10پالکھیوں سمیت کُل 1400 دنڈیوں کو 20ہزار روپئے فی دِنڈی کے حساب سے کُل دو کروڑ 80 لاکھ روپئے گرانٹ تقسیم کرنے کو منظوری دی ہے۔ اس حوالے سے حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے۔ سماجی انصاف اور خصوصی معاونت کے محکمے نے تصدیق کی ہے کہ فنڈس کی اس تقسیم سے کسی طبقے کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوئی ہے۔
***** ***** *****
شیگاؤں سے روانہ ہونے والی سنت گجانن مہاراج پالکھی کل دوپہر کے قریب پرلی سے امبا جوگائی پہنچی۔ یہ پالکھی آج لوکھنڈی ساور گاؤں کے راستے پنڈھر پور کیلئے روانہ ہوئی۔ سنت نامدیو مہاراج کی پالکھی کل پربھنی ضلع میں داخل ہوئی۔ نرسی سے روانہ ہونے والی پالکھی کا ناندگاؤں اور تری دھارا میں استقبال کیا گیا۔ عقیدت مندوں نے پالکھی کے راستے کو مختلف مقامات پر رنگولیوں اور پھولوں سے سجایا۔ پالکھی آج صبح گنگاکھیڑ کیلئے روانہ ہوئی۔
***** ***** *****
ہیڈنگلے میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کرکٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھارت کو 262 رنوں کی برتری حاصل ہے۔ کل جب دوسرے دن کا کھیل روکا گیا تو میزبان انگلینڈ کی ٹیم کا اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز تھا۔ اس سے قبل بھارت نے اپنی پہلی اننگ میں 471 رنز بنائے۔ کپتان شبھمن گِل نے 147 اور نائب کپتان رشبھ پنت نے 134 رنز بنائے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اُمید ظاہر کی ہے کہ پہلوان اولمپک مقابلوں میں ریاست کو دوبارہ سرِفہرست مقام پر پہنچائیں گے۔ وزیرِاعلیٰ کے ہاتھوں کل ناگپور میں وزیرِاعلیٰ قومی کشتی چمپئن شپ کپ مقابلوں کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر انھوں نے یہ اُمید ظاہر کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے یقین دلایا کہ پہلوانوں کو ضروری مدد فراہم کی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاست میں کوکن‘ ودربھ اور مراٹھواڑہ کے چند علاقوں میں بارش کا زور ابھی بھی قائم ہے۔ اسی بیچ محکمہئ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے چار اضلاع چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ، لاتور اور بیڑ کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گذشتہ دہائی کے دوران یوگا دنیا بھر کے کروڑوں افراد کا طرزِ زندگی بن گیا ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ گیارہواں عالمی یوگا دن منایا گیا جوش و خروش کے ساتھ۔
٭ وزیرِ اعلیٰ سمیت وارکریوں نے کی پونے میں وارکری بھکتی یوگ پروگرام میں شرکت۔
٭ مقامی بلدیاتی اداروں میں ”ماجھی وسندھرا“ مہم کے چھٹے مرحلے کو نافذ کرنے کا فیصلہ۔
٭ آشا بھوسلے ریڈیو ایوارڈ‘ تخلیقی ثقافتی ریڈیو فیسٹیول میں پیش کیا گیا؛ پنڈت وشوناتھ اوک کو اعزاز سے نوازا گیا۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کرکٹ میچ کی پہلی اننگ میں 262 رنوں کی برتری حاصل۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment