Wednesday, 2 July 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 جولائی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 02 July-2025

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں 

تاریخ:  ۲/ جولائی  ۵۲۰۲ء؁

وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ روزگار سے منسلک ترغیبی اسکیم کو مرکزی حکومت کی منظوری؛ قومی کھیل پالیسی کا بھی اعلان۔

٭ بیڑ جنسی ہراسانی معاملے میں خصوصی تحقیقاتی دستے کے قیام کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ ریاست کی آلودگی پھیلانے والی 304 صنعتوں کے خلاف سخت کارروائی، جبکہ 318 صنعتیں بند۔

٭ آشاڑھی واری میں شرکت کرنے والے وارکریوں کے بیمے کیلئے وٹھل رکھو مائی وارکری اسکیم نافذ۔

اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے آبی پشتوں میں موجودہ اوسط پانی کا ذخیرہ 35 فیصد‘ جبکہ جائیکواڑی میں 45 فیصد۔ 

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

مرکزی کابینہ نے روزگار سے منسلک ترغیبی اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔ اس اسکیم کے تحت اگست 2025 سے جولائی 2027 کی مدت میں نوکری دینے والوں کو اور پہلی بار ملازمت تلاش کرنے والوں کو مالی مراعات فراہم کی جائیں گی۔ اس اسکیم کیلئے 99 ہزار چار سو 46 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے اس ضمن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا:

Byte: Ashwini Vaishnav

اس کے علاوہ مرکزی کابینہ نے کل تحقیق‘ ترقی اور اختراعی اسکیم کو بھی منظوری دی۔ کل کے اجلاس میں قومی کھیل پالیسی کو بھی منظوری دی گئی۔ ویشنو نے کہا کہ اس قومی کھیل پالیسی کامقصد کھیلوں کے میدان میں بھارت کو دنیا کے سرِفہرست پانچ ممالک میں شامل کرنا اور صحت کو عوامی تحریک بنانا ہے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا:

Byte: Ashwini Vaishnav

***** ***** *****

وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بیڑ میں ایک نابالغ کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہ کل قانون ساز اسمبلی کے رکن چیتن توپے کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے متنبہ کیا کہ اس کیس کے قصورواروں اور ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ 

انھوں نے کہا کہ تمام حالات کو دیکھتے ہوئے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ سینئر درجے کی خواتین IPS افسران کی صدارت میں SIT تشکیل دیں گے اور اس کے ذریعے یہ تمام معاملے کی تحقیقات کریں گے اور مجرمین کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور اگر کوئی انھیں بچانے کی کوشش کرے گا تو اسکو بھی سزا دی جائیگی۔ 

***** ***** *****

ریاست میں آلودگی پھیلانے والی 304 صنعتوں کے خلاف تعزیری کارروائی کی جارہی ہے اور 318 صنعتوں کو بند کردیا گیا ہے۔ وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے وقفہئ سوالات کے دوران یہ اطلاع دی۔ 

***** ***** *****

ریاستی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔جس میں پونے ضلعے کی اندارینی ندی پر واقع پل کے حادثے کا معاملہ کل قانون ساز کاؤنسل میں زیر بحث آیا۔ جس پر وزیر شیویندر راجے بھوسلے نے ایوان کو یقین دلایا کہ اس حادثے کی جانچ کیلئے ایک سہ رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے اور اس کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اسی سلسلے میں چترا واگھ نے سیاحتی مقامات پر نو سیلفی زون کے بارے میں معلوماتی بورڈ لگانے کا مطالبہ کیا جبکہ رکنِ کاؤنسل پرگیہ ساتو نے ہنگولی شہر کے قریب کیادُھو ندی پر خستہ حال پل کے متبادل کے طور پر ایک نیا پل بنانے کا مطالبہ کیا۔

اسی طرح‘ وزیرِزراعت مانک راؤ کوکاٹے نے فصل بیمہ سے متعلق قصوروار پائی جانے والی انشورنس کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ کوکاٹے نے کل قانون ساز کاؤنسل میں بحث کے دوران متعلقہ کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے سیاہ فہرست میں شامل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

اسمبلی میں وزیرِ تعلیم دادا بھوسے نے رکنِ اسمبلی پرشانت بمب کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ محکمہ تعلیم میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں اب تک 19 افسران کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ 

جبکہ وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر نے اسمبلی کو اطلاع دی کہ تپِ دِق کے خاتمے کے پروگرام میں ٹیسٹوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور مریضوں کی تعداد میں 27 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ بورڈیکر نے بتایا کہ ریاست میں سات ہزار 402 گرام پنچایتوں کو تپ دق سے پاک قرار دیا گیا ہے، اور ممکنہ مریضوں اور ان کے خاندانوں کو تپ دق کی اضافی احتیاطی خوراکیں دی جا رہی ہیں۔ 

دریں اثنا، کانگریس کے نانا پٹولے کی جانب سے کل اسپیکر کا عصاء چھیننے کی کوشش کرنے پر انھیں اسمبلی سے ایک دن کیلئے معطل کردیا گیا۔ جس کی مذمت کرتے ہوئے حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا اور کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔

***** ***** *****

آشاڑھی واری میں شرکت کرنے والے وارکریوں کیلئے حکومت نے وٹھل رکھومائی وارکری اسکیم نافذ کی ہے۔ اس اسکیم کے مطابق پنڈھرپور جانے والے وارکری حادثے کا شکار ہوتا ہے یا اسکی قدرتی آفات میں موت ہوتی ہے تو چار لاکھ روپئے‘ جبکہ 60 فیصد سے زیادہ معذور ہونے پر ڈھائی لاکھ روپئے کی مالی مدد کی جائیگی۔ یہ اسکیم آشاڑھی واری کی مدت کے دوران ہی لاگو رہے گی۔ 

دریں اثناء‘ واری کی مدت میں پنڈھرپور بس پر مامور ایس ٹی کے تمام ملازمین کیلئے چائے ناشتے اور کھانے کی مفت سہولت وزیرِ ٹرانسپورٹ و ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے کی ہے۔ ایس ٹی کے تقریباً 13 ہزار ملازمین کو اس کا فائدہ ملے گا۔ 

***** ***** *****

سنت تکارام مہاراج کی پالکھی تقریب کل شولاپور ضلعے کے اکلوج میں داخل ہوئی۔ پالکھی کا پہلا گول دائرہ اکلوج میں منایا گیا۔ سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھی آج کورڈُو سے لءُوڑ پہنچے گی۔ پالکھی کا مقام آج آرَن میں ہوگا۔ 

***** ***** *****

شکتی پیٹھ ہائی وے کے خلاف لاتور ضلعے کے ڈھوکی میں کسانوں نے زمین کی پیمائش کرنے آئے افسران کی مخالفت کی، جبکہ ہنگولی ضلع کے بھاٹے گاؤں میں کل راستہ روکو احتجاج کیا گیا۔ 

پربھنی ضلعے کے 31 گاؤں کے کسانوں نے اس ہائی وے کی مخالفت کی ہے۔ سوابھیمانی شیتکری تنظیم کی جانب سے ضلع میں کل راستہ روکو احتجاج کیا گیا۔ 

***** ***** *****

ناندیڑ کے سرکاری میڈیکل کالج میں نشے کے علاج کا مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اسپتال کے ڈین ڈاکٹر سدھیر دیشمکھ نے کہا کہ یہ مرکز منشیات کے استعمال کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور تربیت کا اہتمام کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔ 

***** ***** *****

دھاراشیو ضلع میں سنجئے گاندھی نرادھار انودان اسکیم اور شراون باڑ اسٹیٹ پنشن اسکیم کے تحت اہل استفادہ کنندگان کے دروازے پر جاکر E-KYC کا عمل مکمل کیا جارہا ہے۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے اس سلسلے میں انتظامیہ کو ہدایت دی تھی۔ 

***** ***** *****

لاتور میں ضلعی اور میونسپل سطح پر سبروتو مکھرجی فٹبال کپ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اگلے ہفتے 8 تا 11 جولائی تک ورلڈ پیس اسکول میں منعقد ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں 15 اور 17 سال عمر کے لڑکے اور لڑکیوں کے مقابلے ہوں گے۔

***** ***** *****

موسم

پربھنی ضلعے میں کل ہوئی زوردار بارش سے خریف کی فصلوں کو نئی زندگی ملی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں کل دوپہر پھلمبری سمیت ضلعے کے کئی علاقوں میں زبردست بارش ہوئی۔

دریں اثناء‘ محکمہ آبی وسائل کی رپورٹ کے مطابق، مراٹھواڑہ کے تمام چھوٹے اور بڑے آبی ذخائر میں موجودہ اوسط پانی کا ذخیرہ 35 فیصد ہے، جبکہ جائیکواڑی آبی منصوبے میں پانی کا ذخیرہ 45 فیصد ہے۔

اسی دوران‘ محکمہ موسمیات نے آج چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ باقی اضلاع میں ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ روزگار سے منسلک ترغیبی اسکیم کو مرکزی حکومت کی منظوری؛ قومی کھیل پالیسی کا بھی اعلان۔

٭ بیڑ جنسی ہراسانی معاملے میں خصوصی تحقیقاتی دستے کے قیام کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ ریاست کی آلودگی پھیلانے والی 304 صنعتوں کے خلاف سخت کارروائی، جبکہ 318 صنعتیں بند۔

٭ آشاڑھی واری میں شرکت کرنے والے وارکریوں کے بیمے کیلئے وٹھل رکھو مائی وارکری اسکیم نافذ۔

اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے آبی پشتوں میں موجودہ اوسط پانی کا ذخیرہ 35 فیصد‘ جبکہ جائیکواڑی میں 45 فیصد۔ 

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment