Saturday, 5 July 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 جولائی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 05 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ جولائی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بہادر جنگجوؤں کی تاریخ نئی نسل تک پہنچانا ضر وری: وزیرِ داخلہ امت شاہ کا اظہارِ خیال؛ پونے کی نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کے احاطے میں باجی راؤ پیشوا کے مجسّمے کی نقاب کشائی۔
٭ اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے جعلی تقررات کے معاملے میں مقدمات درج کرنے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ بامبے ہائیکورٹ نے سومناتھ سوریہ ونشی معاملے میں پولس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی دی ہدایت۔
٭ سنتوں کی پالکھیاں پہنچی پنڈھرپور کے دروازے پر؛ کل آشاڑھی ایکادشی کی تقریب۔
اور۔۔۔٭ برمنگھم کرکٹ ٹسٹ میچ میں بھارت کو 244 رنوں کی برتری حاصل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی تہذیب کے بہادر جنگجوؤں کی تاریخ کو نئی نسل تک پہنچانا ضروری ہے۔ وزیرِ داخلہ نے کل پونے میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (NDA) کے احاطے کے تری شکتی گیٹ پر واقع باجی راؤ پیشوا کے گھڑ سوار مجسّمے کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ باجی راؤ پیشوا کی شخصیت ہمت‘ لگن اور قربانی کی تحریک دینے والی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Home Minister Amit Shaha
اس تقریب میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار سمیت دیگر معززین موجود تھے۔
***** ***** *****
مائیکرو‘ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزیس کے مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے بتایاکہ مرکزی حکومت نے گذشتہ دس برسوں میں ان کی وزارت کے ذریعے 28 کروڑ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کیے۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم روزگار ضمانتی اسکیم کے تحت دیہی علاقوں میں 80 فیصد اور شہری علاقوں میں 20 فیصد روزگار فراہم کیا گیا۔
***** ***** *****
حکومت نے ریاست میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے جعلی تقررات کے معاملے میں متعلقہ محکموں اور تعلیمی اداروں کے افسران و ملازمین کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسکولی تعلیم کے مملکتی وزیر پنکج بھوئیر نے قانون ساز کاؤنسل میں وقفہئ سوالات کے دوران یہ اطلاع دی۔ وزیرِ موصوف نے ایوان کو بتایا کہ اس معاملے میں اندرونِ ایک ماہ‘ ریاستی سطح کی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کی جائیگی۔
***** ***** *****
داخلہ کے ریاستی مملکتی وزیر پنکج بھوئیر نے اعلان کیا ہے کہ دھاراشیو ضلع میں ان تمام وِنڈمل کمپنیوں کی شکایات کی انسپکٹر جنرل آف پولس کے ذریعے اعلیٰ سطحی جانچ کی جائیگی جو مقامی غنڈوں اور پولس افسران کے ساتھ ملی بھگت کرکے کسانوں کا استحصال کررہے ہیں۔ رکنِ اسمبلی کیلاش پاٹل نے یہ مسئلہ ایوان میں اُٹھایا تھا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں منشیات اور گٹکا سے متعلق کارروائی کا معاملہ قانون ساز اسمبلی میں چکھلی کی رُکنِ اسمبلی شویتا مہالے اور بدناپور کے رکنِ اسمبلی نارائن کوچے نے اٹھایا۔ فوڈ اینڈ ڈرگ محکمے کے ریاستی وزیر نرہری جھرواڑ نے اس سلسلے میں کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔
***** ***** *****
قانون ساز کاؤنسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے کہا ہے کہ کسانوں کو فصل قرض لینے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انھوں نے دفعہ 260 کے تحت پیش کی گئی قرارداد کے دوران اس طرف توجہ مبذول کروائی۔ انھوں نے بتایا کہ کسانوں کو قرض کیلئے دو دو مہینے اقتصادی اداروں اور بینکوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں، جہاں حیلے بہانے کیے جاتے ہیں جس کے سبب کسان مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں جائیداد کی خرید و فروخت کے اندراج کے بعد متعلقہ مقامی اداروں کو حصے کا ایک فیصد فوری طور پر ادا کرنے کی خاطر ایک علیحدہ طریقہئ کار بنایا جائے گا۔ محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کڑے نے کل قانون ساز اسمبلی میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مراٹھی پر فخر کرنا کوئی غلط بات نہیں ہے تاہم زبان کے معاملے پرکسی کے ساتھ مارپیٹ کرنا غلط ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ پھڑنویس نے ایسے معاملات میں کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ زبان کو لیکر اگر غنڈہ گردی کی گئی تو اس پر سخت کارروائی کی جائیگی۔ اسی بیچ اسکولی تعلیم کے نصاب میں تیسری زبان کے مسئلے پر مہاراشٹر نونرمان سینا اور شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے آج ممبئی میں ایک جلسہئ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ورلی کے NSCI دوم میں یہ جلسہ ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے پربھنی میں سومناتھ سوریہ ونشی کی پولس حراست میں ہوئی موت کے معاملے میں متعلقہ پولس اہلکاروں کے خلاف آٹھ دنوں میں کیس درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سوریہ ونشی کی ماں وجئے سوریہ ونشی کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ سوریہ ونشی کی موت دل کی بیماری سے ہوئی۔ یہ اطلاع سوریہ ونشی کے وکیل اور ونچت بہوجن آگھاڑی کے رہنماء پرکاش امبیڈکر نے دی۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کی خاطر پنڈھرپور کی جانب روانہ ہونے والی اکثر پالکھیاں پنڈھرپور کے قریب وکھڑی پہنچ گئی ہیں۔ گذشتہ روز گیانیشور مہاراج پالکھی کی گول رِنگن اور سنت تکارام پالکھی کی کھڑی رنگن تقاریب کا باجی راؤ وِہیر میں انعقاد کیا گیا۔ سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھی آج شِراڈھون میں کھڑی رِنگن تقریب کے بعد پالکھی شام تک پنڈھرپور پہنچے گی۔
اسی دوران کل آشاڑھی ایکادشی کا تہوار منایا جائے گا۔ کل صبح وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس پانڈورنگ کی سرکاری پوجا کریں گے۔اس پس منظر میں ہر طرف وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں ضلع پولس فورس کی جانب سے آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر اسکولی طلبہ اور بچوں کیلئے کل ایک نربھیا واری کا اہتمام کیا گیا۔ اسی طرح ضلع ڈپٹی رجسٹرار اور امدادِ باہمی سوسائٹی آفس کی طرف سے کل سہکار دِنڈی نکالی گئی۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان برمنگھم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کرکٹ میچ میں بھارت نے 244 رنوں کی برتری حاصل کرلی ہے۔ میزبان انگلینڈ کی ٹیم گذشتہ روز اپنی پہلی اننگ میں 407 رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد سراج نے چھ اور آکاش دیپ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ میزبان ٹیم کے چھ بلّے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کل جب کھیل روکا گیا تو بھارت نے اپنی دوسری اننگ میں ایک وکٹ پر 64 رنز بنائے۔ یشسوی جیسوال 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے‘ جبکہ کے ایل راہل 28 اور کرون نائر سات رنوں پر کھیل رہے ہیں۔
***** ***** *****
انگلینڈ مٹیں جاری خواتین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں کل انگلینڈ نے بھارت کو پانچ رنوں سے ہرادیا۔ اس سیریز میں بھارت 2-1 سے سبقت بنائے ہوئے ہے۔ سیریز کا آئندہ مقابلہ بروز بدھ 9 جولائی کو ہوگا۔
***** ***** *****
گوداوری ندی کی آلودگی کو کم کرنے کی خاطر چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ نے سی ایس آر باکس نامی تنظیم سے مفاہمت کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ تنظیم ضلع کے گوداوری ندی کے علاقے میں کام کرے گی۔ ناسک اور ناندیڑ کے درمیان گوداروری ندی کی صفائی کیلئے ”The Godavari Initiative نامی مہم چلائی جارہی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے قبائلی اکثریتی علاقے کنوٹ میں سانے گروجی اسپتال میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر اشوک بیلکھوڑے کو پونے کے چمن لال گووند داس میمورئیل ٹرسٹ نے سیوا گورو ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ دئیے جانے پر ڈاکٹر بیلکھوڑے نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں یہ انعام حاصل کرنے پر بڑی خوشی ہورہی ہے اور یہ انعام ان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈاکٹر ہیگڑیوار اسپتال میں ایک بچے کے دونوں کانوں کی بیک وقت کاکر امپلانٹ سرجری کی گئی۔ اس آپریشن کیلئے جدید ترین اسمارٹ نیویگیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب اس طرح کی سرجری کی گئی۔ ڈاکٹر ہیگڑیوار اسپتال میں کان‘ ناسک اور گلے کے ماہر ڈاکٹر بھرت دیشمکھ نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
اہلیانگر کے رکنِ اسمبلی سنگرام جگتاپ کے پرسنل اسسٹنٹ کو دی گئی دھمکی کے سلسلے میں تلنگانہ سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس ملزم کا نام انیس شیخ ہے جو بیڑ ضلع کا رہنے والاہے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال
محکمہئ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وسطی مہاراشٹر‘ ودربھ اور مراٹھواڑہ میں چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمے نے چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ سمیت چنددوسرے اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بہادر جنگجوؤں کی تاریخ نئی نسل تک پہنچانا ضر وری: وزیرِ داخلہ امت شاہ کا اظہارِ خیال؛ پونے کی نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کے احاطے میں باجی راؤ پیشوا کے مجسّمے کی نقاب کشائی۔
٭ اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے جعلی تقررات کے معاملے میں مقدمات درج کرنے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ بامبے ہائیکورٹ نے سومناتھ سوریہ ونشی معاملے میں پولس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی دی ہدایت۔
٭ سنتوں کی پالکھیاں پہنچی پنڈھرپور کے دروازے پر؛ کل آشاڑھی ایکادشی کی تقریب۔
اور۔۔۔٭ برمنگھم کرکٹ ٹسٹ میچ میں بھارت کو 244 رنوں کی برتری حاصل۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment