Sunday, 6 July 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 جولائی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/ جولائی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست بھر میں آشاڑھی ایکادشی کا تہوار منایا جارہا ہے جوش و خروش کے ساتھ؛ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کی شری وٹھل رُکمنی کی سرکاری مہاپوجا۔
٭ مراٹھی زبان اور مراٹھی مانس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: راج ٹھاکرے اور اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
٭ ریاستی خواتین کمیشن نے بیڑ جنسی ہراسانی معاملے میں تمام CDR یعنی ٹیلیفون گفتگو کی جانچ کا دلایا یقین۔
٭ محرم کا تہوار آج ملک بھر میں منایا جارہا ہے عقیدت کے ساتھ۔
اور۔۔۔٭ سپر یونائیٹڈ ریپڈ اینڈ بلٹز شطرنج مقابلے میں بھارت کے ڈی گوکیش بنے چمپئن۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
آشاڑھی ایکادشی کا تہوار آج ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ پنڈھرپور میں ایکادشی کا مرکزی تہوار منایا جارہا ہے۔ آج صبح‘ شری وٹھل رکمنی کی سرکاری مہاپوجا وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور ان کی اہلیہ امرتا پھڑنویس نے کی۔ اس موقع پر ناسک ضلع کے ناند گاؤں تعلقے کے جاتے گاؤں کے کیلاش اُگلے اور کلپنا اُگلے کو مہاپوجا میں وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ معزز وارکری کی حیثیت سے شرکت کرنے کا موقع ملا۔ مہاپوجا کے بعد وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں معزز وارکری جوڑے کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنڈھر پور یاترا کیلئے حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انتظامیہ کا اندازہ ہے کہ اس برس کی آشاڑھی واری کیلئے 20 لاکھ عقیدت مند پنڈھر پور پہنچے ہیں۔ وٹھل مندر اور چندربھاگا کا علاقہ وارکریوں سے سمایا ہواہے۔ مندر کو پھولوں سے پُرکشش انداز میں سجایا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر کمار آشیرواد نے بتایا کہ مندر کمیٹی نے درشن کیلئے آنے والے عقیدت مندوں کیلئے انتظامات کرنے کی خاطر گوپال پور کے حدو د میں تمام سہولیات کے ساتھ دو جرمن ہینگر قائم کیے ہیں۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ میونسپلٹی نے پنڈھرپور شہر میں صفائی کیلئے 650 ملازمین مقرر کیے ہیں۔
اسی بیچ وزیرِ اعلیٰ نے کل پنڈھر پور میں زرعی نمائش ”کرشی پنڈھری“ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کی پیداواری لاگت کم کرنے اور ان کی پیداوار بڑھانے کی کوشش کررہی ہے۔
اسی دوران وزیرِ اعلیٰ نے کل وکھڑی میں سنت شری گیانیشور مہاراج کی پالکھی کے درشن کیے۔ انھوں نے پالکھی کو کندھوں پر اُٹھاکر دِنڈی میں شرکت کی۔ وزیرِاعلیٰ کی خصوصی موجودگی میں کل نرمل دِنڈی‘ چرن سیوا پروگرام اور آروگیہ واری کا اختتام عمل میں آیا۔
آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر ریاست بھر کے وٹھل مندروں میں درشن کیلئے عقیدت مندوں کا ہجوم ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے قریب پنڈھر پور کی جانب چلنے والے عقیدت مندوں سے سڑکیں بھری ہوئی ہیں۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے اَبھنگ اور مذہبی گیت گانے کے پروگرام بھی منعقد کیے گئے ہیں۔ وہیں بیڑ ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمے کے سی ای او اور رہائشی ڈپٹی کلکٹر شیو کمار سوامی نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ اُپواس کے دوران بھگری کھاتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔
وہیں پربھنی ڈویژن کی جانب سے آشاڑھی واری کی خاطر ایس ٹی کارپوریشن کی طرف سے آئندہ 11جولائی تک 210 خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ڈویژن کے کسی ڈپو میں عقیدت مندوں کا زیادہ ہجوم ہونے پر اضافی بسوں کے بھی انتظامات بھی کیے جانے کا فیصلہ بس ڈپو کے منتظم کریں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کے تمام استفادہ کنندگان میں جون مہینے کے فنڈ کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی ریاستی وزیر ادیتی تٹکرے نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ یہ اعزازی رقم کل سے لاڈلی بہنوں کے آدھار سے منسلک بینک کھاتوں میں جمع ہونا شروع ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدّھو ٹھاکرے اور مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے کہا ہے کہ مراٹھی زبان اور مراٹھی مانس کے مسئلے پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے اس موقع پر مراٹھی کیلئے سب سے متحد رہنے کی اپیل کی۔ وہ کل ممبئی کے ورلی میں منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
مختلف صبرآزما حالات کا سامنا کرتے ہوئے ایک طالب ِ علم کی حیثیت سے ہر نئے مضمون کا خلوصِ نیت سے مطالعہ کرنے کی ضرورت کا سپریم کورٹ کے چیف جسٹس بھوشن گوائی نے اظہار کیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں بامبے ہائی کورٹ کی طرف سے انھیں دی گئی مبارکباد کا جواب دے رہے تھے۔ اس موقع پر بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس آلوک آرادھے سمیت کئی معززین موجود تھے۔ ہائی کورٹ کے لائیو اسٹریمنگ سسٹم کا افتتاح بھی چیف جسٹس بھوشن گوائی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
ممبئی کے گورنمنٹ لاء کالج میں بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے تدریسی کریئر کے 90 برس مکمل ہونے کے موقع پر کل چیف جسٹس کے ہاتھوں ایک یادگار تختی کی نقاب کشائی کی گئی۔ اس موقع پر چیف جسٹس گوائی نے کہا کہ بابا صاحب کا تدریسی کریئر قابلِ قدر اور متاثر کُن تھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
امدادِ باہمی کے ریاستی وزیر بابا صاحب پاٹل نے کل لاتور ضلع کے احمدپور تعلقے کے ہاڈولتی میں کسان امباداس پوار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاٹل نے کسان پوار کا فصل قرض متعلقہ بینک کو ادا کیا۔
***** ***** *****
ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن روپالی چاکنکر نے کہا ہے کہ بیڑ جنسی ہراسانی معاملے کی تمام Call Detail Recording (CDR) یعنی ٹیلیفون پر ہوئی بات چیت کی جانچ کی جائیگی۔ موصوفہ کل بیڑ میں اس سلسلے میں منعقدہ ایک جائزاتی میٹنگ سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر انھوں نے دیگر طالبات سے اپیل کی کہ اگر کسی نے ایسی حرکتوں کا سامنا کیا ہے تو وہ شکایات درج کرائیں۔ چاکنکر نے مزید بتایا کہ جانچ مکمل ہونے کے بعد اس کی تفصیلات عام کی جائیں گی۔
***** ***** *****
سابق وزیر اشوک پاٹل ڈونگاؤنکر کا کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں انتقال ہوگیا۔ وہ 81 برس کے تھے۔ آنجہانی نے گنگاپور- خلدآباد چناوی حلقے سے اسمبلی میں نمائندگی کی تھی۔ انھوں نے ڈون گاؤں کے سرپنچ‘ ضلع پریشد رُکن اور ضلع بینک کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انھوں نے سابق وزیرِ اعلیٰ مرلی منوہر جوشی کی کابینہ میں مملکتی وزیر کے طور پر کام کیا تھا۔ آج ڈون گاؤں میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
آج محرم کا تہوار ملک بھر میں عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ آج ہی کے دن 10محرم کو 1400 سال پہلے عراق میں واقع کربلا کے میدان میں رسولِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے امام حسین رضی اللہ عنہ کو ظالم حکمران یزید کی بیعت نہ کرنے کی پاداش میں شہید کیا گیا تھا۔ انہیں کی یاد میں ہر برس 10 محرم کو یہ تہوار منایا جاتا ہے۔ اس دن ان کی تعلیمات کو یاد کیا جاتا ہے اور انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ برِصغیر میں محرم کے ابتدائی 10 دنوں میں تعزیے اور سواریاں بٹھائی جاتی ہیں اور مذہبی جلسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ محرم کی 10 تاریخ کو تعزیوں اور سواریوں کے علاوہ ماتمی جلوس نکالے جاتے ہیں اور امامِ حسین ؓ اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو یاد کیا جاتا ہے۔ عام مقامات پر لوگوں کو پانی اور شربت پلایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
بھارت کے ڈی گوکیش نے کروشیا میں سپر یونائیٹڈ ریپڈز اینڈ بلٹز شطرنج چمپئن شپ جیت لی ہے۔ انھوں نے فائنل مقابلے میں امریکی کھلاڑی ویزلی سو کو شکست دی۔ گوکیش نے شطرنج کے تیز رفتار فارمیٹ میں 18میں سے 14 پوائنٹس حاصل کیے اور پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ پولینڈ کے جان ڈوڈا دوسرے جبکہ سابق عالمی چمپئن میگنس کارلسن تیسرے مقام پر رہے۔ بھارت کے پرگیانند ٹورنامنٹ میں مشترکہ چوتھے نمبرپر رہے۔
***** ***** *****
خواتین کا فیڈے شطرنج عالمی کپ ٹورنامنٹ آج سے جارجیا کے بٹومی میں شروع ہورہا ہے۔ بھارت کی 9خواتین کھلاڑی اس میں حصہ لیں گی۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان برمنگھم میں کھیلے جارہے دوسرے کرکٹ ٹسٹ میچ کے آج پانچویں اور آخری دن انگلینڈ کو جیت کیلئے 536 رنوں کی ضرورت ہے۔ آج دوسری اننگ میں انگلینڈ تین وکٹوں کے نقصان پر 72 رنوں سے آگے کھیلنا شروع کرے گا۔ اس سے قبل بھارت نے اپنی دوسرے اننگ میں چھ وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 427 رنوں پر اننگ ختم کرنے کا اعلان کرکے انگلینڈ کے سامنے 608 رنوں کا ہدف رکھا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست بھر میں آشاڑھی ایکادشی کا تہوار منایا جارہا ہے جوش و خروش کے ساتھ؛ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کی شری وٹھل رُکمنی کی سرکاری مہاپوجا۔
٭ مراٹھی زبان اور مراٹھی مانس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: راج ٹھاکرے اور اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
٭ ریاستی خواتین کمیشن نے بیڑ جنسی ہراسانی معاملے میں تمام CDR یعنی ٹیلیفون گفتگو کی جانچ کا دلایا یقین۔
٭ محرم کا تہوار آج ملک بھر میں منایا جارہا ہے عقیدت کے ساتھ۔
اور۔۔۔٭ سپر یونائیٹڈ ریپڈ اینڈ بلٹز شطرنج مقابلے میں بھارت کے ڈی گوکیش بنے چمپئن۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment