Monday, 7 July 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 07 جولائی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 07 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷؍ جولائی ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بین الاقوامی تعاون اور عالمی بہبود میں برکس کا کردار اہم - وزیر اعظم نر یندر مودی کا اظہارِ خیال۔
٭ ریاست میں جوش و خروش سے منائی گئی آشاڑھی ایکادشی، لاکھوں وارکریوں نے کیے وٹھل-رکمنی کے درشن۔
٭ آئندہ پانچ سالوں میں میڈیکل کالجوں میں 75 ہزار نشستیں بڑھانے کا ہدف - مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا کی اطلاع۔
٭ برمنگھم ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو دی 336 رنز سے شکست؛ پانچ میچوں کی سیریزمیں 1-1 سے برابری۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں زوردار بارش کا امکان، جائیکواڑی پشتے میں پانی کی سطح 52 فیصد سے تجاوز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تعاون اور عالمی بہبود میں برکس کا کردار اہم ہے۔ وہ آج برازیل کے شہر ریو دِی جانیریو میں 17 ویں برکس سربراہان کے رابطہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے نیو ڈیولپمنٹ بینک سے رکن ممالک کی جانب سے مانگے گئے لچکدار نقطہ نظر اور طویل مدتی مالی استحکام کا ذکر کیا۔ مودی نے برکس کے رکن ممالک کو آئندہ سال بھارت کی میزبانی میں ہونے والی "AI امپیکٹ سمٹ" میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے تعاون امیت شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی میں امدادِ باہمی ادارو ں کا تعاون اہم ہے۔ وہ‘ وزارت تعاون کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر گجرات کے آنند میں امول اور قومی ڈیری ترقیات بورڈ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دو لاکھ نئےابتد ائی زرعی امدادِ باہمی ادارے، امدادِ باہمی یونیورسٹیز، غذائی اجناس کی پیداوار اور فروختگی اور دودھ کے کاروبار سے متعلق تین امدادِ باہمی ادارے مل کر ملک میں باہمی تعاون کی تحریک کو مستحکم بنائیں گے۔
***** ***** *****
آئندہ پانچ سالوں میں طبّی کورسیز کی نشستوں کی تعداد میں 75 ہزار تک اضافہ کرنا مرکزی حکومت کا مقصد ہے۔ مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے یہ اطلاع دی۔ وہ دہلی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس تقریب میںبارہ سو سے زائد نرسنگ افسران میں نڈا کے ہاتھوں تقررات کے مکتوب تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں طبّی کالجز کی تعداد 387 سے بڑھ کر 780 ہو گئی ہے، اور میڈیکل نشستوں کی تعداد 51ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 18ہزار ہو گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ زچگی کے دو را ن حاملہ خواتین کی شرح اموات ایک لاکھ زچگیوں میں 130 سے کم ہو کر 88 پر آ گئی ہے جبکہ نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات 39 سے کم ہوکر 26 رہ گئی ہے۔
***** ***** *****
کل ریاست بھر میں آشاڑھی ایکادشی کا تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس دو را ن لاکھوں عقیدت مندوں نے پنڈھر پور میں شری وٹھل رکمنی کے درشن کیے ۔
پنڈھرپور شہر میں میونسپل انتظامیہ کی جانب سےصفائی کیلئے سا ڑھے سولہ سو سے زائد ملازمین کو تعینات کیا گیاہے۔ انتظامیہ نے وارکریوں اور عقیدت مندوں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے سخت بندوبست تعینات کیا ہے۔ شرڈی میں بھی شری سائی بابا سنستھان کی جانب سےآشاڑھی ایکادشی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں بھی آشاڑھی ایکادشی کا جوش ہر طرف دکھائی دیا۔ عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں وٹھل مندروں میں جاکر پوجا کی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر سے قریب واقع چھوٹے پنڈھر پور کے طور پر مشہور وٹھل-رکمنی مندر میں کل صبح سے ہی عقیدت مندوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔ دوپہر تک مندر کا احاطہ دِنڈیوں اور پالکیوں سے بھر گیا تھا۔ مسلسل بارش میں بھی روایتی لباس میں پیدل درشن کیلئے آنے والے نوجوانوں اور بوڑھوں کا جوش و خروش دیکھنے لائق تھا۔ اس کے علاوہ فلاحی تنظیموں کی جانب سے اس راستے پر پینے کے پانی اور ناشتے کا انتظام کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز بھی شہر میں منعقدہ بھکتی گیتوں کے پروگراموں کو شہریوں کی زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔
پیٹھن میں سنت ایکناتھ مہاراج کی سمادھی کے درشن کیلئے کل ہزاروں عقیدت مندوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔
اسی طرح ہنگولی ضلعے میں بھی سنت نامدیو مہاراج کی جائے پیدائش نرسی نامدیو میں عقیدت مندوں کا ہجوم تھا۔ کل صبح رکنِ اسمبلی تانا جی مٹکڑے کے ہاتھوں سرکاری پوجا کرنے کے بعد مندر کو عقیدت مندوں کیلئے کھول دیا گیا تھا۔
ہنگولی شہر میں، پتنجلی یوگ سمیتی کی طرف سے یوگ دِنڈی نکالی گئی، جبکہ کلمنوری تعلقے کے ییہڑےگاؤں تکارام میں سنت تکامائی کے درشن کیلئے عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوگئی تھی۔
پربھنی شہر کے رام کرشن نگر میں وٹھل-رکمنی مندر کے علاقے میں 11 ہزار ایک سو 11چراغ جلا کر وٹھل-رکمنی کے 11ہزار ایک سو گیارہ فٹ پر مشتمل فنکاری کے نمونے پیش کیے گئے۔
مانوت روڈ پر واقع جیجاؤ گیان تیرتھ کالج میں آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر وُرُکش دِنڈی نکال کرماحولیات کے تحفظ کا پیغام دیا گیا۔
جالنہ میں آنندی سوامی کی پالکی کا جلوس نکالا گیا۔ جبکہ بیڑ میں، اکھل بھارتیہ مراٹھی ناٹیہ پریشد، بال رنگ بھومی پریشد اور کیشر بائی سوناجی راؤ شرساگر کالج کے شعبۂ موسیقی کے اشتر اک سے آشاڑھی ایکادشی کی مناسبت سے ایک دِنڈی نکالی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ماہِ محرم الحرام کا دسواں دِن یعنی یومِ عاشورہ کل ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس د ور ان پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کے نواسے حضرت حسین ؓاور ان کے ساتھیوں کی کربلا میں حق اور انصاف کیلئے دی گئی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔ یومِ عاشورہ کی مناسبت سے گذشتہ روز مختلف مقامات پر تعزیہ کےجلوس نکالے گئے اور مجالسِ محرم کا انعقاد بھی عمل میں آیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ہم کون ہیں اور کیا بنانا چاہتے ہیں‘ اسے سمجھنا ہی صحیح مہاراشٹر دھرم ہے۔ وہ ’مہاراشٹرا دھرم‘ نامی خصوصی پاڈ کاسٹ سیریز کے پہلے ایپی سوڈ میں بول رہے تھے۔ اس پہلے ہی پاڈ کاسٹ میں وزیر اعلیٰ نے مہاراشٹر کی بنیاد اورقیام سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ پھڑنویس نے اس سے قبل 2014 سے 2019 تک اپنی پہلی میعاد کے دوران ٹیلی ویژن پروگرام ’می مکھیہ منتری بولتوئے‘ کی میزبانی کی تھی۔ اب، وہ سوشل میڈیا پر مقبولِ عام پاڈ کاسٹ کے ذریعے شہریوں سے بات چیت کریں گے ۔
***** ***** *****
کرکٹ:برمنگھم میں اینڈرسن۔ ٹنڈولکر کپ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو 336 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ جیت کیلئے 608 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگ میں 271 رنز پر ہی سمٹ گئی۔ تیز گیند باز آکاش دیپ نے چھ وکٹ لیے۔ میچ میں محمد سراج نے سات اور آکاش دیپ نے دس وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں 430 رنز بنانے والے کپتان شبھمن گل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز ایک۔ ایک سے برابر کر دی ہے۔ ا س سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 10 جولائی سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے شری راج پوڑ نے ناسک میں منعقدہ ساتویں چائلڈ کپ تلواربازی ٹورنامنٹ کے بچوں کے سیبر زمرے میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ کل ہوئے فائنل مقابلے میں انھوں نے تمل ناڈو کے اے ایس جوزیف کو 11-8سے ہرادیا۔ اسی زمرے میں مہاراشٹر کے اَروہ جادھو اور پنجاب کے ہییانش گرگ نے مشترکہ طور پر کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس ٹورنامنٹ میں مختلف ریاستوں کے 390 کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر شنکر راؤ چوہان کے یوم پیدائش پر دیے جانے والے کسم تائی چوہان یادگاری ایوارڈز کا کل اعلان کیا گیا۔ بزرگ مصنف ڈاکٹر سریش ساونت کو ادب اور تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کیلئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ناگپور کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر وپن اِٹنکر، اداکار سندیپ پاٹھک، صحافی راہل کلکرنی اور امراضِ شکم کے ماہر ڈاکٹر نتن جوشی کو یادگاری ایوارڈز کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈز 14 جولائی کو راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے کے ہاتھوں ناندیڑ میں تقسیم کئے جائیں گے۔
***** ***** *****
ناسک شہر سمیت ضلع بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور ضلعے کے نو آبی پشتوں سے پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔ گنگاپور آبی پشتے سے پانچ ہزار 186 مکعب فٹ فی سیکنڈ، دارنا پشتے سے نو ہزار 932 کیوبک فٹ فی سیکنڈ اور ناندور مدھمیشور سے 31 ہزار 135 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی خارج کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا‘ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن کے ناتھ ساگر میں پانی کا ذخیرہ 52اعشاریہ 36فیصد ہو گیا ہے۔ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس وقت پانی 16 ہزار 295 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے جائیکواڑی میں داخل ہو رہا ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن اور ودربھ کے بیشتر مقامات اور وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے متعدد مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع کیلئے آج اور کل یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بین الاقوامی تعاون اور عالمی بہبود میں برکس کا کردار اہم - وزیر اعظم نر یندر مودی کا اظہارِ خیال۔
٭ ریاست میں جوش و خروش سے منائی گئی آشاڑھی ایکادشی، لاکھوں وارکریوں نے کیے وٹھل-رکمنی کے درشن۔
٭ آئندہ پانچ سالوں میں میڈیکل کالجوں میں 75 ہزار نشستیں بڑھانے کا ہدف - مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا کی اطلاع۔
٭ برمنگھم ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو دی 336 رنز سے شکست؛ پانچ میچوں کی سیریزمیں 1-1 سے برابری۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں زوردار بارش کا امکان، جائیکواڑی پشتے میں پانی کی سطح 52 فیصد سے تجاوز۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment